Tag: نااہلی کیس

  • نااہلی کیس: سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کروں گا، شیخ رشید

    نااہلی کیس: سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کروں گا، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے  سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے نااہلی کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا اُسے قبول کروں گا امید ہے عدالتی فیصلہ حق و سچ پر مبنی ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو بچانے کی ضرورت ہے، آج ملک میں ڈالر 122روپے کا ہوگیا اور پاکستانی کرنسی کی دن بہ دن نیچے آتی جارہی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اللہ سے امید ہے مستقبل کافیصلہ سچائی کے حق میں ہوگا، میرادل کہہ رہا ہے میں عمران خان کے ساتھ آئندہ  حکومت بنانے جارہا ہوں تاکہ چوروں، لٹیروں کو سیاسی دھارے سے باہر نکال سکیں۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں حکومت کا بھوکا نہیں،7بار وزیر رہ چکا ہوں، میراشہر راولپنڈی پیچھے رہ گیا یہاں بے روزگاری عروج پر پہنچ چکی اور آج نوجوانوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آگے لےجانامیری زندگی کی آخری کوشش ہے، میں سیاست کے ذریعے ملکی ترقی کے خواہش مند ہوں کیونکہ میرے ساتھ بدمعاشوں کا کوئی گروہ نہیں جبکہ یہ لوگ منشیات فروشوں اور ایفیڈین بیچنے والوں کو حکومت میں لیکرآئے۔

    شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ اپنی زندگی کا آخری الیکشن لڑنے جارہا ہوں اور کوشش ہے کہ راولپنڈی سےمنشیات فروشوں کی نسلوں کا سیاسی طورپر خاتمہ کردوں، المیہ ہے کہ نوازشریف جیسے نالائق لوگ ملک کے لیڈر بنے، انہوں نے میرا مائیک صرف 7 منٹ کے لیے کھولا تو سب منہ تکتے رہ گئے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان شیخ رشید احمد کی نااہلی کے خلاف درخواست دائر ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں زرعی زمین ظاہر نہیں کی لہذا وہ صادق اور امین نہیں رہے، درخواست پر عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کل یعنی 13 جون کو سنایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آج ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، مریم نوازکا ٹوئٹ

    آج ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، مریم نوازکا ٹوئٹ

    اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نواز شریف ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی،عمران خان اورجہانگیر ترین نااہلی کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جانبدارانہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں، ثابت ہو گیا کہ اقامہ صرف بہانہ تھا نواز شریف نشانہ تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے نے اس تاثر پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اب شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی بھی سازش، دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہے کیونکہ عوام کا اصل نمائندہ ہی نوازشریف ہے۔

    فیصلے میں عدالت کے ریمارکس کہ ’’عمران خان پر اپنی آف شور کمپنی ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا ‘‘ پر مریم نواز نے لکھا کہ ’’ لیکن نواز شریف پر ایک خیالی تنخواہ ظاہر کرنا ضروری ٹھہرا‘‘۔

    اپنے اگلے ٹوئٹ میں جسٹس فیصل عرب کے ریمارکس کہ’’عمران خان کیس کا موازنہ نواز شریف کے کیس سے نہیں کیا جا سکتا ‘‘ پر انہوں نے کہا کہ ’’جج صاحب ! آپ کو صفائی دینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی ؟ کیا آپ پاناما بنچ کا حصہ تھے؟ کیا آپ نواز شریف کے خلاف کسی سماعت کا حصہ رہے؟‘‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • جہانگیر ترین نااہلی کیس: سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

    جہانگیر ترین نااہلی کیس: سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہوگئی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جہانگیر ترین نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران جہانگیر ترین کے وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ ٹرسٹ کو اثاثے سے کوئی آمدن نہیں ہو رہی، ٹرسٹ سے جہانگیر ترین کو کچھ ملا تو ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کے تحریری جواب سے بہت افسوس ہوا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جہانگیرترین آمدن کسی کو بھی دینے کی ہدایت کر سکتے ہیں، اس اختیار سے جہانگیر ترین بظاہر بینفشل مالک ہوئے۔

    ان کے مطابق بطور بینفشل مالک کمپنی کو گوشواروں میں ظاہر کرنا ضروری تھا۔

    سکندر مہمند نے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ کو مکمل طور پر دیکھنا ہوگا، کسی ایک نکتے کو الگ سے پڑھ کر نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔

    اختتامی دلائل کے بعد کیس کی سماعت مکمل ہوگئی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جہانگیر ترین نا اہلی کیس: ثابت کریں لیز زمین پر کاشت کاری کرتے ہیں، چیف جسٹس

    جہانگیر ترین نا اہلی کیس: ثابت کریں لیز زمین پر کاشت کاری کرتے ہیں، چیف جسٹس

    اسلام آباد: جہانگیر ترین نا اہلی کیس میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ لیز معاہدے کسی سطح پر بھی رجسٹر نہیں، صرف لیز معاہدے سے حقائق واضح نہیں ہوتے۔ کسی دستاویز سے ثابت کرنا ہوگا کہ لیز زمین پر کاشت کاری کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔

    جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ مال کا تمام ریکارڈ، لیز معاہدے اور مالکان کو ادائیگی کی تفصیل جمع کروادی ہے۔ لیز معاہدے گھر کے بڑوں کے ساتھ کیے گئے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ مکمل ٹیکس کی ادائیگی کے لیے لیز معاہدے کیے، کراس چیک سے ادائیگی بھی ٹیکس ریکارڈ کے لیے کی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ عموعی طور پر ادائیگی کراس چیک سے نہیں ہوتی، جمع بندی میں کاشت کار کا نام جہانگیر ترین نہیں لکھا۔ انہوں نے کہا کہ لیز معاہدے رجسٹر نہیں، دستاویز سے ثابت کریں کہ لیز زمین پر کاشت کاری کرتے ہیں۔

    جہانگیر ترین نا اہلی کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کردی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نااہلی کیس: سماعت 21 اگست تک ملتوی

    عمران خان نااہلی کیس: سماعت 21 اگست تک ملتوی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نا اہلی کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کے باعث پارٹی کے غیر ملکی فنڈز سے متعلق کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے ہاشم بھٹہ کی درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اسی نوعیت کامقدمہ زیر سماعت ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کمرہ عدالت سے باہر زیادہ مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ باہر کہا جاتا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ دیکھنا ہوگا سپریم کورٹ میں کیس پر کیا کارروائی چلتی ہے۔ ہمارے پاس کوئی درخواست آئے تو سننا پڑتی ہے۔ کسی کے خلاف خود بات نہیں کرتے۔ یہ آپ دونوں فریقین کا مسئلہ ہے۔

    ریمارکس کے بعد الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہونے کے باعث کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

    الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل چوہدری نے کہا کہ تمام مقدمات پاناما پیپرز کے کاؤنٹر بلاسٹ ہیں۔ عمران خان کو بلیک میل کرنے کے لیے مقدمات کیے جا رہے ہیں۔ عمران خان ہر معاملے کی طرح سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے سرخرو ہو کے نکلیں گے۔


  • نااہلی کیس: عمران خان کی کرکٹ سے آمدن کی تفصیلات طلب

    نااہلی کیس: عمران خان کی کرکٹ سے آمدن کی تفصیلات طلب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں عمران خان کی نا اہلی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان چوری پکڑنے کی بات کرتے ہیں۔ اگر چوری پکڑنی ہے تو خود بھی جواب دینا ہوگا۔ عمران خان سے کرکٹ کی آمدن کی تفصیلات طلب کرلیں گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

    دوران سماعت حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف نے متفرق درخواستوں اور عمران خان نے اپنے ٹی وی انٹرویوز سے متعلق درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ معاملے میں موجود خلا کو پر کرنا ضروری ہے۔ کسی خلا کے باعث سماعت میں رکاوٹ نہیں چاہتے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے پاس 1 لاکھ 17 ہزار پاؤنڈز کہاں سے آئے، لندن میں ادائیگی کب اور کیسے کی گئی، تمام ادائیگیوں کی تفصیلات دینا ہوں گی۔ دستاویز نہ ملنے پر حالات کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کیری پیکر سے ایک لاکھ 88 ہزار پاؤنڈ وصولی کا بیان حلفی ہے۔ بیان حلفی کے ساتھ کوئی اور دستاویزات نہیں۔

    عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب پر تحریک انصاف کے جواب الجواب میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ وکیل انور منصور کہاں ہیں، جس پر عدالت میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انور منصور 15 اگست تک چھٹیوں پر ہیں۔

    چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ججز چھٹیاں چھوڑ کر سماعت کر رہے ہیں۔ صرف معذرت سے کچھ نہیں بنے گا کیوں نہ عمران خان کو بلا لیں جو خود اپنی اور پارٹی دونوں کی نمائندگی کریں گے۔

