Tag: نابینا

  • نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    نابینا دلہن کے لیے خوبصورت تحفہ

    اپنی شادی کی تصاویر دیکھنا ہر شخص کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے یادگار لمحوں کو ایک بار پھر سے یاد کرتا ہے۔ لیکن کیسا محسوس ہوگا اگر کوئی شخص ان یادگار لمحات کو نہ دیکھ سکے۔

    سڈنی کی ایک نابینا دلہن کو شاید زندگی بھر یہی افسوس رہتا تاہم اس کے فوٹوگرافر نے اسے ایک سرپرائز دے دیا۔

    جیمس ڈے نامی ایک فوٹوگرافر نے جوڑے کی شادی کو عکس بند کیا تھا لیکن اسے افسوس تھا کہ اس کی کھینچی ہوئی تصاویر دلہن اسٹیف نہیں دیکھ سکے گی کیونکہ وہ نابینا تھی۔

    اسٹیف ایک حادثے میں اپنی بینائی سے محروم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد وہ روب سے ملی جو اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اسٹیف شادی کے لیے تیار نہیں تھی تاہم روب نے اسے قائل کرلیا۔

    مزید پڑھیں: وہیل چیئر پر سجے عروسی لباس نے سب کی توجہ کھینچ لی

    اسٹیف ہمیشہ سے پریوں کی کہانی جیسی شادی منعقد کرنا چاہتی تھی جن کی خوبصورت تصاویر زندگی بھر کے لیے یادگار رہتیں، لیکن اب وہ ایسا کر بھی لیتی تو اس سب کو دیکھ نہیں سکتی تھی۔

    فوٹوگرافر جیمس بھی چاہتا تھا کہ اس کی بنائی ہوئی تصاویر خود دلہن ضرور دیکھے اور اس کے لیے وہ کچھ منفرد انداز اپنانا چاہتا تھا۔

    بالآخر ایک سال کی محنت کے بعد اس نے ایک منفرد فوٹو البم تشکیل دیا۔ اس نے تصاویر کو بریل (ابھرے ہوئے نقطوں) اور خوبصورت دھاگوں میں تبدیل کردیا۔

    اس کے ساتھ اس نے اس البم میں خوشبوؤں، موسیقی اور اس موقع کی آوازوں کا بھی اضافہ کیا جو دیکھنے والے کو واپس ان لمحات میں لے جاتا ہے۔

    اسٹیف کو یہ خوبصورت تحفہ بے حد پسند آیا، اس کا کہنا تھا کہ وہ ان تصاویر کو دیکھ نہیں سکتی لیکن انہیں چھوتے ہی وہ پھر سے ان لمحات میں واپس پہنچ جاتی ہے۔

  • نابینا ہونے کے باوجود ورلڈ ریکارڈ‌ بنانے کے لیے پرعزم ہسپانوی لڑکی

    نابینا ہونے کے باوجود ورلڈ ریکارڈ‌ بنانے کے لیے پرعزم ہسپانوی لڑکی

    میڈرڈ: بینائی سے محرومی کے باوجود ہسپانوی ایتھلیٹ نے ہمت نہیں‌ ہاری، ورلڈ‌ریکارڈ بنانے کا عزم کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق 21 سالہ کیرمین لوپیز سمندر کو دیکھنے سے تو قاصر ہے، مگر اس کی بلند و بالا لہروں سے مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے.

    کیرمین نے اپنے لیے سرفنگ کا مشکل میدان چنا ہے، وہ ایک انسٹرکٹر کی رہنمائی میں سرفنگ کرتی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس مشکل فن میں پختگی حاصل کرتی جارہی ہے.

    اس باہمت لڑکی نے کیلی فورنیا میں ہونے والے ورلڈ اڈپٹیو سرفنگ چیمپین شپ میں‌ حصہ لینے کا اراہ باندھ لیا ہے، کیرمین لوپیز اس مقابلے میں‌ حصہ لینے والی پہلی ہسپانوی نابینا ایتھلیٹ‌ ہوگی، جو ایک ریکارڈ ہے.

