Tag: نائیجیریا

  • نائیجیریا: غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکا، 100 سے زائد ہلاک

    نائیجیریا: غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکا، 100 سے زائد ہلاک

    ابوجا: نائجیریا میں ایک غیر قانونی آئل ریفائنری میں دھماکے میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک مقامی حکومتی اہل کار اور ایک ماحولیاتی گروپ نے بتایا ہے کہ نائجیریا کی ریورز ریاست میں تیل صاف کرنے کے غیر قانونی ڈپو میں ہونے والے دھماکے میں رات بھر 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔

    پیٹرولیم وسائل کے ریاستی کمشنر گڈ لک اوپیاہ نے ہفتے کے روز کہا کہ ایک غیر قانونی بنکرنگ سائٹ پر آتش زدگی سے سو سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے ہیں جن کی لاشیں بھی ناقابل شناخت ہو گئی ہیں۔

    یوتھ اینڈ انوائرمینٹل ایڈووکیسی سینٹر کے مطابق کئی گاڑیاں جو غیر قانونی ایندھن خریدنے کے لیے قطار میں کھڑی تھیں، دھماکے میں جل کر تباہ ہو گئیں۔

    غیر قانونی ریفائنری کا مالک واقعے کے بعد فرار ہو گیا ہے، اور حکومت نے اسے مطلوب قرار دے دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اگر وہ پکڑا جاتا ہے تو امید ہے کہ یہ معلوم ہو سکے کہ ریفائنری میں کیا ہوا تھا۔

    عالمی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے نائجر ڈیلٹا میں بے روزگاری اور غربت نے خام تیل کی غیر قانونی ریفائننگ کو ایک پرکشش لیکن مہلک کاروبار بنا دیا ہے۔

    خام تیل کو تیل کی بڑی کمپنیوں کی ملکیت والی پائپ لائنوں کے جال کے ذریعے عارضی ٹینکوں میں پہنچایا جاتا ہے جہاں اسے صاف کر کے مصنوعات میں بدلا جاتا ہے۔

    اس خطرناک عمل نے بہت سے مہلک حادثات کو جنم دیا ہے، اور علاقے کو بے انتہا آلودہ کر دیا ہے، کھیت کی زمینوں، کھاڑیوں اور جھیلوں میں تیل کے رساؤ سے بڑی مقدار میں آلودگی پائی جاتی ہے۔

  • نائیجیریا میں بھی اومیکرون کے 3 کیسز رپورٹ

    نائیجیریا میں بھی اومیکرون کے 3 کیسز رپورٹ

    ابوجا: کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا مختلف ممالک میں پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، نائیجیریا میں بھی 3 کیسز سامنے آگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نائیجیریا میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 3 کیسز سامنے آگئے، حکام کا کہنا ہے کہ اومیکرون جنوبی افریقہ سے آنے والے 3 مسافروں میں پایا گیا۔

    دوسری جانب جاپان میں بھی اومیکرون کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد نئے ویرینٹ سے متاثر کیسز کی تعداد 2 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ جنوبی افریقہ سے شروع ہونے والی کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون اب تک متعدد ممالک میں پھیل چکی ہے جن میں آسٹریا، بیلجیئم، چیک ری پبلک، اٹلی، جاپان، اسرائیل، نیدر لینڈز، پرتگال اور سعودی عرب شامل ہیں۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اومیکرون نے انہیں حیران کر دیا ہے، اس میں 50 تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، سب سے زیادہ خطرناک سمجھی جانے والی قسم ڈیلٹا میں صرف 2 تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اومیکرون میں موجود مخصوص اسپائک پروٹین میں 30 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔

  • نائیجیریا میں دوسری پاک افریقہ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش

    نائیجیریا میں دوسری پاک افریقہ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نائیجیریا کے دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وہ دوسری پاک افریقہ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نائیجیریا کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

    دورے کے دوران مشیر تجارت نائیجیریا میں دوسری پاک افریقہ کانفرنس اور سنگل کنٹری نمائش میں شریک ہوں گے۔ کانفرنس اور نمائش میں پاکستان سے 115 کاروباری وفود شرکت کریں گے۔

    وزارت تجارت کے مطابق کانفرنس اور نمائش میں ٹیکسٹائل، فارما سیوٹیکل، انجینیئرنگ، خوراک اور سبزیوں کی کمپنیاں شریک ہوں گی۔

