Tag: ناظم آباد

  • رینجرز نے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا، ناظم آباد میں چوروں نے17 دکانیں لوٹ لیں

    رینجرز نے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا، ناظم آباد میں چوروں نے17 دکانیں لوٹ لیں

    کراچی : رینجرز نے کورنگی میں کامیاب کارروائی کرکے قتل کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ناظم آباد اردو بازار میں نامعلوم افراد17سے زائد دکانوں کے تالے کاٹ کر صفایا کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں رینجرز نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزم لینڈ مافیا کے سرغنہ غلام شبیر عرف ابرہیم کالا کے قتل میں ملوث ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم طارق عزیز کا لینڈ مافیا سرغنہ سے زمین کا تنازعہ تھا، ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

    ترجمان رینجرز نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ عوام ایسےعناصرکی اطلاع قریبی چیک پوسٹ یا 1101 پردیں، علاوہ ازیں رینجرز مددگار کے نئے واٹس ایپ نمبر کا اجراء کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق آج رات 12بجے کے بعد رینجرز مددگار کے نئے واٹس ایپ نمبر کا اجراء کیا جارہا ہے، عوام رابطے کیلئے واٹس ایپ نمبر 03479001111 کااستعمال کریں۔

    شہری کسی بھی جرم، واردات یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع اس نمبر پر دیں اور اس قسم کی اطلاعات بذریعہ تصویر، ویڈیو اور دستاویزات واٹس ایپ نمبر پر شیئرکریں۔

    دوسری جانب ناظم آباد اردو بازار میں نقب زنی کی واردات ہوئی ہے، نامعلوم افراد17سے زائد دکانوں کے تالے کاٹ کر صفایا کرگئے۔

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ ملزمان نے واردات کے دوران کچھ دکانوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی تاریں بھی کاٹیں۔ علاقہ پولیس کے مطابق ملزمان دکان کے لاکرسے2 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر کوئی ملازم یا قریبی شخص چوری کی واردات میں ملوث ہوسکتا ہے۔

  • کراچی: کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور نوجوان ناظم آباد کے اسپتال میں داخل

    کراچی: کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور نوجوان ناظم آباد کے اسپتال میں داخل

    کراچی: شہر قائد میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، کانگو وائرس سے متاثرہ نوجوان کو ناظم آباد کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کانگو وائرس سے متاثرہ ایک اور نوجوان کراچی کے علاقے ناظم آباد کے اسپتال میں داخل ہوا ہے، ڈاکٹرز نے ابتدائی ٹیسٹ کے بعد مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق کر دی۔

    کانگو وائرس سے متاثرہ نوجوان 17 سالہ قمر شاہ سہراب گوٹھ کا رہایشی ہے اور ایک باڑے میں کام کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں رواں سال پہلا کانگو وائرس کا کیس 11 فروری کو سامنے آیا تھا، اورنگی ٹاؤن کی رہایشی خاتون تعظیم فیضان کو تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹر سیمی جمالی نے خاتون میں وائرس کی تصدیق کی۔

    گزشتہ سال اس وائرس کے نتیجے میں کراچی میں 16 اموات ہوئی تھیں جب کہ 41 مریضوں میں کانگو کریمین ہیمریجک فیور کی تصدیق کی گئی تھی، جن میں سے بیش تر مریضوں کا تعلق کوئٹہ بلوچستان سے تھا۔

    24 جولائی کو کراچی میں کے ایم سی نے اپنے زیر انتظام اسپتالوں میں انسداد کانگو وائرس کا الرٹ بھی جاری کیا تھا۔

    یہ وائرس مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہو جاتا ہے، قومی ادارۂ صحت کے مطابق نیرو نامی وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلات میں پایا جاتا ہے جو انسانوں میں گانگو بخار پھیلاتا ہے۔

    علامات

    تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد، قے، متلی، گلے کی سوزش اور جسم پر سرخ دھبے کانگو کی علامات ہیں۔

    احتیاطی تدابیر

    جانوروں کے پاس جانے سے گریز کیا جائے، مویشیوں کے پاس جانے کی ضرورت پیش آئے تو دستانوں کا استعمال ضرور کیا جائے۔

    یاد رہے کہ کانگو وائرس کے خاتمے کے لیے تا حال کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی ہے لہٰذا قبل از وقت احتیاط اور مرض ظاہر ہو جانے کی صورت میں فوری اور بر وقت علاج ضروری ہے۔

  • کراچی، ناظم آباد میں 34 لاکھ سے زائد کی بینک ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی، ناظم آباد میں 34 لاکھ سے زائد کی بینک ڈکیتی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں 34 لاکھ روپے سے زائد کی بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 6 ڈاکو بینک سے 34 لاکھ روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہوگئے، فوٹیج میں مسلح افراد کو بینک میں داخل ہوکر لوگوں کو دھمکاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک کے گیٹ پر گارڈ کو قابو کیا پھر اندر داخل ہوئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ڈکیت کا چہرہ واضح دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 6 ڈکیتوں نے 34 لاکھ روپے سے زائد کی واردات کی ہے، ملزمان نے بینک کے کیش کاؤنٹر سے رقم لوٹی اور جاتے جاتے گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مزاحمت نہ کرنے پر تینوں سیکیورٹی گارڈ کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

    پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا ایرانی گروہ پکڑا گیا

    ادھر کھارادرمیں پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والا ایرانی گروہ گرفتارکرلیا گیا، ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کا گروہ 9 ممالک میں ڈکیتیاں کرچکا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گروہ کرولا گاڑیاں کرائے پر لے کر شہریوں سے تلاشی کے بہانے ڈکیتیاں کرتا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک بینک میں 10 سے زائد ڈکیتوں نے کارروائی کی ناکامی پر فرار ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں 2 سیکیورٹی کراچی کے نجی بینک میں ڈکیتی کرکے فرار ہوگئے تھے۔

  • کراچی: ناظم آباد میں کارسوار کی فائرنگ، ڈاکو ہلاک

    کراچی: ناظم آباد میں کارسوار کی فائرنگ، ڈاکو ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں گاڑی روکنے کی کوشش میں کارسوار کی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبردو میں موٹرسائیکل پرسواردومبینہ ڈاکوؤں نے ایک کارکو روکنے کی کوشش کی جس پرکارمیں سوارشخص نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سےموٹرسائیکل پرسوارایک مبینہ ڈاکوہلاک اوراس کا ساتھی فرارہوگیا۔ فائرنگ کے بعد کار سوار بھی موقع سے فرارہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے مبینہ ڈاکو کے پاس سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں رواں ماہ 5 مئی کو شہری کی فائرنگ سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز6 میں ملزم نے پکڑے جانے پر فرار ہونے کی کوشش کی تو شہری نے فائرنگ کردی جبکہ ملزم ابراہیم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

    کراچی: رینجرز سے مقابلہ، ایک ڈاکو گرفتار

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے طارق روڈ پر رینجرز سے مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • کراچی: مکان میں 100 میٹر طویل سرنگ کی کھدائی کا معاملہ الجھ گیا، مقدمہ درج

    کراچی: مکان میں 100 میٹر طویل سرنگ کی کھدائی کا معاملہ الجھ گیا، مقدمہ درج

    کراچی: شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں ایک مکان میں سو میٹر طویل سرنگ کھودے جانے کا معاملہ الجھ گیا ہے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں پانی چوری کے لیے سو میٹر طویل سرنگ کی کھدائی کا معاملہ الجھ گیا ہے، پولیس نے واٹر بورڈ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

    [bs-quote quote=”مقدمہ واٹر بورڈ کے عملے کی مدعیت میں درج کیا گیا۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    80 گز کے مکان میں 15 فٹ گہری کھدائی کی گئی ہے، جب کہ 100 میٹر لمبی سرنگ نکالی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کھدائی بند مکان میں کی جا رہی تھی، جب مٹی مکان سے باہر نکلنے لگی تو شک ہوا کہ مکان میں کوئی مشکوک سرگرمی جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ مقدمہ واٹر بورڈ کے عملے کی مدعیت میں درج کیا گیا، دوسری طرف مکان مالک کی تلاش کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 2014 میں کراچی کے سینٹرل جیل کے قریب واقع گھر میں بھی کھدائی کے ذریعے 100 فٹ طویل سرنگ پکڑی گئی تھی، جس کے ذریعے جیل میں موجود کالعدم جماعتوں کے اہم رہنماؤں کو نکالا جانا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی جیل میں سرنگ: گھرپولیس اہلکارکی ملکیت تھا

    جیل کے سامنے فرنٹ سے دوسرا گھر ملزمان نے سرنگ کھودنے کے لیے خریدا تھا، جس گھر سے سرنگ کھودی گئی وہ پولیس اہل کار کی ملکیت تھا جو صرف دو ماہ قبل چار گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا گیا تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سو فٹ سرنگ کھودی جا چکی تھی جب کہ جیل کے اندر تک پہنچنے کے لیے صرف چالیس سے پچاس فٹ کی کھدائی باقی تھی۔

  • کراچی: پانچ منزلہ عمارت مسمار، آپریشن کے دوران سیاسی مداخلت، کارروائی رکوانے کی کوشش

    کراچی: پانچ منزلہ عمارت مسمار، آپریشن کے دوران سیاسی مداخلت، کارروائی رکوانے کی کوشش

    کراچی: شہر قائد میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن میں‌ سیاسی مداخلت کا ایک اور معاملہ سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں‌ جاری تجاوزات آپریشن میں پی پی رہنما کے گن مین رکاوٹ بن گئے، یہ واقعہ ناظم آباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں‌ غیرقانونی عمارت توڑنے سے روکنے کی کوشش کی گئی.

    ایس بی سی اے کی ٹیم کے مطابق آپریشن کے دوران دو پولیس اہلکار  ٹیم کو روکتے رہے، دونوں اہل کار مبینہ طور پر پی پی رہنما عارف قریشی کے گن مین ہیں.

