Tag: نادیہ جمیل

  • نادیہ جمیل کو اپنے والد کی وفات پر صبر کیسے آیا؟ سبق آموز قصہ سنادیا

    نادیہ جمیل کو اپنے والد کی وفات پر صبر کیسے آیا؟ سبق آموز قصہ سنادیا

    پاکستانی معروف سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنے والد کی وفات کے بعد ان کی جدائی کے غم سے نکلنے کا سبق آموز قصہ سنادیا۔

    سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے ایک منفرد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں اداکارہ نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے اپنی ایک دوست کی وجہ سے اپنے والد کی موت پر صبر کیا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس مئی میں والد کا انتقال ہوا، ان کے جانے کے بعد لگا کہ میری تو دنیا ہی ختم ہو گئی ہے اب میں کیسے زندہ رہو گی۔

    نادیہ جمیل مرحوم والد کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں

    نادیہ جمیل نے کہا کہ ابھی والد کے غم میں تھی کہ مجھے ایک سعودی میں رہنے والی دوست ملی جس نے مجھے بتایا کہ جب سعودی میں کوئی فوت ہوتا ہے تو وہ الحمدلِلّٰہ کہتے ہیں۔

    نادیہ جمیل نے بتایا کہ جب میری دوست نے یہ کہا تو میں اسے حیرت سے دیکھنے لگی کہ یہ کیا کہہ رہی ہے، میری دوست نے مزید بتایا کہ جب میرا  15 برس کا اکلوتا بیٹا فوت ہوا تو ایک پاکستانی خاتون نے مجھ سے سوال کیا کہ میرا جوان اکلوتا بیٹا فوت ہو گیا ہے، اب میں صبر کیسے کروں گی؟۔

    اداکارہ نے کہا کہ جس پر میری سعودی دوسرے کا کہنا تھا کہ ’’ میں نے اس کے ہاتھ سے سونے کا کڑا مانگا اس نے مجھے دے دیا اور کچھ دیر بعد اس نے واپس مانگا تو میں نے اپنے ہاتھ سے وہ کڑا نکال کر اسے واپس کر دیا، جس پر میں نے اسے کہا کہ یہ آپ کی چیز تھی آپ نے مانگی میں نے واپس دے دی میں یہ بھی تو کہہ سکتی تھی کہ مجھے یہ پسند آ گیا ہے اسے واپس مت لو یا کچھ دیر بعد واپس لے لینا لیکن نہیں آپ نے مانگا میں نے دے دیا‘‘

    نادیہ جمیل نے اپنی دوست کا قصہ سناتے ہوئے مزید کہا کہ میری دوست نے یہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ بالکل اسی طرح اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے اپنی چیز دی تھی، جب اس نے واپس مانگی تو میں نے یہ کہتے ہوئے اسے واپس کر دی کہ اس نے مجھ پر 15 برس تک اعتبار کر کے مجھے اپنی چیز دی، اب میں قرضہ واپس کرتے ہوئے شکریہ ادا کروں گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ میری دوست نے مجھے سمجھایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تمہیں والد کا ساتھ 50 سال تک دیا، اس دوران ان کی یادیں آپ کے پاس ہیں، ان کا سکھایا ہوا سبق تمہارے ساتھ ہے، دنیا میں ایسے بھی بچے ہیں جنہیں 5 منٹ کے لیے اپنے والد کا ساتھ نہیں ملتا تو اس 50 برس پر تمھیں شکر گزار ہونا چاہیے۔

    اداکارہ نادیہ جمیل مزید کہا کہ دوست کی بات سن کر میرا نظریہ ہی بدل گیا، اب مجھے والد کی موت کا غم ہی نہیں رہا، میرے لب پر صرف ایک چیز ’الحمدلِلّٰہ‘ ہی تھی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

    واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ جمیل کے والد 3 مئی 2023 کو انتقال کر گئے تھے۔

  • نادیہ جمیل مرحوم والد کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں

    نادیہ جمیل مرحوم والد کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں

    شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نادیہ جمیل مرحوم والد جلیل جمیل کو یاد کرکے آبدیدہ ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے شرکت کی اور مرحوم والد جلیل احمد کی بیماری سے متعلق بتایا۔

