Tag: نجم سیٹھی

  • نجم سیٹھی پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہونے پر اے سی سی پر برہم

    نجم سیٹھی پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہونے پر اے سی سی پر برہم

    نجم سیٹھی پاکستان بھارت کا میچ بارش کی نذر ہونے پر اے سی سی پر برہم ہوگئے اور اس کے غلط فیصلے کی نشاندہی بھی کردی۔

    سابق سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انھوں نے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے یوں بے نتیجہ ختم ہونے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے پہلے ہی اے سی سی سے میچز متحدہ عرب امارت میں رکھنے کی سفارش کی تھی۔

    نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یہ مایوس کن ہے کہ کرکٹ کا سب سے بڑا میچ یوں بارش سے متاثر ہو، ان دنوں میں سری لنکا میں برسات ہوتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ’’ پی سی بی کے سربراہ کے طور پر اے سی سی پر زور دیا تھا کہ ایشیا کپ کے میچز یو اے ای میں رکھیں تاہم سری لنکا کو ایونٹ دینے کے لیے مختلف بہانے بنائےگئے، یہ کہا گیا کہ یو اے ای میں گرمی ہوگی۔‘‘

    سابق پی سی بی سربراہ نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ویسا ہی موسم ہوتا ہے جیسا ماضی میں کھیلے گئے ایشیا کپ اور آئی پی ایل کے دوران تھا، کھیلوں پر سیاست کو ترجیح دینا ناقابل معافی عمل ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا جس کے باعث شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے اپنی تمام وکٹیں کھو کر 266 رنز اسکور کیے تھے، شاہین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پھر سے بھارتی ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیجنے میں اہم کردار ادا کیا اور 4 وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم بارش کے باعث پاکستان کی بیٹنگ نہ آسکی اور دنوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

  • نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرنا چاہتے تھے، چیئرمین پی سی بی

    نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرنا چاہتے تھے، چیئرمین پی سی بی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرنا چاہتے تھے۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف نے چارج سنبھالنے کے بعد میجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم  شہباز شریف، آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

    پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہئیں، ہم نے متحد ہو کر پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے کام کرنا ہے، چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے، نجم سیٹھی کو پیغام بھجوایا تھا، آج اعجاز بٹ کو بھی اچھی طرح سے رخصت کیا۔

    ذکا اشرف نے کہا کہ ایشیا کپ، ورلڈ کپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے۔

    نئے چیئرمین ذکا اشرف نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا چارج سنبھال لیا

    انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کرکٹ کو اسکا جائز حق دلوائیں گے، جس کے لیے چاہتے ہیں کہ کرکٹ کی بہتری کے لئے سب مل کر کام کریں۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف نے بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے کی سخت ہدایت کردی۔

    انہوں نے کہا کہ  ریجنز، ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، وزارت بین الصوبائی رابطہ آڈٹ کے لئے جو چیزیں مانگ رہی ہیں اسکو فراہم کی جائیں۔

    ذکا اشرف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کو اچھی سہولیات دیں گے تو اچھے کرکٹر سامنے آئیں گے، ایبٹ آباد، میرپور اور حیدرآباد اسٹیڈیم کو بہتر بنایا جائے گا، اسٹیڈیمز میں ہاسپیٹیل باکسز کو اپ گریڈ کریں گے۔

    ذکااشرف نے مزید کہا کہ کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی، کوشش کی جائے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمدن میں اضافہ ہو ۔

    ذکااشرف، سلمان نصیر اور فیصل حسنین کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت فیصلے کی توثیق کردی۔

  • ’نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی‘

    ’نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی‘

    لندن: سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی، انھوں نے کرکٹ کے فیصلے سیاسی طور پر کیے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ ذکا اشرف نے پاکستان سپر لیگ شروع کی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی ڈیپارٹمنٹ کرکٹ ختم کر کے کھیل تباہ کر گئے ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود اداروں کی کرکٹ بحال نہیں ہو سکی۔

    انھوں نے کہا نجم سیٹھی نے کرکٹ کے فیصلے سیاسی طور پر کیے، اور اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی، فاسٹ بالنگ کے حوالے سے میں نئے کرکٹرز کو لیکچر دینے کو تیار ہوں۔

    سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دل بڑا کر کے بھارت ٹیم بھیجنی چاہیے، کرکٹ کے معاملات عدالت میں جانے سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوگی، چیف جسٹس کرکٹ کے معاملے پر سوموٹو نوٹس لیں۔

    انھوں نے کہا کرکٹ کے معاملات پر حکم امتناع سے معاملات بگڑیں گے، اہم ٹورنامنٹس سے قبل چیئرمین کی تقرری پر تنازعہ افسوسناک ہے۔

  • نجم سیٹھی نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ طلب کرلی

    نجم سیٹھی نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ طلب کرلی

    لاہور: پاکستان کرکت بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ آج شام کو طلب کی گئی ہے جس کی صدارت نجم سیٹھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق میٹنگ کا مین ایجنڈا پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کی تشکیل ہے، میٹنگ میں ڈپارٹمنٹ کے 4 اور ریجنز کے 4 نمائندوں کی منظوری لی جائے گی۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی کو گورننگ بورڈ بنا کر الیکشن کروانے کا ٹاسک سونپا تھا۔

    مینجمنٹ کمیٹی میں نجم سیٹھی، شکیل شیخ، ہارون رشید، ایزد سید، تنویر پانے زئی اور گل زادہ کاکڑ شامل ہیں تاہم سابق کپتان شاہد آفریدی اور ثناء میر نے مینجمنٹ کمیٹی میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

  • نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی امیدواری سے دست بردار

    نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی امیدواری سے دست بردار

    لاہور: نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی امیدواری سے دست بردار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ایک ٹوئٹ میں چیئرمین شپ سے دست برداری کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ آصف علی زرداری اور میاں شہباز شریف کے درمیان جھگڑے کا باعث نہیں بننا چاہتے۔

    ٹوئٹ میں نجم سیٹھی نے کہا کہ اس طرح کا عدم استحکام اور غیر یقینی صورت حال پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اچھی نہیں ہے، ان حالات میں پی سی بی کی چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔

    نجم سیٹھی نے اپنی ٹوئٹ میں تمام اسٹیک ہولڈرز نیک تمناؤں کا بھی اظہار کر دیا۔

  • ’پی سی بی نے جو وعدہ کیا اسے پورا کردیا‘

    ’پی سی بی نے جو وعدہ کیا اسے پورا کردیا‘

    لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے جو وعدہ کیا اسے پورا کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ پندرہ سال بعد پاکستان میں ہورہا ہے، گزشتہ سال میں ہم پی ایس ایل پاکستان لے کر آئے اور دنیا کی تمام ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ اب ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کی مدد سے مزید ایونٹ بھی پاکستان میں کروائیں گے۔

    چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا ایشیا کپ اور پھر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین میزبانی کے لیے پرعزم ہیں، بڑی ٹیمیں اور بڑےکھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی اور انتظامات کے معترف ہیں، آنے والے 20 ماہ برصغیر کے کرکٹ شائقین کے لیے بہت اہم ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیا۔

    ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز منظور کرلی، ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

    ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان میں بقیہ 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے، سری لنکا فائنل سمیت بھارت کے تمام میچز کی میزبانی کرے گا۔

  • نجم سیٹھی کو وزیر اعظم کی جانب سے کیا ہدایات ملیں؟

    نجم سیٹھی کو وزیر اعظم کی جانب سے کیا ہدایات ملیں؟

    اسلام آباد: چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی ملاقات بڑے خوش گوار ماحول میں ہوئی، اور انھوں نے وزیر اعظم کو 2014 کے کرکٹ آئین کی بحالی پر مفصل بریفنگ دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ملنے والی ہدایات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے انھیں مزید ذمہ داریاں سونپی ہیں۔

    نجم سیٹھی نے کہا وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ہر شعبے میں بہترین ثابت ہو، اس لیے انھوں نے کھلاڑیوں کو مزید سہولیات دینے کے حوالے سے ہدایات دی ہیں۔

    نجم سیٹھی کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ کرکٹ انفرا اسٹرکچر پر کام کیا جائے، کھلاڑیوں کو ملازمت کے مواقع فرام کیے جائیں، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی کے لیے امیدوار نامزد کر دیا

    انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ پی سی بی تمام ڈیپارٹمنٹس کی سہولت کاری کرے، اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو بھرتی کر کے کھیلنے کے مواقع دے۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیر اعظم پاکستان کو انٹرنیشنل ٹیموں سے متعلق بھی بریفنگ دی، اور انھیں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔

  • پی سی بی کا بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے لیے گرین سگنل

    پی سی بی کا بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے لیے گرین سگنل

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے لیے گرین سگنل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

    نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر آسٹریلیا میں ہاؤس فل ہو سکتا ہے تو ٹھیک ہے، ہم ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوٹرل وینیو کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دبئی ہمارے لیے سستا پڑے گا۔

    نجم سیٹھی نے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دیدی

    نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا کہ ایشیا کپ کے لیے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل بھی دے چکے ہیں۔

  • پاکستان ورلڈ کپ کس کی کپتانی میں کھیلے گا؟ نجم سیٹھی نے بتادیا

    پاکستان ورلڈ کپ کس کی کپتانی میں کھیلے گا؟ نجم سیٹھی نے بتادیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم 2023 کا ورلڈ کپ بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلے گی۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کپتان بابر اعظم کی کارکردگی تسلی بخش رہی اور بطور کپتان ان کی کارکردگی کا جائزہ ورلڈ کپ کے بعد ہی لیا جائے گا۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ ہر سیریز کے بعد نظرثانی کا عمل ہوگا لیکن بابر کی کپتانی کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہم بابر اعظم کی قیادت میں ورلڈ کپ کھیلیں گے اس کے بعد دیکھیں گے اور جائزہ لیں گے، بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بھی بابر اعظم کی کپتانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تمام ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے، لیکن انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، جب تک پاکستان اوربھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کر سکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے صرف ایشیا کپ کی نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔

  • ’کہہ سکتے تھے بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے‘: نجم سیٹھی

    ’کہہ سکتے تھے بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے‘: نجم سیٹھی

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، بھارت کو کرکٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز پیش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو دھمکی نہیں دے رہے لیکن صورت حال کا منطقی حل پیش کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مثبت تجویز پیش کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم آسانی سے کہہ سکتے تھے کہ بھارت نہیں آ رہا تو ہم بھی نہیں جائیں گے، لیکن انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے، جب تک پاکستان اوربھارت ایک دوسرے کا دورہ نہیں کر سکتے، ہائبرڈ ماڈل بہتر حل ہے۔

    نجم سیٹھی نے کہا ’’مجھے صرف ایشیا کپ کی نہیں، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کی بھی فکر ہے، ایشین کرکٹ کونسل میں تجویز پیش کی تو لوگوں نے اس کو بہتر سمجھا۔‘‘

    ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق نجم سیٹھی کا دوٹوک اعلان

    انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں ورلڈ کپ ہے، ہماری حکومت بھی جانے سے منع کر سکتی ہے، بھارت چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کر کے وینیو تبدیل کرنے کو کہہ سکتا ہے، مگر یوں انکار کرنے سے معاملات نہیں چل سکتے۔