Tag: ناکامی

  • اسسٹنٹ کوچ نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کی وجہ تلاش کر لی

    اسسٹنٹ کوچ نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی ناکامی کی وجہ تلاش کر لی

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی وجہ بتا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں میچ آج میزبان پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔

    تاہم اس میچ کی حیثیت نمائشی سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ پاکستان ٹیم بدترین کارکردگی کے باعث ٹورنامنٹ سے شرمناک انداز سے باہر ہوچکی ہے اور یہ مسلسل تیسرا آئی سی سی ایونٹ ہے، جس میں قومی ٹیم ابتدائی راؤنڈ میں ہی میگا ایونٹ سے باہر ہوئی۔

    گرین شرٹس کی اس بدترین کارکردگی پر ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی حیران ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے آخری تین ایونٹس میں ٹیم کی پرفارمنس حیران کن ہے اور ہم ٹورنامنٹس میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے۔

    اظہر محمود نے اس کی وجہ پالیسیوں میں عدم تسلسل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل تبدیلیوں سے ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوئی ہے۔ کھلاڑی دو میچوں میں پرفارم نہیں کر پاتے تو کہا جاتا ہے کہ انہیں ٹیم سے نکال دو۔

    ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو پرفارمنس دکھانے کے لیے مسلسل مواقع دینا ضروری ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ٹیم جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کی میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی تھی۔ نیوزی لینڈ اور بھارت سے بڑی شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی تھیْ

    گزشتہ روز قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناکام ٹیم اور کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دستیاب بہترین ٹیم کھلائی گئی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistani-players-decline-in-icc-ranking/

  • طلاق بیک وقت آزادی اور ناکامی ہے، میں نہیں چاہتی کہ۔۔۔ حنا آفریدی نے کیا بتایا؟

    طلاق بیک وقت آزادی اور ناکامی ہے، میں نہیں چاہتی کہ۔۔۔ حنا آفریدی نے کیا بتایا؟

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل حنا آفریدی نے طلاق اور جیون ساتھی کی خوبیوں ست متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

    ڈرامہ ’پہلی سی محبت‘ کی اداکارہ حنا آفریدی حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے شادی، طلاق اور جیون ساتھی کی خوبیوں سمیت دیگر امور کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

    اداکارہ حنا آفریدی کا کہنا تھا کہ میری شادی میرے والدین کی پسند سے ہوگی، اس لیے میں ارینج میرج سے زیادہ لو میرج کو ترجیح دیتی ہوں، یہ بہتر ہوتا ہے کہ شادی سے قبل دونوں ایک دوسرے کو جان لیں۔

    اداکارہ نے کہا کہ شادی کے لیے پیسہ اہمیت نہیں رکھتا وہ تو ہم دونوں مل کر بھی کماسکتے ہیں لیکن میں چاہتی ہوں کہ جو میرا ہمسفر ہو وہ مجھے محبت اور عزت دے، مجھ پر اعتماد کرے اور میں بھی اس پر اعتماد کرسکوں۔

    ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ کے ٹیزر نے دھوم مچادی

    حنا آفریدی نے طلاق سے متعلق کہا کہ طلاق کے حوالے سے میری ملی جلی رائے ہے، طلاق بیک وقت آزادی بھی ہے اور ناکامی بھی لیکن میں نہیں چاہتی کہ میں کبھی اس مرحلے سے گزروں۔

    اداکارہ نے اس کی وضاحت میں کہا کہ میں طلاق کو ففٹی ففٹی کہوں گی، اگر کسی عورت نے اپنے ظالم شوہر سے طلاق لی تو یہ اس کے لیے آزادی ہے اور اگر کوئی اپنے شوہر کو صرف اپنی انا میں چھوڑ دیتی ہے تو یہ ناکامی ہوگی اور میں نہیں چاہتی کہ میں کبھی طلاق کے مرحلے سے گزروں۔

    واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’پہلی سی محبت‘ میں مایا علی نے (رخشی) اور شہریار منور نے (اسلم) کا کردار ادا کیا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں حنا آفریدی، شبیر جان، حسن شہریار یاسین، نوشین شاہ، صبا فیصل ودیگر شامل تھے۔

