Tag: ناظم جوکھیو

  • ناظم جوکھیو کی بیوہ نے شوہر کے قاتلوں کو معاف کردیا

    ناظم جوکھیو کی بیوہ نے شوہر کے قاتلوں کو معاف کردیا

    کراچی : ناظم جوکھیو کی بیوہ نے شوہر کے قاتلوں کو معاف کردیا اور کہا میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا، اسی وجہ سے کیس سے پیچھے ہٹ رہی ہوں‌۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے شوہر کے قتل میں ملوث لوگوں کو چھوڑنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہا میں کیس لڑنا چاہتی تھی لیکن میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا، میں اس لیےکیس نہیں لڑ پارہی۔

    ،شیریں جوکھیو کا کہنا تھا کہ مجھے سب نے اکیلا کردیا ہے، میں اپنے بچوں کی وجہ سے مجبور ہوں، میری مجبوری کوئی نہیں سمجھ سکتا، میں اسی مجبوری کی وجہ سےکیس سے پیچھے ہٹ رہی ہوں‌۔

    میری مجبوری وہی سمجھ سکتا ہے جو بال بچوں والا ہوگا، جس وقت سے گزر رہی ہوں اللہ نہ کرے کسی پر آئے، میری کوئی لالچ نہیں ہے اور نہ ہی مجھے کوئی آفر ملی ہے، میرا فیصلہ اللہ تعالیٰ بہتر کریں گے۔

    سندھ ہائی کورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی ، وکلا نے بیان میں کہا کہ ناظم جوکھیو کی بیوہ نےملزمان جام اویس اور جام عبدالکریم کومعاف کردیا ، معافی نامہ اورمعاہدہ جلد پیش کردیں گے۔

    عدالت نے ملزمان سالار، دھنی اوردیگر کی عبوری ضمانت میں 11اپریل تک توسیع کردی، ملزمان ملیر کورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر فرار ہوگئے تھے۔

  • کابینہ نے ناظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم کی منظوری دے دی

    کابینہ نے ناظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کابینہ نے ناظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ٹیم کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ناظم جوکھیو کو میمن گوٹھ کراچی میں قتل کیا گیا تھا، سب کو پتا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں قاتلوں کو بچانے کے لیے کیا کیا نہیں کیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان سے 2 ملزمان کی اٹلی حوالگی کی کابینہ نے منظوری دی ہے، پاکستان سے ملزم محمد عثمان کی یو اے ای حوالگی کی کارروائی کی بھی منظوری دی گئی۔

    انھوں نے کہا ارکان پارلیمنٹ کے لیے ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے کا حکم دیا گیا ہے، سیاست دان ہی ہیں جن کے ٹیکس گوشوارے سامنے آتے ہیں، باقی کسی شعبے سے ٹیکس گوشواروں کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آتا، سیاست دانوں اور ان کے خاندان کے اثاثے سب ہمارے سامنے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا قومی سلامتی پالیسی کو پہلی بار معاشی صورت حال سے منسلک کیا گیا ہے، پالیسی کے ذریعے عام آدمی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، ماضی میں پالیسی منظور نہ ہونے کی وجہ مختلف نظریات کا یک جا نہ ہونا تھا، 2014 میں اس پالیسی پر کام شروع کیا گیا تھا، 2021 میں اس کی منظوری ہوئی، پالیسی کی منظوری میں تقریباً 9 سال لگے۔

    ناظم جوکھیو قتل کیس میں بڑی پیش رفت، وکیل مدعی کے اہم اعتراضات

    انھوں نے کہا جب تک عام آدمی معاشی، سماجی اور قانونی حالت سے مطمئن نہیں ہوگا، ملک کی سیکیورٹی کو خطرہ لاحق رہے گا، قومی سلامتی پالیسی کی منظوری عمران خان کی قیادت میں ممکن ہوئی، 18 مختلف وزارتوں کا ان پٹ اس میں شامل ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا نیشنل سیکیورٹی پالیسی کے ساتھ انٹرنل پالیسی اور فوڈ سیکیورٹی پالیسی سمیت دیگر وزارتوں کی پالیسیاں بھی منسلک ہیں، کابینہ کو یوریا کی پیداوار پر بریفنگ دی گئی، اس وقت پاکستان میں زرعی شعبہ حکومت کی اہم ترجیح ہے، گزشتہ دو سالوں میں زرعی پیداوار میں بے پناہ کامیابیاں ملی ہیں، ہماری کپاس، گنے اور چاول، گندم اور مکئی کی فصلوں کی پیداوار میں بہتری آئی ہے۔

    فواد چوہدری کے مطابق گندم، چاول اور گنے کی تاریخی پیداوار ہوئی ہے، 1100 ارب روپے اضافی زرعی شعبہ میں گیا، رورل سیکٹر میں ٹریکٹرز، موٹر سائیکلز، زرعی ادویات کی خریداری میں اضافہ ہوا، کھاد کا ایک بحران پیدا ہوا، عالمی منڈی میں ڈی اے پی کی قیمت تقریباً بارہ ہزار روپے پر چلی گئی، ڈی اے پی پاکستان نہیں بناتا، 70 فیصد سے زیادہ درآمد کی جاتی ہے۔

