Tag: نامعلوم شخص

  • نامعلوم شخص دو بچوں کی ماں پر تیزاب پھینک کر فرار

    نامعلوم شخص دو بچوں کی ماں پر تیزاب پھینک کر فرار

    ڈسکہ کے محلہ فضل پورہ کے ایک گھر میں گھس کر نامعلوم شخص دو بچوں کی ماں کے چہرے پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 35 سالہ 2 بچوں کی ماں شمیم گھر میں اکیلی تھی نامعلوم شخص جس نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے سر پر ہیلمٹ پہنا ہوا تھا گھر میں گھس آیا اور شمیم کے چہرے پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزاب کی وجہ سے شمیم کا چہرہ بری طرح جھلس گیا، ریسکیو 1122 کے ریسکیورز نے فوری پہنچ کر ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال منتقل کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں طبی امداد جاری ہے، سمبڑیال پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفصیلات تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ملزم کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/tank-2-brothers-killed-in-shooting/

  • نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    ساؤ پاؤلو: برازیل میں آدھی رات کے وقت نامعلوم شخص نے سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا دی، حملے کا شکار شخص اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

    یہ ہولناک واقعہ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیش آیا۔ سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بے گھر شخص ایک گتے کے ڈبے میں سڑک کنارے سو رہا ہے، اس دوران ایک نامعلوم شخص اس کے قریب آکر اس پر آتش گیر مادہ پھینک کر فرار ہوجاتا ہے۔

    بے گھر شخص زمین پر رینگ کر آگ سے دور بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس دوران قریب سے گزرنے والی گاڑیوں سے 2 افراد اتر کر آگ بجھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

    حادثے کا شکار شخص کی شناخت کارلوس رابرٹو کے نام سے ہوئی جبکہ اس کی عمر39 سال ہے۔

    کارلوس کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم اس کا جسم 70 فیصد جھلس چکا تھا اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس نے دم توڑ دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اس کی پشت، ٹانگیں اور چہرہ تھرڈ ڈگری برن کا شکار ہوا۔

    پولیس کو جائے وقوع سے فیول کے گیلن بھی ملے ہیں، مزید تفتیش کے لیے پولیس علاقے کے مزید سرویلنس کیمرے بھی چیک کر رہی ہے۔

    قریب رہنے والے افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گزشتہ ایک سال سے یہیں پڑاؤ ڈالے ہوا تھا۔ لوگ آتے جاتے ہوئے اسے کبھی کبھار کچھ کھانے پینے کو دے دیا کرتے تھے۔

  • میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    نئی دہلی : بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما نرسہما راؤ پر دوران پریس کانفرنس نامعلوم شخص نے جوتا دے مارا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ان دنوں لوک سبھا کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ہندوستان کی شدت پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے الیکشن میں کارکنان و عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک مہم ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ شروع کررکھی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رہنماؤں کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس مہم پر عوام شدید و عجیب احتجاج کریں گے، آج صبح ایک نامعلوم شخص نے یہ کہتے ہوئے ’میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ بھارتی رکن پارلیمنٹ و رہنما بھارتیہ جنتا پارٹی نرسہما راؤ کو جوتا دے مارا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نرسمہا راؤ کو جوتا اس وقت پڑا جب وہ مالےگاؤں دھماکے کے ملزم سدھوی پراگیا کی بی جے پی میں شمولیت پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے میں (آج) ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

  • مانچسٹر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی

    مانچسٹر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ، دو بچوں سمیت 10 افراد زخمی

    لندن : برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نامعلوم شخص نے کیریبئین کارنیول کی تقریب کے لیے جمع ہونے ہجوم پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے علاقے موس سائیڈ پر واقع کلئیر ماؤنٹ روڈ پر نامعلوم شخص کی جانب سے سڑک پر موجود ہجوم پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک ہجوم پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہ برطانوی سماجی کارکن ایرینا بیل کا کہنا ہے کہ شہریوں پر فائرنگ کرنے والا شخص لوگوں پر پیلٹ بندوق سے گولیاں برسا رہا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہجوم کیریبئین کارنیول کی مناسبت سے جمع ہوئے تھے جن پر نامعلوم شخص نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال کے پیش نظر جائے وقوقہ پر  اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی جگہ پر درجنوں افراد موجود تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کے علاقے سیلسبری میں قائم عسکری ساز وسامان تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں موسکو 17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، جہاں اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