Tag: ناروے

  • چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر کی ملاقات، سفیر کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ناروے کے سفیر نے ملاقات کی ہے، جس میں باہمی دل چسپی کے امور سمیت، علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے ناروے سفیر یلگونر ایرکسن نے ملاقات کی، صادق سنجرانی نے ناروے سفیر سے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

    ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے سفیر کو آگاہ کیا اور کہا مقبوضہ وادی کو اوپن جیل بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے، ناروے بھارتی ظلم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    سفیر ناروے یلگونر ایرکسن نے وادی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات تشویش ناک ہو چکے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پارلیمانی سفارت کاری، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو تاریخی شکست

    انھوں نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی ناروے کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، چیئرمین سینیٹ نے کہا دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری سےعوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے ایک ہفتہ قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں امریکی سینیٹرز کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی تھی، انھوں نے امریکی سینیٹرز کا کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں گزشتہ دنوں پاکستان کو شان دار فتح حاصل ہوئی تھی جب سربیا، بلغراد میں بھارتی وفد کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستانی امیدوار کا انٹر پارلیمانی یونین کی مجلس عاملہ کے لیے انتخاب عمل میں آ گیا تھا۔

  • ناورے کا پل، ایک بصری دھوکہ

    ناورے کا پل، ایک بصری دھوکہ

    اوسلو: ناورے میں ایک ایسا پل تعمیر ہے جسے دیکھ کر گمان ہوتا ہے گویا گاڑی پل کے اختتام پر گہری کھائی میں جاگرے گی، لیکن یہ ایک بصری دھوکہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے کے مغربی حصے میں اٹلانٹک روڈ پر ایسا ایسا پل تعمیر ہے جس دیکھ کر نظریں دھوکہ کھا جاتی ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ’اسٹور سیسنڈیٹ‘ نامی برج کی ڈرامائی انداز سے تعمیر اسے دنیا کی خطرناک ترین شاہراہوں میں شمار کرتی ہے، جسے دیکھ کر لوگ خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔

    دنیا بھر سے سیاح اس پل کو خصوصی طور پر دیکھنے کے لیے آتے ہیں، یہ پانچ میل طویل شاہراہ 1989 میں تعمیر ہوا جسے اب تک ہزاروں سیاہ دیکھ چکے ہیں۔

    اس پل کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دانستہ یا غیر دانستہ طور پر ایسے تعمیر کیا گیا ہے کہ دور سے نظریں دھوکہ کھا جائیں، ایسا لگتا ہے جیسے گاڑی پل کے اوپر جاکر آگے گہرے کھائی میں جاگرے گی، پہلی بار اس پر سفر کرنے والے ممکن ہے کہ اپنا راستہ تبدیل کرلے۔

    مقامی افراد اس پل کو شرابی پل سے بھی یاد کرتے ہیں، پل کے نیچے بہنے والا سمندر جب موج میں ہو تو اس کی لہروں کی جھٹاس گاڑیوں کو چھوتی ہیں، جو کسی ایڈونچر اور انوکھے تجربے سے کم نہیں ہے۔

    Related image

    خیال رہے کہ اسے دنیا میں سب سے زیادہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہونے والا پل بھی قرار دیا جاتا ہے۔

  • وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    وزیر خارجہ کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ڈنمارک اور ناروے کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈینش ہم منصب جیب کوفوڈ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈینش ہم منصب کو بھارتی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست سے کشمیر کا محاصرہ اور کرفیو لگا رکھا ہے، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کے منافی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل نے نوٹس لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے مذاکرات کے لیے تیار تھے اور تیار ہیں، عمران خان نے کہا تھا ایک قدم بڑھائیں تو ہم 2 قدم بڑھائیں گے، دو ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

    ڈینش وزیر خارجہ نے بھی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت اور روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

    بعد ازاں وزیرخارجہ نے ناروے کی ہم منصب اینہ اریکسون سورائدے سے بھی فون پر رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور دوائیں تک میسر نہیں۔ خواتین کو زچگی کی حالت میں اسپتالوں تک رسائی نہیں۔

    انہوں نے اپیل کی کہ ناروے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔ ناروے کی وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ خواہش ہے فریقین مل بیٹھ کر پر امن حل کی جانب پیش رفت کریں۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔ اینہ اریکسون نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

  • محمد رفیق نے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے، پاکستانی سفیر

    محمد رفیق نے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے، پاکستانی سفیر

