Tag: ناکام

  • تربت: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

    تربت: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

    تربت: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا ایک اور منصوبہ ناکام بنا دیا، کارروائی کے نتیجے میں بھاری اسحلہ اور بارود آمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر تربت کے ضلع کیچ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی عمل میں آئی، جس کے نتیجے میں اسلحہ اور گولہ با رود برآمد ہوا۔

    سیکیورٹی فورسز ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایف سی اور حساس ادارے نے بلنگور کے علاقے زیارتی بازار میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

    اس کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے بڑی تعداد میں اسلحہ بارودی مواد لیویز وردی اور وائرلیس سٹ اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلیں۔

    ذرایع کے مطابق برآمد ہو نے والے اشیاء میں میگزین، گو لیان، راکیٹ، گولے، دھماکہ خیز مواد، گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں دستا ویزات ودیگر اشیاء شامل ہیں۔

    بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں تربت میں پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا تھا۔

    مذکورہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا تھا جبکہ 3 ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان کے علاقے ژوب سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے، یہاں خود کش دھماکے بھی ہوچکے ہیں جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

  • اسرائیل کا شام سے ایران کے یقینی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ

    اسرائیل کا شام سے ایران کے یقینی حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ

    تل ابیب/دمشق:اسرائیل نے شام سے ایران کے یقینی ڈرون حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دمشق کے نواح میں ایرانی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس نے کہا کہ ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس اپنی اتحادی شیعہ ملیشیاؤں کے ساتھ مل کر اسرائیل پرحملوں کے لیے دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرون بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

    ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل گذشتہ کئی ماہ سے اس سازش کی نگرانی کررہا تھا اورجمعرات کو اس نے ایران کو اس سازش پر مزید پیش قدمی سے روک دیا تھاپھرہفتے کی شب ایران نے دوبارہ اس حملے کی کوشش کی تھی۔

    انھوں نے کہاکہ ہم لڑاکا جیٹ کے ذریعے اس حملے کو روکنے میں کامیاب رہے ہیں۔ایرانی حملے کے بارے میں یقین ہے کہ یہ بہت ناگزیر تھا۔

    ترجمان کے بہ قول اسرائیل کے چیف آف اسٹاف تب سینئر افسروں کے ساتھ ایک اجلاس میں شریک تھے اور شام کی سرحد کے نزدیک افواج ہائی الرٹ تھیں۔

    ادھربرطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ دمشق میں کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے دو جنگجو اور ایک ایرانی ہلاک ہوگیا ۔

  • نیتن یاھو ڈیل آف سنچری کو مؤخر کرنے میں ناکام ہوگئے،عبرانی اخبار

    نیتن یاھو ڈیل آف سنچری کو مؤخر کرنے میں ناکام ہوگئے،عبرانی اخبار

    یروشلم : عبرانی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدی کی ڈیل منصوبے کی اشاعت کے لیے غیرمعمولی پروپیگنڈہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھوامریکا کے مجوزہ امن منصوبے سنچری ڈیل کو ناکام بنانا چاہتے تھے مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔

    اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی انتظامیہ اور صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ نیتن یاھو ٹال مٹول کے ذریعے زیادہ وقت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے صدی کی ڈیل منصوبے کی اشاعت کے لیے غیرمعمولی پروپیگنڈہ کیا ہے تاکہ وہ جلد از جلد فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کرا کے 2020ءتک نوبل امن انعام کے لیے اپنا نام پیش کرسکیں۔

    نیتن یاھو نے مزید کہا کہ امریکی صدر کیمپ ڈیوڈ کانفرنس منعقد کرنا چاہتے ہیں، ان کی اس کوشش کے بارے میں نیتن یاھو کو علم ہے۔

    نیتن یاھو صدی کی ڈیل کے حوالے سے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں تاہم وائیٹ ہاﺅس نے اس ٹال مٹول کو نظرانداز کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اور نیتن یاھو کی مقرب سیاسی شخصیات یہ چاہتی ہیں کہ اسرائیل امریکی منصوبے پر’ہاں’ کہہ دے چاہے اس میں پیش کیے گئے بعض نکات پر اسرائیل کو شدید اختلاف ہی کیوں نہ ہو۔

    نیتن یاھو کے مقربین اس لیے بھی ایسا چاہتے ہیں کہ اسرائیل کو موجودہ امریکی انتظامیہ سے زیادہ حمایت کرنے والی حکومت نہیں ملے گی، نیتن یاھو اور اسرائیلی حکومت صدی کی ڈیل پر اپنے اعتراضات صدر ٹرمپ کے سامنے پیش کراکے انہیں دور کراسکتی ہے۔

