سیالکوٹ (26 اگست 2025): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے افواج پاکستان نے جنگ جیتی اور اب قدرتی آفات سے نبرد آزما ہیں۔ عوام کی جانیں بچا کر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ جنگ سویلین اداروں کو لڑنی چاہیے جو فوج لڑ رہی ہے اور یہ سب سویلین سیٹ اپ کی ناکامی ہے۔
وزیر دفاع نے تباہی کی بڑی وجہ نالوں پر تجاوزات اور کرپشن کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی جگہ پر تجاوزات ہیں، جو سٹی گورنمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی ناکامی ہے۔ سرکاری اہلکار بھی تجاوزات میں ملوث ہوتے ہیں۔ شہر کا اسٹرکچر تباہ ہو گیا۔
خواجہ آصف نے ضلعی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی حد ہے کہ تمام سڑکیں بارش میں بہہ گئیں۔ ایس ڈی او، ایکسین یا ٹھیکیدار سے کوئی سوال نہیں کرتا۔ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ ذاتی طور پر کام کراؤ تو 50 ہزار لگتے ہیں، جب کہ سرکاری فنڈز سے وہی کام 5 کروڑ کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت میں آئے ہوئے صرف ڈیڑھ سال ہوا ہے۔ تعمیر نو ہو رہی ہے تو بلدیاتی ادارے میں مضبوط کرنا ہوں گے، تاہم تعمیر نو میں وقت لگے گا۔
https://urdu.arynews.tv/pakistan-floods-ahsan-iqbal-visit-narowal-media-talk/