    نادیہ جمیل نے بتایا کہ والد کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوگیا تھا، فجر کے وقت ابو کا انتقال ہوا، انہوں نے رات کے وقت میرے ہاتھ سے کھچڑی کھائی وہ بالکل ٹھیک ہورہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ والد کے پھیپھڑے بھی ٹھیک ہورہے تھے بس دل تھوڑا کمزور تھا، رات کو کھانے کے بعد مجھے کہا کہ قلم لاؤ جب میں نے اپنی ڈائری اور قلم دیا پھر انہوں نے اس میں کچھ لکھا تو میں نے پوچھا ابو یہ کیا لکھا ہے۔‘

    نادیہ جمیل نے کہا کہ ’والد کہنے لگے بس یہ میری قبر پر لکھوا دینا میں جار ہا ہوں، انہوں نے ڈائری میں ’الم نشرح‘ کی آیت اور غالب کا ایک شعر لکھا تھا۔‘

    اداکارہ نے بتایا کہ میں نے والد سے کہا کہ یہ شعر تو نہیں لکھواؤں گی مجھے یہ پڑھ کر رونا آجاتا ہے۔‘

    نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ والد مسکرانے لگے اور کہنے لگے کہ اچھا تمہیں وہ شعر پتا ہے جو مجھے پسند ہے پھر میں نے کہا کہ تاج محل بنا کر کلیات چھپوا لیتی ہوں تو ہنسنے لگ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے والد سے پوچھا آپ کو ڈر لگ رہا ہے، کہنے لگے ڈر کیس چیز کا؟ میں نے کہا آخرت یا قبر کا۔‘ کہنے لگے اللہ ہر جگہ موجود ہے اور میں تو سیدھا اللہ کے پاس جارہا ہوں۔‘

    نادیہ جمیل نے کہا کہ ’جب والد سو گئے تو میں نے ہاتھ اور بازو پر پیار کیا پھر وہ فجر میں اٹھے نماز پڑھی اور دوبارہ سوئے تو پھر نہیں اٹھے۔‘

    واضح رہے کہ نادیہ جمیل کے والد جلیل جمیل رواں ماہ 4 مئی کو رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے تھے جس کی اطلاع اداکارہ نے انسٹاگرام پر دی تھی۔

  • اداکارہ نادیہ جمیل نے کینسر کو شکست دے دی؟

    اداکارہ نادیہ جمیل نے کینسر کو شکست دے دی؟

    لندن: کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہونے والی نامور پاکستانی اداکارہ جمیل نے اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو بڑی خوش خبری سنادی۔

    دو روز قبل نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ ان  کا بریسٹ کینسر کا علاج مکمل ہوگیا ہے۔ اس ٹویٹ میں انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے پر مداحوں کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔

    اداکارہ نے لکھا کہ ’کینسر سے لڑنا میرے لیے ایک ناقابلِ فراموش جدوجہد تھی، موذی مرض کے علاج کے لیے ہونے والی کیمو تھراپی ایک جنگ کی طرح ہے، میں اس جنگ میں بے خوف اور مضبوط رہی اور اللہ تعالیٰ کی محبت اور شفقت میں گھری رہی‘۔

    مزید پڑھیں: ’ کینسر میری زندگی کا اختتام نہیں‘

    نادیہ جمیل نے لکھا کہ ’میں نے ہر چیز سے سیکھنے کی کوشش کی، بیماری اور درد دراصل صحت یابی اور صبر کا سفر ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اب میں بہتر ہوں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ ’کیموتھراپی کی وجہ سے میری شوگر 600 سے زیادہ ہوگئی تھی، میں تقریباً کوما میں چلی گئی تھی مگر اب  پہلے سے بہت بہتر ہوں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: کینسر میں‌ مبتلا اداکارہ نادیہ جمیل کا بچوں کے نام جذباتی خط

    اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اب ذیابیطس کی بیماری کا شکار ہوگئی ہوں اور مجھے مستقبل میں انسولین کی ضرورت پیش آئے گی‘۔

    نادیہ جمیل نے لکھا کہ مجھے اب شدید کمزوری اور گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے، لیکن مداحوں کے پیار بھرے اور حوصلہ افزا پیغامات میری ہمت باندھتے ہیں اور احساس دلاتے ہیں کہ اچھا وقت زیادہ دور نہیں ہے۔

