Tag: نالوں کی صفائی

  • ‌‌کراچی میں نالوں کی صفائی کیلئے1 ارب روپے مانگ لیے گئے

    ‌‌کراچی میں نالوں کی صفائی کیلئے1 ارب روپے مانگ لیے گئے

    کراچی : شہر قائد میں نالوں کی صفائی کیلئے 1 ارب روپے مانگ لیے گئے تاہم محکمہ خزانہ نے سمری اعتراض لگا کر واپس کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ نے حکومت سے نالوں کی صفائی کیلئے 1 ارب روپے مانگ لیے۔

    محکمہ خزانہ نے محکمہ بلدیات کی سمری پر اعتراض لگادیے اور کہا کے ایم سی اورڈی ایم سیز کے بجٹ میں پہلے ہی 15 فیصد رقم بڑھائی تھی اور گزشتہ سال نالوں کی صفائی کے لیے 63 کروڑ روپے دیے تھے۔

    محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ راستوں کی مرمت ، تعمیر کیلئےڈیڑھ ارب بھی دیےگئے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیزنالے اپنےوسائل سے صاٖف کراسکتےہیں۔

    محکمہ بلدیات کی1ارب روپے کی سمری پر محکمہ خزانہ نے اعتراض لگا کر واپس کردیا اور کہا مالی مشکلات ہیں مزید1ارب دینے سے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

  • کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: برساتی نالوں کی صفائی جاری، ٹنوں کچرا نکالا گیا

    کراچی: مون سون بارشوں کی آمد سے قبل شہر قائد کے برساتی نالوں کی صفائی کا جاری ہے، لاکھوں کیوبک فٹ کچرا نکال کر لینڈ فل سائٹس میں منتقل کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی نالوں کی صفائی مہم جاری ہے، سیکریٹری بلدیات کا کہنا ہے کہ 14 دنوں میں 2 لاکھ کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکال لیا۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ 2 ہزار 773 ڈمپرز میں فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا، جام چاکرو لینڈ فل سائٹ تک نالوں سے نکالا جانے والا کچرا 12 سو سے زائد ڈمپرز میں منتقل کیا گیا۔

    ضلع غربی کے برساتی نالوں سے 4 لاکھ 69 ہزار کیوبک فٹ فضلہ، ڈسٹرکٹ ایسٹ سے 1 لاکھ 31 ہزار 515 کیوبک فٹ کچرا اور بلدیہ وسطی سے 5 لاکھ 99 ہزار 450 کیوبک فٹ برساتی فضلہ لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا۔

    بلدیہ ملیر سے 99 ہزار 500 کیوبک فٹ فضلہ 160 ڈمپرز کے ذریعے منتقل کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ کورنگی سے 1 لاکھ 24 ہزار 539 کیوبک فٹ کچرا منتقل کیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ سے 5 لاکھ 74 ہزار 295 کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا۔

    سیکریٹری بلدیات کا مزید کہنا ہے کہ جلد ہی برساتی نالوں کی مکمل صفائی کا عمل تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

  • کراچی میں نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ

    کراچی میں نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ

    کراچی: شہر قائد میں نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا، ایسی تجاوزات جہاں پر رہائش نہیں انھیں پیر سے ہٹایا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ آج سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر تعلیم سعید غنی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، وفاقی حکومت کی جانب سے اسد عمر، علی زیدی، امین الحق، جب کہ اسلام آباد سے ویڈیو لنک پر چیئرمین این ڈی ایم اے اور سیکریٹری پلاننگ نے شرکت کی۔

    ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اجلاس میں کراچی کے نالوں کی صفائی پر بات چیت ہوئی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ نالوں پر بنی تجاوزات ہٹائی جائیں، جہاں لوگ رہائش پذیر ہیں ان کے لیے متبادل رہائش کا بندوبست کیا جائے گا۔

    سندھ میں وفاق کی جانب سے جاری کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت

    وزیر بلدیات نے بتایا کہ سندھ حکومت نے جامشورو سیہون سیکشن پر کام کی سست رفتاری کی نشان دہی کی، اس سیکشن کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت 7 ارب وفاق کو دے چکی ہے، جس کے بعد اجلاس میں جامشورو سیہون سیکشن پر کام تیز کرنے کا فیصلہ ہوا۔

    انھوں نے کہا کے بی فیڈر کی لائننگ کا مسئلہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا، جس سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیڈر کی لائننگ کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • کراچی میں نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے سے سندھ حکومت کو دینے کی استدعا مسترد

    کراچی میں نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے سے سندھ حکومت کو دینے کی استدعا مسترد

