Tag: ناصر حسین شاہ

  • لاک ڈاؤن پورے ماہ رمضان جاری رہے گا، سندھ حکومت کا اعلان

    لاک ڈاؤن پورے ماہ رمضان جاری رہے گا، سندھ حکومت کا اعلان

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن پورے ماہ رمضان جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن پورے ماہ رمضان جاری رہے گا، لاک ڈاؤن میں توسیع کے لیے نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں، 23 اپریل کو جاری نوٹیفکیشن ماہ رمضان کے لیے ہی تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کل جمعہ کو 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، علما اور عوام سے اپیل ہے کہ پہلی کی طرح اس جمعہ کو بھی لاک ڈاؤن کا احترام کریں۔

    وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ تاجروں کو عید سے پہلے کاروباری سہولتوں کے لیے کمیٹی بنادی ہے، تاجروں کی سہولیات کے لیے جلد اعلان کریں گے، کرونا وائرس لمبا چلے گا، اب ہماری ایس اوپیز بھی طویل ہوں گی۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ناصر حسین شاہ

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاق سے لاک ڈاؤن پر ابہام پیدا کرنے والے پیغامات جاری نہیں ہونے چاہئے تھے، صدر مملکت نے اچانک دورہ ملتوی کیا، ہماری تیاری پوری تھی، ثانیہ نشتر اور ڈاکٹر ظفر مرزا کو بھی آنا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

  • سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ناصر حسین شاہ

    سندھ میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے، حکومت سندھ کے لیے عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی، فی الحال صرف آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہنگامی حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو صورتحال کچھ اور ہوتی۔

    مزید پڑھیں: جب تک لاک ڈاؤن ہے، ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، سندھ حکومت کا اعلان

    ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن واحد طریقہ ہے جس کو دنیا بھر نے کرونا پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان میں اگر نمبر خطرناک نہیں تو شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے ٹھیک ٹائم پر لاک ڈاؤن کردیا تھا اب بجائے لاک ڈاؤن کو مزید نافذ کریں ہم کہہ رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن نرم کیا جائے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک لاک ڈاؤن ہے ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، ٹرانسپورٹرز نے ہر حالات میں ہمارا ساتھ دیا ہے، انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

  • حکومت سندھ ڈاکٹرز کو حفاظتی اور دیگر سامان فراہم کررہی ہے: ناصر حسین شاہ

    حکومت سندھ ڈاکٹرز کو حفاظتی اور دیگر سامان فراہم کررہی ہے: ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کروناوائرس کے باعث ملک میں مشکل وقت ہے، ڈاکٹر ہمارے لیے ہی کام کررہے ہیں، ہمیں ڈاکٹروں کی بہت ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے جناح اسپتال کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا اور صوبائی وزیرناصر حسین شاہ دورے پر اسپتال پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی اور کوڈ وارڈ کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر ایگزیکٹوڈاکٹر سیمی جمالی اور طبی عملے کے لوگ بھی ناصر حسین شاہ کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مشکل وقت ہے، ڈاکٹر ہمارے لیے ہی کام کررہے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 14079 ہو گئی، 301 جاں بحق

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹروں کی بہت ضرورت ہے، ان پر تنقید مناسب نہیں، کچھ لوگ ویڈیوز وائرل کر کے پروپیگنڈا کررہے ہیں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہراساں اور دل شکنی نہ کی جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ ڈاکٹرز کو حفاظتی اور دیگر سامان فراہم کررہی ہے، ہم ہر ممکن طریقے سے مریضوں کا خیال کرتے ہیں، کچھ لوگ غلط ویڈیو وائرل کرکے پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔

  • سندھ حکومت کا موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: حکومت سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر چالان نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلا ضرورت ڈبل سواری کرنے والے کو تنبیہ کر کے پیدل روانہ کیا جائے، چالان نہ کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مریض یا بیمار فرد کو کاغذات چیک کر کے ڈبل سواری کی اجازت ہوگی، خواتین کو ٹھوس وجہ بتانے پر ڈبل سواری کی اجازت ہوگی، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹریفک پولیس کو احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

    کراچی ڈبل سواری پر پابندی، محافظوں نے قانون کو پیروں تلے روند دیا، شہریوں‌ کے چالان

