Tag: نااہلی ریفرنس

  • نااہلی ریفرنس : تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا

    نااہلی ریفرنس : تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے منحرف اراکان نے الیکشن کمیشن میں تحریری جوابات جمع کرادیے اور نااہلی کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے منحرف اراکین کی نااہلی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے جواب الجواب دینے کا موقف اپناتے ہوئے مزید مواد مہیا کرنے کا کہا ، جس پرچیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا ریفرنس کے ساتھ میٹیریل لگایا نہیں ہوا۔
    .
    فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایاگیا، میں شواہد الیکشن کمیشن کے پاس رکھنا چاہتا ہوں ، اب کمیشن ٹریبونل ہے، اس میں شواہد کے بغیر کیسے چل سکتے ہیں۔

    منحرف اراکین کے وکیل نے مزید مواد پراعتراض کرتے ہوئے پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ دینے کا موقف پیش کیا۔

    پی ٹی آئی وکیل نے مزید کہا کہ ایم این ایز کی ڈکلیریشن علیحدہ ہے، ایم این ایز نے دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کی ، مجھے مواد پیش کرنے کا موقع دیں ، میں سب پبلک دستاویز پیش کر رہا ہوں، میٹریل میں اسدعمر ،شاہ محمود قریشی کی ہدایات میں شامل ہیں۔

    چیف الیکشن کمیشن نے ریفرنس کے ساتھ شواہد نہ جمع کرانے کی وجہ پوچھی تو فیصل چوہدری نے کہا کہ شواہد ممبران کیلئے نہیں، الیکشن کمیشن کےلئے تھے۔

    ممبرسندھ کے استفسار پرپی ٹی آئی کے وکیل نے بتایاکہ منحرف ارکان نے دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کی جس پرشوکازنوٹسزجاری کئے۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پرفیصلہ دینگے، کمیشن نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے کمیشن میں جواب جمع کروایا جبکہ پی ٹی آئی وکلاء نے 25 اراکین پنجاب اسمبلی کو رکنیت معطل کرنے کی استدعا کی توچیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اونچا بول کر تاریخ نہیں لی جاسکتی ، منحرف ارکان کے دلائل جمعہ کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن میں منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے تحریری جوابات جمع کرادیے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔

  • عمران خان نااہلی ریفرنس: نئی درخواست پر عمران خان کا جواب جمع

    عمران خان نااہلی ریفرنس: نئی درخواست پر عمران خان کا جواب جمع

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی ریفرنسز کی سماعت کے دوران ن لیگ کے وکیل نے جمعہ تک دلائل کے لیے وقت مانگ لیا جبکہ عمران خان کی طرف سے ان کے خلاف نئی درخواست پر جواب بھی داخل کروا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سر براہی میں بنچ نے کی۔ ن لیگ کے وکیل شیخ اکرم عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ ن لیگ کے جونیئر وکلا نے استدعا کی کہ شیخ اکرم سپریم کورٹ چلے گئے اس لیے سماعت جمعہ تک ملتوی کی جائے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ کی وجہ سے پھر کیس میں تاخیر ہو رہی ہے۔ کمیشن کے رکن جسٹس ارشاد قیصر نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جاتا ہے کہ تاخیر ہوئی۔ ن لیگ کے وکیل نے درخواست کی کہ کچھ دلائل شیخ اکرم انہوں نے دینے ہیں اس لیے سماعت جمعہ تک موخر کی جائے۔

    الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔ ن لیگی ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کردہ عمران خان کی نااہلی کی نئی درخواست کا جواب بھی جمع کروا دیا گیا۔

    تحریکا نصاف کے چیئرمین عمران خان نے استدعا کی کہ ن لیگی ارکان اسمبلی کی درخواست مسترد کی جائے کیوں کہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی کی درخواست خلاف قانون اور ناقابل سماعت ہے۔

    ان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آئین کے جن آرٹیکل کے تحت رکن اسمبلی کو نا اہل کیا جاسکتا ہے ان کا حوالہ نہیں دیا گیا اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت منتخب رکن پارلیمنٹ کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں براہ راست درخواست دائر کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ الیکشن سے قبل یا بعد میں کسی رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کے لیے الیکشن ٹربیونل مجاز ادارہ ہے۔