    علاوہ ازیں آئی ٹی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمپنیاں بھی اپنی مصنوعات نمائش میں پیش کریں گی۔ کانفرنس اور نمائش کا اہتمام وزارت تجارت کی طرف سے لک افریقہ پالیسی کے تحت کیا جاتا ہے۔

  • 2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    نائیجیریا میں ایک 12 سالہ بچے کو، جسے اس کے والدین نے جانوروں کے ساتھ 2 سال تک باندھ کر رکھا تھا، ریسکیو ٹیم کی جانب سے بازیاب کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیم بچے کو بچانے پہنچی تو وہ فاقوں کا شکار تھا اور لکڑی کے ایک ستون سے بندھا ہوا تھا، بچہ بمشکل کھڑا ہو پارہا تھا۔

    مذکورہ گھر میں باپ، اس کی 3 بیویاں اور 17 بچے رہائش پذیر تھے جو آرام سے گھر کے اندر رہ رہے تھے۔ 12 سالہ بچے کو 2 سال سے جانوروں کے ساتھ شیڈ میں باندھ کر رکھا گیا تھا اور وہ صرف بکری کے دودھ پر زندہ تھا۔

    بچے کی ماں 2 سال قبل دار فانی سے کوچ کرگئی تھی، ریسکیو ٹیم ایک گمنام اطلاع پر بچے تک پہنچی تھی۔

    ٹیم کے چھاپے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا گیا، ریسکیو ٹیم کے ترجمان کے مطابق بچے کو 2 سال تک باندھنے کے جرم میں اس کے والد اور تینوں سوتیلی ماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گھر کے تمام افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق دوران تفتیش بچے کے سب سے بڑے سوتیلے بھائی نے دعویٰ کیا کہ بچہ مرگی کا شکار تھا اور گھر والوں نے اسے کہیں کھو جانے سے بچانے کے لیے وہاں باندھ رکھا تھا۔

    اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچے کی مرگی کے علاج کے لیے گھر اور ایک گاڑی بھی فروخت کی جاچکی ہے۔

    ریسکیو ترجمان کے مطابق بچے کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے اور جلد وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجائے گا۔

  • ایک اور ملک نے کرونا ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ کر دیا

    ایک اور ملک نے کرونا ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ کر دیا

    ابوجا: نائیجیریا کے سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کرونا کو روکنے میں مدد دینے کے لیے ایک منفرد ویکسین دریافت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری اس مہلک وبا پر قابو پاسکتی ہے، دنیا بھر میں ماہرین اس مقصد کے لیے پوری تندہی سے کوشاں ہیں۔

    نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین سے 213 ممالک میں اب تک 4 لاکھ 70 ہزار 795 جان کی بازی ہار چکے ہیں،ایسے میں نائیجیریا سے کرونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔

    نائیجیریا کے مقامی میڈیا کے مطابق سائنس دانوں کی جانب سے دریافت کی گئی منفرد ویکسین کرونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہے۔

    ویکسین سے متعلق تحقیق کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر اولادیپو کولاول نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ ویکسین مقامی سطح پر افریقا کے لوگوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر اولادیپو کولاول کا کہنا تھا کہ طبی ماہرین کی ٹیم کو ویکسین دریافت کرنے کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق کے لیے 20 ہزار ڈالر ملے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس منفرد ویکسین کی وسیع پیمانے پر استعمال اور عوام تک رسائی میں کم از کم 18 ماہ لگیں گے کیونکہ اس ویکسین کے لیے حکومت کی جانب سے منظوری درکار ہوگی۔

    نائیجیرین سائنس دانوں کے مطابق کرونا کے لیے دریافت کی گئی منفرد ویکسین کو متعدد بار ٹیسٹ کیا گیا ہے،یہ جعلی نہیں ہوسکتی، اس ویکسین کو خاص طور پر افریقی شہریوں کے لیے بنایا گیا لیکن یہ ویکسین دوسروں کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔

  • شدت پسندوں نے مسافروں سے بھری گاڑیوں کو آگ لگادی، 30 افراد ہلاک

    شدت پسندوں نے مسافروں سے بھری گاڑیوں کو آگ لگادی، 30 افراد ہلاک

    ابوجا: نائیجیریا میں دہشت گردوں نے مسافروں سے بھری کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 30 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقی ملک نائیجیریا میں عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر شدت پسند گروہ بوکوحرام کے دہشت گردوں نے مسافروں سمیت متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی، جبکہ ملکی صدر محمدوبحاری نے واقعے کی تردید کردی۔

    رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی ریاست بورنو میں یہ خونی واقعہ سامنے آیا۔ علاقہ مکینیوں اور عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس شدت پسندانہ حملے میں تیس افراد کو جلا کر مارا گیا۔ ملکی صدر نے حملے کی تردید کردی جبکہ نائیجیریا میں سرگرم دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے بھی تاحال حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

    بونی علی نامی عینی شاہد کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے تقریباً 18 سے زائد گاڑیاں جلائیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مارے گئے، حملہ آور درجنوں عام شہریوں کو اغوا کرکے بھی لے گئے۔

    نائیجیریا کے صدر محمدوبخاری کا کہنا ہے کہ بوکو حرام کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کررہے ہیں، جبکہ ملکی سیکیورٹی صورت حال پر شدید تشویش ہے جس پر قابو پانے کی بھی کوشش جاری ہے۔

  • پاکستان کی نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش

    پاکستان کی نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش

    جدہ: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نائیجیرین ہم منصب سے ملاقات کے دوران نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش کی۔

    تفصیلات کے مطابق جدہ میں سائنس ڈپلومیسی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شرکت کی۔

    ورکشاپ میں مختلف مسلم ممالک کے سائنسدانوں اور سائنسی منتظمین نے شرکت کی۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نائیجیریا کے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر بات چیت ہوئی۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کے تعاون کی پیشکش کی، پاکستان نے نائیجیریا میں سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کی پیشکش کی۔

    انہوں نے کہا کہ نائیجیریا کے وزیر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    نائیجیرین وزیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، پاکستان سے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے سائنس کے شعبے میں پاکستان کی ترقی کو بھی سراہا۔

  • ٹوٹے ہوئے اسمارٹ فون سے سائنس فکشن فلم تیار

    ٹوٹے ہوئے اسمارٹ فون سے سائنس فکشن فلم تیار

    سائنس فکشن فلم کا سنتے ہی ذہن میں بڑے بڑے سیٹ، فلم سازی کے جدید آلات اور بہت سارے لوگوں کی ٹیم آجاتی ہے، یہ تصور کرنا محال ہے کہ عام سے ساز و سامان کے ساتھ کوئی سائنس فکشن اور اسپیشل افیکٹس والی فلم تیار ہوسکتی ہے۔

    تاہم افریقی ملک نائیجیریا میں کچھ نوجوان لڑکے ایک ٹوٹے ہوئے موبائل فون اور نہایت محدود وسائل کے ذریعے سائنس فکشن فلمیں بنا رہے ہیں۔

    نائیجیریا کے ایک چھوٹے سے شہر کے رہائشی یہ 8 نوجوان شارٹ فلم بنانے کے لیے ٹوٹا پھوٹا سا اسمارٹ فون اور ایک خستہ حال اسٹینڈ استعمال کرتے ہیں۔ ان لڑکوں نے خود کو ’کرٹکس کمپنی‘ کا نام دیا ہے۔

    کرٹکس کمپنی کے کریو نے انٹرنیٹ پر موجود ٹیوٹوریل ویڈیوز سے اسپیشل افیکٹس کا استعمال سیکھا ہے جسے وہ اپنی فلموں میں استعمال کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ویڈیوز کو وائرل نہیں کرنا چاہتے، بس یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایک چھوٹے سے شہر میں موجود لڑکے کچھ نیا کر رہے ہیں۔

    ان لڑکوں کے پاس نہایت پرانا سامان اور عام سی اسپیڈ کا انٹرنیٹ ہے اور وہ بھی اکثر بجلی جانے کی وجہ سے ٹھپ ہوجاتا ہے۔ ایک 5 منٹ کی شارٹ فلم کو رینڈر کرنے میں انہیں 2 دن لگ گئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ 10 منٹ کی فلم تیار کرسکتے ہیں کیونکہ اس فلم کو اپ لوڈ ہونے میں بھی خاصا وقت لگ جاتا ہے۔ کچھ دن قبل کی جانے والی فنڈ ریزنگ میں انہیں 6 ہزار ڈالر حاصل ہوئے جس سے انہوں نے کچھ نیا سامان خریدا ہے۔

    ان لڑکوں کا کہنا ہے کہ وہ ایسا کچھ کرنا چاہتے ہیں جو آج سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    نائیجیریا کی فلم انڈسٹری نولی ووڈ فلموں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کی دوسری بڑی فلم انڈسٹری سمجھی جاتی ہے۔ کرٹکس کپمنی کو امید ہے کہ ان کا مستقبل روشن ہے اور وہ بہت جلد اپنی منزل حاصل کرلیں گے۔