    کیرمین نے ایک اپنے ایک بیان میں‌ کہا کہ دیگر جگہوں کے برعکس یہ سمندر ہے، جہاں وہ خود کو آزاد اور پرسکون محسوس کرتی ہے، سرفنگ بورڈ اسے اعتماد دیتا ہے.

    مزید پڑھیں: نیویارک : نابینا مصورہ نے اپنے فن سے احساسات کو رنگوں کی زبان دے دی

    بچپن میں‌ ایک مرض کے باعث بینائی سے محروم ہونے والی کیرمین لوپیز کے مطابق وہ دیگر سرفرز ہی کے مانند ہے اور ان ہی کی طرز پر مقابلے میں اترے گی، اس نے کبھی اپنی معذوری کو رکاوٹ نہیں بننے دیا.

    کیرمین لوپیز کا 2024 کے پیرا اولمپکس میں‌ بھی حصہ لینے کا ارادہ ہے.

  • حکومت نے نابینا شہری کی فریاد سُن لی، علاج کرانے کا اعلان

    حکومت نے نابینا شہری کی فریاد سُن لی، علاج کرانے کا اعلان

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ڈیرہ غازی خان کے معذور شہری کے مکمل علاج و معالجے کی ذمہ داری اٹھانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر آنکھوں سے نابینا ایک نوجوان کا ویڈیو پیغام وائرل ہوا تھا جس میں اُس نے عمران خان سے علاج کی اپیل کی تھی۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی آنکھوں کا علاج کروانا چاہتا ہے مگر معاشی تنگدستی کے باعث وہ کچھ نہیں کرسکتا، اُس نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس ویڈیو کو اتنا شیئر کریں کہ آواز عمران خان تک پہنچ جائے۔

    وفاقی وزیراطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوجوان کی ویڈیو ٹویٹ کی اور ساتھ میں لکھا کہ انہوں نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سے رابطہ کیا، ڈاکٹرز نے مریض کا معائنہ کیا اور بتایا کہ نوجوان کی آنکھوں میں بچپن سے ہی مسئلہ ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے آگاہ کیا کہ ڈاکٹرز پر امید ہیں کہ سیدھی آنکھ کا ٹرانسپلانٹ کر کے انفکیشن کو ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ الٹی آنکھ کے ٹھیک ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

  • نابینا لڑکی ٹی وی پر پروگرام کرنے لگی

    نابینا لڑکی ٹی وی پر پروگرام کرنے لگی

    قاہرہ: مصر  کے نجی چینل نے پہلی بار بینائی سے محروم خاتون کو پروگرام کی میزبانی دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مصری چینل نے اپنے پروگرام ’السفیرہ عزیزہ‘ کی میزبانی رضوی محمد نامی نابینا خاتون کو دی اور سب کو معذور افراد کی مدد کرنے کا پیغام دیا۔

    خواتین کے حقوق اور تحفظ کے لیے بنائے جانے والی مصری سرکاری کونسل نے چینل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ اقدام معاشرے میں معذوری کا شکار خواتین کے لیے نئے راستے کھولے گا اور اس سے اُن کو اپنی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا موقع بھی ملے گا‘۔

    عرب میڈیا کے مطابق رضوی محمد پیدائش کے وقت معذور نہیں‌ تھیں البتہ ڈاکٹر کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث وہ بینائی سے محروم ہوگئیں۔

    والدین کا کہنا تھا کہ ’رضوی کو پیدائش کے وقت سانس کا مسئلہ پیش آیا تو ڈاکٹر نے اُسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا،  آکسیجن باکس میں گیس کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے بچی کی بینائی متاثر ہوئی اور اُسے ہمیشہ کے لیے نظر آنا بند ہوگیا‘۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف کا لاہور کی باہمت بیٹی فجر کو نوکری اور مزید تعلیم کا موقع دینے کا اعلان

    رضوی محمد نے معذوروں کے مقامی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی بعد ازاں انہوں نے اعلیٰ ثانوی بورڈ کے امتحان میں 98 فیصد نمبر حاصل کر کے اول پوزیشن حاصل کی۔

