Tag: نا اہلی

  • الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے نااہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نا اہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبرتک جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں فریال تالپور کی نااہلی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران ممبر کے پی ارشاد قیصر نے کہا کہ ایسی ہی ایک درخواست ہائی کورٹ میں بھی دائر ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائی کورٹ میں درخواست معظم عباسی کی ہے، سندھ ہائی کورٹ میں درخواست اقامہ ظاہر نہ کرنے سے متعلق ہے، ہماری درخواست کاغذات نامزدگی میں اثاثے ظاہر نہ کرنے کی ہے۔

    ارشاد قیصر نے کہا کہ سیکرٹری سندھ اسمبلی نے خط لکھا فریال تالپورکی نااہلی کا کیس نہیں بنتا، وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ سیکرٹری سندھ اسمبلی کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

    ممبر کے پی ارشاد قیصر نے سوال کیا کہ کیا فریال تالپور اقامہ ہولڈر ہیں؟ جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق فریال تالپور نے اقامہ ظاہر نہیں کیا، ہماری درخواست جائیدادیں ظاہر نہ کرنے سے متعلق ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ جون 2019 میں اسپیکر سندھ اسمبلی کو نااہلی کی درخواست دی تھی، قانونی طور پر اسپیکر نے ایک ماہ میں فیصلہ دینا تھا جو نہیں دیا، اسپیکر ایک ماہ میں فیصلہ نہ کرے تو کیس ازخود الیکشن کمیشن کو منتقل ہوجاتا ہے۔

    بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نا اہلی کی درخواست پر فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 دسمبرتک جواب طلب کرلیا۔

  • سابق ڈپٹی میئرارشد وہرا کی نا اہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

    سابق ڈپٹی میئرارشد وہرا کی نا اہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد : سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرا کی نا اہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ کیا پارٹی کی تبدیلی سے پہلی پارٹی متاثر نہیں ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرا کی نا اہلی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ نے ٹکٹ کس سے لیا اور پھر کس پارٹی میں چلے گئے۔

    وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی تقریر کے بعد پارٹی ہی بدل گئی تھی، ایم کیو ایم کے ندیم نصرت سے ٹکٹ لیا۔

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ پارٹی چھوڑکرپاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیارکی، کیا پارٹی کی تبدیلی سے پہلی پارٹی متاثر نہیں ہوتی۔

    وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومت کی حد تک کوئی پارٹی جوائن نہیں کی، جس پارٹی نے ٹکٹ ہی نہیں دیا وہ کیسے نا اہل کرا سکتی ہے۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ تیاری کی لیے کچھ وقت دے دیں جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے سابق ڈپٹی میئر ارشد وہرا کو نا اہل قرار دیا تھا۔

  • آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پرسماعت آج ہوگی

    آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پرسماعت آج ہوگی

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اظہرمن اللہ کی سربراہی میں آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے تحریک انصاف کی درخواستوں پرسماعت آج ہوگی۔

    تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی طرف سے دائر درخواستوں میں آصف علی زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور رکن قومی اسمبلی تاحیات نا اہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے اور رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں ہیں، انہیں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔

    یاد رہے گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے کیس ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کیا تھا اور حکم دیا تھا رجسٹرار آفس دونوں درخواستوں کو نمبر لگا دیں۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کے وکیل سے کہا تھا سیاسی درخواست عدالت لے کر کیوں آتے ہیں ؟ درخواست کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے، سیاسی لڑائی سیاسی فورم اور پارلیمنٹ میں لڑنی چاہیے۔ عدالت میں متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔

  • سپریم کورٹ نے سائرہ افضل تارڑکوالیکشن لڑنےکے لیے اہل قراردے دیا

    سپریم کورٹ نے سائرہ افضل تارڑکوالیکشن لڑنےکے لیے اہل قراردے دیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ کو این اے 87 سے الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس شیخ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سائرہ افضل تارڑ کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

    درخواست گزار نے سائرہ افضل کی نا اہلی کے لیے اپیل دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں دو بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دی گئی۔

