Tag: نادرا

  • خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والے ملازم معراج الدین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، معراج پہلے ہی ہراسگی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع نادرا میگا سینٹر کے ملازم معراج الدین کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادرا نے مذکورہ ملازم کو برطرف کردیا ہے۔

    ڈی جی نادرا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے ملازمتی لیٹر کے مطابق معراج الدین ڈیلی ویجز پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، ملازم خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

    ڈی جی کے مطابق معراج الدین کو نادرا کے کلاز نمبر 4 کے تحت برطرف کیا گیا ہے اور اسے ایچ آر برانچ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    معراج کو گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مار کر ہراسگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری ملازم خواتین کے نمبرز نکلوا کر ان سے رابطے کرتا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بھیجتا تھا، نادرا ملازم کے خلاف ایک شہری نے تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس کے مطابق اس کے پاس کئی نمبرز تھے جن سے وہ خواتین کو ناشائستہ میسج بھیج کر ہراساں کیا کرتا، ملزم کے خلاف تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم معراج کی گرفتاری ڈرامائی انداز میں عمل میں آئی، ملزم کو متاثرہ خاتون کے شوہر نے ملنے کے لیے بلا کر اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، متاثرہ خاندان نے واٹس ایپ پر بھیجا گیا غیراخلاقی مواد بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

  • 80 سالہ خاتون سے والدین کے شناختی کارڈ طلب، خاتون کی عدالت میں دہائی

    80 سالہ خاتون سے والدین کے شناختی کارڈ طلب، خاتون کی عدالت میں دہائی

    کراچی: ڈیٹا بیس اتھارٹی نادرا نے 80 سالہ خاتون کو اپنے والدین کے شناختی کارڈ فراہم نہ کرسکنے پر ان کا کارڈ بلاک کردیا، متاثرہ خاتون دہائی دیتی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے خلاف 80 سالہ خاتون سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ نادرا نے ان کا شناختی کارڈ بلاک کردیا ہے جس سے وہ سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میرے شوہر ریلوے کے ملازم تھے، ان کی پنشن بھی لیتی تھی، تاہم نادرا نے سنہ 2012 میں کارڈ بلاک کردیا اور تاحال بحال نہیں کیا گیا۔

    ان کے مطابق کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے پنشن بھی بند کردی گئی، میری زندگی کے آخری دن ہیں اور نادرا نے تکلیفوں میں اضافہ کردیا ہے۔ مذکورہ خاتون کے مطابق وہ ہیپاٹائٹس کا شکار بھی ہیں۔

    عدالت نے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کرلیا، جسٹس محمد علی مظہر نے نادرا کے وکیل سے استفسار کیا کہ خاتون کا کارڈ کیوں بلاک کیا گیا ہے۔

    وکیل نے بتایا کہ کاغذات مکمل نہ ہونے اور ان کے والد و والدہ کا شناختی کارڈ نہ ہونے پر کارڈ بلاک کردیا گیا۔

    جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ خاتون کے بیٹوں کا کارڈ کیسے بنا دیا گیا؟ بیٹوں کا کارڈ بن گیا لیکن ماں کا کارڈ بلاک کردیا، 80 سال کی خاتون اپنے والد و الدہ کا شناختی کارڈ اب کہاں سے لائے۔

    عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا ٹیم متحرک

    دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا ٹیم متحرک

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادرا کی ٹیم سول اسپتال کراچی پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ایس ای پر آج صبح جدید اسلحے کے ساتھ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کے لیے نادراکی ٹیم اسپتال پہنچ گئی، نادرا کی ٹیم دہشت گردوں کے فنگر پرنٹ لے کر اسلام آباد ہیڈ آفس بھیجے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نادرا اسلام آباد فنگر پرنٹس سے دہشت گردوں کی شناخت کرے گا۔

    حملہ آوروں کی گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ جعلی نکلی

    ادھر ذرایع نے دہشت گردوں کے بارے میں بتایا ہے کہ ان کے زیر استعمال جو گاڑی تھی اس کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹ اور انجن نمبر الگ الگ ہیں، گاڑی کو انجن نمبر سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔

    ذرایع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

    اسٹاک ایکسچینج کی سیکورٹی سخت یا کمزور؟

    واضح رہے کہ آج صبح 10 بج کر 5 منٹ پر کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 4 دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں اسلحے کے ساتھ حملہ کیا، مرکزی گیٹ پر بم پھینکنے کے بعد انھوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم عمارت میں تعینات سیکورٹی گارڈز اور پولیس اہل کاروں نے انھیں روکتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، چاروں حملہ آور ہلاک، سب انسپکٹر سمیت 6 شہید

