Tag: نئی وبا

  • ڈبلیو ایچ او نے نئی وبا کے پھیلاؤ میں تیزی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    ڈبلیو ایچ او نے نئی وبا کے پھیلاؤ میں تیزی کا خدشہ ظاہر کر دیا

    جنیوا: عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئی وبا منکی پاکس کے پھیلاؤ میں تیزی کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مختلف ممالک میں منکی پاکس کے مزید کیسز سامنے آ سکتے ہیں، اس خدشے کے پیش نظر ان ممالک کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے، جہاں ابھی تک یہ بیماری رپورٹ نہیں ہوئی۔

    روئٹرز کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ ہفتے کو 12 رکن ممالک سے منکی پاکس کے 92 مصدقہ اور 28 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جہاں یہ وائرس پہلے سے موجود نہیں تھا۔

    ڈبلیو ایچ او نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں منکی پاکس کے پھیلاؤ سے روکنے سے متعلق رہنمائی اور مشورے بھی فراہم کریں گے، دستیاب معلومات کے مطابق یہ وائرس انسانوں سے دوسرے انسانوں کو قریبی جسمانی رابطے کے باعث لاحق ہو رہا ہے۔

    نئی وبا کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کا اہم بیان

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار یہ وائرس افریقی ممالک سے نکل کر دنیا بھر میں پھیلنے لگا ہے اور اس کی تشخیص ایسے افراد میں بھی ہو رہی ہے جو کبھی افریقی ممالک گئے ہی نہیں۔

    واضح رہے کہ منکی پاکس ایک ایسا وائرس ہے جو جنگلی جانوروں خصوصاً زمین کھودنے والے چوہوں اور بندروں میں پایا جاتا ہے اور اکثر ان سے انسانوں کو بھی لگ جاتا ہے، اس وائرس کے زیادہ تر کیسز ماضی میں افریقہ کے وسطی اور مشرقی ممالک میں پائے جاتے تھے جہاں یہ بہت تیزی سے پھیلتا تھا۔

  • نئی وبا کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کا اہم بیان

    نئی وبا کے حوالے سے سعودی وزارت صحت کا اہم بیان

    ریاض: سعودی وزارت صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت میں منکی پاکس وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں منکی پاکس سے پھیلنے والی نئی وبا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وائرس سے نمٹنے کے لیے مملکت پوری طرح تیار ہے۔

    وزارت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متعدد ممالک میں منکی پاکس وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، وبا کے سلسلے میں سعودی صحت حکام ڈبلیو ایچ او کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    وزارت نے یہ بھی کہا کہ تمام ضروری طبی اور لیبارٹری ٹیسٹ مملکت میں دستیاب ہیں، اور اس سلسلے میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔

    کرونا کے بعد دنیا پر نئی خطرناک وبا کا خطرہ منڈلانے لگا

    واضح رہے کہ دنیا ابھی کرونا وبا کے برے اثرات سے پوری طرح نکلی نہیں ہے کہ منکی پاکس کا ایک اور خطرناک وبا کا خطرہ سر پر منڈلانے لگا ہے۔

    منکی پاکس وسطی اور مغربی افریقا کے دور دراز علاقوں میں پائی جانے والی ایک متعدی بیماری ہے، جس میں انفیکشن کا خطرہ صرف اس وقت رہتا ہے جب کسی متاثرہ مریض سے بہت قریبی رابطہ ہو، اس سے متاثرہ مریض کو ہلکا بخار ہوتا ہے، زیادہ تر لوگ چند ہفتوں میں ٹھیک ہو جاتے ہیں، کچھ بڑی علامات میں بخار، جسم میں درد، سوجن، سر درد، تھکاوٹ اور چھالے شامل ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ 11 ممالک میں منکی پاکس کے تقریباً 80 کیسز کی تصدیق کی جا چکی ہے، کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