Tag: نائب وزیر خارجہ

  • امریکی نائب وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی

    امریکی نائب وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی

    اسلام آباد: امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی، اس موقعے پر وزارت خارجہ کی جانب سے اہم ہدایات پر مشتمل مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گی، نائب وزیر خارجہ 7 رکنی وفد کے ہمراہ 7 اور 8 اکتوبر کو دو روزہ دورہ کریں گی۔

    امریکی وفد کے استقبال کے لیے وزارت خارجہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا، امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر جسمانی تلاشی سے روک دیا گیا۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی جسمانی تلاشی نہ لی جائے، امریکی نائب وزیر خارجہ کے وفد کی تصاویر بھی نہ بنائی جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی آمد اور روانگی کے موقع پر اسٹیٹ لاؤنج مختص کیا جائے، امریکی وفد کی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے بھی استثنیٰ دیا جائے۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا کہ وزارت خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے 5، 5 افراد کو انٹری پاس دیا جائے۔

  • امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ  گئیں

    امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ واشنگٹن کے بعد امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز چار روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں، ایلس ویلز دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔

    ایلس ویلز کی پاکستان میں سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    امریکی نائب وزیر خارجہ 13 جنوری سے سہ ملکی دورے پر ہیں، سب سے پہلے انہوں نے سری لنکن دارالحکومت کولمبو کا دورہ کیا، اس کے بعد وہ بھارت گئیں اب اپنے دورے کے آخری مرحلے میں وہ پاکستان آئی ہیں، ان کا یہ دورہ 22 جنوری تک جاری رہے گا۔

    کچھ عرصہ قبل اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں ایلس ویلز نے کہا تھا کہ امریکا، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی نہیں دیکھنا چاہتا۔ بھارت سے گرفتار کشمیریوں کی رہائی کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، خطے میں امن کیلئے پاکستان اور بھارت کو اعتماد سازی کی فضا بحال کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بھی بہتری آرہی ہے، امید ہے پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لے آئے گا، پاکستان اور امریکا نے مل کر افغانستان کے سیاسی حل کی کوشش کی، امید ہے پاکستان یہ تعاون جاری رکھے گا۔

  • شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی و نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحییٰ وزارت خارجہ پہنچے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ایلچی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید اور حمایت پر ملائیشیا کے ممنون ہیں۔

    ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کوالالمپور کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں، ہمیں مل کر ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جلد ہی دونوں ممالک میں سفارتی اور سیاسی وفود کے تبادلے بڑھ جائیں گے۔

  • سیکریٹری خارجہ کا ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    سیکریٹری خارجہ کا ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس اراغچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ممالک نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس اراغچی کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق باہمی رابطے میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اور ایران نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے خطے میں امن اور کشیدگی میں کمی پر پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی ایران کے صدر حسن روحانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، ٹیلی فونک گفتگو میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ایران میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور مستقبل میں ایران کے دورے کے امکان پر بھی بات چیت کی تھی۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور پاک بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں۔ خطے میں اقتصادی ترقی کے لیے امن کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • جوہری معاہدے پر عملدرآمد، ایرانی نائب وزیر خارجہ جینیوا پہنچ گئے

    جوہری معاہدے پر عملدرآمد، ایرانی نائب وزیر خارجہ جینیوا پہنچ گئے

    ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تاریخی جوہری معاہدے پر عملدرآمد کے لیے جنیوا پہنچ گئے، یورپی یونین کے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔

    ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے یورپی یونین کے اہلکار ہفتے کوملاقات کرینگے، امریکہ، روس، چین، فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں کم کرنے کے لئے نومبر میں اتفاق کیا تھا ایران نے بھی تمام جوہری سرگرمیاں کو روکنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے مغربی ممالک کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے اور مشرق وسطی میں ایک نئی جنگ کے خدشات کو کم کرنے میں مدد ملی۔

    امریکی صدربارک اوباما نے ایران کے حوالے سے نئی پابندیوں پر قانون سازی نہ کرنے پر زور دیا ہے، چوبیس نومبردو ہزار تیرہ کو جنیوا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے عبوری جوہری معاہدے میں جرمنی بھی فریق ہے، ایران کے صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تہران اپنے ایٹمی پروگرام پر نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