  • دوستی کا عالمی دن: دوست دکھ بھی دے سکتے ہیں اور درد کی دوا بھی ہوسکتے ہیں

    دوستی کا عالمی دن: دوست دکھ بھی دے سکتے ہیں اور درد کی دوا بھی ہوسکتے ہیں

    آج دنیا بھر میں دوستوں اور دوستی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا آغاز سنہ 1958 سے کیا گیا تھا۔

    کسی انسان کی زندگی میں دوست نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ دوستوں کی صحبت کسی انسان کے نظریات و خیالات اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    اسی طرح برے اور مشکل وقت میں بھی دوستوں کی اہمیت کو کسی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ دوست ہی ہوتے ہیں جن کی وجہ سے آپ اپنی زندگی کا کٹھن وقت گزار پاتے ہیں۔ دوستوں کی اہمیت ان افراد کے لیے اور بھی بڑھ جاتی ہے جو تنہا ہوں یا جن کے اپنے اہلخانہ سے تعلقات اچھے نہ ہوں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دوستوں سے ملنا آپ کو ذہنی طور پر پرسکون اور خوش تو کرتا ہی ہے تاہم دوست آپ کے درد کے لیے ایک قدرتی مداوا بھی ہیں کیونکہ درد کش ادویات کھانے کے مقابلے میں بڑا حلقہ احباب رکھنا زیادہ بہتر ہو سکتا ہے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دوستوں کا زیادہ بڑا حلقہ رکھنے والے لوگ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا کہ زیادہ دوستوں کے ساتھ میل جول رکھنے والے لوگوں میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

    دراصل زیادہ دوستوں کے ساتھ بات چیت کرنے والے لوگوں میں اینڈورفین (جسم کے مرکزی اعصابی نظام میں پیدا ہونے والا ایک کیمیکل) کے اخراج کی سطح زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے وہ درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔

    اینڈورفین ایک کیمیائی مادہ ہے جو سخت ورزش، جذباتی کشمکش اور درد کی حالت میں قدرتی طور پر خارج ہوتا ہے۔ یہ مادہ جذبات کے ساتھ منسلک ہے جو درد کے احساس کو کم کرتا ہے اور طمانیت اور آسودگی کا احساس دلاتا ہے۔

    نکمے دوستوں سے دور رہیں

    ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ ہمارے دوست ہماری زندگی پر بے حد اثر انداز ہوتے ہیں لہٰذا اگر ہم اپنی زندگی میں کامیاب بننا چاہتے ہں تو ہمیں اپنے نکمے دوستوں سے جان چھڑانی ہوگی۔

    ایک امریکی بزنس مین گیری وینرک کا کہنا ہے کہ ہماری زندگی کے 5 قریبی افراد ہماری اپنی زندگی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔

    اگر یہ 5 افراد مثبت سوچ رکھنے والے، زندگی کو روشن خیالی سے دیکھنے والے، کامیاب اور خوشحال ہوں گے تو یہی ساری خصوصیات ہماری زندگی میں بھی در آئیں گی۔

    اس کے برعکس اگر یہ افراد منفی سوچ رکھنے والے، رونے دھونے والے، ہر چیز کی شکایت کرنے والے، منفی پہلوؤں پر نظر رکھنے والے اور ناشکرے ہوں گے تو لاشعوری طور پر ہم بھی یہ عادات اپنا لیں گے۔

    ایسی عادات رکھنے والے افراد زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے لہٰذا ایسے افراد کی شکوے شکایتیں تا عمر جاری رہتی ہیں اور اگر ہم نے انہیں اپنی زندگی کا اہم حصہ بنا رکھا ہے تو لازمی طور پر اس کا اثر ہماری زندگی پر بھی پڑے گا۔

    گیری کا کہنا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کے اندر بھی توانائی، جوش وجذبہ بھر دیتا ہے اور آپ کو نئے کام کرنے، اور پرانے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی طرف راغب کرتا ہے۔

    اس کے برعکس منفی سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کو پریشان، مایوس اور پراگندہ طبیعت بنا دیتا ہے اور آپ خود کو بھی ناکارہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔

  • وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    وگ میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ہزاروں پاؤنڈ کی کوکین برآمد

    میڈرڈ : وگ(مصنوعی بالوں) میں کوکین چھپانے والا اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا، جس کا تعلق جنوبی امریکی ملک کولمبیا سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منشیات کے اسمگلر ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں لیکن سکیورٹی اہلکار بھی سمگلروں کے ان ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کا بھانڈا پھوڑنے میں دیر نہیں لگاتے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا اسپین کے شہر بارسلونا میں ایئرپورٹ حکام نے ایک ایسے کولمبین شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے قریباً ایک پاؤنڈ کوکین اپنی وگ میں چھپا رکھی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کوا سمگلر پر اس لیے شک ہوا کیونکہ وہ بہت پریشان دکھائی دے رہا تھا اور اس کے سر پر لگی وگ کا سائز بھی غیر معمولی تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے اسمگلر سے تفتیش شروع کی اور اس کے سر پر ٹیپ سے چپکے ہوا ایک کوکین کا پیکٹ برآمد کر لیا جس کا وزن آدھا کلو گرام یا 1.1 پاؤنڈ تھا جس کی مارکیٹ میں قیمت 34 ہزار ڈالرز یا 30 ہزار یوروز ہے۔

