Tag: ناقص مٹیریل

  • درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے: نصرت سحر عباسی

    درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے: نصرت سحر عباسی

    کراچی: فنکشنل لیگ کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ میں درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فنکشنل لیگ سے تعلق رکھنے والی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے حکومت پر الزام لگایا کہ درگاہوں کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کر کے کمیشن کھایا جاتا ہے۔

    نصرت سحر نے کہا ’درگاہوں کی تعمیر میں کمیشن لے کر ٹھیکے داروں کو کام دیا جاتا ہے، اندر کی سب خبریں ہیں، معلوم ہے کہ کیا ہو رہا ہے، حکومت نے صوبے کے 18 ملین روپے خرچ کردیے لیکن کام نہیں ہوا۔‘

    دریں اثنا، سندھ اسمبلی میں دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، اراکین نے شور شرابا کیا، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف

    پی ٹی آئی رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے اجلاس میں کہا کہ اسمبلی میں اپوزیشن کی بات سنی جائے گی تو جمہوریت بہتر ہوگی۔

    انھوں نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اپوزیشن کے اٹھائے عوامی مسائل دبانا چاہتی ہے، پی پی اسپیکر کا سہارا لے کر ہماری آواز دبا رہی ہے، یہ کہتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کرنے والوں کو انھوں نے توڑ دیا، ایسی بات ہے تو میں بھی کہنے میں بجا ہوں پی پی نے ملک توڑا ہے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ نیب اور اینٹی کرپشن والے تمہارے گھروں پر آتے ہیں، پیپلز پارٹی والوں نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے، معتبر سیٹ پر بیٹھ کر کوئی شخص معتبر نہیں ہو جاتا۔

  • خورشید شاہ سکھر میں سڑک کی ناقص مٹیریل سے تعمیرپربرہم

    خورشید شاہ سکھر میں سڑک کی ناقص مٹیریل سے تعمیرپربرہم

    سکھر :ـ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے سکھر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اورغیر معیاری  تعمیراتی کاموں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے سکھر کے مختلف علاقوں کااچانک دورہ کیا، اس موقع پر محکمہ ہائی ویز کے چیف انجینئر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    انہوں نے سکھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے زیرتعمیر سڑکوں پرعدم اطمینان کا اظہار کیا، خورشید شاہ نے ایک جگہ گاڑی رکوائی اور سڑک پر ڈالے گئے بڑے سائز کے پتھر دیکھ کر شدید برہم ہوئے اور چیف انجینئر کا ہاتھ پکڑ کر انہیں پتھر اٹھا اٹھا کر دکھاتے رہے جبکہ شدید غصے کے عالم میں پتھر اٹھا اٹھا کر بھی پھینکتے رہے۔

    خور شید شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیرتعمیر سڑک میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چیف انجینئر سے کہا کہ بد عنوان ٹھیکیداروں اور افسران کی کرپشن کی وجہ سے سندھ حکومت بدنام ہو رہی ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ 35 کروڑ روپے کا پراجیکٹ ہے جسے لاوارث نہیں چھوڑ سکتے۔ سکھر کے مختلف علاقوں میں 4 ارب روپے کے کام جاری ہیں جن سے مطمئن نہیں ہوں۔

    انہوں نے مذکورہ سڑک کی از سر نو تعمیر کا حکم دیا،اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سمیت ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