Tag: نارنجی شارک

  • کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    کوسٹاریکا کے ساحل پر عجیب و غریب نارنجی شارک کو مچھیروں نے پکڑلیا

    مچھیروں نے کوسٹاریکا کے ساحل کے قریب ایک عجیب و غریب شارک کو پکڑا ہے جس کی رنگت غیرمعمولی طور پر نارنجی ہے۔

    شارک کی رنگت نہ صرف چمکدار نارنجی بلکہ آنکھیں بھی حیرت انگیز طور پر سفید ہیں، آبی ماہرین کے مطابق شارک کی نارنجی رنگت ایک نایاب جینیاتی بیماری زینتھزم کی وجہ سے ہوئی ہے، اس بیماری میں جلد پر زرد یا سنہری رنگ غالب ہوتی ہے جبکہ سرخ رنگت ختم ہو جاتی ہے۔

    ماہی گیروں کو ملنے والی نارنجی شارک 6 فٹ سے زیادہ لمبی ہے، ٹورٹوگیرو نیشنل پارک کے قریب 37 میٹر کی گہرائی میں اسپورٹس فشنگ کے دوران اس شارک کو قابو کیا گیا۔

    اس سے قبل اس نسل کی جو شارک ملی تھیں ان کی جلد بھورے رنگ کی ہوتی تھی، تاہم نارنجی جلد اور سفید آنکھوں کی وجہ سے یہ سمندری جاندار زیادہ نمایاں ہوگئی ہے جبکہ شکاریوں کے لیے بھی اسے ہدف بنانا آسان ہوگا۔

    تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ زینتھزم کا پہلا ریکارڈ شدہ کیس ہے جو کارٹیلیج والی مچھلیوں (شارک، ریز اور اسکیٹس) میں پایا گیا ہے۔

    تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اس شارک میں البینزم (Albinism) کی علامات بھی موجود ہیں، جو اس کی بقا کو مزید مشکل بنا سکتی ہیں، نارنجی شارک کی دریافت نے میرین بایولوجی کے ماہرین کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

    شارک چونکہ زائد العمر ہے اس لیے سائنس دانوں کا یہ خیال ایک طرح سے درست ثابت نہیں ہوا کہ زینتھزم سے جاندار زیادہ دیر زندہ نہیں رہ پاتے۔

    یہ بات قابل ذکر ہے کہ زینتھزم نامی بیماری جانوروں میں انتہائی کم موجود ہوتی ہے، مچھلیوں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں میں سنہری یا پیلے رنگ کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں طوطے، کینری پرندے اور کچھ سانپ و چھپکلیوں کو ایسے رنگوں میں پایا گیا تھا۔