    واقعے میں سب انسپکٹر شاہد اور 4 سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد شہید ہو گئے جب کہ 3 اہل کار زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔

  • نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری

    نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری

    کراچی: صوبہ سندھ میں نادرا دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کردیے گئے، نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کے نادرا دفاتر کے سوموار سے نئے اوقات جاری کر دیے گئے، نادرا ہیڈ کوارٹرز اور ریجنل ہیڈ آفسز پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    جمعے کو نادرا کے دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے، میگا سینٹر سمیت دیگر نادرا سینٹرز کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔

    نائیکوپ اور پی او سی (پاکستان اوریجن کارڈ) کے حامل شہری قطاروں سے بچنے کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا استعمال کر سکتے ہیں۔

    نادرا سینٹرز آنے والے سائلین کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے، شہریوں کو سماجی دوری کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر عمل کرنا لازم ہوگا، سائلین اور تصدیق کنندہ کو بھی چہرے کا ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

    نادرا ملازمین کو دوران ڈیوٹی ماسک اور دستانوں کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سینٹرز میں رجسٹریشن کے ہر عمل کے بعد انگلیوں کے نشانات لینے والی مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جا رہا ہے۔

    نادرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ستمبر 2019 سے 30 جون 2020 تک کے زائد المعیاد شناختی کارڈز کی مدت رواں سال یکم جولائی تک بڑھائی جا چکی ہے۔

  • نادرا سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    نادرا سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    کراچی: ڈائریکٹر جنرل نادرا نے تمام برانچز کو ہدایت جاری کی ہے کہ سائلین کے وہ مسائل جو برانچز آئے بغیر حل ہو سکتے ہیں، انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی جی نادرا میر عجم درانی نے شہر کی تمام نادرا برانچز کے کور اسٹاف سے ای کانفرنس کے ذریعے رابطہ کر کے اہم ہدایات جاری کیں۔

    نادرا ای کانفرنس میں صارفین کے مسائل آن لائن حل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، ای کانفرنس میں تمام برانچوں کے ہیڈز، زونل ہیڈز، ریجنل ہیڈ کراچی کے علاوہ دیگر افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

    نادرا نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرادی

    ڈی جی نادرا نے لاک ڈاؤن کی صورت حال کے تناظر میں افسران کو مختلف نوعیت کے ٹاسک دیے، انھوں نے ہدایت کی کہ سائلین کے وہ مسائل جو بغیر برانچز آئے حل ہو سکتے ہیں انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

    خیال رہے کہ کرونا کی وبا سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے موبائل مین پیک سروس کی نئی سہولت متعارف کرا دی تھی جس کی تحت شدید بیمار، انتہائی عمر رسیدہ اور خصوصی افراد گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔

  • شناختی کارڈز کی مدت بڑھا دی گئی

    شناختی کارڈز کی مدت بڑھا دی گئی

    کراچی:‌ نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے یکم ستمبر 2019 سے30جون 2020 کو ختم ہونے والے شناختی کارڈز کی مدت بڑھادی۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا نے کورونا وائرس کے خطرات کے باعث عوام کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے، 30 جون تک ختم ہونے والے شناختی کارڈز کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔

    نادرا سندھ کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر 2019 سے30جون 2020 کو ختم ہونے والے شناختی کارڈز کی مدت یکم جولائی تک کردی گئی ہے۔

    نادرا سندھ کا کہنا ہے کہ درخواست گزار شناختی کارڈ میں ترمیم کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا 15 دن کیلئے ریسٹورنٹ اور شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ

    کورونا وائرس کے باعث نادرا ملازمین کو بائیومیٹرک حاضری لگانےسے روک دیا گیا ہے اور انہیں مینول طریقے سے حاضری لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ نادرا بلوچستان نے ہیڈآفس دو ہفتوں کے لیے بند کر دیا ہے، پابندی کی مدت میں اضافہ کو کورونا وائرس سے ہونے والی پیش رفت کے حساب سے کیا جائے گا۔

  • ’نادرا کسی کی شہریت ختم نہیں کرسکتا‘

    ’نادرا کسی کی شہریت ختم نہیں کرسکتا‘

    اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے نادرا کی جانب سےلوگوں کی شہریت ختم کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کی شہریت ختم کرنا نادرا کااختیارنہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خاتون شہری کاشناختی کارڈ بلاک ہونے کے خلاف درخواست پرسماعت کے دوران عدالتی نوٹس پرڈی جی آپریشن نادرا پیش ہوئے.