    پولیس نے اسے آپریشن ’ٹوپی ‘یعنی آپریشن وگ کا نام دیا ہے، اسمگلر کو بارسلونا کے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا جو بوگوٹا سے آ رہا تھا،گرفتار ہونے والے 65 سالہ اسمگلر کا تعلق کولمبیا سے ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپین کے جنوبی امریکا اور خصوصاً کولمبیا کے ساتھ لسانی اور تاریخی روابط ہیں، اسپین کو یورپ میں کوکین کی اسمگلنگ کا گیٹ وے کہا جاتا ہے۔اسمگلر کوکین کی اسمگلنگ کے لیے آئے روز نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق حالیہ برسوں میں پولیس نے کھوکھلے انناناس میں سے کوکین برآمد کی، پھر سکیورٹی اہلکاروں کو ایک وہیل چیئر کے کشن میں چھپائی گئی کوکین ملی، ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر چڑھائے جانے والے پلاسٹر میں سے کوکین برآمد ہوئی اور تو اور پولیس نے برتنوں میں کوکین بھر کر لے جاتے ہوئے بھی اسمگلروں کو گرفتار کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی یونین کی ایک رپورٹ کے مطابق اسپین یورپی یونین میں کوکین استعمال کرنے والے ممالک میں چھٹے نمبر پر آتا ہے۔ اس فہرست میں برطانیہ کا پہلا نمبر ہے اور اس کے بعد ہالینڈ، ڈنمارک، فرانس اور آئر لینڈ آتے ہیں۔

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    لندن/تہران :ایرانی ٹینکر پر قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز کی آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) کے ذمے داران نے بتایا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی تیل بردار جہاز کے قریب آ کر مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ٹھکانے کے قریب ایرانی پانی میں رک جائے تاہم برطانوی جنگی جہاز کی وارننگ کے بعد مذکورہ ایرانی کشتیاں واپس چلی گئیں۔

    پینٹاگون کا کہنا ہے کہ برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ذمے داران نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برطانوی تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے شمالی داخلی راستے کے نزدیک تھا۔

    برطانوی رائل نیوی کی فریگریٹ کے ایک ذمے دار کے مطابق فریگریٹ نے اپنی توپوں کا رخ ایرانی کشتیوں کی جانب کر لیا اور انہیں وائر لیس کے ذریعے وارننگ دی گئی کہ وہ اس مقام سے منتشر ہو جائیں۔

    ایک اور ذمے دار نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز کے گزرنے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ہراس کی کوشش تھی۔یہ پیش رفت اس واقعے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی جب برطانوی رائل نیوی کے میرینز نے جبل الطارق کے ساحل کے مقابل ایک ایرانی تیل بردار جہاز (گریس 1) کو تحویل میں لے لیا تھا۔

    اس جہاز پر شک تھا کہ وہ خام تیل شام منتقل کر کے یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    ایران نے دھمکی دی تھی کہ وہ گزشتہ ہفتے جبل الطارق میں ایرانی آئل ٹینکر کو ضبط کرنے کا جواب دے گا۔

    پینٹاگون نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ وہ مذکورہ حملے سے متعلق رپورٹ موصول ہوچکی تھی لیکن وزارت دفاع نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کی کوشش اس وقت کی جب وہ خلیجی پانیوں سے باہر جارہا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی جنگی جہاز نے آئل ٹینکر کی حفاظت کرتے ہوئے وارننگ جاری کہ جس کے بعد ایرانی کشتیاں بغیر کوئی فائر کیے واپس ہوگئیں تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی رائل مرین نے اپنے زیر قبضہ علاقے جبل الطارق میں ایران کے تیل بردار جہاز پر قبضہ کرلیا تھا، جس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ایرانی آئل ٹینکر شام پر پابندیوں کے باوجود اسے آئل فراہم کررہا تھا۔

    دوسری جانب ایرانی حکام نے برطانوی فورسز کے اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمارا جہاز نہیں چھوڑا گیا تو ایران برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کرلے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران نے تہران میں موجود برطانوی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’رائل فورسز بحری قذاقوں کا کردار نبھا رہی ہے‘۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے برطانوی آئل ٹینکر کی حفاظت کےلیے رائل نیوی کے جنگی جہاز کا استعمال کرنے پر برطانیہ کا مذاق اڑاتے ہوےبرطانوی حکومت کو ڈرا ہوا اور ناامید قرار دیا۔