  • فلم کی ناکامی سے مایوس پوجا ہیگڑے کا حوصلہ کیسے بڑھا؟

    فلم کی ناکامی سے مایوس پوجا ہیگڑے کا حوصلہ کیسے بڑھا؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ پوجا ہیگڑے کا کہنا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم سرکس کی ناکامی سے مایوس تو ہوئیں لیکن شائقین کی جانب سے ان کی اداکاری کی تعریف نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔

    پوجا ہیگڑے کی فلم سرکس دسمبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ان کے ساتھ رنویر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، تاہم فلم کو کوئی خاص پذیرائی نہیں ملی۔

    پوجا کا کہنا ہے کہ وہ فلم کی ناکامی پر خاصی مایوس ہوگئی تھیں، لیکن پھر ان کو شائقین کی جانب سے ردعمل موصول ہونا شروع ہوا کہ انہوں نے بہت شاندار پرفارمنس دی ہے۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کی تعریف نے ان کا حوصلہ بڑھایا اور وہ نئے سرے سے کام میں جت گئیں۔

    پوجا کی نئی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان رواں ماہ ریلیز ہونے والی ہے جس میں وہ سلمان خان کے مقابل مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

    فلم کے ٹریلر کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔

  • آپ زندگی میں کامیاب ہوں گے یا ناکام؟ یہ تصویر بتائے گی

    آپ زندگی میں کامیاب ہوں گے یا ناکام؟ یہ تصویر بتائے گی

    کچھ تصاویر اور بصری دھوکے انسان کی شخصیت، اس کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت، اور ان کی بنیاد پر ناکامی یا کامیابی کا اشارہ دیتی ہیں، آج کی یہ تصویر بھی ایسی ہی ہے۔

    اس تصویر کو غور سے دیکھ کر بتائیں کہ آپ کو اس میں کیا دکھائی دے رہا ہے۔

    اگر آپ نے اس تصویر میں ایک پہاڑ اور چاند کو دیکھا ہے تو آپ کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو عام انسانوں کی طرح ہیں، جو کسی معاملے پر زیادہ سوچتے نہیں بلکہ جو دکھائی دیتا ہے اسی پر یقین کر لیتے ہیں۔

    درحقیقت ایسے لوگ سوچنے کی صلاحیت کو استعمال ہی نہیں کرتے۔

    ایسے افراد رشتوں اور پروفیشنل معاملات میں دھوکے کھاتے ہیں اور یوں ذاتی اور عملی زندگی میں بے شمار نقصانات اٹھاتے ہیں۔

    لیکن اگر آپ نے اس تصویر میں ایک انسانی شکل نما پہاڑ کو دیکھا ہے جو کہ چاند کی طرف دیکھ رہا ہے، ایک خاتون کی شکل کا پہاڑ تو آپ ان لوگوں میں شامل ہیں جو ہر معاملے کو سنجیدگی سے دیکھتے ہیں۔

    ایسے لوگ کامیابی ملنے تک کام جاری رکھتے ہیں۔

  • برصغیر کے مشہور گلوکار کی درجن بھر ناکامیوں کی روداد!

    برصغیر کے مشہور گلوکار کی درجن بھر ناکامیوں کی روداد!

    فلم انڈسٹری میں درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کا موقع دیے جانے کے باوجود طلعت محمود شائقین کو متأثر نہ کرسکے.

    انھوں‌ نے فلم سازوں کو بھی مایوس کیا، مگر اس میدان میں نامراد اور ناکام طلعت محمود آج بھی سُر اور آواز کی دنیا کا بڑا نام ہیں۔ گلوکار کی حیثیت سے مشہور طلعت محمود کو اس وقت کے نام ور فلم ساز اے آر کاردان نے اداکاری کے میدان میں قسمت آزمانے کا مشورہ دیا تھا۔