    یاد رہے کہ 18 اپریل کو محکمہ داخلہ سندھ نے ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی جس کے بعد صحافیوں سمیت استشنیٰ والے اداروں پر بھی پابندی کا اطلاق ہوا مگر سندھ پولیس کے اہل کاروں‌ نے خود اس پابندی کے احکامات کو ہوا میں‌ اڑا دیا تھا۔

    جناح اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا بھی ڈبل سواری پر چالان کٹ گیا

    کراچی کی تمام اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پولیس اور ٹریفک پولیس عام شہریوں کے ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی کے چالان کرتے نظر آئے مگر قانون کے محافظوں نے خود ہی احکامات کی دھجیاں اڑا دیں اور ڈبل سواری پر گھومتے نظر آئے۔

    چند دن قبل جناح اسپتال کراچی کے لیے ڈیوٹی پر جانے والی لیڈی ڈاکٹر کو بھی ڈبل سواری پر مزار قائد کے قریب روک کر ٹریفک اہل کار نے ای چالان کاٹ دیا تھا۔

  • وفاقی حکومت کا مستحقین کو 12 ہزار روپے دینے کا اقدام اچھا ہے،ناصر حسین شاہ

    وفاقی حکومت کا مستحقین کو 12 ہزار روپے دینے کا اقدام اچھا ہے،ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا مستحقین کو 12 ہزار روپے دینے کا اقدام اچھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبوں میں ایک ساتھ لاک ڈاؤن پر عمل ہوتا تو بہتری آتی، لاک ڈاؤن کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سب ساتھ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی بات ہوتی تو اثر زیادہ ہوتا، وفاق کی طرف سے ٹرینیں روک دی گئی،ایئر سروس بندکر دی گئی،ہم نے اپنے طور پرلاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جو خوشی سے نہیں کیا۔

    وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ ریلیف پروگرام ہم بھی شروع کرنے والے تھے مگر سعید غنی قرنطینہ چلےگئے،جب بھی بی آئی ایس پی کی ڈسٹری بیوشن ہوتی تھی تو بہت رش لگتا تھا،کوشش کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ بوتھ بنائے جائیں۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 12 ہزار دینے کا کام شروع کیا جو بہت اچھی بات ہے،وزیراعظم نے ٹاسک فورس کا اعلان کیا یہ کام پہلے ہوتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر معاملے میں ہماری طرف سے مثبت باتیں آئی ہیں، عوام کی بھلائی کے لیے ہم اب بھی ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا لاک ڈاؤن بڑھانے کو تیار ہیں مگر ملکی حالات اجازت نہیں دیتے۔

  • ‘احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے’ حکومت سے اپیل

    ‘احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے’ حکومت سے اپیل

    کراچی: وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے اور پیغامات مفت کردے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ احساس پروگرام میں پیغامات پر موبائل کمپنیاں کٹوتی کررہی ہیں، احساس پروگرام میں پیغام بھیجنے پرموبائل بیلنس سے کٹوتی نہ کی جائے،ناصرحسین شاہ

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیغام بھیجنے کے اخراجات بھی وفاقی حکومت کو برداشت کرنےچاہییں، وفاقی حکومت احساس پروگرام پر پیغامات مفت کردے، پیغامات مفت کرنے سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی۔

    یاد رہے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاون کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا گیا۔

    اس پروگرام کے مستحقین میں دیہاڑی دار افراد اور مزدور سر فہرست ہیں جو کہ حفاظتی اقدامات کے باعث گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کا آغازا یس ا یم ا یس مہم کے ذریعے کیا گیا ہے، شہری 8171 پرایس ایم ایس بھیج کر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی اہلیت کو جانچ سکیں۔

    احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا کل بجٹ 144 ارب روپے ہے، جس سے ایک کروڑ بیس لاکھ خاندان مستفید ہو‌ں گے اور ہر خاندان کو 12000 روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔

