Tag: نائن زیرو

  • عزیز آباد سے برآمد اسلحہ بڑی لڑائی میں استعمال ہونا تھا، ڈی جی رینجرز

    عزیز آباد سے برآمد اسلحہ بڑی لڑائی میں استعمال ہونا تھا، ڈی جی رینجرز

    کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبرنے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے عزیز آباد نائن زیرو کے قریب سے اسلحے کی بڑی کھیپ برآمد کر کے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پولیس کے ہاتھوں عزیز آباد نائن زیرو کے قریب خالی گھر سے بھاری تعداد میں برآمد کیے گئے اسلحے کے معائنے کے موقع پر کیا۔

    ڈی جی رینجرز بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ’’برآمد کیا جانے والا اسلحہ بڑی لڑائی میں استعمال ہونا تھا جسے پولیس نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کی حکمتِ عملی ناکام بنادی‘‘۔

    پڑھیں:  عزیزآباد،زیرزمین ٹینک سے بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد

     انہوں نے کراچی پولیس کو مبارک بار پیش کرتے ہوئے 3 سالہ آپریشن کی تاریخ میں سب سے بڑی کارروائی قرار دیا، بلال اکبر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے‘‘۔

    لندن قیادت نے اسلحہ برآمدگی کو ڈرامہ قرار دے دیا

    دوسری جانب ایم کیوایم لندن قیادت کے اراکین واسع جلیل، مصطفٰی عزیزآبادی اوردیگر نے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ’’ کراچی کےعوام ایسے ڈرامے کئی سال سے دیکھ رہے ہیں وہ ان کے مقاصدکواچھی طرح سمجھتے ہیں‘‘۔

    لندن رابطہ کمیٹی نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ ’’22 اگست کے بعد متعدد بار قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نائن زیرو اور اُس کے اطراف میں واقع گھر گھر تلاشی لے چکے ہیں جبکہ ایک ماہ سے زیادہ سے یہ علاقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کڑی نگرانی میں ہے جہاں فورسز کے اہلکار دن بھر گلیوں کا گشت کرتے رہتے ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں: ایم کیوایم کے مرکز سے ملک مخالف لٹریچراور اسلحہ برآمد ، نائن زیرو سیل،سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر خرم

    لندن قیادت نے مزید کہا کہ ’’نائن زیرو کے اطراف میں رہائش پذیر لوگوں کو اپنے گھروں تک جانے کے لیے متعدد مقامات پر شناختی کارڈ دکھانے کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے‘‘۔

    مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ایسے علاقے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کرکے اُسے ایم کیو ایم سے جوڑنا محض ڈرامہ ہے جس سے عوام بخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ اس طرز کی کارروائیاں کئی سالوں سے دیکھ رہے ہیں۔

  • ایم کیو ایم قائد کے بغیر سب صفر بٹا صفر ہیں، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم قائد کے بغیر سب صفر بٹا صفر ہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں کہ متحدہ کو توڑنے کیلئے ہمیشہ اندر سے سازش کی گئی ، ایم کیو ایم قائد کے بغیر سب صفر بٹا سفر ہیں۔

    نائن زیرو پر ہونیوالے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کاکہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا کبھی را سے نہ تعلق تھا اور نہ ہوگا، ایم کیوایم فوج سمیت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم فوج سمیت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے، ایم کیو ایم کبھی کسی ملک دشمنوں سے مل کر ملک کے خلاف کام نہیں کرسکتی۔

    اس موقع پر پارلیمانی لیڈر محمد حسین کاکہنا تھا کہ متحدہ قائد کی کردار کشی کرنے والوں کا جلد منہ کالا ہوگا، اور ضمیر فروشوں کا ٹولہ جلد بھاگ جائے گا۔

    محمد حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی مضبوط اور منظم ہے جس کو توڑا نہیں جاسکتا، ایم کیو ایم آج بھی پاک فوج کے ساتھ ہے اور ہر کڑے وقت میں شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

  • پیپلز پارٹی کے رہنما ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ بھی ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے

    پیپلز پارٹی کے رہنما ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ بھی ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ بھی ایم کیو ایم میں شامل ہو گئے،عامر خان نے کہا کہ محب وطن ہیں، را سے نہ ماضی میں تعلق تھا نہ ہوگا، خوش ہیں کہ پارٹی خود گندے انڈوں سے صاف ہو رہی ہے۔

    پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما اور پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ پیپلز پارٹی کا ساتھ چھوڑ کر ایم کیو ایم کے ہوگئے ۔

    نائن زیرو آمد پر ساتھی اسحاق کا کارکنان اور رابطہ کمیٹی نے پرتپاک استقبال اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی،اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، نہ را سے تعلق تھا نہ ہوگا، اچھا ہے گندے انڈے خود پارٹی سے چلے گئے ۔

    پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ نے ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ مظلوموں کے حقوق کی بات کی، ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں ۔

    متحدہ رہنمائوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے خلاف زیادتیوں اور دیوار سے لگانے کے عمل کا نوٹس لیا جائے ۔

