Tag: نتائج چیلنج

  • کراچی بلدیہ کے 3 جنرل کونسلرز نے ہائی کورٹ میں نتائج چیلنج کر دیے

    کراچی: شہر قائد سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج چیلنج کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، کراچی بلدیہ کے 3 جنرل کونسلرز نے ہائی کورٹ میں نتائج چیلنج کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ سے 3 جنرل کونسلر امیدواروں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی ہے، ان امیدواروں کا تعلق پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی سے ہے۔

    میر محمد رفیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساجد الرحمان نے یو سی 2 وارڈ ایک کیماڑی سے الیکشن لڑا، ساجد الرحمان نے 245 جب کہ عبدالرؤف نے 202 ووٹ لیے، لیکن آر او نے نتائج تبدیل کر کے پی پی امیدوار کو جتوا دیا۔

    وکیل کے مطابق جماعت اسلامی کے شیر علی نے وارڈ 4 یو سی ٹو، بلدیہ ٹاؤن سے الیکشن لڑا، سید شیر نے 107، جب کہ پی پی امیدوار وزیر محمد نے 102 ووٹ لیے، لیکن یہ نتیجہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

    درخواست گزار کے مطابق یو سی 2 وارڈ نمبر 2 اتحاد ٹاؤن سے نعمت خان نے الیکشن لڑا، اور انھوں نے 443 ووٹ لیے، نعمت خان کے مقابلے میں پی پی کے شمیر احمد نے 377 ووٹ لیے، لیکن یہ نتیجہ بھی تبدیل کر دیا گیا۔

    سندھ ہائیکورٹ سے تینوں درخواستیں آج سننے کی استدعا کی گئی ہے، جسسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے درخواست پر کہا کہ ہمارا بینچ سروس کیسز دیکھ رہا ہے، اس لیے متعلقہ بینچ سے رجوع کیا جائے۔

  • زمبابوے: صدارتی انتخابات کے نتائج عدالت میں چیلنج

    زمبابوے: صدارتی انتخابات کے نتائج عدالت میں چیلنج

    ہرارے: زمبابوے میں رواں ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج اپوزیشن اتحاد نے ملکی عدالت میں چیلنج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں مرکزی اپوزیشن اتحاد کے رہنما نیلسن شمیزا نے حالیہ انتخابات کے نتائج کو ملکی آئینی عدالت میں چیلنج کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپوزشن اتحاد کی جانب سے مذکورہ نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنے سے نگران صدر ایمرسن کی حلف برداری کی تقریب بھی مؤخر ہو گئی ہے۔

    اپوزیشن رہنما نیلسن شیمزا نے موقف اختیار کیا ہے کہ زمبابوے کے حالیہ انتخابات دھاندلی شدہ تھے، جیتنے والے ایمرسن منانگاگوا کی کامیابی کو تسلیم نہیں کرتے۔

    ایمرسن کو اپنے عہدے کا حلف آئندہ اتوار کو اٹھانا تھا، تاہم جب تک عدالت فیصلہ نہیں سناتی وہ اس عہدے پر فائز نہیں ہوسکتے، ملکی قوانین کے مطابق آئینی عدالت نے اب چودہ دن کے اندر اندر اپنا فیصلہ سنانا ہے۔


    زمبابوے: صدارتی انتخابات کے بعد ہنگامہ آرائی پر برطانیہ کا تحفظات کا اظہار


    خیال رہے کہ ایمرسن منانگاگوا کی جیت پر اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو جعلی قرار دیا ہے، منانگاگوا کا تعلق حکمران زاؤ پی ایف پارٹی سے ہے۔

    واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد ہنگامہ آرائی میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں وزیر سیاحت کی رشتے دار بھی شامل ہیں۔

    صدر رابرٹ موگابے کے طویل اقتدار کے بعد زمبابوے میں یہ پہلے صدارتی انتخابات تھے۔

    یاد رہے کہ زمبابوے کی آزادی کے بعد یہ پہلا الیکشن تھا جو سابق صدر رابرٹ موگابے کی غیر موجودگی میں ہوا ہے اور موگابے نے مذکورہ الیکشن میں حصّہ بھی نہیں لیا تھا اور اپنے جانشین ایمرسن منانگاگوا کی حمایت سے بھی انکار کردیا تھا۔