  • شب برأت، ’گھروں پر رہ کر کرونا سے نجات کی دعا مانگیں‘

    شب برأت، ’گھروں پر رہ کر کرونا سے نجات کی دعا مانگیں‘

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا وبا سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ شب برأت کے موقع پر لوگ گھروں میں رہ کر عبادت کریں اور کرونا سے نجات کی بھی دعا مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے درخواست ہے احتیاط کریں اور انفرادی عبادت کریں، زندگی میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے، لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین بھی یہی رائے رکھتے ہیں کہ سماجی فاصلے رکھیں، صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قبرستان بند ہوں گے لوگوں کو جمع ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لوگ گھروں میں کرونا وبا سے چھٹکارے کے لیے بھی دعا کریں، آج وزیراعلیٰ سندھ خود دورے پر نکلے تھے اور حالات کا جائزہ لیا، مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کا سڑکوں اور دکانوں پر رش پر اظہار برہمی

    وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ لوگوں سے گزارش کرتے ہیں یہ تکلیف دہ وقت ہے، لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔

    دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ شب برأت پر شہری گھروں میں عبادت کریں، قبرستانوں پر لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ مساجد میں بھی شہری جانے سے گریز کریں، نیاز کی تقسیم میں بھی لوگوں کا رش نہ لگایا جائے۔

    یاد رہے کہ شب برأت کے حوالے سے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے خصوصی منصوبہ بندی کرتے ہوئے لوگوں کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے جامع پلان ترتیب دے دیا ہے۔

  • سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں: ناصر حسین شاہ

    سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں: ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

    ناصر حسین شاہ نے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، صوبے میں کرفیو کا کوئی امکان نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا ہر اقدام عوام کے مفاد اور تحفظ کے لیے ہوگا، عوام کسی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔

    لاک ڈاؤن مزید سخت، کراچی میں سناٹے کے ڈیرے

    دو روز قبل وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے ٹویٹر کے ذریعے کہا تھا کہ سندھ حکومت غیر معمولی اقدام اور مشکل فیصلے میں تاخیر نہیں کرے گی، یہ عالم گیر وبا انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی نقصان کی حامل ہے، حکومت کو ان حالات میں عوام کا تعاون درکار ہوتا ہے، عوام کی بھلائی کے لیے کرفیو کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ کرونا وائرس سے پیدا صورت حال پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتا ہوں، حکومت سندھ کے احکامات، ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، عوام نے عمل نہ کیا تو مجبوراً سخت اور مشکل اقدام لینا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن مزید سخت کر دیا گیا ہے، شہر میں گزشتہ رات 8 بجے کے بعد تمام دکانیں بند کرا دی گئیں، پرچون، دودھ اور دیگر دکانیں، سی این جی اسٹیشنز اور پیٹرول پمپس بھی بند رہے۔ تاہم شہر کے میڈیکل اسٹورز اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کھلی رہیں۔

  • کرونا وائرس کے باعث سندھ میں ایمرجنسی نافذ

    کرونا وائرس کے باعث سندھ میں ایمرجنسی نافذ

    کراچی: کرونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایمرجنسی نافذ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے علما سے ملاقات کی۔علما کو سندھ حکومت کی جانب سے انسداد کرونا اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کرونا سے بچاؤ پر اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں اس حوالے سے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ وبا سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ مساجد اور علما کرونا سے بچاؤ پر ایڈوائزری پہنچانے میں علما کردار ادا کریں،سیاسی نہیں انسانی مسئلہ ہے ، ہر طرح سے حکومت سندھ کے ساتھ ہیں۔

    پاکستان میں‌کرونا کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی

    وفاقی دارالحکومت میں ایک اور کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ گئی جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

  • سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے افواہوں کی تردید کر دی

    سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے افواہوں کی تردید کر دی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں نئے وائرس کرونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے افواہوں کی تردید کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے لاک ڈاؤن کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا نہ کوئی لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے اور نہ کوئی پریشانی کی بات ہے، حکومت کے تمام اقدامات احتیاطی تدابیر کے لیے کیے گئے ہیں، کچھ عناصر سوشل میڈیا پر راشن اکٹھا کرنے کا کہہ رہے ہیں، ایسی باتیں بالکل فضول ہیں۔

    پاکستان میں‌کرونا کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی، ایک کی حالت تشویشناک

    وزیر اطلاعت سندھ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ ایف آئی اے کو خط لکھا جائے، اور کہا جائے کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمات درج کیے جائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام اطمینان رکھیں حکومت مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک، اور کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے، لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے سوا تمام ایئر پورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کر دیے گئے ہیں۔