Tag: ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

  • خاور مانیکا اور ان کے بیٹے کے وارنٹ گرفتاری جاری

    خاور مانیکا اور ان کے بیٹے کے وارنٹ گرفتاری جاری

    ساہیوال : اسپیشل جج اینٹی کرپشن نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا اور بیٹے کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں اراضی قبضہ کیس میں خاور مانیکا اور ان کے بیٹے موسیٰ مانیکا کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے گئے۔

    اسپیشل جج اینٹی کرپشن آصف بشیر نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور بشریٰ بی بی کے سابق شوہر اور ان بیٹے کو گرفتار کر کے9 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے 11 اگست 2023 کو بشریٰ بی بی کے سابق شوہر اور بیٹوں کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

    بشریٰ بی بی کے سابق شوہر اور دونوں بیٹوں پر اراضی پرقبضہ کرکے مارکیٹ تعمیر کرنے کا الزام ہے، مارکیٹ تعمیر کرکے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچایا گیا۔

  • سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس : اہلیہ سمعیہ ارشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس : اہلیہ سمعیہ ارشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    اسلام آباد : سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے عدم پیشی پر ارشد شریف کی اہلیہ سمعیہ ارشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے ارشد شریف کی اہلیہ سمعیہ ارشدکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے ارشد شریف کے پروگرام پروڈیو سر علی عثمان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے، عدم پیشی پر ارشد شریف کی اہلیہ اور پروڈیوسر علی عثمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔

    ارشد شریف کی اہلیہ، بیٹا اور پروڈیوسر علی عثمان سمیت انیس افراد گواہان میں شامل ہیں۔

    دوسری جانب ارشد شریف کی فیملی سرکار کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کو پہلے ہی رد کرچکی ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے سرکار نے ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر اپنی مدعیت میں درج کی، ہماری درخواست پر درج نہیں کی گئی۔

    ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔

    خیال رہے کہ ارشد شریف کو گزشتہ سال تئیس اکتوبر کو کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر پولیس نے سر پر گولی مار کر قتل کر دیا تھا، بعدازاں پولیس کی جانب سے واقعہ غلط شناخت کا قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ ارشد شریف کے قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کو بغیر احتساب نوکری پر بحال کر دیا گیا جبکہ دو کو ترقی بھی دے دی گئی۔

  • پی ٹی وی اورپارلیمنٹ حملہ کیس، وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی  کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    پی ٹی وی اورپارلیمنٹ حملہ کیس، وزیراطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ، ناقابل ضمانت وارنٹ مسلسل عدم حاضری پر جاری کئے گئے۔

    اے آر وائی کے نمائندے شاہ خالد کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالت نے وزیر اطلاعات خیبر پختونخواہ شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، ناقابل ضمانت وارنٹ مسلسل عدم حاضری پر جاری کئے گئے۔

    عدالت نے شوکت یوسفزئی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کے 26 کارکنوں کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین ، اسد عمر اور شفقت محمود نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس کے بعد عدالت نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔

    صدر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کی بریت کی درخواستوں پر بحث نہ ہو سکی، بعد ازاں کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی۔

    واضح رہے کہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ مل کر 126 دن کا دھرنا دیا تھا، دھرنے کے دوران پی ٹی وی کے دفتر اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔

    بعد ازاں عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر 2014 کے دھرنے کے دوران 4 مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی وی کے دفتر، پارلیمنٹ اور ایس ایس پی تشدد سمیت لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ شامل تھا۔

    سنہ 2014 میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران عمران خان اور تحریکِ انصاف کے رہنماء عارف علوی کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو منظرِ عام پر آ ئی تھی ‘ جس میں عمران خان مبینہ طور پر حملہ کرنے کا کہہ رہے تھے۔