Tag: نائجیریا کشتی

  • نائجیریا: باراتیوں‌ کو واپس لانے والی کشتی الٹنے سے 100 سے زائد ہلاک

    نائجیریا: باراتیوں‌ کو واپس لانے والی کشتی الٹنے سے 100 سے زائد ہلاک

    ابوجا: افریقی ملک نائجیریا میں باراتیوں‌ کو واپس لانے والی ایک کشتی الٹنے سے 100 سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے نائجر میں کشتی الٹنے سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں، کشتی کے حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    ریاست کی پولیس کے ترجمان اوکاسانمی اجے نے منگل کو بتایا کہ کشتی پیر کی صبح کوارا ریاست کے پتیگی ضلع میں دریائے نائجر میں الٹی، اب تک 103 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ کو بچا لیا گیا ہے، انھوں نے کہا تلاش اور بچاؤ کی کوششیں ابھی بھی جاری ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    باراتی نائجر ریاست کے گاؤں ایگبوٹی میں ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس گھروں کو جا رہے تھے، متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ صبح 3 بجے پیش آیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک حادثے کے بارے میں کسی کو پتا نہیں چلا، مقامی روزنامہ نائجیرین ٹریبیون کا کہنا تھا کہ مسافروں کا تعلق کوارا کے کپڈا، ایگبو اور گاکپن گاؤں سے تھا، الجزیرہ کے رپورٹر کے مطابق 64 لوگ ایک گاؤں سے اور تقریباً 40 دوسرے گاؤں سے آئے تھے۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں ماضی میں بھی اسی طرح کے حادثات ہوتے رہے ہیں، جو افریقہ کے دو طویل ترین دریاؤں نائجر اور بینو کے درمیان سنگم کے قریب ہے، مئی 2021 میں اسی علاقے کے آس پاس دریائے نائجر میں ایک کشتی ڈوبی تھی جس میں 160 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔

  • نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

    نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

    ابوجا: نائجیریا میں کشتی الٹنے سے 76 افراد ہلاک، اور متعدد لاپتا ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی جنوب مشرقی ریاست انامبرا میں کشتی ڈوبنے سے ہلاکتیں 76 ہو گئیں، کشتی میں 85 افراد سوار تھے، جب کہ 100 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب انجن خراب ہونے سے کشتی رک گئی اورسیلابی ریلے کی نذر ہو گئی، ڈوبنے والوں میں سے 15 افراد کو بچا لیا گیا اور 10 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے اپنے بیان میں چیہتر افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی لاشیں ڈھونڈی جا رہی ہیں۔

    صدر نے مزید کہا کہ انھوں نے سیکیورٹی حکام کو حفاظتی پروٹوکول پر مکمل عمل کروانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