Tag: نابینا لڑکی

  • روسی صدر نے نابینا لڑکی کی خواہش پوری کردی

    روسی صدر نے نابینا لڑکی کی خواہش پوری کردی

    ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے نابینا لڑکی کی خواہش پوری کر کے سب کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کی اٹھارہ سالہ ریجینا نامی نابینا لڑکی صحافت کا شعبہ اختیار کرنے کی خواہش مند ہے اُس نے اپنے کیریئر کے آغاز سے قبل روسی صدر کے انٹرویو کی خواہش ظاہر کی۔

    پیوٹن کو جب اس بات کی اطلاع ہوئی تو وہ فوراً انٹرویو دینے کے لیے راضی ہوگئے اور پھر ریجینا کو صدارتی محل بلایا گیا۔

    مزید پڑھیں: روسی صدر پیوٹن کا آسٹریا کی وزیر خارجہ کے ہمراہ رقص

    روسی صدر نے نوجوان لڑکی سے ہاتھ ملا کر بتایا کہ وہ پیوٹن کے سامنے کھڑی ہے جس پر ریجینا کو یقین نہیں آیا، بعد ازاں روس کے سربراہ نے بچی کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اُسے یقین آگیا۔

    ولادی میر پیوٹن نے خوشگوار ماحول میں لڑکی سے ملاقات کی اور انٹرویو میں پوچھے جانے والے سوالات کے جواب بھی دیے۔

    صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے روسی صدر نے کھل کر بات کی اور اپنے تجربات شیئر کیے۔

    یہ بھی دیکھیں: روسی صدر کا سخت سردی میں برفیلے پانی میں‌ غوطہ، ویڈیو وائرل

    انٹرویو کے اختتام پر لڑکی نے روسی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں چھونے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر پیوٹن نے اُسے اجازت دی۔

    پیوٹن نے ریجینا کے ہاتھ چومے اور اُس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجینا کا کہنا تھا کہ ’انٹرویو کے وقت بہت گھبراہٹ ہورہی تھی مگر پیوٹن نے اعتماد بڑھایا اور حوصلہ افزائی کی‘۔ نابینا لڑکی کا کہنا تھا کہ اُس نے اپنے صحافتی کریئر کا آغاز کردیا اور اب وہ مستقبل میں مختلف نامور شخصیات کا انٹرویو لے گی۔

    اپنی خواہش سے آگاہ کرتے ہوئے ریجینا کا کہنا تھا کہ میں نیوز کاسٹر اور تجزیہ نگار بننے کا ارادہ رکھتی ہوں، آج اپنے کیریئر کی پہلی سیڑھی پر چڑھ گئی اور اس سفر کو آئندہ بھی جاری رکھوں گی۔

  • نابینا لڑکی نےامتحان پاس کیا اب اسے نوکری دینا ذمے داری ہے‘چیف جسٹس

    نابینا لڑکی نےامتحان پاس کیا اب اسے نوکری دینا ذمے داری ہے‘چیف جسٹس

    لاہور: نابینا لڑکی کے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے باوجود نوکری نہ ملنے پرسماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک نابینا لڑکی نے تحریری امتحان پاس کیا تواسے رکھ لیتے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں نابینا لڑکی کے مقابلے کا امتحان پاس کرنے کے باوجود نوکری نہ ملنے پرکیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران سیکرٹری پی سی ایس نے بتایا کہ حجاب قدیرنے امتحان پاس کیا لیکن انٹرویومیں فیل کردیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لڑکی کوایڈجسٹ کرکے آئندہ ہفتے رپورٹ دیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ایک نابینا لڑکی نے تحریری امتحان پاس کیا تو اسے رکھ لیتے، 100 نمبر کے تحریری امتحان کے بعد انٹرویوکے 100 نمبرکیسے رکھ سکتے ہیں؟۔

    انہوں نے ریمارکس دیے کہ انٹرویو کے اتنے نمبراس لیے رکھے جاتے ہیں تاکہ اپنے لوگوں رکھ سکیں، نابینا لڑکی نے امتحان پاس کیا اب اسے نوکری دینا ذمے داری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 26 جون 2018 کو ملکی تاریخ میں پہلی بار بینائی سے محروم سول جج یوسف سلیم نے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

    واضح رہے کہ یوسف سلیم نے سول ججز کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی لیکن بینائی سے محروم ہونے پران سے معذرت کرلی گئی تھی۔

    بعدازاں یوسف سلیم نے چیف جسٹس پاکستان کو درخواست دی تھی جس پرانہوں نے ان کا انٹرویو لینے کی ہدایت کی تھی اور انٹرویو میں کامیاب ہونے پرانہیں جج بنا دیا گیا تھا۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ سے نابینا ہونیوالی کشیمری لڑکی نے میٹرک کرلیا

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے نابینا ہونیوالی کشیمری لڑکی نے میٹرک کرلیا

    سری نگر : بھارتی فوج کی بربریت کے باعث بینائی سے محروم ہونے والی باہمت کشمیری لڑکی نے میٹرک کا امتحان پاس کرلیا، سابق وزرائے اعلیٰ اورحریت رہنماؤں نے انشاء مشتاق کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر پیلٹ گن سے اندھادھند فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں چَھرے لگنے سے متعدد افراد شہید اورہزاروں زخمی ہوئے تھے۔

    ان میں سے ایک باہمت لڑکی انشاء مشتاق بھی ہیں جنہوں نے چھرّے لگنے سے دونوں آنکھوں سے محرومی کے باوجود صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔

    ڈاکٹروں کے جواب دینے کے بعد بینائی سے محروم انشا نے فیصلہ کیا کہ وہ تعلیم کا سفر جاری رکھیں گی اور دسویں جماعت کا امتحان نمایاں نمبروں سے پاس کرکے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کرکے عوام کے دل جیت لئے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق انشاء مشتاق کا کہنا ہے کہ میری قسمت میں جو تھا وہی ہوا، لیکن میرے ارادے کمزور نہ تھے، میں مزید پڑھنا چاہتی تھی تو میرے والدین اور دوستوں نے مجھے حوصلہ دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج میں اس کامیابی پر بہت خوش ہوںاور میں چاہتی ہوں کہ نوجوان تعلیم کا سفر کسی بھی قیمت پر جاری رکھیں۔

    باہمت کشمیری لڑکی کی کامیابی پر وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی، سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ اور حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 2016 میں کشمیری نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے موقع پر بھارتی فوج نے پیلٹ گنوں سے اندھا دھند فائرنگ کرکے سولہ افراد کو شہید اور سات ہزار کو شدید زخمی کردیا تھا، جن میں سے درجنوں افراد دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہوئے۔