Tag: نااہلی کی درخواست

  • نااہلی کی درخواست،  علیم خان کو جواب داخل کرنے کے لیے آخری مہلت

    نااہلی کی درخواست، علیم خان کو جواب داخل کرنے کے لیے آخری مہلت

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے نااہلی کے لیے درخواست پر سنیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کو جواب داخل کرانے کیلئے آخری مہلت دے دی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ علیم خان نےالیکشن لڑتےوقت گوشوارے چھپائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سنیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی نااہلی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، عبدالعلیم خان کی جانب سے جواب داخل نہیں کرایا گیا۔

    درخواست ن لیگ کےپی پی ایک سو اٹھاون سےامیدواراحسن شرافت کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عبدالعلیم خان نے الیکشن لڑتے وقت گوشوارے چھپائے، عبدالعلیم خان اولڈ ایج بینیفٹ کے 93 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں، ان کے خلاف ایف آئی اے اور نیب میں انکوائریاں زیر سماعت ہیں۔

    دائر درخواست میں کہا گیا عبدالعلیم خان نے سات سے آٹھ سو ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ بھی کر رکھا ہے، استدعا ہے کہ عدالت عبدالعلیم خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے۔

    عدالت نے عبدالعلیم خان کو جواب داخل کرنے کے لیے آخری مہلت دے دی۔

    مزید پڑھیں : نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو: علیم خان

    یاد رہے اگست 2018 میں : پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو، عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میں بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی، اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دیے۔

    علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا۔

    واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے۔

  • پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے مشکل میں ایک اور اضافہ ہوگیا، فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فیصل واوڈا آرٹیکل 62 پر پورا نہیں اترتے، فیصل واوڈا نے اپنے حلف نامے میں برطانیہ, دبئی اور ملائشیا کی جائیداد قرض شدہ ظاہر کی۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کاغذات نامزدگی میں کسی فارن اکاونٹ کا ذکر نہیں ہے ، اس غیر ملکی جائیداد کی منی ٹریل نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں کسی غیر ملکی جائیداد کا ذکر نہیں ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ اربوں کی جائیدادیں رکھنے والے فیصل واوڈا نے 2015 میں کوئی ٹیکس نہیں دیا، ریٹرننگ افسر نے فیصل کے خلاف یہ کہہ کر درخواست مسترد کی کہ اس نے دوہری شہریت چھوڑ دی جبکہ ریٹرننگ افسر کے ریکارڈ میں امریکی شہریت سرینڈر کرنے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔

    واضح رہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں کراچی کے حلقے  این اے 249 سے پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا جیتے تھے، ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے تھا۔

  • الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹواورآصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے دائردرخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزارسید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن قوانین کے تحت کوئی سیاسی جماعت کسی دوسری جماعت کا پرچم اور انتخابی نشان استعمال نہیں کر سکتی جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرین کے انتخابی نشان تیر کو استعمال کیا۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو کا اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن دوسوپندرہ کی ذیلی شق تین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کے پرچم کو غیر قانونی طور پر اپنی جماعتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔

    دائر درخواست میں استدعا کی آصف علی زرداری کا اقدام الیکشن ایکٹ کے سیکشن 200 کی خلاف ورزی ہے، لہذا عدالت بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو نااہل قرار دے۔

    عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