    اوسلو : ناروے میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ محمد رفیق نے پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے، پاکستانی شہری رفیق نے دہشت گرد حملہ کرنے سے پہلے دبوچ کر کئی قیمتی جانیں بچالیں۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے سفارتخانہ پاکستان میں محمد رفیق اور ان کے بیٹے ڈاکٹر محمد حامد رفیق سے ملاقات کی ، پاکستانی نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی ہیرو محمد رفیق نے سب پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں، جن کی بدولت متعدد لوگ دہشت گردی سے محفوظ رہے۔

    ظہیر پرویز کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی معجزے سے کم نہیں کہ پوری طرح تربیت یافتہ نوجوان مسلح دہشت گرد کو ایک عمر رسیدہ 65 سالہ پاکستانی قابو کرلیتا ہے، محمد رفیق فوری کارروائی کرکے پہلے دہشت گرد کی طرف سے فائر کی ہوئی گولیوں کا نشانہ زائل کردیتے ہیں اور پھر اپنی پوری طاقت سے اس کو دبوچ کر زمین پر گرا لیتے ہیں اور تقریباً آدھے گھنٹے اسے قابو میں رکھتے ہیں اور پھر اسے پولیس کے حوالے کردیتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ناروے میں مسجد پرحملہ روکنے والا شخص پاک فضایہ کا ریٹائرڈ ملازم ہے

    واضح رہے کہ محمد رفیق جو پاکستان ائیرفورس کے سابق چیف وارنٹ آفیسر ہیں اور ان دنوں اپنے بیٹے کے ساتھ ناروے میں قیام پذیر ہیں، گزشتہ دنوں عید سے ایک روز پہلے اوسلو کے مضافاتی علاقے بیہرم کی النور مسجد پر حملہ آور ہونے والے اکیس سالہ مسلح دہشت گرد فلپس منشوس کو اس وقت تک قابو میں رکھا جب تک پولیس وہاں پہنچ نہیں گئی۔

    اس واقعے بعد محمد رفیق ناروے میں ایک ہیرو سمجھے جارہے ہیں اور ہر روز اس واقعے کے حوالے سے ان کا بیان اور تصاویر نارویجن اخبارات پر شائع ہورہی ہیں۔ ناروے کے ٹی وی چینلز نے بھی ان کے بارے میں خبروں کو خصوصی اہمیت دی ہے۔

  • ناروے میں مسجد پرحملہ روکنے والا شخص پاک فضایہ کا ریٹائرڈ ملازم ہے

    ناروے میں مسجد پرحملہ روکنے والا شخص پاک فضایہ کا ریٹائرڈ ملازم ہے

    اوسلو: پاکستان ایئرفورس کے ریٹائرڈ ملازم ناروے میں مسجد پر حملہ آور کو روکنے والا شخص پاکستان ایئرفورس کا ریٹائرڈ ملازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ناروے کے علاقے اوسلو میں مسجد پر ہونے والا حملہ ناکام بنانے والے شخص کے نام محمد رفیق بتا یا جارہا ہے، اس شخص نے مسجد پر حملہ آور ہونے والے شخص کو دروازے پر ہی روک لیا تھا۔

    عینی شاہدین کے مطابق محمد رفیق نے حملہ آور کو مسجد کے دروازے پرروکا، اورایک اور نمازی کی مدد سے زمین پرگرا کر اس وقت تک کنٹرول کیے رکھا جب تک پولیس نہ پہنچ گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اوسلو میں واقع النور اسلامک سینٹر (مسجد) کے باہرحملہ آور نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا تھا۔

    پولیس حکام نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ حملہ آور نے مسجد پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور مسجد کے باہر ایک شخص کو دیکھ کر اُسی پرفائرنگ کر کے فرار ہوگیا تھا۔

    وہاں کی سیکیورٹی فورسز نے ابتدائی بیانیے میں کہا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آور کی تلاش شروع کرکے مسجد پر حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کیا گیا ۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آور سفید فام ہے جس نے فائرنگ کی واردات کے وقت یونیفارم پہن رکھا تھا اور چہرہ چھپانے کے لیے ہیلمٹ بھی استعمال کیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجد میں حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں متعدد نمازی شہید ہوگئے تھے۔

  • دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ناروے میں مذہبی پیشوا گرفتار

    دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ناروے میں مذہبی پیشوا گرفتار

    اوسلو: ملا کریکارپر کردستان میں حکومت گرانے میں ملوث یورپی نیٹ ورک رہوتی شاخ سے منسلک ہونے کا الزام ہے،جن کی گرفتاری کے وارنٹ اٹلی نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کےالزام میں جاری کیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں گرفتار مذہبی پیشوا سے متلق ناروے کی مقامی سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا منصوبے بنانے کے الزام میں اٹلی کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر انہوں نے مذہبی پیشوا کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا تھا کہ عراقی نژاد نجم الدین فرج احمد عرف ملا کریکار کو گرفتار کیا گیاتاہم یہ بات ابھی واضح نہیں کہ اسے واپس اپنے ملک بھیجا جائے گا یا نہیں۔