    کراچی : سپریم کورٹ نے کراچی میں نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے سے سندھ حکومت کو دینے کی استدعامسترد کردی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 3،2نالے صاف کرکے آپ کہتے ہیں کراچی کا مسئلہ حل ہوگیا ؟

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کراچی کے نالوں کی صفائی سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ 30 اگست تک موقع دیں نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے، ہم ریکارڈ لے آئے ہیں، نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔

    سیکریٹری بلدیات نے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی، جس میں بتایا گیا گجر نالے میں 50فیصد ،سی بی ایم میں20فیصدصفائی ہوچکی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر صفائی ہوگئی تھی تو پانی کیسے آیا ؟جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ بارش ہوتی ہے تو پانی تو آتا ہے توچیف جسٹس نے کہا یہ تو ایسا ہی کام ہوتا ہے جیسا ہر جگہ ہوتا ہے ۔

    ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے اچھا کام ہورہا ہے ، جس پر چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ مطلب ورلڈ بینک کا پیسہ بھی گیا ، ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ تصاویر 3اگست تک کی ہیں رپورٹ 11اگست تک ، سی ایم نے یقین دلایا 30اگست تک صفائی مکمل ہوجائے گی۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا تو آپ این ڈی ایم اے سےملکرکام کرلیں کیامسئلہ ہے ؟ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ سندھ حکومت کام کررہی ہے 30اگست تک کام مکمل ہوگا ، ایم ڈی ایم اے مشینری بھی ہماری استعمال کرے گی، ایڈ ووکیٹ جلیبر بھی ہماری، ان کا صرف سپروائزر کھڑا ہوگا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ رپورٹ لے کر آئےہیں اس کا مطلب کچھ ہوا ہے کل ، اصل مسئلہ یہ ہے ورلڈ بینک کی فنڈنگ خطرے میں پڑ گئی ہے ،کل ورلڈ بینک پوچھ لے کہ یہ این ڈی ایم اے کون ہے ؟ آپ بتائیں اس سے پہلے کون سا فنڈ صحیح استعمال ہوا ہے ؟ 5تصویریں پیش کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں ؟

    جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ کراچی کی ساڑھے 3کروڑ کی آبادی ہے ، 3،2نالے صاف کرکے آپ کہتے ہیں کراچی کا مسئلہ حل ہوگیا ؟ آپ چاہتے ہیں این ڈی ایم اے کو روک دیا جائے ؟ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا صرف 30اگست تک موقع دیں سی ایم نے یقین دلایا ہے کہ ہوجائے گا۔

    سپریم کورٹ نے کراچی میں نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے سے سندھ حکومت کو دینے کی استدعامسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

  • نالوں کی صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے، ناصر حسین شاہ

    نالوں کی صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نالوں کی صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا۔سیکریٹری بلدیات نے ناصر حسین شاہ کو صورت حال پر بریفنگ دی۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے چوک پوائنٹس پر توجہ دی جائے،شہرکی مجموعی صورت حال بہت بہتر ہے۔

    وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے، جہاں بارش کا پانی جمع ہے وہاں بلدیاتی عملہ نکاسی کے لیے موجود ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کرنٹ لگنے اور دیگرحادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، کرنٹ لگنے کے واقعات گلشن حدید، لانڈھی اور گارڈن میں پیش آئے تھے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ میں 78.5 ملی میٹر اور سرجانی میں 68.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • کراچی کا ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نذر ہورہا ہے،  وسیم اختر

    کراچی کا ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نذر ہورہا ہے، وسیم اختر

    کراچی : ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا ہے  کہ کراچی کا ترقیاتی بجٹ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد میئر کراچی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارشیں ہوگئیں تو شہر ڈوب جائے گا اور اس کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 30 برس میں نالوں کی صفائی نہیں کروائی گئی  بلکہ صفائی کرنے والے ٹھیکیداروں کی دو  کروڑ روپے کی رقم سندھ حکومت سے گزشتہ سال  منظور کروائی گئی مگر تاحال اس رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

    سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ جو لوگ محکمہ بلدیات چلارہے ہیں انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا نام بھی نہیں سنا ہوگا، بغیر رقم کی ادائیگی کے نالے صاف نہیں ہوسکتے۔

    اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیشکش کی کہ اگر حکومت کو شہر میں انتظامات چلانے میں مشکلات یا دشواریوں کا سامنا ہے تو ہمارے منتخب اراکین شہر کی صفائی ستھرائی اور خدمت کے لیے تیار ہیں۔