Tag: ناکام

  • حکومت چینی سستی کرانے میں ناکام ہو گئی

    حکومت چینی سستی کرانے میں ناکام ہو گئی

    وفاقی حکومت نے چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے قیمتوں میں کمی کی تھی تاہم شہری اب بھی 200 روپے کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔

    پاکستان میں چینی کی قیمت کا بحران سنگین ہو گیا ہے اور حکومتی دعووں کے باوجود ملک بھر میں کہیں بھی چینی سستی نہیں ہو سکی ہے۔

    وفاقی حکومت نے گزشتہ دنوں چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے شوگر ملوں سے مذاکرات کے بعد اس کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی تھی اور ریٹیل قیمت 172 روپے فی کلو کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا تھا۔

    شوگر انڈسٹری سے معاملات طے، چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر

    تاہم حکومت کی تمام تر کوششوں اور دعووں کے باوجود چینی مافیا عوام کو حکومت کے طے کردہ نرخ پر چینی دینے کو تیار نہیں ہے اور ملک کے بیشتر شہروں میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو برقرار ہے۔

    وفاقی حکومت کے ماتحت ادارہ شماریات نے اس حوالے سے اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی، پنڈی اور اسلام آباد میں چینی اب بھی 200 روپے فی کلو برقرار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہی چینی لاہور میں 192 روپے کلو جب کہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، حیدرآباد، لاڑکانہ، پشاور، خضدار میں 190 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

    کوئٹہ میں 188 روپے، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 185 جب کہ بنوں میں 180 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

    دوسری جانب حکومت نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد چینی بحران کے خاتمے کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے ٹینڈر بھی جاری کر دیا تھا۔

    وفاقی حکومت نے درآمد شدہ چینی کی عوام کو کم قیمت میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے چینی پر سیلز ٹیکس کم کرنے کا اعلان کیا تھا اور ایف بی آر نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا جس کے مطابق درآمدی چینی پر سیلز ٹیکس 18 کی بجائے 0.25 فیصد ہوگا۔

    تاہم درآمد شدہ چینی پر سیلز ٹیکس چھوٹ پر آئی ایم ایف کی جانب سے اعتراضات اٹھا دیے گئے ہیں۔

    حکومتی ذرائع نے بتایا کہ امپورٹڈ چینی 249 روپے میں پاکستان پہنچے گی اور حکومتی اعلان کے مطابق امپورٹڈ چینی پر 55 روپے فی کلو سبسڈی دینا پڑے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم پہلے ہی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چینی درآمد کرنے کی صورت میں قیمت کے سنگین بحران کی نشاندہی کر چکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/sugar-crisis-in-pakistan-if-imported-what-price-will-citizens-get/

  • کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

    تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 2 میں پیش آیا۔ بینک سے رقم نکلوا کر شہری جب اپنے گھر پہنچا تو اس کا بینک سے تعاقب کرنے والے ڈاکو بھی وہاں پہنچ گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے منہ پر نقاب لگا رکھے ہیں اور اسلحہ کے زور پر شہری سے بینک سے نکلوائی گئی رقم دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم شہری مزاحمت کرتا ہوا پیچھے ہٹتا ہے اور پھر اپنا پستول نکال کر ڈاکو پر فائرنگ کرتا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری اور ڈاکوؤں کو ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔ گولی سے کسی طرف کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور واردات ناکام ہونے پر ڈاکوؤں نے وہاں سے فرار ہونے میں عافیت جانی۔

    اس واردات کے حوالے سے گلستان جوہر پولیس کا کہنا ہے کہ شہری نے تاحال اس واقعہ کی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔

  • اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کوشش کی لیکن ناکام رہا، ایرانی صدر

    اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کوشش کی لیکن ناکام رہا، ایرانی صدر

    ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا تاہم امریکا اس میں ملوث نہیں تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے دی گارجین کے مطابق ایران کے صدر مسود پیزشکیان نے اسرائیل پر خود کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں ایرانی صدر نے اس بات کا انکشاف کیا اور کہا کہ اسرائیل نے میری جان لینے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہا۔ اس نے اس جگہ کو نشانہ بنایا جہاں میں میٹنگ کر رہا تھا، تاہم امریکا اس حملے میں ملوث نہیں تھا۔

    مسود پزشکیان جنہوں نے گزشتہ ماہ اسرائیل اور ایران کے درمیان لڑی جانے والی 12 روزہ جنگ کے بعد کسی مغربی میڈیا کو پہلا انٹرویو دیا۔ اس میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ ہم نے شروع نہیں کی اور ہم نہیں چاہتے کہ یہ جنگ کسی بھی طرح جاری رہے، لیکن اسرائیلی حملوں کا دوبارہ خدشہ برقرار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن امریکا پر اعتماد کا فقدان ہے۔ مذاکرات کے لیے واشنگٹن کو اعتماد بحالی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل نے ایران پر 13 جون کو فضائی حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں ایرانی کمانڈرز سمیت کئی ایٹمی سائنسدان جاں بحق ہو گئے تھے۔

    اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع نے دوران جنگ ایران کے سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔

    بعد ازاں امریکی صدر ٹرمپ اور عالمی طاقتوں کی مداخلت سے دونوں ممالک میں جنگ بندی ہونے کے بعد اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایران کی جوہری صلاحیتیں مکمل ختم کر دیں۔

    اسی دوران امریکا نے بھی ایران کی تین ایٹمی تنصیبات پر حملے کر کے انہیں تباہ اور ایران کی ایٹم بم بنانے کی صلاحیت مکمل ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    تاہم ایرانی حکام اور آئی اے ای اے نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران کے پاس اب بھی افزودہ یورینیم ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/irans-atomic-energy-agency-announces-resumption-of-nuclear-program/

  • ایف بی آر سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام، تاریخی شارٹ فال

    ایف بی آر سالانہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام، تاریخی شارٹ فال

    فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) آج ختم ہونے والے مالی سال 25-2024 کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اسے تاریخی شارٹ فال کا سامنا ہے۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مالی سال 25-2024 کے لیے ایف بی آر کا ٹیکس جمع کرنے کا اصل ہدف 12 ہزار 977 ارب روپے تھا۔ اس ہدف پر دو بار نظر ثانی کر کے دونوں مرتبہ اس کو کم کیا گیا۔ تاہم ایف بی آر دونوں نظر ثانی شدہ ہدف تک بھی نہیں پہنچ سکا۔

    پہلے مقررہ ہدف پر نظر ثانی کر کے ریونیو ہدف 12 ہزار 332 ارب روپے کر دیا گیا تھا۔ تاہم ایف بی آر یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اصل ہدف کے لحاظ سےاس کو 1470 ارب جب کہ نظر ثانی شدہ ہدف کے تحت 832 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا رہا۔

    ذرائع کے مطابق ریونیو کے لیے دوسری بار نظر ثانی کر کے ہدف 11 ہزار 980 ارب روپے مقرر کیا گیا، مگر ایف بی آر دوسرے نظر ثانی شدہ ہدف کو بھی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

    رواں مالی سال میں گزشتہ روز ایف بی آر کے دفتر بند ہونے تک 11 ہزار 280 ارب روپے ریونیو جمع کیا گیا تھا۔ آج رواں مالی سال کا اخری دن ہے اور ایف بی آر کو آج ہدف حاصل کرنے کے لیے 620 ارب روپے اکٹھے کرنے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے لیے 11 ہزار 500 ارب روپے کا ریونیو ہی اکٹھا کر سکے گا جو دوسرے نظر ثانی شدہ ہدف سے 480 ارب روپے کم ہوگا۔

  • ’پرائیویٹ حج اسکیم ناکام بنانے کی ذمہ دار بیورو کریسی ہے‘

    ’پرائیویٹ حج اسکیم ناکام بنانے کی ذمہ دار بیورو کریسی ہے‘

    پرائیویٹ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے 67 ہزار نجی عازمین کے حج سے محروم رہنے کی ذمہ داری بیورو کریسی پر عائد کر دی ہے۔