    ایس بی سی اے ٹیم نے بلڈر کے خلاف مقدمےکے لیے درخواست دی، مگر ناظم آباد پولیس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکانیں اور عمارتیں گرانے کا سلسلہ جاری

    بعد ازاں پانچ منزلہ عمارت کا اوپر ی حصہ مسمار کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق عمارت کا نقشہ ڈبل اسٹوری کے لیے پاس ہوا تھا، مگر بلڈر نے اضافی فلور تعمیر کر دیے.

    یاد رہے سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے. اس آپریشن کا آغاز ایمپریس مارکیٹ کے علاقے سے ہوا، جہاں‌ تاریخی ایمپریس مارکیٹ‌کے اطراف موجود تجاوزات کو ختم کیا گیا.

    اس وقت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے.

  • کراچی: ناظم آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام‘  1 ڈاکو ہلاک

    کراچی: ناظم آباد میں ڈکیتی کی کوشش ناکام‘ 1 ڈاکو ہلاک

    کراچی : شہرقائد کے علاقے ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ناظم آباد کے علاقے پاپوش میں پولیس نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکومارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق 4 ڈاکو گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے، 15 پراطلاع ملنے پر پولیس بروقت موقع پر پہنچی۔

    ایس ایس پی عرفان بلوچ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں اورڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

    کراچی: ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے بفرزون میں رات گئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلر کو گرفتارکیا تھا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں اویس عرف شاہ اور عابد عرف نانا شامل ہے، ملزمان نے سب انسپکٹر مجیدآغا، کانسٹیبل نذیر اور اے ایس آئی سمیت 6 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

  • کراچی : ناظم آباد میں پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو ہلاک‘ 2 گرفتار

    کراچی : ناظم آباد میں پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو ہلاک‘ 2 گرفتار

    کراچی : شہر قائد کےعلاقے ناظم آباد 4 نمبرپرپولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد 4 نمبر پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوکوگرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا ڈیفنس سے تعاقب کیا جا رہا تھا، گرفتار ملزمان سے اسلحہ، لوٹی ہوئی رقم اور زیورات برآمد کرلیے گئے۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس زم زمہ پارک کے قریب گزشتہ ماہ 5 فروری کو فائرنگ سے غیرملکی شخص ہلاک اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا تھا، فائرنگ کی زد میں آکر رکشہ ڈرائیور علی زخمی ہو تھا۔


    کراچی میں ڈکیتی کےدوران فائرنگ ‘ رینجرزاہلکار شہید


    خیال رہے کہ 30 جنوری کوکراچی کے علاقے لانڈھی 89 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کے نتیجے میں رینجرز اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 12 جنوری کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی: پولیس اہلکارکا قتل‘ کالعدم تنظیم نےذمہ داری قبول کرلی

    کراچی: پولیس اہلکارکا قتل‘ کالعدم تنظیم نےذمہ داری قبول کرلی

    کراچی: شہر قائد کےعلاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکار شاکر کو قتل کرنے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار کی ہلاکت کا معاملہ، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج جائے وقوع سے کچھ فاصلے پرنصب کیمرے کی ہے، فوٹیج میں 2 دہشت گردوں کو گلی سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دونوں دہشت گردوں نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمنٹ پہن رکھے ہیں۔

    کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے سوشل میڈیا پرپولیس اہلکارشاکر کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی۔


    کراچی: لنڈی کوتل چورنگی کےقریب فائرنگ‘ پولیس اہلکارجاں بحق


    خیال رہے کہ 12 جنوری کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی کے قریب سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار کے بیٹے کی گاڑی پرنامعلوم ملزمان نےفائرنگ کی تھی تاہم جسٹس گلزار کے بیٹے سعد محفوظ رہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • ناظم آباد کے کنویں سے تیسری بارمتحدہ لندن کا اسلحہ برآمد

    ناظم آباد کے کنویں سے تیسری بارمتحدہ لندن کا اسلحہ برآمد

    کراچی : رینجرز نے ایک بار پھر کراچی کے علاقے ناظم آباد میں کارروائی کرکے کنویں سے ایم کیوایم لندن کا مزید اسلحہ برآمد کرلیا۔ اس کنویں میں رینجرز پہلے بھی دو دفعہ کھدائی کرکے اسلحہ برآمد کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والوں کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ رینجرز نے ناظم آباد تین نمبر میں ایک اور کارروائی کی۔ ناظم آباد تین نمبر میں قائم کنویں میں تیسری دفعہ کھدائی کی گئی۔

    اس سے قبل23اور دو جون کو بھی کھدائی کی گئی تھی، رینجرز نے ستر فٹ تک کنویں کی کھدائی کی، کنویں سے سات اوان بم ،تین ہزار سے زائد ایس ایم جی کی گولیاں اور ایک ہزار سے زائد ٹرپل ٹو کی گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں نے آپریشن سے پہلے چھپایا تھا۔ یاد رہے کہ رینجرز نے اس سے پہلے ناظم آباد میں کارروائی کرکے کنوئیں سے ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں کا چھپایا گیا اسلحے کا ذخیرہ برآمد کیاتھا،۔

    کنوئیں کی کھدائی کے دوران چھیاسی آوان بم برآمد کیے گئے تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کھدائی کے دوران گولیاں اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جو ایم کیوایم لندن کے شرپسندوں نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر چھپایا تھا۔