Tag: نارا کینال

  • نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    نارا کینال مگرمچھ کا خاتون پر حملہ، وائلڈ لائف کا کہنا ہے مارش کروکوڈائل جارحانہ برتاؤ نہیں کرتا

    سکھر (10 اگست 2025): نارا کینال صالح پٹ کی حدود میں خاتون پر مگرمچھ کے حملے کے واقعے کے بعد وائلڈ لائف ڈویژن کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔

    سندھ وائلڈ لائف نے بتایا کہ صالح پٹ میں مگرمچھ کے حملے میں متاثرہ خاندان سے بات کرنے جب ٹیم سکھر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ گئی تو معلوم ہوا کہ فیملی اسپتال عملے کو اطلاع دیے بغیر وہاں سے جا چکی تھی، اب ٹیم شواہد جمع کرے گی اور نہر کے مخصوص حصے کی اسکریننگ کرے گی، متاثرہ خاندان سے ملاقات اور میڈیکل رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق نارا کینال کے کناروں پر جھگیاں اور غیر قانونی مکانات قائم ہیں، ماضی میں کینال میں بچی پر حملے کی خبر غلط ثابت ہوئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا میں مگرمچھوں کی 18 اقسام موجود ہیں، اور ان میں سے 6 ایشیا میں پائی جاتی ہیں، سندھ کا مقامی مگرمچھ مارش کروکوڈائل کہلاتا ہے، یہ دریائے نیل کے مگرمچھ سے مختلف برتاؤ رکھتا ہے، سائز میں چھوٹا اور مزاجاً کم جارحانہ ہوتا ہے۔


    سکھر میں شوہر نے بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے نکال لیا


    حکام کا کہنا ہے کہ دریائے نیل اور کھارے پانی کے مگرمچھ جارحانہ برتاؤ رکھتے ہیں لیکن مارش کروکوڈائل پورے جانور کو گھسیٹنے جیسا رویہ نہیں رکھتا، یہ مردہ جانور کا گوشت کھانے کو ترجیح دیتا ہے۔

    وائلد لائف حکام کے مطابق مارش کروکوڈائل اپنے علاقے میں دراندازی پر ہی اشتعال میں آتا ہے، اگر اسے خوراک نہ ملے تو کئی مہینے بھوکا رہ سکتا ہے، یہ تیز بہاؤ سے بچنے کے لیے آہستہ پانی والے علاقوں میں رہتا ہے، اور دن کا بڑا حصہ خشکی پر یا اپنے بل میں گزارتا ہے۔

  • ٹیل اینڈرز تک پانی کی رسائی میں رکاوٹ، نارا کینال کی لائننگ پر اہم ویڈیو رپورٹ

    ٹیل اینڈرز تک پانی کی رسائی میں رکاوٹ، نارا کینال کی لائننگ پر اہم ویڈیو رپورٹ

    سکھر بیراج کے بائیں کنارے سے نکلنے والے اہم ترین کینال ’نارا کینال‘ کی 2 کلو میٹر تک لائننگ اور پچنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    اس منصوبے کے تحت سکھر بیراج سے لے کر 2 کلو میٹر تک نارا کینال کی دونوں اطراف لائننگ اور فرش بندی کی جا رہی ہے۔ پروجیکٹ کے ریذیڈنٹ انجینئر قمر حسین لاکھو کا کہنا ہے کہ دو کلو میٹر کی لائننگ کا یہ پروجیکٹ 6 جنوری سے شروع ہوا، اور 20 جنوری تک ہم نے اسے پورا کرنا ہے، اس کی لاگت 3 ارب روپے ہے۔

    انھوں نے کہا اس کی افادیت یہ ہے کہ ہمارے ہیڈ ریچ میں پانی نکلنے میں جو رکاوٹیں تھیں، انھیں ہٹا دیا گیا ہے، اس کا ڈیزائن نیسپاک نے دیا ہے جس کی وجہ سے یہ زیادہ مؤثر ہو جائے گی، اور ٹیل اینڈرز کو پانی پوری رفتار کے ساتھ میسر ہوگا۔

    انجینئر کے مطابق ہیڈ کے یہ دو کلو میٹر بن جانے کے بعد پانی اسپیڈ سے جائے گا، اور ٹیل کے آباد گاروں کو جو ہمیشہ پانی کی قلت کی شکایت ہوتی ہے، وہ دور ہو جائے گی۔

    سرکنڈوں سے بنی دل کش چٹائیوں کی مانگ میں اضافہ، ویڈیو رپورٹ

    یہ پروجیکٹ اپنے مقرر کردہ وقت میں مکمل ہو جائے گا، سندھ حکومت نے اس پروجیکٹ کو تین ارب کی لاگت سے شروع کیا ہے جو 20 جنوری تک مکمل ہو جائے گا۔

    ویڈیو رپورٹ: سلیم سہتو

  • سکھر مگرمچھ کا واقعہ: 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بچی کا پتا نہ چل سکا

    سکھر مگرمچھ کا واقعہ: 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بچی کا پتا نہ چل سکا

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں مبینہ طور پر ایک 10 سالہ بچی کو مگر مچھ زندہ نگل گیا تھا، اس دل دہلا دینے والے واقعے کو 20 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی بچی کا پتا نہ چل سکا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں مبینہ طور پر مگر مچھ 10 سالہ بچی زاہدہ خاصخیلی کو نگل گیا، یہ دہشت ناک واقعہ صالح پٹ نارا کینال کے کنارے پیش آیا، والدین کا کہنا ہے کہ بچی نارا کینال کے کنارے دوسری بچیوں کے ساتھ کپڑے دھونے گئی تھی، اس دوران وہ کھیلتے ہوئے نہر میں گر گئی، جہاں اسے مگر مچھ نے اپنا شکار بنا لیا۔

    اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت دیگر بچوں نے شور مچا کر اہل علاقہ کو متوجہ کیا، جنھوں نے بچی کی تلاش شروع کی لیکن تاحال بچی کی لاش نہیں مل سکی ہے۔

    بچی کی تلاش کے لیے مقامی غوطہ خور بھی بلائے گئے، بچوں اور اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ بچی کو مگرمچھ نگل گیا ہے، 20 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باجود بچی کی لاش یا باقیات کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق مگرمچھ کی لمبائی اندازاً 16 فٹ تھی، ادھر ذرائع محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ دریا میں مگرمچھ کافی تعداد میں موجود ہیں اس لیے لوگ کنارے سے دور رہیں۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوی اور وائلڈ لائف کی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں جو بچی اور مگر مچھ کی تلاش کا کام کریں گی۔