    پرائیویٹ حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے قائم مقام چیئرمین محمد کامران نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رواں برس 67 ہزار نجی عازمین کے حج سے محروم رہنے کی ذمہ داری بیورو کریسی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم ناکام بنانے کے لیے بیورو کریسی نے کردار ادا کیا۔

    محمد کامران نے کہا 2024 میں پرائیویٹ حج اسکیم کے ذریعے 90 ہزار سے زائد عازمین نے حج ادا کیا تھا اور اس وقت کوئی بڑی شکایت نہیں آئی تھی۔ جب کہ رواں برس 67 ہزار نجی پاکستانی عازمین حج پر نہ جا سکے جس کی ذمہ دار وزارت مذہبی امور ہے، کیونکہ انہوں نے پالیسی جاری کرنے میں تاخیر کی، جس کی وجہ سے چار ماہ ضائع ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 67 ہزار عازمین کی 101 ملین ریال رقم سعودی عرب میں موجود ہے۔ وزارت مذہبی امور سے مطالبہ ہے کہ حاجیوں کو اگلے سال اسی پیکیج پر حج پر بھیجا جائے اور جو عازمین اپنی رقم واپس لینا چاہتے ہیں، انہیں مکمل ادائیگی کی جائے۔

    اس موقع پر صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم نے بھی کہا کہ وفاقی حکومت کی وجہ سے حج آپریٹرز کو نقصان پہنچا۔ حج آپریٹرز کے 52 ملین ریال پھنس گئے ہیں۔ حکومت یہ رقم انہیں واپس دلائے اور اس سارے معاملے کی تھرڈ پارٹی سے تحقیقات کرا کے تمام آپریٹرز کے نقصان کا مداوا کیا جائے۔

    واضح رہے کہ رواں برس 67 ہزار سے زائد نجی عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہیں جا سکے۔ جس کے باعث ان میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب ان عازمین کے حج سے محروم رہنےکی ذمہ داری حکومت اور نجی آپریٹرز ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔

    گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے اس بحران کا ذمہ دار نجی حج ٹور آپریٹرز کو قرار دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/government-blames-private-tour-operators-for-hajj-pilgrims-losses/

  • بابر اعظم اور نسیم شاہ ڈومیسٹک میچ میں بھی ناکام، اپنی ٹیم کو نہ جتوا سکے

    بابر اعظم اور نسیم شاہ ڈومیسٹک میچ میں بھی ناکام، اپنی ٹیم کو نہ جتوا سکے

    پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بابر اعظم اور نسیم شاہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ناکام ہوگئے اور اپنی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔

    طویل عرصہ سے آؤٹ آف فارم اور اپنی بدترین کارکردگی سے پاکستان ٹیم کی شکستوں میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ناکام ہوگئے اور اپنی ٹیم کو پہلا میچ بھی نہ جتوا سکے۔

    بابر اعظم اور نسیم شاہ جنہیں سلیکٹرز نے خراب کارکردگی کے باعث آرام کے نام پر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا تھا۔ انہوں نے فارم کے حصول کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کا رخ کیا، لیکن پہلے میچ میں بھی یہ ذاتی کارکردگی میں ناکام اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔

    نیشنل ٹی 20 کپ کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی وائٹس کے خلاف دونوں قومی کرکٹرز نے لاہور بلیوز کی نمائندگی کی۔ بابر اعظم نے 17 گیندوں پر صرف 22 رنز بنائے جب کہ نسیم شاہ کوٹے کے 4 اوورز میں 41 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

    مذکورہ میچ میں کراچی وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ لاہور بلیوز کی ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہے۔

  • سر پر وگ میں چھپا کر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کیسے ناکام بنی؟ ویڈیو دیکھیں

    سر پر وگ میں چھپا کر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کیسے ناکام بنی؟ ویڈیو دیکھیں

