Tag: نااہلی سے متعلق درخواست

  • وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی مشکلات میں ایک اور اضافہ

    وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی مشکلات میں ایک اور اضافہ

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصل واوڈا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12مارچ تک جواب طلب کرلیا اور کہا فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے فیصل واوڈا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12مارچ تک جواب طلب کرلیا اور کہا درخواست پر فیصلہ فریقین کو سننے کے بعد کیا جائے گا۔

    یاد رہے دو روز قبل فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق ایک اور درخواست سندھ ہائی کورٹ عدالت میں دائر کردی گئی تھی ، درخواست گزار قادر خان مندوخیل نے انکشاف کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کے وقت اپنی دوہری شہریت چھپائی، معاملہ عدالت میں آنے پر فیصل واوڈا نے خاموشی سے امریکہ شہریت چھوڑنے کی درخواست دی۔
    .
    درخواست گزار نے استدعا کی کہ فیصل واوڈا کو نااہل قرار اور مراعات واپس کرنے کا حکم دیا جائے ۔

    مزید پڑھیں : دوہری شہریت چھپانے پر فیصل واوڈا کو 24 فروری سے پہلے جواب جمع کرانے کا حکم

    خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوہری شہریت چھپانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو 24 فروری سے پہلے جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ،قانون وانصاف،الیکشن کمیشن ، قومی اسمبلی کے سیکریٹریز کو نوٹس جاری کردیئے تھے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن میں دوہری شہریت سے متعلق جھوٹا حلف نامہ جمع کروایا، اُس وقت فیصل واڈا امریکی شہریت کے حامل تھے، عدالت فیصل واڈا کی رکنیت بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دے۔

    جس پر فیصل واوڈا کے وکیل نے جواب میں بتایا تھا 22 جون 2018 کو امریکی شہریت ترک کرنے کے لئے کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں درخواست دی، 25 جون 2018 کو منظور کی گئی اور فیصل واوڈا کو امریکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جاری ہوا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

    وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، درخواست پر سماعت 24ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کردیا، درخواست بیرسٹر دانیال چوہدری نے دائر کر رکھی ہے۔

    درخواست پر سماعت 24 ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی، چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، عمران خان آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں۔

    یاد رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے  حلف لیا تھا۔

    بطور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ سب سے پہلے احتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

    انکا کہنا تھا کہ کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا، مجھے کسی ڈکٹیٹر نے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا ہوں۔ کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لایا۔

    واضح رہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