    جواب میں مزید کہا گیا کہ مالی اثاثوں میں غلط بیانی پر سیشن جج ٹرائل کرنے کا اختیار رکھتا ہے اور اسی نوعیت کی درخواست سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن اس سے قبل وزیر اعظم اور کیپٹن صفدر کے خلاف بھی سماعت ملتوی کر چکا ہے۔

    عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن سے نااہلی کی درخواست بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نااہلی ریفرنس کی کارروائی روک دی

    الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نااہلی ریفرنس کی کارروائی روک دی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاناما لیکس پر وزیر اعظم کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلے تک روک دی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین سے اسپیکر کے ریفرنس پر 16 نومبر تک جواب مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سیاسی تاریخ کے اہم کیسز کی سماعت ہوئی۔ پاناما لیکس پر وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور دیگر فریقوں کی درخواستوں پر کارروائی موخر کردی۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جاری پاناما لیکس کیس کا فیصلہ آنے تک سماعت روک دی۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف درخواستیں عدم پیروی پر خارج کردیں لیکن اسپیکرکے ریفرنس پر دونوں رہنماؤں سے 16 نومبر کو جواب طلب کرلیا۔

    سماعت پر عمران خان اور جہانگیر ترین دونوں الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے جبکہ عمران خان کی جانب سے حامد خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

    الیکشن کمیشن نے پاناما معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت کے باعث کارروائی جاری رکھنے پر فریقین سے رائے طلب کی۔ پیپلز پارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم سپریم کورٹ میں فریق نہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا، الیکشن کمیشن اللہ اور عوام کے سوا کسی کے ماتحت نہیں ہے۔

    حامد خان نے بھی لطیف کھوسہ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے باوجود الیکشن کمیشن سماعت کا اختیار رکھتا ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی روکنے کا حکم نہیں دیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا کہ اسپیکر کے ریفرنس میں حاضری ضروری ہے۔ حامد خان نے کہا پٹیشن دائر کرنے والے بھی پیش نہیں ہوئے اس لیے ریفرنس مسترد کریں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ بال ہمارے کورٹ میں آگئی ہے اب فیصلہ ہمیں کرنا ہے۔

    وکلا کے دلائل سننے کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے مشاورت کے لیے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کردیا۔ کچھ دیر بعد الیکشن کمیشن نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے نا اہلی ریفرنس پر وزیر اعظم ، عمران خان اور دیگر کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک کارروائی ملتوی کردی۔

    سماعت کے لیے شاہ محمود قریشی بھی آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنا مؤخر کرنے کا فیصلہ درست تھا ہمیں کوئی مایوسی نہیں۔ کل سے نواز شریف کی تلاشی شروع ہوگی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو حکومتی کرپشن کے خلاف کھڑی ہے۔

  • تحریک انصاف کا نواز شریف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر

    تحریک انصاف کا نواز شریف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر

    اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کونااہل قرار دلانے کے لیے قومی اسمبلی میں ایک اور ریفرنس دائر کردیا جسے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع کرادیا گیا۔


    PTI files another reference against Nawaz Sharif by arynews

    اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور دیگر رہنمائوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچے اور دو سو صفحات پر مشتمل ریفرنس جمع کرایا۔

    PTI-post-1

    ریفرنس ملنے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    ریفنرنس دائر کرتے وقت پی ٹی آئی کے ارکان کے ہمراہ اسمبلی میں جانے والے میڈیا کو سیکیورٹی گارڈز نے اندر جانے سے روک دیا جس پر شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری نے احتجاج بھی کیا اور کہا کہ جب عمران خان کے خلاف ریفرنس جمع کرایا گیا تو تمام میڈیا کو اندر آنے کی دعوت دی گئی اور جب ہم نے ریفرنس جمع کرایا تو میڈیا کو داخلے سے روک دیا گیا جو کہ بڑی ناانصافی ہے۔

    PTI-post-2

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ نواز شریف کے خلاف ریفرنس اسپیکر کے پاس جمع کرادیا، وقت دینے پر اسپیکر کے شکر گزار ہیں، آج میڈیا کو اسپیکر کے چیمبر میں آنے نہیں دیا گیا، افسوس ہوا کہ میڈیا کوریج کے معاملے پر دہرا معیار اپنایا گیا۔