Tag: نائیجیریا

  • نائیجیریا: آئل ٹینکر اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 48 افراد جان سے گئے

    نائیجیریا: آئل ٹینکر اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 48 افراد جان سے گئے

    نائیجیریا میں آئل ٹینکر اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 48 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل ٹینکر سڑک سے گزرتے ہوئے مسافروں اور مویشیوں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ زوردار ٹکر کے باعث آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا اور مسافر بردار ٹرک سمیت دیگر گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

    حکام کے مطابق حادثے میں 48 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    امریکی فضائیہ کی کیڈٹ کی کمرے میں پر اسرار موت، تحقیقات شروع

    حکام کے مطابق نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکے کے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • نائیجیریا میں سیلاب سے 28 ہلاکتیں، ہزاروں بے گھر

    نائیجیریا میں سیلاب سے 28 ہلاکتیں، ہزاروں بے گھر

    نائیجیریا کے صوبہ باوچی میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سیلابی صورتحال کے باعث 28 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نائیجیریا کے صوبہ باوچی سے متصل گاماوا کے مضافاتی دیہاتوں میں کئی روز سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس آفت کے باعث 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ تقریبا سو افراد بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے بھی سیلاب کے باعث جیگاوا نامی صوبے میں 30 افراد کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

    دوسری جانب بھارتی ریاست تریپورہ میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ہیں، مختلف حادثات میں 22 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تریپورہ میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال ہے اور نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

    بنگلہ دیش کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا، 18 لاکھ افراد متاثر

    سیلابی صورتحال کے سبب گزشتہ روز 8 اضلاع سے 34 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں، جبکہ سیلاب سے ایک ہزار کے قریب گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

  • 63 ہزار انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کردیے گئے!

    63 ہزار انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کردیے گئے!

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو جنسی طور پر بلیک میل کرنے کی بنا پر میٹا نے 63 ہزار انسٹاگرام اکاؤنٹس بند کردیے۔

    میٹا نے بدھ کو بتایا کہ افریقی ملک نائیجیریا میں تقریباً 63,000 اکاؤنٹس کو بند کیا گیا ہے، ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس امریکا میں بالغ مردوں کے مالیاتی جنسی استحصال میں ملوث تھے، جو مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر اپ لوڈ کی گئی تصاویر کو ایڈٹ کرکے لوگوں کو بلیک میل کرتے تھے۔

    نائجیریا سے تعلق رکھنے والے آن لائن فراڈ کرنے والے ان افراد کو ’یاہو بوائز‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ لوگوں کو پیسے کمانے کا جھانسا دے کر نشانہ بناتے ہیں۔

    فراڈ میں ملوث یہ افراد لوگوں کو اپنے جال میں پھانسنے کے لیے ان سے یہ بھی کہتے ہیں کہ نائیجیریا کے شہزادے کی جانب سے سرمایہ کاری پر شاندار منافع کی پیشکش گئی ہے۔

    میٹا نے ایک بیان میں کہا کہ انسٹاگرام پر ایسے 63 ہزار اکاؤنٹس تھے، جبکہ فراڈ میں ملوث 7 ہزار 200 فیس بک اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا کی معروف کمپنی نے تقریباً 2500 اکاؤنٹس کے ایک چھوٹے مربوط نیٹ ورک کو بھی ختم کر دیا جسے تقریباً 20 افراد کے گروپ چلارہا تھا۔

    اس جنسی بھتہ خوری، یا ’جنسی وصولی‘ میں، لوگوں کو دھمکی دی جاتی ہے کہ ان کی جنسی تصاویر، اصلی یا جعلی سوشل میڈیا پر جاری کردی جائے گی، انھیں دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر وہ ایسا نہیں چاہتے تو انھیں ادائیگی کرنا ہوگی۔

    میٹا کے نمائندے نے بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انھوں نے اس طرح کے نیٹ ورکس کو ختم کیا ہو، تاہم موجودہ آپریشن کا انکشاف صارفین میں ’آگاہی بڑھانے‘ کے لیے کر رہے ہیں۔

