Tag: نتائج

  • میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

    میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

    لاہور(24 جولائی 2025): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) لاہور نے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن اور بورڈ کے چیئرمین زید بن مقصود نے تقریب کی صدارت کی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا۔

    رول نمبر 115235 والی حرم فاطمہ نے 1193 نمبروں کے ساتھ مجموعی طور پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔

    لاہور کے بورڈ میں رول نمبر 115235 والی حرم فاطمہ نے 1193 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، نورالہدیٰ اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد علی 1187 نمبرلے کر تیسری پوزیشن پر رہے۔

    ڈپٹی کمشنر ملتان نے پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا اعلان کیا، امتحان میں ایک لاکھ 25 ہزار امیدوار شریک ہوئے، تعلیمی بورڈ ملتان کے مطابق دنیا پور کے طالب علم ہارون حامد نے 1193 نمبر لے کر پہلی، حسینہ فاطمہ نے 1188 نمبر لے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    حافظہ عشبہ فاطمہ نے 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اسبہا فاطمہ، میرب فاطمہ اور خدیجہ بھی 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن کی حق دار ٹھہریں۔

    کنٹرولر لاہور بورڈ رضوان نذیر نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات مثبت رہے، رواں سال رول نمبر سلپ پر کیو آر کوڈ لگا کر پیپر لیے گئے، رواں سال 11 ہزار سے زائد سٹاف نے امتحان میں ڈیوٹیاں دیں۔

    آن لائن رزلٹ چیک کرنے کا طریقہ

    میٹرک کے نتائج کی تلاش میں کل ملک بھر میں اسٹوڈنٹس آن لائن ویب سائیٹس پر وزٹ کریں گے۔ میٹرک کے آن لائن نتائج معلوم کرنے کے لیے اسٹوڈنٹس کو لاہور بورڈ کی ویب سائٹ https://www.biselahore.com/ پر جانا ہوگا۔

    جہاں ویب سائٹ کھلتے ہی صفحہ اول پر میٹرک رزلٹ 2025 کا آپشن دیا گیا ہے، جس کو کلک کرنے سے رول نمبر باکس اوپن ہو جائے گا۔

     اس رولنمبر باکس میں طلبا کو اپنا رول نمبر درج کر کے اینٹر کرنا ہوگا جس کے بعد ان کا مطلوبہ نتیجہ سکرین پر آ جائے گا۔

  • انٹر کامرس کے نتائج میں تاخیر سے پریشان طلبہ کے لیے کراچی اور اردو یونیورسٹی کی جانب سے اہم اعلان

    انٹر کامرس کے نتائج میں تاخیر سے پریشان طلبہ کے لیے کراچی اور اردو یونیورسٹی کی جانب سے اہم اعلان

    کراچی: انٹر کامرس کے نتائج میں تاخیر سے پریشان طلبہ کے لیے کراچی اور اردو یونیورسٹی کی جانب سے خوش خبری ہے کہ انھیں داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر کامرس ریگولر کے نتائج میں تاخیر سے جامعات میں داخلے کے خواہش مند طلبہ پریشانی میں مبتلا ہیں، انٹر بورڈ ساڑھے 3 ماہ گزر جانے کے باوجود نتائج کا اعلان نہیں کر سکا ہے، جس کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات درپیش ہیں۔

    واضح رہے کہ انٹر سال اوّل اور دوئم کامرس ریگولر امتحانات میں 50 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوئے تھے۔

    دوسری طرف جامعہ کراچی اور اردو یونیورسٹی میں بی ایس پروگرامز میں ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلوں کا آغاز ہو گیا ہے، تاہم جامعہ کراچی نے کامرس سال اوّل کی مارکس شیٹ کی بنیاد پر ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

    جامعہ کراچی کے مطابق ایڈمیشن کے خواہش مند طلبہ کا داخلہ انٹر سال دوئم کی مارکس شیٹ سے مشروط ہوگا۔

  • انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان

    انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 99.86 فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا، پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 32 ہزار 653 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

    امتحانات میں 32 ہزار 606 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 99.86 فیصد رہا۔