    برصغیر میں پسِ پردہ گائیکی کے حوالے سے طلعت محمود کا نام شہرت کی بلندیوں پر تھا جب انھوں نے فلم راج لکشمی سائن کی۔ یہ 1945 کی بات ہے۔ وہ بڑے پردے پر ہیرو کے روپ میں نظر آئے۔ اس وقت ممبئی کی فلم نگری میں طلعت محمود کے اس فیصلے کا تو بہت شور ہوا، لیکن بڑے پردے پر اداکار کے روپ میں انہیں پزیرائی نہ ملی۔ پہلی فلم کی ناکامی کے باوجود طلعت محمود کو بڑے بینر تلے مزید فلموں میں رول دیے گئے، لیکن ہر بار ناکامی ان کا مقدر بنی۔

    لالہ رخ، ایک گاؤں کی کہانی، دیوالی کی رات، وارث، سونے کی چڑیا، ٹھوکر وہ فلمیں ہیں جن میں طلعت محمود نے اپنے وقت کی مشہور ہیروئنوں کے ساتھ کام کیا۔ ان میں نوتن، مالا سنہا اور ثریا شامل ہیں۔

    فلم نگری بہ حیثیت گلوکار ان کی شہرت کا آغاز آرزو نامی فلم کے گیت ‘‘اے دل مجھے ایسی جگہ لے چل جہاں کوئی نہ ہو’’ سے ہوا۔ فلم داغ کے لیے انہوں نے ‘‘اے میرے دل کہیں اور چل’’ اور ‘‘ہم درد کے ماروں کا’’ جیسے گیت گائے اور اپنے فن کو منوایا۔

    طلعت محمود کے والد آل انڈیا ریڈیو پر نعتیں پڑھا کرتے تھے۔ لکھنؤ کے طلعت کو بچپن ہی سے گانے کا شوق ہو گیا تھا اور ایک وقت آیا کہ فلم انڈسٹری کے بڑے ناموں اور گائیکوں نے ان کے کمال فن کا اعتراف کیا۔

    1940 میں طلعت محمود 16 برس کے تھے جب انھوں نے آل انڈیا ریڈیو، لکھنؤ پر اپنی آواز میں ایک گیت ریکارڈ کروایا تھا۔ بعد میں گلوکاری کے میدان میں کام یابیاں ان کا مقدر بنتی چلی گئیں۔ تاہم اداکاری کے میدان میں بری طرح ناکام رہے۔

  • وہ تجویز جو ناکامی کے بارے میں آپ کا نظریہ بدل دے

    وہ تجویز جو ناکامی کے بارے میں آپ کا نظریہ بدل دے

    ہم میں سے بہت سے لوگ اپنی زندگی میں ناکام ہوتے ہیں، کچھ افراد اسے ایک اور موقع سمجھ کر دوبارہ کوشش کرتے ہیں، جبکہ کچھ بد دل ہو کر ہمت ہار جاتے ہیں۔

    ایک مشہور امریکی کمپنی اسپنکس کی سربراہ سارہ بلیکلے ناکامی کے بارے میں اپنے تجربات بیان کرتی ہیں جسے سن کر ناکامی کے بارے میں آپ کا نظریہ بالکل بدل جائے گا۔

    سارہ بتاتی ہیں کہ بچپن میں ان کے والد کھانے کی میز پر ان سے پوچھا کرتے تھے کہ آج تم نے ایسا کیا نیا کیا جس میں تم ناکام ہوئے؟

    سارہ کے مطابق وہ اور ان کے بہن بھائی نہایت پرجوش ہو کر بتاتے تھے کہ آج ہم نے یہ کام کرنے کی کوشش کی جس پر والد خوش ہو کر انہیں شاباش دیتے۔ ’یہ ناکامی کی سیلی بریشن ہوتی تھی جسے ہم سب مل کر مناتے‘۔

    وہ کہتی ہیں کہ یہاں سے ان کے لیے شکست، ہار اور ناکامی کے معنی بدل گئے۔ ’ہم زندگی میں بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن ناکامی کے ڈر سے نہیں کر پاتے، کسی چیز میں ناکام ہونا ناکامی نہیں، بلکہ کوشش نہ کرنا اصل ناکامی ہے‘۔

    مزید پڑھیں: کامیاب اور ناکام افراد میں فرق

    سارہ بتاتی ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے انہیں اپنی ناکامیوں کے بارے میں بتاتی ہیں۔ ’ہم سب کی زندگی میں ناکامیاں آتی ہیں۔ صرف وہ شخص کبھی ناکام نہیں ہوتا جو کبھی کوشش نہیں کرتا‘۔