  • امتحان دیتے طلبہ پر اسکول کی عمارت ڈھ گئی، قیامت خیز منظر

    امتحان دیتے طلبہ پر اسکول کی عمارت ڈھ گئی، قیامت خیز منظر

    ابوجا: مغربی افریقی ملک نائیجیریا کے اسکول میں بچے امتحان دے رہے تھے کہ اچانک ان پر چھت گرنے کی صورت میں قیامت ٹوٹ پڑی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو پلیٹیو اسٹیٹ کے مقامی سینٹ اکیڈمی اسکول میں صبح کے وقت طلبہ امتحان دینے میں مصروف تھے کہ اچانک اسکول کی چھت ڈھ گئی، جس سے 22 بچے ہلاک اور 130 سے ​​زائد زخمی ہو گئے۔

    یہ افسوس ناک واقعہ ریاست کے دارالحکومت جوس میں پیش آیا، اسکول دو منزلہ تھا جس کی چھت خستہ حالی کے باعث منہدم ہو گئی، پھنسے ہوئے طلبہ ملبے کے نیچے سے مدد کے لیے پکارتے رہے، مقامی حکام کے مطابق اسکول میں ایک ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔

    رضاکار کنکریٹ کے ڈھیر اور لوہے کی سلاخوں کو توڑنے کے لیے ایکسکویٹرز، ہتھوڑوں اور خالی ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو بچانے کی کوشش میں مصروف رہے، جب کہ اس دوران موقع پر موجود والدین بھی اپنے بچوں کو ڈھونڈنے کے لیے بھاگ دوڑ کرتے رہے۔

    حکام کی جانب سے عمارت گرنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ تین دن کی شدید بارشوں کے بعد یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ایک زخمی طالب علم نے اسپتال سے اے ایف پی کے نمائندے کو بتایا ’’میں کلاس میں داخل ہوا اور پانچ منٹ سے زیادہ نہیں ہوا ہوگا، جب میں نے ایک زوردار آواز سنی، اور پھر میں نے خود کو اسپتال میں پایا۔‘‘

  • نادرا نائیجیریا کے قومی شناختی کارڈ کے نظام کو اپ گریڈ کریگا

    نادرا نائیجیریا کے قومی شناختی کارڈ کے نظام کو اپ گریڈ کریگا

    اسلام آباد: نادرا نائیجیریا کے قومی شناختی کارڈ کے نظام کو اپ گریڈ کریگا، پاکستانی حکام اور نائجیرین شناختی کمیشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا دنیا کی آبادی کے تیسرے بڑے طبقے کو شناختی خدمات فراہم کرنے وا والا ادارہ بن گیا ہے۔ پاکستان کے ادارے نادرا اور نائجیریا کے شناختی کمیشن کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا ہے۔

    ترجمان نادرا نے بتایا کہ نادرا کے وفد نے اس سلسلے میں ابوجا کا دورہ کیا اور نائیجیرین شناختی کمیشن کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔

    معاہدے کے نتیجے میں نادرا نائیجیریا کے قومی شناختی کارڈ کے نظام کو اپ گریڈ کریگا۔ دونوں اداروں کے درمیان 15 سال سے زائد عرصے سے تعاون جاری ہے۔

    نائیجیریا میں 102 ملین سے زائد نائیجیرین شناختی کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں۔ نادرا پاکستان کی شناختی کارڈ کی ٹیکنالوجی نائیجیریا، کینیا اور صومالیہ میں زیراستعمال ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چاروں ممالک کی مجموعی آبادی دنیا کی آبادی کا تقریباً 8 فیصد اور تعداد کے لحاظ سے تیسرا بڑا طبقہ ہے۔

  • نائیجیریا میں قدیم مسجد ڈھ گئی، 8 افراد شہید

    نائیجیریا میں قدیم مسجد ڈھ گئی، 8 افراد شہید

    نائیجیریا میں ڈیڑھ سو سال پرانی مسجد کا ایک حصہ گر گیا حادثے میں 8 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ مسجد کا ایک حصہ گرنے کے بعد پیش آیا جب جمعہ کے روز سینکڑوں افراد نماز عصر کے لیے اندر موجود تھے اس دوران مسجد کا مخدوش حصہ نمازیوں پر گرا۔

    رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ابتدائی طور پر 8 لاشیں ملیں جبکہ کم از کم 23 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے نمازی عصر کی دوسری رکعت میں تھے جب حادثہ ہوا، پولیس کا کہنا ہے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ مرکزی مسجد زاریا میں ہے، جو شمالی نائیجیریا کے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک ہے اس مسجد کو 1830 کی دہائی میں تعمیر کیا گیا تھا۔

  • پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ: نائیجیریا کے عوام سڑکوں پر نکل آئے

    پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ: نائیجیریا کے عوام سڑکوں پر نکل آئے

    نائیجیریا کے عوام کی جانب سے پیٹرول پر دی گئی سبسڈی کو ختم کرنے اور اجرت میں اضافے کے مطالبے پر کی گئی ملک گیر ہڑتال کے پہلے روز سینکڑوں افراد نے نائجیریا کے بڑے شہروں میں احتجاجی مارچ کیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

    29 مئی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد نائیجیریا کے صدر بولا ٹینوبو کی جانب سے نئی اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے پیٹرول پر دی گئی سبسڈی کو ختم کردیا گیا۔

    https://twitter.com/ChibuzoIzundu/status/1686656946907004928?s=20

    اگرچہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ان اصلاحات کا خیر مقدم کیا گیا ہے، جبکہ یونینز کا کہنا ہے کہ صدر کے اقدامات کے باعث ایسے وقت میں لاگت میں اضافہ ہوا ہے جب نائیجیریا کے شہری پہلے ہی تقریباً دو دہائیوں میں سب سے زیادہ مہنگائی کا سامنا کررہے ہیں۔

    یونین کے رہنماؤں کی قیادت میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے مظاہرین نے مختلف شہروں میں احتجاجی مارچ کیا۔

    مزدور یونین کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آج کا احتجاج صرف آغاز اور حکومت کو وارننگ ہے، ہم انہیں اپنے مطالبات پورے کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہیں۔

    عینی شاہدین نے بتایا کہ دارالحکومت ابوجا میں احتجاجی مارچ کرنے والوں نے قومی اسمبلی کا ایک گیٹ توڑ دیا، جہاں انہیں سینیٹ کے صدر کے خطاب کی توقع تھی۔

    یونین کے عہدیداروں نے کئی ریاستوں میں سرکاری عہدیداروں کو اپنی شکایات کی تفصیل کے ساتھ درخواستیں جمع کرائیں۔

    petrol price hike Nigeria

    ٹینوبو نے کہا ہے کہ پیٹرول کی سبسڈی سے ملک کے اشرافیہ کو فائدہ ہوا، نائجیرین لیبر کانگریس نے کہا کہ پیٹرول کی سبسڈی کو ختم کرنا بغیر کسی منصوبے کے جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ تھا۔

    نائجیرین لیبر کانگریس کے مطابق ”ہر خاندان کو حکومت کی سخت پالیسیوں کا احساس ہے جس کے نتیجے میں نقل و حمل، خوراک، سامان اور خدمات، ٹیوشن فیس، معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • نائیجریا میں ڈاکووں نے دیہاتوں پر حملہ کر دیا،درجنوں ہلاک

    نائیجریا میں ڈاکووں نے دیہاتوں پر حملہ کر دیا،درجنوں ہلاک

    ابوجا: شمالی نائیجیریا میں ڈاکوؤں نے دو دیہاتوں پر حملے کرتے ہوئے 36 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ان گاؤں والوں نے ممکنہ طور پر ڈاکوؤں کو بھتہ کی رقم دینے سے انکار کیا تھا جس کی پاداش میں یہ خون کی ہولی کھیلی گئی۔