    الیکشن کمیشن کے وکیل ابراہیم ستی نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے بیرونی فنڈنگ کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی الیکشن کمیشن نے چھان بین کی۔ چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کی ذمہ داری سے متعلق پوچھا تو وکیل نے بتایا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن مقرر کرنا یا نہ کرنا عدالت کی صوابدید ہے، پارٹی کے بینک اکاؤنٹس چیک کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری نہیں۔ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات وفاقی حکومت کا اختیار ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ممنوعہ فنڈز کو ضبط کرنے، بیرون ملک فنڈنگ پر از خود نوٹس لینے اور کارروائی کا اختیار رکھتا ہے تاہم کسی سیاسی جماعت نے لوکل فنڈز بھی ظاہر نہیں کیے۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ کئی سال تک الیکشن کمیشن سویا رہا۔ ایک کو پکڑیں گے تو تعصب کا الزام لگے گا الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے۔

    سپریم کورٹ میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نان ریزیڈنٹ ہوتے ہوئے ریٹرنز جمع کرنا لازمی ہے۔ نان ریزیڈنٹ کے اثاثے 25 لاکھ سے زائد ہوں تو ظاہر کرنا ضروری ہیں۔

    سپریم کورٹ نے عمران خان کی کرکٹ سے آمدن کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ عدالت نے کہا کہ کرکٹ سے کمائی گئی رقم کو ثابت کرنا ہوگا۔ بہت قانونی نکات ہیں جن پر بحث ہونا ضروری ہے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بتانا ہوگا کہ سنہ 1971 سے 1983 تک پیسہ کمایا بھی یا نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ سے غیر ملکی دورے میں لی گئی رقم بھی ظاہر کرنا ہوگی۔

    سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔


  • نااہلی کیس: جمائما کی بھیجی گئی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع

    نااہلی کیس: جمائما کی بھیجی گئی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع

    اسلام آباد: نااہلی کیس میں عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمائما کی جانب سے بھیجی گئی اضافی دستاویزات جمع کروا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی جانب سے عمران خان کو بھیجی گئی منی ٹریل عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ دستاویزات میں بنی گالہ کی زمین خریدنے اور جمائما کی رقم کی تفصیلات شامل ہیں۔

    عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پاکستان میں ظاہر کرنا ضروری نہیں۔

    جواب میں کہا گیا کہ بنی گالہ کی ایڈوانس رقم میں نے خود جمع کروائی تھی۔ ان کے مطابق جمائما سے رقم ادھار لی جس کو سنہ 2002 کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا تھا۔

    جواب میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جمائما کی جانب سے دی گئی رقم سے متعلق چارٹ اب جمع کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت کے پاس کسی بھی قسم کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہے تاہم تمام لگائے گئے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ 3 مئی کو مسلم لیگ (ن)  کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں عمران خان کے اثاثہ جات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے اور منی ٹریل طلب کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: جمائما نے عمران خان کی منی ٹریل کا ثبوت ڈھونڈ نکالا

    اس حوالے سے عدالت نے عمران خان کے لندن فلیٹس کی فروخت اور بنی گالہ میں خریدی گئی اراضی کے دستاویزات طلب کیے تھے جس کی منی ٹریل میں چند دستاویز کم تھیں۔

    یہ دستاویز چند روز قبل عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے اپنے گھر سے ڈھونڈ نکالی تھیں جو آج عدالت میں پیش کردی گئی ہیں۔


  • وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواست کی سماعت آج ہوگی

    وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن میں درخواست کی سماعت آج ہوگی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیراعظم اور عمران خان کی نااہلی کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن میں وزیراعظم نواز شریف اورشہبازشریف سمیت دیگر کی پانامالیکس کے حوالے سے نااہلی کے لیےدرخواستوں کی سماعت آج ہوگی۔

    قومی اسمبلی کے اسپیکرایاز صادق کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بھجوائے گئے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنسز پر بھی سماعت آج ہوگی۔

    چیف الیکشن کمشنرسردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ وزیراعظم نواز شریف ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان،کیپٹن (ر) صفدر ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور جہانگیر ترین سمیت دیگرکے پاناماانکشافات کے بعد نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوگی۔

    واضح رہے کہ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دائرہ اختیار پر بھی بحث ہوگی۔