    مذکورہ خاتون نے گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ریڈیو  پروگرام میں بطور ہوسٹ اپنے فرائض انجام دیے، مختصر وقت میں یہ پروگرام شہرت حاصل کرگیا جس کے بعد رضوی کو ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے پروگرام کی میزبانی دینے کا فیصلہ کیا۔

    العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے رضوی کا کہنا تھا کہ ’بینائی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات آئیں مگر اہل خانہ نے تعلیمی میدان سے لے کر ہر جگہ نہ صرف ساتھ دیا بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’والدہ اس بات پر زور دیا کرتی تھیں کہ تمھاری آواز میں ایک نکھار ہے اسے ریکارڈ کرتی رہو ایک دن ضرور کامیاب ہوگی‘۔

  • نابینا افراد کو دیکھنے میں مدد دینے والی ایپ تیار

    نابینا افراد کو دیکھنے میں مدد دینے والی ایپ تیار

    جدید ٹیکنالوجی روزانہ نہ صرف عام انسانوں کے لیے مختلف سہولیات متعارف کروا رہی ہے بلکہ یہ مختلف معذوریوں کا شکار افراد کے لیے بھی زندگی کو آسان بنا رہی ہے۔

    حال ہی میں ماہرین نے ایسی ایپ تیار کرلی ہے جو نابینا افراد کی آنکھیں اور ان کے کان بن سکتی ہے۔

    آئی پولی نامی یہ ایپ نابینا، جزوی طور پر نابینا یا رنگوں میں تمیز نہ کر سکنے والے کلر بلائنڈ افراد کو مختلف چیزوں سے روشناس کروا سکتی ہے۔

    اسمارٹ فون کے لیے بنائی گئی یہ ایپ مصنوعی ذہانت کے ذریعہ مختلف اشیا کا نام باآواز بلند موبائل کے مالک کو بتائے گی۔ یہ ہزاروں لاکھوں اشیا اور رنگوں کو پہچان سکتی ہے۔

    aipoly-2

    aipoly-3

    اس ایپ میں 7 زبانوں میں ڈیٹا ڈالا گیا ہے جس کے بعد یہ مختلف اشیا کو 7 زبانوں میں شناخت کروا سکتی ہے۔

    جب اس ایپ کو آن کر کے کسی شے کے سامنے رکھا جائے گا تو یہ سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں اس شے کا نام، رنگ اور سمت سے آگاہ کرے گی۔

    اسے بنانے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس میں مزید جدت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مستقبل میں یہ ایپ صرف اشیا ہی نہیں بلکہ سامنے وقوع پذیر ہونے والے پورے منظر کی تصویر کشی کرسکے گی۔

  • نابینا افراد کے لیے ٹیبلیٹ کمپیوٹر تیار

    نابینا افراد کے لیے ٹیبلیٹ کمپیوٹر تیار

    واشنگٹن: امریکی کمپنی نے نابینا افراد کے لیے ٹیبلیٹ تیار کرلیا۔ یہ ٹیبلیٹ بریل کی طرز پر بنایا گیا یعنی اس کے بورڈ پر حروف ابھاروں کی صورت میں موجود ہیں۔

    نابینا افراد کے لیے خاص طور پر تیار کیا جانے والا یہ ٹیبلیٹ بریل سسٹم کے تحت کام کرتا ہے۔

    یہ ٹیبلٹ ایک مخصوص نظام کے ذریعے اپنی اسکرین پر موجود عام تحریر کو بریل کوڈ میں تبدیل کردیتا ہے جو اسکرین سے منسلک بریل بورڈ پر ابھاروں کی شکل میں نمودار ہوجاتی ہے اور نابینا افراد ہاتھ سے چھو کر اسے پڑھ سکتے ہیں۔

    tab-1

    اسی کی بورڈ کواستعمال کرتے ہوئے نابینا صارفین لکھ بھی سکتے ہیں۔

    بریل ٹیبلیٹ کے خالق کا کہنا ہے کہ آج کل جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے جس سے ہر شخص مستفید ہورہا ہے۔ ’پھر نابینا افراد کیوں اس سے محروم رہیں‘۔

    ان ٹیبلیٹس کی قیمت فی الحال 4 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بہت جلد اس کی قیمت کم کردیں گے۔