    سارہ کے مطابق ’اگر آپ اپنی ناکامی سے سیکھ سکتے ہیں، اور پھر اسے یاد کر کے ہنس سکتے ہیں تو یہ ناکامی نہیں بلکہ یہی اصل کامیابی ہے‘۔

  • بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    نئی دہلی : بھارتی ایئرفورس حکام نے پہلی بار بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ اس حملے میں بھارتی فضائیہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرفورس کی رپورٹ جس کا عنوان ”حاصل شدہ سبق‘ ‘تھا میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج2000 ایئرکرافٹ اپنا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کرسکا۔

    بھارتی ایئر فورس حکام کی جانب سے جاری اس رپورٹ سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بالا کوٹ حملے میں نہ توکوئی پاکستانی شہری یا فوجی ہلاک ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔

    بھارتی ایئرفورس حکام کی تازہ رپورٹ نے آسٹریلیا کے اسٹرٹیجک پالیسی انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کی تصدیق کردی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے پرسیشن گائیڈڈ ہتھیاروں (پی جی ایمز) کی پروگرامنگ کو صحیح طریقے سے سیٹ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ایئرفورس نے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے۔

    حکام کی رپورٹ نے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے ایئر کرافٹ میں نصب جدید سسٹم کی مہارت پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔

    بھارتی ایئرفورس کے ایک سینئر اہلکار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہوا کہ ایئر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بھارت کو اوای ایم سسٹم کی اشد ضرورت ہے اگرچہ اس سسٹم کی لاگت بہت زیادہ ہے۔

  • سری لنکا میں حملے نظام کی واضح ناکامی ہے، امریکی سفیر کی تنقید

    سری لنکا میں حملے نظام کی واضح ناکامی ہے، امریکی سفیر کی تنقید

    کولمبو : سری لنکا میں امریکی سفیر علینا ٹیپلیٹز نے بتایا ہے کہ یہ واضح ہے کہ نظام میں ناکامی ہے تاہم امریکا کو ان حملوں کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری اطلاعات پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکام خود واضح نہیں ہیں اور اس حوالے متضاد بیانات دے رہے ہیں،

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی ایجنٹس اور امریکی فوجی عہدیداروں کی ایک ٹیم تفتیش میں مدد کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے دن حملے کرنے والے خود کش بمباروں سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، معلوم ہوا ہے کہ ایک خود کش حملہ آور نے برطانیہ اور آسٹریلیا سے تعلیم حاصل کی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن نائب وزیر دفاع نے بتایا کہ خود کش بم بار نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی تھی، ایک کورس کے لیے آسٹریلیا بھی گیا جس کے بعد وہ سری لنکا آ کر رہنے لگا۔

    نائب وزیر دفاع نے بتایا کہ دہشت گرد پڑھے لکھے اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، سری لنکا پر حملہ معاشی طور پر مستحکم دہشت گردوں نے کیا۔

    سری لنکا حملے: خود کش حملہ آور کا برطانیہ و آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کا انکشاف

    خیال رہے کہ سری لنکن پولیس ذرایع نے بھی کہا ہے کہ حملہ آوروں میں سے دو کا تعلق کولمبو کے ایک دولت مند تاجر کے گھرانے سے تھا، ان دو بھائیوں نے دو الگ ہوٹلوں پر حملے کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    سری لنکا کے وزیر اعظم نے حملوں سے متعلق مؤقف ظاہر کیا ہے کہ ایسے حملے بیرونی مدد کے بغیر ممکن نہیں ہیں، داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی لیکن شواہد نہیں دیے۔

    سری لنکن صدر نے ملک کی سیکورٹی کی مکمل تعمیر نو کا عندیہ بھی دیا ہے، دفاعی فورسز کے سربراہان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں تین روز کا سوگ منایا جا رہا ہے، ایسٹر کے موقع پر ہونے والے سری لنکا دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 359 ہو گئی ہے۔

  • برطانیہ کا نامناسب مواد کی روک تھام میں ناکامی پر ویب کمپنیوں پر جرمانے کا فیصلہ