  • ٹارگٹ کلرز کی حوالگی کیلئے رینجرز کا ایم کیو ایم کو خط

    ٹارگٹ کلرز کی حوالگی کیلئے رینجرز کا ایم کیو ایم کو خط

    کراچی : رینجرز نےایک سوستاسی ٹارگٹ کلرز کی حوالگی کیلئے ایم کیوایم کوخط لکھ دیا۔ خط ایم کیوایم کےمرکزنائن زیرو کے پتے پر ارسال کیاگیا ہے۔

    رینجرز نے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کو خط میں ایک سو ستاسی ٹارگٹ کلرز کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ رینجرز نے خط کے ساتھ ایک سو ستاسی ٹارگٹ کلرز کے کے نام اور جرائم کی فہرست بھی فاروق ستار کو دی ہے، رینجرز حکام کا کہنا ہے ایک سو ستاسی ٹارگٹ کلرز کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔

    رینجرز کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلرز کراچی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے قاتل ہیں۔ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر بھیجے جانے والے رینجرز کے خط کے ساتھ دی گئی فہرست کے مطابق ایم کیوایم کے ایک سو ستاسی ٹارگٹ کلرز نے کس کس پولیس اہلکار کو قتل کیاتھا اس کی تفصیل بھی دی گئی ہے۔

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے شکار پولیس افسران میں ڈی ایس پی رحیم بنگش، ڈی ایس پی محمد نواز رانجھا ایس پی او جمشید ٹاؤن، ڈی ایس پی بشیر احمد نوارانی، ڈی ایس پی شمیم حسین ڈسٹرکٹ سینٹرل شامل ہیں۔

    رینجرز کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلرز ڈی ایس پی، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبلز کے قاتل ہیں۔

    رینجرز کی فہرست کے مطابق ایم کیوایم کے ساجدعرف ایل ایم جی،سعیدعرف ڈانسرٹارگٹ کلرز میں شامل ہیں۔ سعیدعرف چھوٹاپہلوان،سلیم ڈینٹر شکیل عرف سرکٹ،شاہد عرف دنبہ، شکیل عرف ریپیٹر پولیس افسران اور اہلکاروں کے قاتل ہیں۔

    ساجدعرف ایل ایم جی پرسی آئی اےصدرکےاہلکارکے قتل کا الزام ہے۔ سعد احمد ڈی ایس پی بشیر احمد نورانی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

    اکرم عرف کانا 3پولیس اہلکاروں کاٹارگٹ کلر ہے۔ امجد ٹی ٹی 2پولیس اہلکاروں کاقاتل ہے۔ سابق ایس ایچ او ذیشان کاظمی کے قتل میں ٹارگٹ کلر حیدر ملوث ہے۔

      ڈاکٹرفاروق ستار کو خط رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل حسن اختر کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں پولیس افسران و اہلکاروں کےٹارگٹ کلرزکےبعد رینجرز نےپراسیکیوٹرزکےٹارگٹ کلرزکی فہرستیں بھی تیار کرلیںْ۔

    ذرائع کے مطابق پراسیکیوٹرزکےقاتلوں کی فہرست جلد منظرعام پر لائی جائے گی، اس کے علاوہ دھمکیاں دینےوالےگروپس کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ رینجرزنےسینیٹ میں340ٹارگٹ کلرزکی فہرست پیش کی تھی، اس کے علاوہ 340ٹارگٹ کلرزکی فہرست گورنرسندھ کوبھی ارسال کی گئی تھی۔

  • کے الیکٹرک بجلی دوورنہ کراچی سے دفتراٹھا کرلے جاؤ، الطاف حسین

    کے الیکٹرک بجلی دوورنہ کراچی سے دفتراٹھا کرلے جاؤ، الطاف حسین

    کراچی: الطاف حسین نے کہا ہے کہ نائن زیرو سے برآمد اسلحہ لائسنس یافتہ تھا، باورچی کو بھی گرفتار کرکے مطلوب دہشت گرد کہا گیا، ایم کیو ایم بھتہ خور جماعت نہیں۔

    اپنے خطاب میں متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ غیرقانونی اسلحہ برآمدگی کےجھوٹےدعوےپرکارروائی نہیں کی گئی، رینجرزغنڈہ گردی کے لئے بنائی گئی ہے یا تحفظ کےلئے؟۔

     الطاف حسین نے کہا کہ خورشید بیگم میموریل ہال سےگرفتارباورچی کومطلوب دہشت گرد بتایا گیا،انہوں نے کہا کہ فوج میں موجودکچھ لوگ ادارےکی بدنامی کاسبب بن رہےہیں۔

     الطا ف حسین نے کہا کہ زکوٰۃ، فطرےجمع کرنےوالےکارکنان پربھتہ خوری کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

     الطاف حسین نے کے الیکٹرک سے کہا کہ بجلی دوورنہ کراچی سےدفتراٹھاکرلےجاؤ،جبکہ رابطہ کمیٹی لوڈشیڈنگ کے خلاف جلد مشترکہ مظاہرے کااعلان کریگی۔

