Tag: ناردا

  • بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    بلوچستان سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار

    کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے افغان انٹیلی جنس کے 6 اہلکار گرفتار کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرداخلہ نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے اہلکار بھارتی خفیہ ایجنسی را اور این ڈی ایس سے رابطے میں تھے اور ملک میں بدامنی پھیلا رہے تھے۔

    گرفتار دہشت گرد محبوب، عصمت اللہ کا تعلق افغانستان کے صوبے ہلمند ، عبداللہ شاہ ،نور احمد اور احمد اللہ کا تعلق قندھار جبکہ محمد شفیع کا تعلق پشین سے ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ایف سی اور دیگر حملوں میں ملوث رہے ہیں اور انہوں نے دوران تفتیش 40 افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔

    گرفتار اہلکار مہاجر کیمپ میں مقیم تھے جبکہ ایک اہلکار کے اہلخانہ بلوچستان کے علاقے کچلاک میں رہائش پذیر ہے، تمام افراد کے پاس قومی شناختی کارڈ موجود ہیں۔

    دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نادرا میں موجود کالی بھیڑوں نے بیس ہزار روپے کے عوض قومی شناختی کارڈ جاری کیے ہیں۔

    اس موقع پر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ افغانستان کے لوگ پاکستان کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں اور پاکستان میں امن و امان خراب کررہے ہیں،  اب افغان مہاجرین کو ہرصورت اپنے وطن افغانستان جانا ہوگا۔

    اگرعالمی برادری نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے اقدامات نہ کیے تو پاکستانی حکام اور عوام انہیں دھکے دے کر ملک سے نکال دیں گے۔

    اس موقع پر گرفتار دہشت گردوں نے اقبالی بیانات کی ویڈیو چلائی گئی، جس میں تمام افراد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کو افغان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان میں امن و امان خراب کرنے کے لیے بھیجا تھا اور اس کے لیے انہوں نے کوئٹہ میں کارروائیاں کی ہیں۔

  • متحدہ قومی موومنٹ‌ نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مخالفت کردی

    متحدہ قومی موومنٹ‌ نے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کی مخالفت کردی

    کراچی: ایم کیوایم ارکان قومی اسمبلی نے ملک بھرکے شہریوں کےشناختی کارڈزکی دوبارہ تصدیق کے فیصلے کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدی نثار نادرا میں موجود کالی بھیٹروں کو بچانے کے لیے ملک کی عوام کو مشکل میں ڈال رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے فیصلے اور اس اعلان سے ملک بھر کے عوام کو سخت ذہنی اذیت پہنچی ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف آف پاکستان جنرل راحیل شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی سے مطالبہ کیا ہے کہ  قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے عملدرآمد سے روکا جائے اور نادرا میں موجود کرپٹ کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

    قبل ازیں  وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے اسلام آباد میں ناردا حکام کے ساتھ منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ناردا ملک بھر میں جاری ہونے والے شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کرنے کے حوالے سے اگلے اڑتالیس گھنٹوں میں وزارتِ داخلہ کو لائحہ عمل بنا کرکے دے تا کہ قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