    اطالوی عدالت میں مذہبی پیشوا کو شمالی عراق میں کرد حکومت کا تختہ پلٹ کر خلافت کے نفاذ کی کوشش کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 12 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    اطالوی استغاثہ نے ناروے میں قیام پذیر کریکار پر الزام لگایا کہ کردستان میں پرتشدد طریقہ کار اپناتے ہوئے حکومت گرانے میں ملوث یورپی نیٹ ورک رہوتی شاخ سے منسلک ہے۔

    دوسری جانب کریکار نے خود پر لگے الزامات کی تردید کی اور اپنے اطالوی وکیل مارکو ورنیلو کو بتایا کہ وہ فیصلے پر اپیل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 2015 میں یورپی حکام نے 15 عراقی کرد شہریوں کو دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔

    اطالوی استغاثہ کے مطابق رہوتی شاخ نے عراق اور شام میں سامان اور مالی امداد پہنچانے کے لیے غیر ملکی دہشت گردوں کی معاونت حاصل کی تھی، انہوں نے کریکار پر اس کی قیادت کرنے کا بھی الزام لگایا تھا۔

    مارکو ورنیلو کے مطابق کریکار سمیت صرف 5 افراد کو سزا سنائی گئی ہے۔کریکار نے اٹلی جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ٹرائل کے بعد عراق بھیج دیا جائے گا۔

  • گلیشیئرز کے دامن میں بنا ہوٹل جو رات کے وقت قطبی روشنیوں میں نہا جاتا ہے

    گلیشیئرز کے دامن میں بنا ہوٹل جو رات کے وقت قطبی روشنیوں میں نہا جاتا ہے

    دنیا بھر میں کئی پرتعیش ہوٹل موجود ہیں جہاں پر صرف ایک رات قیام کا کرایہ لاکھوں ڈالرز ہوتا ہے، یہ ہوٹل سروسز، سہولیات اور خوبصورتی میں بھی نہایت شاندار ہوتے ہیں۔

    وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایسے ہوٹل بھی بنائے جارہے ہیں جہاں قدرتی نظارے اپنی پوری آب و تاب اور سحر انگیزی کے ساتھ موجود ہوتے ہیں اور وہاں قیام کرنا زندگی کا شاندار ترین تجربہ ہوسکتا ہے۔

    تاہم ناروے کے جس ہوٹل کے بارے میں آج ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں، وہ یقیناً ایک منفرد اور خوبصورت ترین ہوٹل ہے اور جس کی خوبصورتی دیکھ کر آپ کی سانسیں تھم جائیں گی۔

    ناروے کے مضافاتی علاقے میں زیر تعمیر یہ ہوٹل مکمل ہونے کے بعد نہ صرف فن تعمیر کا شاہکار ہوگا بلکہ اس کا محل وقوع بھی اسے دنیا کا حسین ترین مقام بنادے گا۔

    ناروے قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال ہے اور شہروں کی بھیڑ بھاڑ سے دور، دور دراز علاقوں میں چھپا اس کا حسن دنگ کردینے والا ہے اور یہ نیا ہوٹل یہیں پر تعمیر کیا جارہا ہے۔

    دارالحکومت اوسلو سے 80 میل دور شمال میں یہ ہوٹل برفانی پہاڑوں یعنی گلیشیئرز کے دامن میں بنایا جارہا ہے۔ یہ ہوٹل ماحول دوست بھی ہے اور اپنے استعمال کے لیے خود توانائی پیدا کرسکتا ہے۔

    اس ہوٹل میں رہتے ہوئے آپ دنیا کے حسین ترین نظارے یعنی قبطی روشنیوں سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ہوٹل کے مہمانوں کو پھولوں سے بھری پگڈنڈیوں میں ہائیکنگ اور سائیکلنگ کا موقع بھی ملے گا۔

    قطب شمالی پر ہونے کی وجہ سے یہاں دو ماہ ایسے بھی آتے ہیں جس میں سورج غروب نہیں ہوتا۔ اس عرصے میں آدھی رات کے وقت بھی سورج کی روشنی موجود ہوتی ہے جسے مڈ نائٹ سن کہا جاتا ہے۔

