Tag: نانبائی

  • نانبائیوں نے روٹی کی قیمت 15 روپے کرنے کا عندیہ دے دیا

    نانبائیوں نے روٹی کی قیمت 15 روپے کرنے کا عندیہ دے دیا

    پشاور: آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے نانبائیوں نے غریب عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کی دھمکی دے دی، ایک روٹی کی قیمت15روپے کرنے کا عندیہ سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق نانبائیوں کا کہنا ہے کہ آٹا مہنگا ہوگیا اب 10روپے کی روٹی نہیں بیچ سکتے، پنجاب نے آٹے کی سپلائی بند کی ہے، قیمتیں مزید بڑھیں گی، حکومت نے ہمارے مطالبات نہیں مانے تو پیر سے ہڑتال کریں گے۔

    واضح رہے کہ آٹا چکی ایسوسی ایشن نے قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد چکی آٹے کی قیمت 64 روپے سے 70 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

    آٹا مہنگا ہوتے ہی وزیراعظم نے ایکشن لے لیا

    قیمت میں پہلے بھی 4 روپے اضافہ کیا گیا تھا، چکی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ سے گندم 2 ہزار روپے فی من ملتی ہے، فلور ملز کو وہی گندم 1350 روپے میں فراہم کی جاتی ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو قیمتوں میں کمی کیلئے ٹاسک سونپ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے کے معاملے پر دو رکنی کمیٹی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ کے پی محمود خان سے مشاورت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • کے پی ماڈل کے برعکس کمشنر کراچی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل میں ناکام

    کے پی ماڈل کے برعکس کمشنر کراچی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل میں ناکام

    کراچی: خیبر پختون خوا کے ماڈل کے برعکس کراچی میں کمشنر افتخار شالوانی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد نان بائیوں سے بھی کمشنر کراچی سرکاری نرخوں کی تعمیل نہ کرا سکے، نان بائیوں نے پر پرزے نکال لیے، کمشنر کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے من مانے نرخوں پر روٹی فروخت کرنے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، کمشنر نے 14 جنوری کو وزن کے لحاظ سے روٹی کی قیمت 8 تا 10 روپے مقرر کی تھی، تاہم نان بائیوں نے مقرر کردہ نرخوں کا نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا، سرکار کے مقرر کردہ نرخ نان بائیوں کی فہرست میں شامل ہی نہیں، فروخت کی جانے والی روٹیوں کا وزن بھی مقرر کردہ حد سے کم ہے۔

    پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 120 گرام پیڑے کا تندوری نان 10 جب کہ 110 گرام پیڑے کی تندوری روٹی یا چپاتی 8 روپے کی ہوگی، جب کہ یہ حکم بھی دیا گیا تھا کہ نئی جاری کردہ سرکاری قیمت دکانوں اور تندوروں پر آویزاں کی جائے گی۔

    کراچی کے نان بائی روٹی کی نئی قیمتوں کی تعمیل نہیں کر رہے ہیں، روٹیوں کا وزن بھی کم ہے اور شہریوں سے دام بھی زیادہ لیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں دودھ فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیے تھے، اور دودھ تاحال من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ جب کہ دوسری طرف خیبر پختون خوا میں روٹی کے وزن اور قیمت کے سرکاری نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا ہے۔

  • پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دار الحکومت پشاور میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن عروج پر ہے، پچاس سے زاید نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے 69 نان بائی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے نان بائیوں کو 15 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈی سی کے احکامات ہیں جو نان بائی 190 گرام سے کم روٹی فروخت کرے گا وہ جیل جائے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مختلف علاقوں سے 22 نان بائی گرفتار کر لیے تھے۔

    ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پشاور میں 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کی گئی ہے، نان بائیوں کو اس کی تعمیل کرنی ہوگی ورنہ جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  تذکرہ پشاور کے قہوہ خانوں کا

    واضح رہے کہ جمعے کے دن ضلعی انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن میں کام یاب مذاکرات کے بعد پشاور شہر میں نان بائیوں نے ہڑتال ختم کر دی تھی اور تمام تندور کھل گئے تھے۔

    اس موقع پر صدر نان بائی ایسوسی ایشن اقبال یوسف زئی نے کہا کہ تندوری پراٹھے کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے، 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

    دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ اب روٹی کا وزن کم کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    پشاور کے نان بائیوں کا مطالبہ تھا کہ آٹے کی فی بوری 600 روپے اضافے کے ساتھ فروخت ہو رہی ہے جو انھیں بہت مہنگی پڑ رہی ہے جب کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوش ربا اضافہ ہو چکا ہے اس لیے حکومت روٹی کی نئی قیمت مقرر کرے۔