    کووڈ 19 کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے، طلبا کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبا کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیے گئے ہیں۔

    بارہویں جماعت کے پرچوں میں 3 فیصد اضافی نمبرز بھی دیے گئے ہیں۔

    انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 میں 1 ہزار 72 امیدوار اے ون گریڈ، 2 ہزار 256 اے گریڈ، 3 ہزار 494 بی گریڈ، 4 ہزار 566 سی گریڈ، 11 ہزار 673 ڈی گریڈ اور 9 ہزار 503 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔

    42 امیدوار پاس قرار پائے، رواں برس پروموشن پالیسی کے مطابق طلبا کو پوزیشنز نہیں دی گئیں۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔

    امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں، ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

  • کرونا ویکسین کے نتائج سے متعلق روس سے اچھی خبر آگئی

    کرونا ویکسین کے نتائج سے متعلق روس سے اچھی خبر آگئی

    ماسکو: روس میں بنائی گئی کرونا وائرس کی ویکسین کے ابتدائی مرحلے کے نتائج مثبت رہے۔

    میڈیکل جرنل لینسٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ‘اسپوتنک فائیو’ نامی روسی ویکسین کے پہلے اور دوسرے آزمائشی مرحلے میں شامل 76 افراد میں اینٹی باڈیز بنیں۔

    تحقیق کے مطابق 50 فیصد کو بخار، 42 فیصد کو سر درد، 28 فیصد کو کمزوری جبکہ 24 فیصد کو جوڑوں کے درد کی شکایت ہوئی۔

    روسی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے لیے تیار کی گئی ویکسین سے مریضوں میں مدافعتی قوت اور اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں اور معمولی سائیڈ ایفیکٹس دیکھے گئے۔

    ماہرین کے مطابق روس کی ویکسین کو وائرس کے خلاف موثر قرار دینے کا فیصلہ تیسرے مرحلے میں اس کی بڑے پیمانے پر آزمائش کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔

    روسی حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کو تیسرے مرحلے میں 40 ہزار رضا کاروں پر آزمایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ روس نے تیسرے مرحلے کی آزمائش مکمل ہونے سے پہلے ہی عوام کے استعمال کے لیے دنیا کی پہلی منظور شدہ کرونا ویکسین بنانے کا دعویٰ کیا تھا جس پر اسے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • برطانیہ نے آئل ٹینکر آزاد نہیں کیا تو خطرناک نتائج کیلئے تیار رہے، ایران

    برطانیہ نے آئل ٹینکر آزاد نہیں کیا تو خطرناک نتائج کیلئے تیار رہے، ایران

    تہران : ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ اس کے آئل ٹینکر کو چھوڑ دے، جو بہانہ بنا کر اس ایرانی ٹینکر کو پکڑا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الزام عائد کیا گیا تھا کہ عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ ٹینکر شام میں آئل کی سپلائی کرنے کی کوشش میں تھا۔ تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

    جمعے کے دن ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ جو بہانہ بنا کر اس ایرانی ٹینکر کو پکڑا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے شام جانے والے ایرانی آئل ٹینکر کوبرطانوی کالونی جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔

    مزید پڑھیں: برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    واضح رہے کہ سپریم لیڈر  آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور آرمی چیف محمد باقری نے آئل ٹینکر کو رہا نہ کرنے کی صورت میں برطانوی ٹینکر کو روکنے کی دھمکی دی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی ٹینکر کے قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش کی تھی جو ناکام ہوگئی تھی۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین نے شام کو تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر ایرانی ٹینکر جبرالٹر سے شام خام تیل لے جاتے ہوئے گزشتہ ہفتے پکڑا گیا تھا۔

  • بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا

    بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا

    نئی دہلی: بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہوگا، بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں 11 اپریل کو لوک سبھا کے انتخابات شروع ہوئے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے اور آج نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

    لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان کے موقع پر بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔

