Tag: نادرا

  • بنگالیوں کے لیے خصوصی کارڈ کو ایلین کا نام دیا گیا، چیئرمین نادرا کا انکشاف

    بنگالیوں کے لیے خصوصی کارڈ کو ایلین کا نام دیا گیا، چیئرمین نادرا کا انکشاف

    اسلام آباد: نادرا سے متعلق منگل کو قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 1970 کے بعد آنے والے بنگالیوں کے شناختی کارڈز کے معاملے پر بحث کی گئی۔

    چیئرمین نادرا نے انکشاف کیا کہ بنگالیوں کے لیے خصوصی کارڈ کو ایلین کا نام دیا گیا ہے، جس پر دل افسردہ ہوتا ہے، اراکین کا کہنا تھا کہ بنگالیوں کی تیسری نسل کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    چیئرمین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ پاکستان میں بسنے والے بنگالیوں کو نادرا نیشنلٹی نہیں دے سکتا، ہم صرف رجسٹریشن کرتے ہیں، بنگالیوں کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

    کمیٹی میں انکشاف ہوا کہ بلوچستان میں نادرا کا کوئی میگا سینٹر نہیں ہے، جس پر نادرا حکام نے جلد از جلد کوئٹہ مین میگا سینٹر شروع کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

    رکن کمیٹی عالمگیر خان نے ڈی جی نادرا سندھ کے رویے کے خلاف شدید احتجاج کیا، اور کہا کراچی میں بنگالی، افغان اور بہاری برادری کو شناختی کارڈز کے حوالے سے پریشانیوں کا سامنا ہے۔ اجلاس نے حلقوں میں ایم این ایز کی سطح پر کمیٹیوں کی سفارش پر بھی مشاورت کی، کمیٹی ارکان نے کہا ڈی سی صاحبان نادرا سے متعلق شکایات پر کوئی ایکشن نہیں لیتے۔

    رکن کمیٹی نے کہا پاکستان میں عرصۂ دراز سے مقیم افغانی باشندے بینک اکاؤنٹس تک نہیں کھول سکتے، بینک اکاونٹس نہ ہونے کی وجہ سے تاجر اپنا سرمایہ ترکی لے کر جا رہے ہیں۔

    چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا افغانی، بنگالیوں اور دیگر ایسے افراد کے لیے نادرا آرڈیننس میں ترمیم کے لیے مشاورت جاری ہے۔

    رکن اسمبلی نے کہا کہ احساس پروگرام کے لیے کیے جانے والے سروے میں مستحق افراد کی شمولیت نہیں کی گئی۔

    حکام نے بتایا کہ جون 2021 کے بعد نادرا کسی کا کارڈ بلاک نہیں کر رہا، چیئرمین نادرا کے مطابق نادرا میں پچھلے ادوار میں 8 ہزار ڈیلی ویجرز کی بھرتیاں ہوئیں، ان ڈیلی ویجرز کے لیے اسکریننگ ٹیسٹ کروا رہے ہیں، نادرا میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

  • شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ سامنے آ گیا

    شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ سامنے آ گیا

    کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کراچی اور اندرون سندھ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے آپریشن سائبر اسٹارم شروع کر دیا ہے، ادارے نے بڑے پیمانے پر غیر قانونی سمز کے دھندے کے خلاف کارروائیاں کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کی غیر قانونی سموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اندرون سندھ کچے کے علاقوں میں بھی بڑی کامیابی حاصل کر لی گئی ہے، 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں نادرا کے بھی 2 ملازمین شامل ہیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کے سربراہ عمران ریاض نے آج کراچی میں پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ جعلی سمز کی رجسٹریشن کرا کر کچے کے ڈاکوؤں کو فراہم کی جا رہی تھیں، اور اس میں وفاقی ادارے کے ملازمین بھی ملوث ہیں، جب کہ پنجاب کے کچے کے علاقے میں بھی ملزمان کے بین الصوبائی رابطے تھے۔

