Tag: نالہ لئی

  • وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی

    وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی

    راولپنڈی: وزارت داخلہ پنجاب نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں وزارت داخلہ نے نالہ لئی کے اطراف دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی، دفعہ 144 کا نفاذ کل سے 30 دنوں کے لیے کیا گیا ہے۔

    نالہ لئی اور چھوٹے نالوں میں کسی بھی قسم کا کوڑا ڈمپ کرنے پر پابندی ہوگی، جس کی خلاف ورزی پر مقدمے کا اندراج ہوگا اور فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    144 کا نفاذ محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے، واسا نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دفعہ 144کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے واسا کی سفارش پر وزارت داخلہ پنجاب کو دفعہ 144 کے نفاذ کی درخواست کی۔

  • عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے: شیخ رشید

    عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے، یہ سال بلدیاتی انتخابات کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب کے لیے صحت سب سے اہم مسئلہ ہے، مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال 28 فروری تک فعال کر کے دیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں اگلا الیکشن لڑیں گے، یہ سال بلدیاتی انتخابات کا ہے، نواز شریف آتا ہے تو آئے نہ آئے تو فرق نہیں پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں قبضہ گروپ زیادہ مضبوط ہے، میں نے اس شہر میں کسی قبضہ گروپ کو قبضہ کرنے نہیں دیا۔ 50 سال میں اس شہر میں کسی بدمعاش کو سر اٹھا کر چلنے نہیں دیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ منصوبہ بھی انشا اللہ مکمل ہوجائے گا، نالہ لئی کے ٹینڈر ہوجائیں یہ پہلا پرائیویٹ پراجیکٹ ہوگا۔

  • نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی: عثمان بزدار

    نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی: عثمان بزدار

    راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی وہاں موجود رہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    انہوں نے نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لیے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو رویہ نالہ لئی روڈ وے پر یوٹیلٹی کوریڈور بھی بنائے جائیں گے، کٹاریاں پل سے براستہ عمار چوک 16 کلو میٹر طویل نالہ لئی تعمیر کیا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ نالہ لئی کے لیے 2 ہزار 750 کنال اراضی حاصل کی جارہی ہے، نجی اشتراک سے سینکڑوں ڈمپرز کے ذریعے نالہ لئی کی صفائی کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ نالہ لئی اور ایکسپریس وے منصوبے پر 85 ارب روپے لاگت آئے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نالہ لئی روڈ وے پر 4 انٹر چینج بنائے جائیں گے، نالہ لئی روڈ وے بننے سے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔

    وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی بر وقت صفائی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، عثمان بزدار کا یہ کام راولپنڈی کے لوگوں کے لیے بہت اچھا اقدام ہے، وزیر اعلیٰ عوامی خدمت کا حق ادا کر رہے ہیں۔

  • سابق حکمران اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں: شیخ رشید

    سابق حکمران اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اللہ کی طرف سے سابق حکمران پکڑ میں آچکے ہیں، انہوں نے جو مال لوٹا ہے ان کے کام نہیں آ رہا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگ کو مروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد گوالمنڈی پل پر پہنچ گئے، شیخ رشید نے نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے سمیت مون سون کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نالہ لئی گند کی جگہ نہیں، نالہ لئی زحمت ہے یہ رحمت بنے گا۔ سیلاب سے متعلق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے، پی سی ون بن گیا فنڈز کے لیے وزیر اعظم کو کہا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے سیلاب سے 2 گھنٹے پہلے الارمنگ سہولت مل جائے، تجاوزات سے متعلق بھی سی او کارپوریشن سے بات کی ہے۔

    سیاسی مخالفین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ کی طرف سے یہ پکڑ میں آچکے ہیں، انہوں نے جو مال لوٹا ہے ان کے کام نہیں آ رہا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگ کو مروا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کوشش ہے ان کی اور ان کے بیٹے کی بچت ہوجائے، 90 دن میں بڑے بڑے لوگ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

  • وزیر اعظم نے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا

    وزیر اعظم نے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا

    اسلام آباد: ہر سال بارشوں میں راولپنڈی کو سیلاب میں ڈبو دینے والے نالہ لئی کے منصوبے کا کام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر ریلوے کو منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا فوکل پرسن مقرر کردیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق شیخ رشید فلڈ چینل پروجیکٹ کے بھی فوکل پرسن ہوں گے۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ نالہ لئی منصوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔ پرویز مشرف کے بعد حکومتوں نے نالہ لئی منصوبہ روک دیا تھا۔

    ترجمان نے مطابق نالہ لئی منصوبے کی ابتدائی لاگت 18 ارب روپے تھی، منصوبے کے تحت نالہ لئی کے دونوں اطراف سگنل فری سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ نالہ لئی منصوبے سے جڑواں شہروں میں ٹریفک مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نالہ لئی منصوبے سے راولپنڈی میں سیلاب کی بھی روک تھام ہوسکے گی۔

    خیال رہے کہ راولپنڈی میں واقع نالہ لئی بارشوں کے موسم میں بھر جاتا ہے اور نالے میں طغیانی آجاتی ہے جس کے باعث پانی سیلابی صورت میں آس پاس کی آبادیوں میں داخل ہوجاتا ہے۔

  • راولپنڈی: طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب

    راولپنڈی: طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے نالہ لئی میں طوفانی بارشوں کے بعد پانی کی سطح 18 فٹ تک پہنچ گئی۔ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں طوفانی بارش کے بعد شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ نالہ لئی میں پانی خطرے کے نشان سے بلند ہوگیا جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    ڈھوک کالا خان میں نالے کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

    نشیبی علاقوں میں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے فوج کی امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ راولپنڈی شہر میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

    واسا کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے کہ ملک میں جاری مون سون بارشوں نے مختلف شہروں میں تباہی مچا دی ہے۔ بارش کے باعث صوبہ پنجاب کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ وقت تک جاری رہے گا جس کے بعد سیلابی صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