    انتخابی نتائج کے دوران ممکنہ ہنگامہ آرائی پر ریاستی حکام کو ہدایات جاری کردی گئیں، ووٹوں کی گنتی والے مراکز کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بھارتی انتخابات کا ساتواں مرحلہ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پولز جاری کیے گئے اور زیادہ تر ایگزٹ ہولز نے مودی کی جماعت اس کے اتحادیوں کی جیت کی پیشگوئی کی ہے۔

    دوسری جانب کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے لوک سبھا کے ایگزٹ پول نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ایگزٹ پول کے جھوٹے نتائج کے پروپیگنڈے سے مایوس نہ ہوں۔

    واضح رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں عام انتخابات 7 مراحل میں مکمل ہوئے۔ بھارتی انتخابات میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہی اصل مقابلہ ہے تاہم متعدد دیگر جماعتیں بھی انتخابی عمل کا حصہ ہیں۔

  • امریکہ کی ایران کو بندرگاہیں بند کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی

    امریکہ کی ایران کو بندرگاہیں بند کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی

    واشنگٹن : امریکا نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ باب المندب اور آبنائے ہرمز بندرگاہوں کو بحری ٹریفک کے لیے بند کرنے کی حماقت نہ کرے ورنہ اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہم نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز اورباب المندب بندرگاہیں بند کیں تو اس کے نتیجے میں ایران کو جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران سے تیل کی خریداری پر مکمل پابندی عاید کیے جانے کے اعلان کے بعد تہران نے آبنائے ہرمز اور باب المندب بندرگاہوں سے تیل بردار جہازوں کو گذرنے سے روکنے کا کا اعلان کیا تھا۔

    امریکی عہدیدار نے کہا کہ ایران اور دیگر تمام ممالک کو آبنائے ہرمز اور باب المندب سے عالمی تجارتی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

    ایرانی وزارت پٹرولیم کے ایک ذریعے نے کہا تھا کہ تہران امریکا کی طر ف سے ایرانی خام تیل کی خریداری پر پابندی کے بعد پاسداران انقلاب کو تزویراتی اہمیت کی حامل باب المندب اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے کاحکم دے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ 2 مئی کے بعد ایران سے تیل کی خریداری پر 8 ممالک کو دیا گیا استنثیٰ ختم کردیا جائے گااور اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

  • ضمنی انتخابات 2018: نتائج مکمل، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن چارچارنشستوں پرکامیاب

    ضمنی انتخابات 2018: نتائج مکمل، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن چارچارنشستوں پرکامیاب

    اسلام آباد: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہوچکے ہیں، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کی چار چار نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے ملک کے مختلف 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور تاریخ میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں نے آن لائن ووٹ کاسٹ کیا۔

    قومی اسمبلی کی نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

    صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

    قومی اسمبلی کے حلقے

    قومی اسمبلی کی 11نشستوں کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے 4،  تحریک انصاف کے 4،  مسلم لیگ ق 2 اور ایک نشست پر ایم ایم اے امیدوار کامیاب ہوئے۔

    این اے124لاہور 2سے مسلم لیگ ن کے شاہدخاقان عباسی، این اے56 سےمسلم لیگ ن کےسہیل خان، این اے 103 فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کےعلی گوہر بلوچ، این اے65 چکوال سے ق لیگ کےچوہدری سالک کامیاب اور این اے 69گجرات2 سے مسلم لیگ ق  کے مونس الہٰی نے میدان مارلیا۔ اسی طرح این اے53 پرپی ٹی آئی کے امیدوار علی نواز اعوان نےمیدان مارا اور این اے 243 پر پی ٹی آئی کےعالمگیر خان کامیاب قرار پائے۔

    این اے 65  ق لیگ کی کامیابی 

    این اے 65چکوال 2سے مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین نے 98ہزار 364 ووٹ لے میدان مار ا جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد یعقوب 34ہزار 811 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 124 شاہد خاقان عباسی کامیاب

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے این اے 124لاہور سے مسلم لیگ ن کے شاہدخاقان عباسی 75 ہزار 102 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے غلام محی الدین 30ہزار 115 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 153 پی ٹی آئی کامیاب 

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان 56ہزار 664 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار وقار احمد نے 32ہزار 171 ووٹ حاصل کیے۔