    اداکارہ نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ ’میرے لیے سب دعا کریں کہ میں کچھ کھالوں، کیمو تھراپی کے بعد سے کچھ بھی کھانے کی ہمت نہیں، ایک ہفتے کے دوران صرف ایک سیب اور آدھی ڈبل روٹی کھائی ہے‘۔

  • ’’ کینسر میری زندگی کا اختتام نہیں‘‘

    ’’ کینسر میری زندگی کا اختتام نہیں‘‘

    کراچی: کینسر کے موذی مرض میں مبتلا  پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے جذباتی پیغام جاری کردیا۔

    سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے جذباتی اور معنی خیز پیغام میں اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم سب کی ہی زندگیاں اختتام پذیر ہوں گی لیکن مجھے یقین ہے کہ کینسر میری زندگی کا اختتام نہیں ہے‘۔

    انہوں نے لکھا کہ ’یہ ایک طے شدہ حقیقیت ہے کہ ہم ایک ترتیب سے اپنی زندگی گزارتے ہوئے اختتامی سفر کی جانب گامزن ہیں، ہماری زندگیوں کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ہماری زندگی میں آنے والی پریشانیاں اور رکاوٹیں یاد دہانی کرواتی ہیں کہ زندگی ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ اس کا سلسلہ جاری ہے‘۔

    مزید پڑھیں: کینسر میں‌ مبتلا اداکارہ نادیہ جمیل کا بچوں کے نام جذباتی خط

    انہوں نے لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی کے ممکنہ خدشات سے لڑنے کے لیے صبر سے کام لینے کی کوشش کی اور میں اس میں کامیاب بھی ہوں گی‘۔

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں نادیہ جمیل کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد سے وہ موذی مرض کا علاج کروا رہی ہیں۔

    اداکارہ نے کینسر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’میرا پہلا اسٹیج ہے اور ٹیومر کا تیسرا گریڈ ہے، خواتین کو باقاعدگی سے خود اپنا معائنہ کروانا ضروری ہے، اگر وہ اندورنی طور پر کوئی غیر معمولی کیفیت محسوس کریں تو فوراً طبیب سے مشورہ لیں‘۔

  • معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے فلم ’ویر زارا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

    معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے فلم ’ویر زارا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

    کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے مشہور بھارتی فلم ویر زارا میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل کو آنجہانی یش چوپڑا نے فلم ویر زارا رانی مکھرجی کا وکیل کا کردار ادا کرنے کی آفر کی تھی جسے کرنے سے نادیہ جمیل نے انکار کردیاتھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل نادیہ جمیل نے ثمینہ پیرزادہ کے شو میں شرکت کی اور کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر پر بچوں کو ترجیح دیتے ہوئے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    اداکارہ نے کہا کہ جس وقت مجھے ویر زارا فلم کی آفر ہوئی اس وقت میرے بیٹے کی عمر دو ماہ تھی، اس کا خیال میری والدہ رکھتی تھیں لیکن جلد مجھے احساس ہوا کہ ایک مرتبہ میں نے فلم کے لیے ہامی بھرلی تو پھر مجھے اس کی عادت ہوجائے گی اورمیں اسے چھوڑ نہیں پاؤں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ یا تو میں ایک اچھی ماں بن جاؤں یا پھر اداکارہ تاہم میں نے ماں کا انتخاب کیا اور فلم کی آفر ٹھکرادی۔

    نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کاسٹ میں پہلے شاہ رخ خان اور ان کے مقابل ایشوریا رائے اور مجھے کاسٹ کیا جانا تھا بعد میں کاسٹ تبدیل کی گئی اور شاہ رخ کی ہیروئن پریتی زنٹا اور ان کی وکیل کا کردار رانی مکھرجی نے ادا کیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار دانش تیمور نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں فلم ویرے دی ویڈنگ میں کرینہ کپور کے مقابل کرنے کی آفر ہوئی تھی۔

    دانش نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے ہی والی تھی کہ پتا چلا کہ کرینہ کپور حاملہ ہیں اور پھر یہ فیصلہ ہوا کہ بچے کی پیدائش کے بعد فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔

    دانش تیمور نے کہا کہ کرینہ کے بیٹے کی پیدائش 2016 میں ہوگئی تھی لیکن اس وقت پاکستان اور بھارت کے حالات کشیدہ ہوگئے تھے جس کے سبب میں فلم نہ کرسکا۔