    سوکوٹو پولیس کے ترجمان احمد روفائی نے ایک بیان میں بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے راکا میں آٹھ، بلنگاوا میں سات، جبا میں چھ، دباگی میں چار، راکا دتسے میں تین اور تسلیوا گاؤں میں دو افراد کو ہلاک کیا۔

    ڈاکوؤں کے حملے میں بچ جانے والے کسان نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ڈاکوؤں نے رقم وصولی کا مطالبہ کیا تھا، ہمارے انکار پر انہوں نے ہمارے گاؤں پر حملے کرتے ہوئے 36 افراد کو ہلاک کیا ہے۔

    ایک اور مقامی کسان نے بتایا کہ ہم نے کل ہی ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے گئے افراد کو دفن کیا ہے۔

    عبداللہی نامی کسان نے بتایا کہ یہ ڈاکو علاقے میں دہشت پھیلاتے ہیں، یہ قریب ہی واقع تساؤنا اور کویان بانا کے جنگلات میں اپنے ٹھکانوں سے حملہ کرتے ہیں جو پڑوسی ملک نائجر تک پھیلے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ شمالی نائیجریا میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں کا یہ دوسرا بڑا حملہ ہے، اس سے قبل ڈاکوؤں نے گذشتہ ہفتے چھ دیہاتوں پر حملے کرتے ہوئے 30 سے زائد لوگوں کو قتل کیا تھا۔

  • افریقی ملک کا بڑا واقعہ، مسلح افراد ریلوے اسٹیشن سے 32 افراد کو اغوا کر کے لے گئے

    نائیجیریا: مغربی افریقی ملک نائیجیریا میں اغوا کا ایک بڑا واقعہ پیش آیا ہے، مسلح افراد نے ایک ریلوے اسٹیشن سے 32 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو یناگوا شہر کے گورنر آفس نے بتایا کہ AK-47 رائفلوں سے لیس مسلح افراد نے نائیجیریا کی جنوبی ایدو ریاست کے ایک ٹرین اسٹیشن سے 30 سے زائد افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

    یہ حملہ بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کی تازہ ترین مثال ہے، جو افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا کے تقریباً ہر کونے میں پھیل چکا ہے، یہ بد امنی فروری میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل حکومت کے لیے ایک چیلنج بھی ہے۔

    پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مسلح افراد نے شام 4 بجے ٹام اکیمی اسٹیشن پر حملہ کیا، جب مسافر تیل کے مرکز واری کے لیے ٹرین کا انتظار کر رہے تھے، پولیس نے بتایا کہ حملے میں اسٹیشن پر موجود کچھ لوگوں کو گولی بھی ماری گئی۔

    ریاست کے کمشنر اطلاعات نے بتایا کہ مغویوں کو بچانے کے لیے ریسکیو ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس میں فوج اور پولیس اہل کاروں کے ساتھ ساتھ چوکس نیٹ ورک اور شکاری بھی شامل کیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ آنے والے گھنٹوں میں متاثرین کو بچا لیا جائے گا۔

    وفاقی وزارت ٹرانسپورٹ نے اغوا کے اس واقعے کو ’مکمل وحشیانہ‘ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ دارالحکومت ابوجا کو شمالی کڈونا ریاست سے جوڑنے والی اس ریل سروس کو گزشتہ ماہ ہی کھولا گیا تھا، کئی ماہ قبل مسلح افراد نے اس کی پٹریوں کو دھماکے سے اڑا دیا تھا اور درجنوں مسافروں کو اغوا اور 6 کو جان سے مار دیا تھا۔ مارچ کے اس حملے میں آخری یرغمالی کو اکتوبر میں رہا کیا گیا تھا۔

  • نائیجیریا میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 37 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    نائیجیریا میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 37 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    نائیجیریا کے شہر میدوگوری میں خوفناک ٹریفک حادثے پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق میدوگوری میں پہلے دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرائیں اور پھر تیسری تیز رفتار بس بھی ان میں جا گھسی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 37 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑیوں میں آتشزدگی کی وجہ سے زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہو گئی ہیں، لاشوں کی شناخت کا عمل ڈی این اے کے ذریعے کیا جائے گا۔