  • نائن زیرو سے گرفتار 16 ملزمان کا چالان عدالت میں پیش

    نائن زیرو سے گرفتار 16 ملزمان کا چالان عدالت میں پیش

    کراچی : ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار سولہ ملزمان کا چالان عدالت میں جمع کرادیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق نائن زیرو سے گرفتار دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں سولہ ملزمان کے چالان عدالت میں منظور ہونے کے بعد باقاعدہ سماعت کا حکم دے دیا گیا ہے۔

    گیارہ مارچ کو نائن زیرو سے حراست میں لئے گئےسولہ ملزمان کا چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان پر دھماکا خیز مواد اور ناجائز اسلحہ رکھنے سے متعلق دفعات لگائی گئی ہیں۔

    ملزمان میں عامرسرکٹا، فیصل موٹا، عبید کےٹو، نادرشاہ ، رشید احمد، عبدالقادر ہنگورو، ندیم احمد، امتیاز احمد اور عامر رضا، رضوان علی، توفیق، فیضان، ساجد، نعمان، آصف اور حسیب الرحیم شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ مذکورہ ملزمان کو گیارہ مارچ دو ہزار پندرہ کو نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

  • مخیر حضرات 23 اپریل کو اپنی گاڑیاں فراہم کریں، الطاف حسین

    مخیر حضرات 23 اپریل کو اپنی گاڑیاں فراہم کریں، الطاف حسین

    کراچی : ایم کیوایم کےقائدالطاف حسین نےمخیرحضرات سےتئیس اپریل کوگاڑیاں نائن زیروبھیجنےکی اپیل کردی،ان کا کہنا تھا کہ ان گاڑیوں سے ووٹرزکوپولنگ اسٹیشن لےجانےمیں مدد ملے گی۔

    الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کےارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کامیاب جلسےپر مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے مخیر شہریوں سے درخواست کی کہ تئیس اپریل کی صبح ڈرائیوروں کے ساتھ اپنی گاڑیاں نائن زیرو بھجو ا کر اندراج کرادیں۔

    ان گاڑیوں سےووٹروں کوپولنگ اسٹیشن لانےلیجانےمیں مدد ملے گی۔ جن کے گھروں میں ایکسٹرا وہیل چیئرہیں وہ بھی نائن زیرو بھجوا دیں ۔

    الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ نائن زیر و پر نقد عطیات بھی جمع کر اسکتے ہیں لیکن بغیر رسید کسی کو عطیہ نہ دیں ۔

  • نائن زیرو سے گرفتار چارملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

    نائن زیرو سے گرفتار چارملزمان کو جیل بھیج دیا گیا

    کراچی : ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار ملزمان عبید کے ٹو، عتیق ،فیضان اور عامر عرف سر پھٹا کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔

    کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ملزمان عبید کے ٹو ،عتیق ،فیضان اورعامرعرف سرپھٹا کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا۔

    عبید کے ٹو ،عتیق اورفیضان دھماکا خیز مواد رکھنے کے کیس میں عدالت میں پیش ہوئے۔ تینوں ملزمان کو چھ مئی تک عدالتی تحویل میں جیل بھیجا گیا۔

    جبکہ ملزم عامر عرف سرپھٹا کو غیر قانونی اسلحہ کیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم عامر کو چار مئی تک کیلئے جیل بھیج دیا۔

  • نائن زیروسے بر آمد53ہتھیار لائسنس یافتہ نہیں،ترجمان رینجرز

    نائن زیروسے بر آمد53ہتھیار لائسنس یافتہ نہیں،ترجمان رینجرز

    کراچی : ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے ملنے والے ایک سو چوبیس میں سے تریپن ہتھیار بغیرلائسنس کے ہیں۔

    رینجرز نے نائن زیرو سے ملنے والے اسلحے اور اسلحہ لائسنسن سے متعلق تفصیلات جاری کردیں، ترجمان رینجرز کے مطابق گیارہ مارچ کو خورشید میموریل ہال میں چھاپے کے دوران ایک سو چوبیس ہتھیار بر آمد ہوئے تھے۔

    جن میں ایس ایم جی،ایل ایم جی ،ایم فور،جی تھری،اور دیگ رائفلز شامل ہیں، ترجمان کا کہنا ہے ایک سو سات اسلحہ کے لائنسنز موصول ہوئے تھے جن میں چھتیس لائسنس برآمد ہونے والے ہتھیاروں سے مطابقت نہیں رکھتے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ایک سو چوبیس میں سے ترپن ہتھیا بغیر لائسنس کے ہیں، ان کا کہنا تھا کہمحکمہ داخلہ سے اسلحہ لائسنز کی مزید تصدیق کروائی جارہی ہے۔

  • عبید کےٹوکےجسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع

    عبید کےٹوکےجسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع

    کراچی : امان اللہ نیازی قتل کیس میں گرفتار عبید کے ٹو کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نائن زیرو سے گرفتار ہونے والے امان اللہ نیازی قتل کیس کے ملزم عبید کے ٹو کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

      ملزم عبید کے ٹو کو امان اللہ قتل کیس میں  جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ڈپٹی سپریٹنڈنٹ امان اللہ نیازی کو دو ہزار چھ میں قتل کیاگیاتھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ گیارہ مارچ کو علی الصبح رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کرمتعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں عبید کے ٹو اور دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