    این اے 56 ن لیگ کو برتری

    این اے 56 اٹک سے مسلم لیگ ن کے امیدوارسہیل خان 25 ہزار 665 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے خرم علی خان 89 ہزار 709 ووٹز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 69 مونس الہٰی کامیاب 

    این اے 69گجرات2سے مسلم لیگ ق کے امیدوار مونس الہٰی 61 ہزار 763 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے عمران ظفر 19 ہزار 867 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 243 پی ٹی آئی کامیاب 

    کراچی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 کے 216 پولنگ اسٹیشنز سے عالمگیر خان محسود 35727 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ایم کیو ایم کے عامر چشتی 15ہزار 113 ووٹ حاصل کرسکے۔

     این اے  60پی ٹی آئی کو برتری

    این اے 60سے پی ٹی آئی کے راشد شفیق کامیاب قرار پائے، غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق راشد شفیق نے 44283ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل ن لیگ کے سجاد خان نے43839ووٹ حاصل کئے۔

    این اے 131 خواجہ سعد رفیق کامیاب 

    این اے 131کا معرکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق نے اپنے نام کرلیا، غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے60476ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر 50245ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔

    صوبائی نشستیں

     پنجاب اسمبلی : 

    پنجاب اسمبلی کی 11میں سے9 نشستوں کے موصول ہونے والے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے 3، مسلم لیگ ن کے 4جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    پی پی 261 رحیم یار خان سے تحریک انصاف کے فوازاحمد ، پی پی201سےپی ٹی آئی کےصمصام بخاری، پی پی272مظفرگڑھ سے پی ٹی آئی کی زہرہ بتول کامیاب قرار پائے، 

    جبکہ پی پی165لاہور سےمسلم لیگ ن کے سیف الملوک کھوکھر، پی پی 27 جہلم سے ن لیگ کے ناصر محمود،پی پی 164 سے ن لیگ کے سہیل شوکت بٹ،  پی پی 292 ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ ن کے اویس لغاری نے کامیابی حاصل کی۔

    جبکہ آزاد امیدواروں میں سے پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آواز امیدوار بلال چوہدری فاتح قرار پائے اور پی پی222ملتان سے آزاد امیدوار قاسم عباس خان کامیاب ہوئے۔

    پی پی 118ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آزادامیدوار چوہدری بلال اصغر 35 ہزار 230 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار اسد زمان 31ہزار 254 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پی پی201 ساہیوال سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار صمصام بخاری 58280 ووٹ لیکرکامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے محمدطفیل نے 51662 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پی پی 3اٹک کے  پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتیجہ کے مطابق ن لیگ کے افتخاراحمد خان 43ہزار259ووٹ لے کرآگے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے محمد اکبرخان 43ہزار32ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    خیبرپختونخواہ اسمبلی : 

    کے پی کے اسمبلی کی 9میں سے7نشستوں کےغیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 4، عوامی نیشنل پارٹی 2 اور مسلم لیگ ن 1 نشست پر کامیاب قرار پائی۔

    پی کے44صوابی 2 سے پی ٹی آئی کےعاقب اللہ، پی کے61 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے ابراہیم خٹک، پی کے 64 نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے لیاقت خان، پی کے97 ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے فیصل امین گنڈاپورکامیاب قرار پائے۔

    اسی طرح پی کے3سوات سے مسلم لیگ ن کے سردارخان، پی کے78 پشاور سے اےاین پی کی ثمربلور ، پی کے7 سوات سے عوامی نیشنل پارٹی کے وقار احمد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں کامیاب قرار پائے۔

    سندھ اسمبلی: 

    ضمنی انتخابات میں سندھ اسمبلی کی دونوں نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں ، ایک نشست پی ایس 30 خیر پور سے پرپیپلزپارٹی کے سید احمد رضا شاہ جیلانی فاتح قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل جی ڈی اے کے سید محرم علی شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔

    دوسرے حلقے پی ایس 87 ملیر سے پیپلز پارٹی کے محمد ساجد فاتح قرار پائے ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے قادر بخش گبول دوسرے نمبر پررہے۔