    ڈائریکٹر سائبر کرائم کے مطابق سکھر اور گھوٹکی میں ایف آئی اے کے چھاپوں میں 2 فرنچائز سیل کر دی گئی ہیں، اور 10 ہزار کے قریب انگوٹھوں کے نشان تحویل میں لیے گئے، انھوں نے بتایا کہ چائلڈ پورنوگرافی میں بھی یہی سمز استعمال کی جا رہی تھیں۔

    ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرنے کا نیا طریقہ بھی سامنے آ گیا ہے، عمران ریاض کا کہنا تھا کہ نادرا ملازمین فارمز کی اسکرین شارٹ لے کر بڑے پیمانے پر فرنچائز کو فراہم کرتے تھے، ادارہ کسی چیز میں ملوث نہیں لیکن نادرا کے کچھ ملازمین اس دھندے میں ملوث ہیں، اور نادرا سے ڈیٹا لیک ہوتا تھا۔

    انھوں نے کہا نادرا کے ذریعے انگوٹھوں کے نشان حاصل کر لیے جاتے تھے، اور ان لوگوں کو معلوم ہی نہیں ہو پاتا تھا، جعلی سمز کی رجسٹریشن کے بعد خواتین کی آواز میں کئی شہریوں کو اغوا کیا جاتا ہے۔ عمران ریاض نے بتایا کہ ایف آئی اے ایسے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے ایک بڑا آپریشن لانچ کرنے جا رہا ہے۔

  • نادرا نے 5 کروڑ 9 لاکھ بچوں کو رجسٹر کر لیا

    نادرا نے 5 کروڑ 9 لاکھ بچوں کو رجسٹر کر لیا

    ‏کراچی: نادرا نے 5 کروڑ سے زائد بچوں کو رجسٹر کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک کے 5 کروڑ 9 لاکھ 52 ہزار 898 بچوں کو رجسٹر کر لیا ہے۔

    ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ بچوں کو رجسٹر کرنے کے لیے نادرا نے 48 موبائل رجسٹریشن وین تعینات کی ہیں، اب تک 2 ہزار 524 یتیم بچوں کو بھی رجسٹر کیا جا چکا ہے۔

    نادرا ترجمان نے بتایا کہ 160 یتیم بچے جن کے والدین کا معلوم نہیں، ان کو بھی حال ہی میں رجسٹر کر لیا گیا ہے۔ نادرا قدم بہ قدم شمولیتی رجسٹریشن کی طرف بڑھ رہا ہے، اور یہ اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔

    واضح رہے کہ نادرانے ملک میں یتیم بچوں کی رجسٹریشن کے لیے ایک پروگرام شروع کیا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا گیا تھا جہاں موجود بچوں کی رجسٹریشن کی گئی اور 18 سال سے زائد عمر کے بچوں کو شناختی کارڈ جاری کیا گیا۔

    نادرا حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال یتیم خانوں میں رہائش پذیر تمام بچوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی جائے گی، یہ قدم یتیم بچوں یا ان لوگوں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے جن کے والدین علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔

  • کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن  کا حکم

    کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    کراچی: چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہر قائد میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے آج کراچی میں میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنز چورنگی، عوامی مرکز لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    چیئرمین نادرا نے شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

    انھوں نے نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لیے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کیے، اور کراچی میں عملے کی شکایت دور کرنے کے لیے ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کو 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھرتی کی ہدایت کی۔

    چیئرمین نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی، نیز کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    انھوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کیے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔

  • شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء

    شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء

    اسلام آباد : نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا، نئے نظام سےتصدیق کی جاسکتی ہے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا ، نئے نظام کی بدولت ہر پاکستانی تصدیق کر سکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔

    "آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ” کے مرکزی پیغام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا اور غیرقانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے غیرملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ ہفتے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس دوران چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈیجیٹل پاکستان کے مکمل روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک بنانے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس جیسی جدت آمیز ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور جعلی شناختی کارڈ کا سراغ لگایا جائے گا۔