    انھوں نے کہا گیس کے بحران کے باوجود ہم نے یوریا پلانٹس کو گیس فراہم کی، اس سال پاکستان میں یوریا کی تاریخی پیداوار ہوئی، عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت 10500 روپے کے لگ بھگ ہے، پاکستان میں یوریا کی قیمت 1700 روپے سے 1900 روپے کے درمیان ہے، عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پاکستان میں یوریا کی قلت کئی جگہوں پر محسوس ہوئی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا ہمارے پاس یوریا کا ذخیرہ موجود ہے، قیمت بھی مستحکم ہے، پیداوار بھی ٹھیک ہے لیکن کچھ جگہوں پر ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں ،ایک ٹرک یوریا اسمگل ہو تو تقریباً 80 لاکھ روپے تک بچائے جا سکتے ہیں، پنجاب حکومت سے کابینہ نے کہا ہے کہ یوریا کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ پر بھرپور کارروائی کرے۔

    انھوں نے کہا یوریا کی مصنوعی قلت پر قابو پا لیا جائے گا، اڑتالیس گھنٹوں میں واضح بہتری آ جائے گی۔

  • ناظم جوکھیو کے بھائی   نے  تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

    ناظم جوکھیو کے بھائی نے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا

    کراچی : ناظم جوکھیو قتل کیس میں تفتیشی افسر نے ناظم جوکھیو کے بھائی افضل جوکھیو کو بیان کیلئے خط لکھ دیا، جس پر افضل جوکھیو نے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس میں تفتیشی ٹیم نے تحقیقات مزید تیز کردیں ، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی غیر ملکی کی آمد کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں ، گاڑی کس کے نام تھی ،ابھی تک ڈیٹا نہیں ملا۔3

    اس حوالے سے تحقیقاتی ٹیم کے تفتیشی افسر نے افضل جوکھیو کو بیان کیلئے خط لکھا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ افضل جوکھیو نے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرا بیان 7 نومبر کو قلم بند ہوچکا ، مزید بیان جےآئی ٹی کے سامنے ریکارڈ کراؤں گا۔

    گذشتہ روز ناظم جوکھیو قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی تھی ، پولیس کو مقتول کا موبائل فون اور کپڑے کنویں سے مل گئے تھے، جس کے بعد تحقیقاتی ٹیم نے موبائل ڈیٹا کی مدد سے تفتیش تیز کردی۔

    بعد ازاں ناظم جوکھیو قتل کیس میں جام اویس کے گارڈز کے بیانات سامنے آئے تھے، جس میں ملزمان نے مقتول پر تشدد کا اعتراف کیا اور موت کی ممکنہ وجہ بھی بتائی تھی۔

  • ناظم جوکھیو قتل کیس: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    ناظم جوکھیو قتل کیس: ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

    کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس میں ڈاکٹرز نے پولیس حکام کو ابتدائی طور پر موت کی وجہ بتادی۔

    ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ناظم جوکھیو کے جسم پر جابجا تشدد کے نشانات موجود ہیں، سر کے پچھلے حصے میں بھی چوٹ کے نشانات ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناظم جوکھیو کے سر کے پچھلے حصے پر خون کا لوتھڑا جمع ہوا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ان کی موت سر پر ڈنڈا لگنے سے ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: ناظم جوکھیو قتل کیس : شکار کھیلنے والے 2غیر ملکی بھی ملزمان کی فہرست میں شامل

    ڈاکٹرز نے پولیس حکام کو بتایا کہ حتمی وجہ موت قرار دینے کے لیے کیمیکل اور پیتھالوجیکل رپورٹس کا انتظار ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کیمیکل اور پیتھالوجیکل نمونے کراچی یونیورسٹی بھیجے گئے ہیں، رپورٹس آنے کے بعد حتمی طور پر رپورٹ جاری کردی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس بھی زیر حراست ہیں۔

  • ناظم جوکھیو کا قتل: ’بلاول صاحب یہ کیا ہورہا ہے؟‘

    ناظم جوکھیو کا قتل: ’بلاول صاحب یہ کیا ہورہا ہے؟‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل ناحق پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اندرون سندھ سے سوشل میڈیا پر واقعات جس تواتر سے آرہے ہیں لگتا ہے سندھ میں قانون کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل ہو، طاقتور لوگوں کے شکار کی ویڈیو اور اب لاچار عورت کا قتل، بلاول صاحب یہ کیا ہو رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ آپ کے قریبی لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، اس طرح انسانیت کو مت روندیں۔

    یاد رہے کہ جامشورو کارو جبل کے علاقے میں مقامی شہری ناظم جوکھیو نے غیر ملکی افراد کی گاڑی کی ویڈیو بنائی تھی جو شکار کرنے وہاں آئے تھے۔ بعد ازاں صوبائی رکن اسمبلی جام اویس نے ناظم جوکھیو کو اپنے ڈیرے پر بلا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت ہوگئی۔

    نوجوان ناظم جوکھیو کے قتل کے خلاف لواحقین نے گزشتہ روز گھگھر پھاٹک کے قریب دھرنا دیا تھا، دھرنے کے باعث نیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگیا تھا۔

    آج صبح رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کردیا ہے۔