    اس ہوٹل میں رہتے ہوئے اس روشنی میں مچھلیاں پکڑنا، چہل قدمی کرنا اور کشتی چلانا یقیناً زندگی کا شاندار ترین تجربہ ہوگا۔

    یہ خوبصورت ہوٹل سنہ 2021 تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد اسے عام افراد کے لیے کھول دیا جائے گا۔

  • تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    کوپن ہیگن : ڈنمارک، ناروے اور سویڈن میں پائلٹوں کی ہڑتال کی وجہ سے اسکینڈنیون ایئر لائنز(ایس اے ایس ) نے اب تک 587 پروازیں منسوخ کر دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے بعد شروع ہونے والی ہڑتال کے سبب 72,000 مسافر متاثر ہو چکے ہیں۔

    ایئر لائن نے جاری کردہ ایک بیان میں متاثرہ مسافروں سے معذرت کی ہے, اس ہڑتال سے اندرون اور بیرون یورپ جانے والی پروازیں بھی متاثر ہیں, پائلٹس اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں جرمنی کی ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں تھیں۔

    جرمنی کے مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت آٹھ بڑے ہوائی اڈوں پر تعینات سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے ہزاروں سیکیورٹی اسٹاف نے 18 گھٹنے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازوں منسوخ کرنا پڑی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق صرف جرمنی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ فرینکفرٹ پر 5 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے 570 پروازیں معطل ہوئی ہیں۔

  • ناروے میں شرپسندوں نے مسجد کو آگ لگا دی، عمارت شدید متاثر

    ناروے میں شرپسندوں نے مسجد کو آگ لگا دی، عمارت شدید متاثر

    اوسلو‌ :‌ ناروے میں نامعلوم انتہا پسندوں نے اسلام مخالف نظریات کی بناء پر مسجد کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں بھی دیگر یورپی ممالک کی طرح نسل پرست سفید فام انتہا پسندوں نے اسلام مخالف نظریات اور شدت پسندی کو پروان چڑھانے کےلیے مساجد کو نذر آتش کرنا شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ناروے کے شہر ایجرسینڈ میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک مسجد کو آگ لگا کر شہید کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شرپسندوں نے آگ لگائی، آتشزدگی کے سبب مسجد کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

    پولیس نے آگ لگانے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا گیا کہ شرپسند عناصر نے ہی مسجد میں آگ لگائی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم عمارت کا بڑا حصہ آتشزدگی کی نظر ہوا، مقامی مسلمانوں نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں مساجد پر مسلح حملے کے بعد مسلمانوں کے خلاف یہ دوسری کارروائی ہے، گزشتہ ماہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں 49 مسلمان شہید ہوئے تھے۔

  • دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    دنیا کا سب سے بڑا زیر آب واقع ریستوران

    ناروے میں دنیا کے سب سے بڑے زیر سمندر واقع ریستوران کا افتتاح کردیا گیا، یہ اپنی نوعیت کا یورپ کا پہلا ریستوران ہے۔

    100 مہمانوں کی بیک وقت میزبانی کرنے والا یہ ریستوران ایک طرف تو سیاحوں کے لیے پسندیدہ مقام کی حیثیت اختیار کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب اسے تحقیقی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جانے کا ارادہ ہے۔

    111 فٹ طویل ہوٹل کی عمارت نصف سے زائد سمندر میں واقع ہے۔ ہوٹل میں داخل ہوتے ہی شیشے کی دیواروں کے پار آبی حیات تیرتی نظر آتی ہیں جبکہ چاروں طرف مونگے کی چٹانیں اور سمندر کی لہریں دکھائی دیتی ہیں۔

    اس ریستوران میں کھانے کے لیے سی فوڈ پیش کیا جاتا ہے، ایک وقت کے کھانے کی قیمت 4 سو 30 امریکی ڈالر ہے۔

    کھانے کے ہال کا فرش یوں لگتا ہے جیسے سمندر کی تہہ ہے کیونکہ فرش اور سمندر کی تہہ کے درمیان صرف ایک موٹے شیشے کا فاصلہ ہے۔

    ناروے کے جنوب میں بحر شمال کا یہ حصہ اپنی تلاطم خیزی کے لیے مشہور ہے جو ایک لمحے کے لیے پرسکون اور اگلے ہی لمحے ہنگامہ خیز ہوجاتا ہے، اس کے پیش نظر ریستوران کے در و دیوار اس طرح بنائے گئے ہیں کہ یہ سمندر کی تند و تیز موجوں کو برداشت کرسکیں۔

    ریستوران انتظامیہ کو یقین ہے کہ یہ انوکھا ہوٹل ناروے کی سیاحت میں اضافے کا سبب بنے گا۔