    طارق ملک نے چیئرمین نادرا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں تصدیق و تجدید کے نظام کو تخلیق کیا اورعملدرآمد یقینی بنایا ، جس کی بدولت نادرا ڈیٹابیس میں موجود غیرملکیوں کی نشاندہی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔

    تصدیق و تجدید کے اس جدید ترین نظام کی بدولت تمام پاکستانی شہری اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکتے ہیں اور ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔

    نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 8009 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بمعہ تاریخ اجراء ایس ایم ایس کریں۔ جواب میں آپ کو اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات(فیملی ٹری) موصول ہوں گی۔ کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں 1 لکھ کر ایس ایم ایس کریں، نادرا کا نمائندہ اس متعلق آپ سے رابطہ کرے گا۔

    تمام معلومات درست ہوں تو 2 لکھ کر ایس ایم ایس کریں اور نادرا کو معلومات درست ہونے کی تصدیق کریں، تصدیق و تجدید سروس سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ ایس ایم ایس نادرا میں رجسٹرڈ اسی موبائل نمبر سے کیا جائے جو شناختی کارڈ یا "ب” فارم بنواتے وقت نادرا رجسٹریشن سینٹر پر فراہم کیا تھا۔

    اگر آپ کا موبائل نمبر نادرا میں رجسٹرڈ نہیں تو آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر موبائل نمبر کی رجسٹریشن یا تبدیلی کے لئے تشریف لائیں ، یہ سہولت تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر مفت فراہم کی گئی ہے۔

    ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والی خاندان کی تفصیلات میں اگر خاندان کے کسی فرد کی تفصیل موجود نہ ہو تو آپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر اس کا اندراج کرا سکتے ہیں۔

  • کورونا ویکسينيشن سرٹيفکيٹ کی تصديق ، عوام کیلئے اہم خبر

    کورونا ویکسينيشن سرٹيفکيٹ کی تصديق ، عوام کیلئے اہم خبر

    کراچی : نادرا نے کورونا ویکسينيشن سرٹيفکيٹ کی تصديق کے لیے موبائل ايپ کا اجرا کردیا ، جس کے بعد کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ایپ کے ذریعے  حاصل کیا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے کورونا ویکسينيشن سرٹيفکيٹ کی تصديق کے لیے موبائل ايپ تیار کرلی گئی ، نادرا حکام کا کہنا ہے کہ کویڈ ویکسینیشن پاس اب باآسانی لیا جاسکتا ہے، جس کے بعد اندرون اور بیرون ملک سفر کے لئے ویکسینیشن سرٹیفیکٹ اپنے موبائل ایپ سے حاصل کیا جاسکے گا۔

    حکام نے کہا نادار نے پاک کویڈ 19 ویکسینیشن پاس کا موبائل ایپ کا اجرا کردیا، اب ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کے لئے عوام کو کہیں جانا نہپیں پڑے گا ، صرف نادرا کی پاک کویڈ19 ویکسینیشن پاس ایپ میں اپنی شناختی دستاویز کا نمبر درج کرنا ہوگا۔

    ،نادرا حکام نے بتایا کہ جیسے ہی موبائل ایپ میں نادرا سے ملنے والے کویڈ ویکسینیشن نمبر درج کریں گے ، ایپ میں ویکسینین پاس کھل جائے گا اور جہاں بھی ضرورت ہو ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کی تصیدق حکام کو دیکھائی جاسکے گی۔

  • نادرا کا دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار

    نادرا کا دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار

    اسلام آباد : نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسینیشن  کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا دفاتر کو ویکسین کے عمل سے استثنیٰ دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ کے معاملے پر مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نادرا کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ ویکسین نہ لگوانیوالوں کوسہولتیں فراہم نہ کی جائیں۔

    نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئےویکسی نیشن شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا، ڈپٹی کمشنرز کے خط کے جواب میں کہا کہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے بھی نادرا کا شناختی کارڈ چاہئے، روازنہ 2لاکھ سے زائد شہری نادرا دفاتر میں آتے ہیں۔

    نادرا نے اپنے دفاتر کو کوڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    یاد رہے 9 جولائی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 18 سال سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لئے 31 اگست تک ویکسن لگوانا لازمی قرار دی جبکہ یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

  • نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    نادرا انچارچ عمر کوٹ نور محمد بھنبھرو گرفتار

    کراچی: فیڈرل انویسٹگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے عمر کوٹ کے نادرا انچارچ نور محمد بھنبھرو کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے ذریعے القاعدہ دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈ بنانے کے کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے عمر کوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے نادرا انچارچ کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق نور محمد پر کراچی میں تعیناتی کے دوران جعلی شناختی کارڈ بنانے کا الزام ہے، گرفتار نادرا انچارج عمر کوٹ کےگاؤں چھور کا رہائشی ہے، اس کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت کئی ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل ایف آئی اے نے انکشاف کیا تھا کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کہا کہ نادرا سے ٹی ٹی پی اور القاعدہ کے دہشت گردوں کو کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بھی بنایا گیا تھا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    کراچی: ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ نادرا سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے لیے شناختی کارڈز بنوائے گئے ہیں۔

    عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ نادرا سے القاعدہ کے دہشت گردوں کو بھی کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بنایا گیا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق نادرا سے متعدد دہشت گردوں کے شناختی کارڈ بنوائے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کرونا ویکسینیشن کے بعد نادرا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    کراچی: اگر آپ نے کرونا ویکسینیشن کروالی ہے، یعنی آپ کو دونوں ڈوز لگ چکے ہیں، تو آپ نہایت آسانی سے نادرا سے اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

    کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوئی بھی ویکسین لگوانے کے بعد نادرا کی جانب سے ایک سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے، اس کی اہمیت یوں ہے کہ اسے آپ کو مختلف جگہوں پر پیش کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کرونا ویکسینیشن کروانے والے افراد نادرا کا یہ سرٹیفکیٹ نہایت آسانی سے آن لائن حاصل کر سکتے ہیں، اس کے لیے آپ کو نادرا کے دفتر بھی جانا نہیں پڑتا۔

    اس کے لیے آپ کو امیونائزیشن کے لیے بنائی گئی نادرا کی خصوصی ویب سائٹ پر جانا پڑے گا، جہاں آپ سے قومی شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ کا اجرا اور موبائل نمبر مانگا جائے گا، جسے پُر کر کے آپ اپنا امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دیکھ سکیں گے۔

    سب سے پہلے آپ مندرجہ ذیل ویب سائٹ پر جائیں:

    https://nims.nadra.gov.pk/nims/registration

    یہاں فارم پر درکار معلومات درج کرنے کے بعد آپ کا سرٹیفکیٹ بن جائے گا، جسے نہ صرف آپ ویب سائٹ پر چیک کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں بلکہ اس کا پرنٹ آؤٹ بھی لے سکتے ہیں۔

    اس امیونائزیشن سرٹیفکیٹ میں آپ کی تاریخ پیدائش، قومی شناختی کارڈ نمبر اور قومیت لکھی ہوگی، اسی طرح آپ کو دونوں ڈوزز کس اسپتال یا ویکسینیشن سینٹر میں لگی ہیں، اس کی معلومات بھی درج ہوگی۔

    نیشنل امیونائزیشن منجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) اور نادرا کے اشتراک سے کرونا ویکسینیشن کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد اپنا ڈیٹا اوپر دیے گئے لنک سے چیک کر سکتے ہیں۔

    امیونائزیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے، جو افراد آن لائن فیس جمع نہیں کرا سکتے وہ نادرا دفاتر سے جا کر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