    منشیات پکڑی نہ جائے اس لیے اسمگلنگ کے نت نئے طریقے آزمائے جاتے ہیں ایک اسمگلر سر پر بالوں کی وگ میں منشیات چھپانے کے باوجود پکڑا گیا۔

    منشیات کی اسمگلنگ دنیا بھر کا مسئلہ ہے جس کی روک تھام کے لیے ہر ملک میں انسداد منشیات ادارے سرگرم رہتے ہیں۔ ایک چالاک شخص نے منفرد طریقہ اختیار کرتے ہوئے سر پر لگی بالوں کی وگ میں چھپا کر منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی تاہم اس کو بھی دھر لیا گیا۔

    غیر ملکی منشیات اسمگلنگ کا یہ واقعہ کولمبیا میں پیش آیا جہاں ایک ہوائی اڈے پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ایسے چالاک ملزم کو منشیات اسمگل کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ وہ اپنے سر میں لگی وگ میں کوکین کی ایک بڑی مقدار چھپا کر بیرون ملک (ایمسٹرڈم) سفر کرنے والا تھا۔

    کولمبیا ایئرپورٹ پولیس کی جانب سے اس کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص بھاری مقدار میں کوکین جس کی مالیت 10 ہزار امریکی ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے اپنے سر پر لگائی گئی بالوں کی وگ میں چھپا کر لے جا رہا تھا تاہم ایئرپورٹ سکیورٹی فورسز نے اسے تلاش کر کے گرفتار کر لیا، اور اس کے قبضے سے منشیات ضبط کر لی۔

    ملزم جب جنوبی امریکی ملک پر واقع کارٹیجینا ہوائی اڈے پر سیکیورٹی اسکینر سے گزرا تو ایک ایکسرے میں اس کے سر کے اندر عجیب وغریب شے کی نشاندہی ہوئی۔

    بارڈر سکیورٹی نے جب تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ ملزم کے سر کے بال بالکل اصلی نہیں بلکہ وگ لگی ہوئی ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس وگ کو کاٹ کر منشیات کو اس کے اندر سے نکالا۔

     

  • گوادر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    گوادر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    گوادر: سیکورٹی فورسز اور بی ڈی ایس نے گوادر میں دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    گوادر کے علاقے منڈی میں سیکورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس ) نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گرد کارروائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

    رات کے پہر دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بارودی مواد منڈی کے علاقے میں چھپایا تھا، موثر کارروائی سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے محرم اور آئندہ ہونے والے جلسے میں دہشت گردی کرنے کے عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے۔

  • بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں غیر ملکی اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے مالیت کے سامان کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کسٹمز نے بلوچستان کے علاقے رکھنی کسٹمز چیک پوسٹ پر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    کسٹمز نے غیر ملکی سامان، چھالیہ، بھارتی مضر صحت ادویات، ایرانی ڈیزل، اسپیئر پارٹس، پلاسٹک کا سامان اور سائیکل پارٹس برآمد کر لیے۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق اسمگل شدہ سامان کی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ چیک پوسٹ پر مؤثر نگرانی سے اسمگلنگ میں بہت کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کاررائیوں کے دوران شراب اور سگریٹ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے بنکاک سے آنے والے مسافر کے سامان سے شراب کی 81 بوتلیں برآمد کرلیں۔ مسافر مظہر اقبال دوستوں کے ہمراہ بنکاک سے لاہور آ رہا تھا۔

    کسٹم حکام کی جانب سے دوسری کارروائی لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز میں کی گئی، مسافر محمد یعقوب کے سامان سے سگریٹ کے 60 بنڈل برآمد کیے گئے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 فروری کو لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کا میگزین اور 21 گولیاں برآمد کی گئی تھیں، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظہبی جا رہا تھا، مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ 13 جنوری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے خاتون مسافر کے سامان سے پستول کی گولیاں برآمد کی تھیں۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز سے جدہ جانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بیگ ان کے بھائی کا ہے جس کے پاس نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی ہے، غلطی سے گولیاں اس بیگ میں رہ گئیں۔