Tag: ناتھن پورٹر

  • پاکستان کے ساتھ پروگرام :  سربراہ  آئی ایم ایف مشن کا اہم بیان آگیا

    پاکستان کے ساتھ پروگرام : سربراہ آئی ایم ایف مشن کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر کا کہنا ہے آئی ایم ایف فنانسنگ پروگرام کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بورڈ اجلاس کیلئے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ناتھن پورٹر نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف مشن پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے اور فنانسنگ پروگرام کی میعاد ختم ہونے سے پہلے میٹنگ کی راہ ہموارکر رہے ہیں۔

    ناتھن پورٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے بات چیت میں مالی سال 2024 کے بجٹ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

    آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نے بتایا کہ میٹنگ غیر ملکی زرمبادلہ کی مارکیٹس کی بحالی اورآئی ایم ایف معاہدے کے مطابق مالی سال دو ہزار تیئیس چوبیس کے بجٹ کی منظوری اور بیرونی فنانسنگ کے انتظام کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کی میعاد جون کے آخر میں ختم ہو رہی ہے، آئی ایم ایف قرض پروگرام کے اہداف پر پاکستانی حکام سے بات چیت ہوگی جبکہ پاکستان کیلئے مناسب فنانسنگ کے انتظامات بھی بات چیت کاحصہ ہوں گے۔

    خیال رہے آئی ایم ایف کےنویں جائزے پرعملے کی سطح کامعاہدہ نومبرسےتاخیر کا شکار ہے ، پاکستان میں عملے کی سطح کے آخری مشن کو 100 سے زائد دن گزر چکے ہیں، جو کہ 2008 کے بعد اس طرح کی سب سے طویل تاخیر ہے۔

  • گزشتہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبسڈی دی: آئی ایم ایف مشن چیف

    گزشتہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبسڈی دی: آئی ایم ایف مشن چیف

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سبسڈی دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آئی ایم ایف مشن کے ساتھ 7 ویں جائزہ مذاکرات مفتاح اسماعیل کی قیادت میں دوحہ میں ہوئے، سات روزہ مذاکرات کا اختتام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بغیر اگلی قسط جاری کرنے سے انکار پر ہوا۔

    جائزہ مذاکرات میں مالی سال 2022 کی مالیاتی صورت حال اور نئے مالی سال 2023 کے لیے تجویز کردہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    آئی ایم ایف نے ایندھن اور بجلی پر سبسڈی واپس لینے پر زور دیا، اور مالیاتی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا، آئی ایم ایف نے کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارے میں اصلاحات کی نشان دہی بھی کی۔

    آئی ایم ایف کا پیٹرول مہنگا کیے بغیر قرض دینے سے انکار

    آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا کہ سبسڈی گزشتہ حکومت کی جانب سے دی گئی تھی، یہ سبسڈی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دی گئی، اس لیے ایندھن اور بجلی پر سبسڈی واپس لی جائے۔

    واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ن لیگی حکومت پروگرام لینے میں ناکام رہی ہے، آئی ایم ایف نے قسط بجلی، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے سے مشروط کر دی ہے، جس پر ن لیگ تذبذب کا شکار ہو گئی ہے۔

    تاہم، آئی ایم ایف اور پاکستان نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جب کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکج کو پرانا قرار دیتے ہوئے نئے پروگرام کے اجرا کی ضرورت پر زور دیا۔