Tag: نادر موقع

  • پاکستانی طلبہ کے لیے بیرون ملک مفت تعلیم حاصل کرنے کا نادر موقع

    پاکستانی طلبہ کے لیے بیرون ملک مفت تعلیم حاصل کرنے کا نادر موقع

    (13 اگست 2025): پاکستانی طلبہ کے لیے بیرون ملک پرکشش مراعات کے ساتھ مختلف مضامین میں فنڈڈ اسکالر شپ کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عمان نے پاکستانی طلبہ کے لیے مختلف مضامین میں مکمل فنڈڈ انڈر گریجویٹ اسکالر شپ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے عمانی اسکالر شپ پروگرام 2025-26 کے لیے خواہشمند طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

    اس اقدام کا مقصد پاکستان اور عمان کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبہ کو عالمی معیار کے تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

    اسکالر شپ کے خاص فوائد اور مراعات:

    * عمانی اسکالر شپ پروگرام کے تحت طلبہ عمان کی منتخب یونیورسٹیوں میں انجینئرنگ، ہیومینٹیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور سائنسز ( علاوہ میڈیسن) میں گریجویشن ڈگری حاصل کر سکتے ہیں۔

    * طلبہ کے لیے اسکالر شپ مکمل فنڈڈ ہے اور ٹیوشن فیس 100 فیصد معاف ہے۔

    * اسکالر شپ کے لیے عمان جانے والے طلبہ کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ طلبہ کو رہائش کے بغیر 200 عمانی ریال (لگ بھگ ایک لاکھ 45 ہزار پاکستانی روپے) یا رہائش کے ساتھ 140 عمانی ریال (تقریباً ایک لاکھ سےزائد پاکستانی روپے) ہر ماہ دیے جائیں گے۔

    * طلبہ کو ہر سال ایک راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹ بھی دیا جائے گا۔

    ایچ ای سی نے اسکالر شپ کے لیے اہل طلبہ سے درخواستیں طلب کی ہیں اور درخواست دینے کی آخری تاریخ 23 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔

    بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ دیے گئے آفیشل لنک https://tinyurl.com/studyinoman کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

  • خواتین کے لیے روزگار حاصل کرنے کا نادر موقع

    خواتین کے لیے روزگار حاصل کرنے کا نادر موقع

    (11 اگست 2025): خواتین کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر کے با عزت روزگار حاصل کریں۔

    خواتین کو یہ موقع فراہم کر رہا ہے بینظیر ہنرمند پروگرام جس میں خواتین کو مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی جس کا دورانیہ تین سے 6 ماہ ہوگا۔

    دوران تربیت ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس، ٹریننگ کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور متعلقہ شعبے میں روزگار کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

    اس پروگرام کے تحت صنعتی ضروریات اور عالمی معیار کے عین مطابق شعبہ جات جیسا کہ ہوٹل منیجمنٹ، آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل اسکلز، ہیلتھ کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اینڈ ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

    تاہم بینظیر ہنرمند پروگرام میں صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحقین یا ان کے خاندان کے افراد ہی اندراج کرا سکتے ہیں اور ایک خاندان سے ایک ہی فرد اس پروگرام کا حصہ بن سکتا ہے۔

    بینظیر ہنرمند پروگرام میں رجسٹریشن سے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی مالی امداد اور دیگر فوائد مستقل جاری رہیں گے۔