لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو کارکنوں نےایک بار پھر منالیا۔ الطاف حسین نےنائن زیرو پر خطاب کے دوران رابطہ کمیٹی سے ناراض ہوکر قیادت سے دستبردار ہونےکا اعلان کیا تھا۔
ایم کیو ایم کے قائد نے نائن زیرو پر خطاب کے دوران رابطہ کمیٹی سے ایک بار پھر ناراض ہوکر قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور فون بند کردیا، جس کے بعد نائن زیرو پر موجود کارکنان میں صف ماتم بچھ گئی۔
کارکنان نے اصرار کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد اپنا فیصلہ واپس لیں ، کافی دیر بعد ایم کیو ایم کے قائد دوبارہ فون پر آئے اور گلہ کیا کہ ان کی بات نہیں سنی جاتی۔
ایم کیو ایم کے قائد نے اپنی تقریر میں مہاجروں پر مظالم بیان کیے، جس کے دوران وہ رو پڑے، انہوں نے موجودہ آپریشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے گھروں پر چھاپے کیوں نہیں مارے جاتے۔
ایم کیو ایم کے قائد نے این اے دوسو چھیالس کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی شکست کی پیش گوئی بھی کی۔
الطاف حسین نے کارکنان کے اصرار پر قیادت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لیا، جس کے بعد جناح گروانڈ میں رات گئے تک جشن کا سلسلہ جاری رہا ۔