    عدالت عظمیٰ نے درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ کاغذات نامزدگی میں دونوں بینک اکاؤنٹس کا ذکر موجود ہے۔

    بعدازاں سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست کو خارج کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔

    سابق وزیرمملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 87 حافظ آباد سے مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اپیلٹ ٹربیونل نے سائرہ افضل تارڑ کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اللہ نےعزت بخشی اورمیں اللہ کےفیصلےکےآگےسرجھکاتا ہوں‘ نواز شریف

    اللہ نےعزت بخشی اورمیں اللہ کےفیصلےکےآگےسرجھکاتا ہوں‘ نواز شریف

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف کا کہنا ہے کہ مجھے صرف اس لیے نا اہل قرار دیا گیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی۔

    تفصیلات کے مطابق نا اہل سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نےعزت بخشی اورمیں اللہ تعالیٰ کے فیصلے کے آگے سرجھکاتا ہوں۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پیغام عوام کے دلوں تک پہنچ گیا اور لوگ جواب دے رہے ہیں۔

    نوازشریف نے کہا کہ مجھے صرف اس لیے نا اہل قرار دیا گیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، اب قوم فیصلہ سنارہی ہے، لودھراں کا الیکشن قوم کا فیصلہ ہے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ لودھراں کے الیکشن کے بارے میں کون سوچ سکتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں بیٹھے منصفین کوسوچنا چاہیے کہ اللہ کوجواب دہ ہونا ہے، جوانصاف کی کرسی پر بیٹھا ہے سب سے زیادہ ان کی جواب طلبی ہوگی۔


    نوازشریف لودھراں جا کرعوام کی محبت کا شکریہ ادا کریں گے‘ مریم نواز


    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب ہاؤس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ این اے 154 کے ضمنی الیکشن میں جس طرح لودھراں کی عوام نے بے پناہ محبت کا اظہار کیا ہے کہ وہ خود وہاں جا کرعوام کا شکریہ ادا کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد

    عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد

    اسلام آباد : عائشہ گلالئی کو نا اہل کرنے سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے عائشہ گلالئی کی نا اہلی کے لیے دائر عمران خان کی درخواست کی سماعت کی۔

    الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف اور عائشہ گلالئی کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد رواں ماہ 17 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔

    الیکشن کمیشن کے 5 میں سے3 ممبران نے درخواست خارج کرنے کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے ریفرنس کو مسترد کردیا۔

    قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عائشہ گلالئی کے نا اہلی کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی اور عمران خان کے وکیل کی جانب سے دلائل دیے گئے تھے۔


    تحریک انصاف میں خواتین کی عزت محفوظ نہیں، عائشہ گلالئی


    خیال رہے کہ رواں برس یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان پرسنگین الزمات عائد کیے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 28 اگست کو پاکستان تحریک انصاف نے عائشہ گلالئی کی پارٹی رکنیت منسوخ کردی تھی جبکہ انہیں ڈی سیٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نااہلی کی درخواستوں کی سماعت، وزیر اعظم کے وکیل نے وقت مانگ لیا

    نااہلی کی درخواستوں کی سماعت، وزیر اعظم کے وکیل نے وقت مانگ لیا

    اسلام آباد: نااہلی ریفرنسز میں وزیر اعظم کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ لیا۔ اپوزیشن کے وکلا کا کہنا ہے کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور پاکستان عوامی تحریک کے ریفرنسز کی سماعت کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل سلمان بٹ نے جواب کے لیے وقت مانگ لیا۔

    وزیر اعظم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس کیس کی کاپی موجود نہیں ہے لہٰذا انہیں وقت دیا جائے۔

    جواب میں اپوزیشن کے وکلا نے کہا کہ حکومت تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کے وکیل کو واضح جواب کے ساتھ آنا چاہیئے تھا۔

    الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر دلائل کے بعد وزیر اعظم اور ان کی فیملی کو نوٹس جاری کیے تھے۔ کیس کی مزید سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے وہ افراد جو رکن اسمبلی بھی ہیں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کروائی گئی تھیں۔