    جسٹس اطہرمن اللہ نے شہریوں کا شناختی کارڈ بلاک کرنے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ نادراکبھی کسی کی شہریت ختم کردیتاہےکبھی شناختی کارڈبلاک کردیتا ہے، نادرا آخرکرکیا رہا ہے؟

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا حکم معطل کردیا

    جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ باربارنادراکوسمجھاچکے ہیں ایک ایگزیکٹواتھارٹی ہیں، نادراکسی شہری کے ساتھ ذاتی انا کیسےرکھ سکتاہے؟

    ڈی جی نادرا نے جواب دیا کہ درخواست گزارکی تاریخ پیدائش1993کی ہے اور والد نےرابطہ کرکے کہا خاتون میری بیٹی نہیں۔

    جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ نادراکےپاس کیااختیارہےکسی کی شناحت تبدیل کردے؟ چیف جسٹس نے نادرا کے وکیل کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ سوچ سمجھ کربیان دیجئےگاسنگین نتائج ہوں گے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ نادرا کو زندگیوں سےکھیلنےکی اجازت نہیں دی جاسکتی، سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں، کیاآپ نےنیاآرڈیننس پڑھاہے؟ کسی کی شہریت ختم کرنا نادراکااختیارنہیں، شہریت ختم کرناصرف وفاقی حکومت کااختیارہے، شکایت کنندہ سےزیادہ نادراخوددلچسپی نہیں لےسکتا۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔

  • نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی

    نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی

    اسلام آباد : ترجمان نادرا نے کہا نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرالی، حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے، ترجمان نادرا نے کہا حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا، ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا دیہی علاقوں میں ساڑھے 7 ہزار رجسٹریشن کرائی گئیں، 15 جولائی سےاب تک 43 ہزار افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے 15 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ شعبہ پیچھے رہ گیا ہے، غریب طبقہ کم آمدنی کی وجہ سے گھر نہیں بنا سکا، پاکستان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں، کابینہ ہاؤسنگ سے متعلق کل نئے ضوابط منظور کرے گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کے لیے 10 ہزار گھروں کی قرعہ اندازی کریں گے، ان کو ڈیڑھ سال میں گھر بنا کر دیے جائیں گے۔ پہلی بار ایسا ہوگا کہ نچلے طبقے کے لیے لوگ گھر بنانے کے لیے آ رہے ہیں، ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں آتی تھیں، گھروں کی تعمیر سے 40 انڈسٹریز کا پہیا چلنا شروع ہو جائے گا، لوگ رجسٹریشن کرائیں، ڈیٹا سے پتا چلے گا کتنے لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں۔

    خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

    گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، جہلم، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں رجسٹریشن کا جلد آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: بائیو میٹرک نشانات مٹ جانے والے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط ختم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ شہری کی شکایت پر وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا اور ان کی ہدایت پر نشانات مٹ جانے والوں کے لیے بائیو میٹرک کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بزرگ افراد کے لیے شناختی کارڈز، موبائل سم اور بینک اکاؤنٹ کے لیے بائیو میٹرک شرط لاگو نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم آفس نے نادرا کو 30 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعظم آفس، وزارت داخلہ اور نادرا کے مابین ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے نادرا کو متاثرہ شہریوں کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا ٹاسک دیا ہے۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ ایسے افراد بڑی تعداد میں ہیں جن کے انگوٹھے کے نشانات مٹ چکے ہیں، ایسے افراد کی داد رسی کی جارہی ہے۔

  • وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے چیئرمین نادرا کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی، چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چیئرمین نادرا عثمان مبین کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چیئرمین نادرا نے ای ویزا کے اجرا پر وزیر خارجہ کو بریفنگ دی۔

    بریفنگ میں چیئرمین نادرا نے بتایا کہ ای ویزا کی سہولت مکمل طور پر تمام مشنز میں آپریشنل ہو چکی ہیں۔ ای ویزا کے آغاز سے اب تک ہمیں 19 سو 46 درخواستیں ملی ہیں۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ 11 سو 52 درخواست کنندگان کو ویزے جاری کیے گئے ہیں، 560 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے 95 مسترد کی گئیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ای ویزا کا کامیاب اجرا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کے لیے ای ویزا سہولت متعارف کروائی۔

    وزیر خارجہ نے چیئرمین نادرا عثمان مبین اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں حکومت نے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 50 ممالک کے سیاحوں کو آن ارائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزے کے اجرا سے پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے خواہش مندوں کو بے جا پریشانی سے نجات ملے گی۔