  • بلدیاتی انتخابات، استنبول میں حکمران جماعت پھر ناکام

    بلدیاتی انتخابات، استنبول میں حکمران جماعت پھر ناکام

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی جماعت جسٹس اینڈ ڈولپمنٹ پارٹی نے استنبول کے بلدیاتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں گزشتہ روز دوبارہ بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈولپمنٹ پارٹی کو استنبول میں بری طرح کا شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد میں طیب ایردوان نے بھی اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز منعقد ہونےو الے بلدیاتی انتخابات میں مخالف جماعت کے امیدوار اکرم امام اوغلو 53 اعشاریہ 59 فیصد ووٹ لےکر فاتح قرار پائے جبکہ حکمران جماعت کے امیدوار بن علی یلدرم صرف 45 اعشاریہ 4 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

    سابق وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ ’حزب اختلاف کے امیدوار اکرم امام اوغلو انتخابات میں واضح برتری رکھتے ہیں، میں آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا خواہشمند ہوں‘۔

    خیال رہے کہ اکرم امام اوغلو ترک اپوزیشن کی بڑی جماعت عوامی جمہوری پارٹی (سی ایچ پی) کے امیدوار ہیں، جو مارچ میں استنبول کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث جیت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 23 جون کو میئر شپ کا دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ترک بلدیاتی انتخابات، طیب اردوان نے انقرہ اور استنبول میں‌شکست تسلیم کرلی

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردوان کے 16 سالہ دور اقتدار میں پہلی مرتبہ دارالحکومت میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز استنبول سے کیا ہے کہ جہاں پہلی مرتبہ 1990 میں انہیں استنبول کا ناظم(میئر) منتخب کیا گیا تھا اور اب استنبول کی نظامت (میئرشپ) ان ہاتھ سے نکل چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی کا دارالحکومت سمیت تین بڑے شہر استنبول اور ازمیر حکمران جماعت کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں جہاں انہیں انتخابات میں شکست دینا تقریباً ناممکن تھا۔

  • پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    میکسیکو سٹی : ٹوکیو کا سفر کرنے والے شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کولمبیا کے شہر بگوٹا سے جاپان کے شہر ٹوکیو کا سفر کرنے والا شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی جس کی وجہ سے جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سونورا کے پراسیکیوٹر آفس کا کہنا تھا کہ 42 سالہ ادھیڑ عمر شخص کی شناخت اس کے نام کے پہلے حرف ’این‘ سے کی گئی جس کی تکلیف کے باعث کولمبیا سے اڑنے والی کمرشل پرواز کو میکسکو میں اتارا گیا۔

    بیان میں بتایا گیا کہ ’فضائی میزبانوں نے دیکھا کہ ایک شخص درد سے تڑپ رہا ہے جس پر انہوں نے ہرموسلو سونورا میں ہنگامی طور پر جہاز اتارنے کی درخواست کی، 2 بج کر 25 منٹ پر جیسے ہی جہاز اترا مذکورہ شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا، جس کے بعد ہونے والے پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی کہ مرنے والے شخص نے کوکین کے 246 پیکٹس نگل رکھے تھے، ہر پیکٹ کا سائز تقریباً ڈھائی سینٹی میٹر تھا۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق منشیات کے زائد استعمال کے باعث اس کے دماغ میں سوجن ہوگئی تھی، جو اس کی موت کی وجہ بنا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ بعدازاں مذکورہ شخص کو لے جانے والے جہاز ایئرو میکسیکو، جس میں 198 مسافر تھے، سے بین الاقوامی پروٹوکول کے مطابق لاش ہٹا کر پرواز بحال کردی گئی۔

    واضح رہے کہ منشیات کو انسانی جسم کے اندر خالی حصوں میں چھپا کر اسمگل کرنے کا طریقہ منشیات فروشوں میں بہت مقبول ہے۔

  • الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    الحدیدہ ہوائی اڈے پر حوثیوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام

    صنعاء : الحدیدہ میں حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن کی جوائنٹ سیکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے ساحلی شہر الحدیدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    یمن میں مزاحمتی فورسز کے میڈیا وار سیل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش کے لیے چھ شدت پسندوں کو بھیجا تھا مگر سیکیورٹی فورسز نے حوثی شرپسندوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔

    میڈیا وار سیل کے مطابق حوثیوں کی طرف سے دہشت گردی کی تازہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب حوثیوں اور حکومت کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔

    حوثی باغیوں کی طرف سے الحدیدہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو دانستہ طورپر ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ الحدیدہ ہوائی اڈے کے بیشتر مقامات پر مشترکہ مزاحمتی فورسز کا کنٹرول ہے جب کہ ہوائی اڈے کی شمالی سمت میں بعض عمارتوں پر حوثی ملیشیا کے جنگجو بدستور قابض ہیں۔