  • نائیجیریا : قزاقوں کا بحری جہاز پر حملہ، 10 ترک ملازمین اغواء کرلیے

    نائیجیریا : قزاقوں کا بحری جہاز پر حملہ، 10 ترک ملازمین اغواء کرلیے

    انقرہ : نائیجیریا کی بندرگاہ پر قزاقوں نے مال بردار بحری جہاز میں سوار عملے کے دس ترک ملازمین کو اغواء کرلیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزرات خارجہ نے بتایا کہ بحری جہاز کے عملے کو13 جولائی کی شام کو یرغمال بنایا گیا۔

    اس حوالے سے وزارت خارجہ نے کہا کہ قزاقوں کی جانب سے جہاز چھوڑنے کے بعد اسے گھانا کی بندرگاہ ٹیما لے جایا گیا جہاں گھانا اور نائیجیریا کے حکام مغوی عملے کی واپسی کی کوششیں کررہے ہیں۔

    شپنگ کمپنی کیدیوگلو ڈینیزچلیک کے تحت چلنے والے ترک مال بردار بحری جہاز پک سوئے ون پر گزشتہ شب حملہ کیا گیا۔ کیدیوگلو ڈینیزچلیک کمپنی کے ملازم نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ18 افراد پر مشتمل بحری جہاز کے عملے میں سے دس ترک شہریوں کو اغوا کیا گیا۔

    انہوں نے دو ملازمین کو رہا کرنے سے متعلق مقامی میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کردیا۔ ترک میڈیا میں کمپنی کی جانب سے نشر کیے گئے بیان کے مطابق جب قزاقوں نے حملہ کیا اس وقت بحری جہاز کیمرون سے آئیوری کوسٹ کی جانب رواں دواں تھا اور اس میں کوئی سامان نہیں تھا۔

    بیان میں مزیدکہا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا اور ہمارے ملازمین کی باحفاظت رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    ترکی کی حکمراں جماعت کے ترجمان عمر چیلیک نے کہا کہ ترک عملے پر مبنی بحری جہاز کو نائیجریا میں یرغمال بنایا گیا لیکن انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

    خیال رہے کہ قزاق عموماً تاوان وصول کرنے کے لیے بحری جہاز کے عملے کو اغوا کرتے ہیں، 2019 کے پہلی سہ ماہی میں نائیجیریا میں بحری قزاقوں نے 14 حملے کیے تھے جبکہ 2018 میں اسی دورانیے میں 22 حملے کئے گئے تھے۔

  • نائیجیریا:‌ مسجد اور مارکیٹ میں خودکش دھماکے، 60 افراد جاں بحق

    نائیجیریا:‌ مسجد اور مارکیٹ میں خودکش دھماکے، 60 افراد جاں بحق

    ابوجا: نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں مسجد اور مارکیٹ میں 2 خودکش بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی ریاست ایداموا میں واقع علاقے موبی بور میں 2 خودکش حملہ آوروں نے مسجد اور مارکیٹ کو نشانہ بنایا جس کے بعد ہر طرف انسانی لاشوں کے ڈھیر پھیل گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ’مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 24 نمازی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جن کی ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ شمالی دوسرا دھماکا مارکیٹ میں ہوا جس میں 30 سے زائد افراد کے مرنے کی تصدیق ہوچکی‘۔

    نائیجیریا میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا شمالی مشرقی علاقے یولا سے 200 کلومیٹر دور واقع شہر موبی میں ہوا جس میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا جب کہ دوسرے بمبار نے خود کو قریبی مارکیٹ میں دھماکے سے اڑایا جہاں عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    عرب میڈیا سے عینی شاہدین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نوعمر لڑکا جیکٹ پہن کر  ظہر کی نماز کے وقت مسجد میں داخل ہوا اور چند ہی لمحوں میں بعد زوردار دھماکا ہوگیا جس کے بعدہرطرف دھواں بھر گیا اور چھت اڑ گئی۔

    مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری تھی کہ اچانک دوسرے دھماکے کی زور دار آواز سنائی دی، انتظامیہ نے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی جبکہ تمام متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کردیا۔

    حکام کے مطابق دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد تنظیم نے قبول نہیں کی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 100 سے زائد زخمیوں کی حالت بہت زیادہ تشویشناک ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