    بلوچستان اسمبلی : 

    ضمنی انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کی 2میں سے ایک پی بی 40 خصدار نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے  امیدوار محمد اکبر کامیاب قرار پائے۔ محمد اکبر 23722ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزادامیدوار میرشفیق الرحمان 14312ووٹ لیکردوسرے نمبرپررہے۔

     دوسرے حلقے پی بی 35 مستونگ میں آزاد امیدوار اسلم خان رئیسانی قرار پائے جبکہ بی این پی کے سردار نور احمد دوسرے نمبر پر رہے۔

    ابتدائی نتائج

    اے آر وائی کو نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے۔ پہلا نتیجہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی حلقے پی کے 3کے ایک پولنگ اسٹیشن کا غیرسرکاری نتیجہ موصول ہوا ہے۔ پی کے3 پولنگ اسٹیشن لنگر میں 2 ووٹ کاسٹ ہوئے،  پی ٹی آئی کےساجدعلی اورن لیگ کے سردارخان کوایک ایک ووٹ ملا۔


    پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران پنجاب سے 19، خیبرپختونخواہ سے 2 اور سمندرپار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے حوالے سے 3 شکایات موصول ہوئیں جبکہ بلوچستان اور سندھ سے کوئی شکایات نہیں ملی۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ کل 5 ہزار 881 سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیا، جن میں سے 4 ہزار864 اوورسیز پاکستانیوں نےقومی اسمبلی جبکہ 1071 نے صوبائی نشستوں کےلیےووٹ کاسٹ کیا، مجموعی طور پر 80 فیصد لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    ضمنی انتخابات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوجی جوان جبکہ ایک لاکھ سے زائد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسیٹیشن کے اندر و باہر تعینات رہے، پولنگ کے دوران کسی قسم کاکوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی اسٹاف کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی اسٹاف، پریذائیڈنگ افسرآراوز کے ماتحت ہوں گے۔

     

  • کراچی میں میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان

    کراچی میں میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان

    کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی کی جانب سے دسویں جماعت سائنس گروپ کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کردیا۔

    امتحانات میں ایک لاکھ 59 ہزار سے زائد طلبا نے حصہ لیا جس میں سے 98 ہزار 834 طلبہ کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 63 فیصد رہا۔

    میٹرک سائنس کے امتحانات میں کے پی ایس اسکول گلشن اقبال کی فاریہ آصف نے پہلی ہپیی پیلس اسکول کی آمنہ اقبال نے دوسری جبکہ تیسری پوزیشن ناصرہ اسکول ملیر کے محمد جنید نے حاصل کی۔

    اس موقع پرمیٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرسعید الدین نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کامیاب طلبہ یاد رکھیں کہ وقت کی قدر اور اپنے کام پرفوکس ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

    میٹرک سائنس گروپ کے پوزیشن ہولڈرز کے ساتھ جنرل گروپ کے پوزیشن ہولڈرز کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا۔

    دسویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج کے موقع پر سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کی بھی خصوصی شرکت کی۔

  • این اے131 میں عمران خان کی  فتح، سعدرفیق کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست

    این اے131 میں عمران خان کی فتح، سعدرفیق کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست

    لاہور:مسلم لیگ ن کے ربنما سعدرفیق نے این اے131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے آر او کو درخواست دے دی، اس حلقے میں عمران خان نے خواجہ سعد رفیق کو شکست دی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے حلقہ ااین اے131 میں عمران خان کی کامیابی کیخلاف درخواست دائر کی، سعد رفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروائی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پریذائڈنگ افسر نے سینکڑوں ووٹ مسترد کئے، اس لیے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔

    یاد رہے انتخابات 2018 میں لاہور کے حلقے این اے131 میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے سخت مقابلے کے بعد مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق کو شکست دی۔

    انتخابی نتائج کے مطابق این اے 131 میں عمران خان نے 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کئے جبکہ سعد رفیق 83 ہزار 633 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 251 نشتوں کے نتائج جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 110 نشتوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