    برطانیہ کا نامناسب مواد کی روک تھام میں ناکامی پر ویب کمپنیوں پر جرمانے کا فیصلہ

    لندن : برطانوی حکومت نے انٹرنیٹ سائیٹس پر آن لائن نقصان پہچانے والے مواد ’دہشت گردانہ سازشیں یا بچوں کی ہراسگی‘ کو کنڑول کرنے میں ناکامی پر ویب سائیٹس پر جرمانہ عائد کرنے اور بند کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ڈپارٹمنٹ برائے ڈیجیٹل، کلچر، میڈیا اور اسپورٹس (ڈی سی ایم ایس) نے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ وہ ایک غیر جانبدار مبصر تعینات کرنے جو ٹیک کمپنیوں کے لیے قواعد و ضوابط بنائے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ منصوبے کے تحت اگر ویب سائیٹس نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی تو کمپنی کے سینئر مینیجر کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت کے مذکورہ منصوبے سے آزادی اظہار رائے پر اثر پڑے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آن لائن نقصان پہچانے والے مواد میں ’دہشت گردانہ مواد، بچوں کی جنسی ہراسگی کا معاملہ، انتقامی فحش فلمز، جرائم پیشہ سرگرامیاں اور غیر ملکی قانونی اشیاء کی فروخت‘ شامل ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سوشل میدیا پر ہراساں کیے جانے کے معاملے پر سنہ 2017 میں ایک 14 سالہ لڑکی نے مولّی رسّل نے خودکشی کرلی تھی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بیٹی کی موت کے بعد اہل خانہ کو متاثرہ لڑکی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نامناسب مواد ملا جو لڑکی کے ڈپریشن کا باعث بنا، جس کے بعد مولی کے والد نے سوشل میڈیا کمپنی کو مولی رسل کی موت کا ذمہ دار قرار دیا۔

    برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ بڑے ٹیکنالوجی انڈسٹریز اور سوشل میڈیا کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان نوجوانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں جن سے وہ منافہ کماتے ہیں۔

    مزیدپڑھیں : انٹرنیٹ کا غلط لیٹریچر بچوں کی جنسی بے راہ روی کا باعث ہے، ساجد جاوید

    یاد رہے کہ ستمبر 2018 میں  برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا تھا کہ برطانیہ کی سطح پر 80 ہزار ویب سایٹ اور افراد بچوں کی آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث ہیں، انٹرنیٹ پر غیر مناسب مواد بچوں کی جنسی بے راہ روی کا باعث بن رہا ہے۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ’مذکورہ ادارے ایسی ویب سایٹس پر پابندی لگائیں جو بچوں تک فحش مواد پہنچا رہے ہیں‘۔

  • مذاکرات کی ناکامی پر ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    مذاکرات کی ناکامی پر ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے، فرانسیسی وزیر خارجہ

    پیرس : فرانسیسی وزیر خارجہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل منصوبے سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ایران کو مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک اور ایران کے درمیان بیلسٹک میزائل کی تیاری کے حوالے سے مذاکرات ہونے ہیں، فرانسیسی وزیر خارجہ جین لی ڈریان نے کہا ہے کہ ایران کو بیلسٹک میزائل پروگرام روکنا ہوگا اگر مذاکرات بے نتیجہ رہے تو ایران نئی پابندیوں کیلئے تیار رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں کا اطلاق ایرانی پاسداران انقلاب کے عہدیداروں اور میزائل پروگرام سے وابستہ افراد پر ہوگا، پابندیوں کے دوران مذکورہ اداروں کے افراد کے اثاثے منجمد کرکے ان پر سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانس سمیت یورپی یونین کے دیگر ممالک بھی ایران کے خلاف نئی پابندیاں کرنے پر غور کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی اقتصادی پابندیاں، ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی

    خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب جوہری معاہدے سے علیحدگی اور اگست سے نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلان کے بعد ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قدر میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پراقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایران سے کاروبار کرنے والے ممالک پرامریکہ سے تجارت کرنے پر پابندی کی دھمکی دی تھی۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا یہ ایران پر اب تک لگائی گئی سب سے سخت پابندیاں ہیں، نومبرمیں ان پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا۔