Tag: نجم سیٹھی

  • حکومت اجازت دے گی تو ٹیم بھارت جائے گی، نجم سیٹھی

    حکومت اجازت دے گی تو ٹیم بھارت جائے گی، نجم سیٹھی

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ورلڈ کپ کیلیے بھارت جانا حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

    چیئرمین پی سی بی عبوری کمیٹی نجم سیٹھی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو  بھارت جانا چاہیے یا نہیں یہ حکومت کا فیصلہ ہوتا ہے اگر حکومت کہے گی بھارت جائیں تو ہماری ٹیم جائیگی۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے آنے سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیلی کا فیصلہ ہوا تھا، ماضی میں قذافی اسٹیڈیم کا نام بدلنے کیلئے کہا گیا تھا پرانی سڑکیں اور بلڈنگ کے پرانے نام بدلنے نہیں چاہیئے۔

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ بھی تجویز آئی کہ قذافی اسٹیڈیم کا نام ایدھی اسٹیڈیم رکھنا چاہیے، لیکن میرے خیال سے نیشنل اسٹیڈیم کا نام بدلنا نہیں چاہیئے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ پی سی بی کی موجودہ کمیٹی کے پاس فل پاور ہے، مکی آرتھر کو میں لایا تھا اور ایک ٹیم بنائی تھی، مکی آرتھر کے دور میں ٹیم کی کارکردگی اچھی تھی،۔

    انکا مزید کہنا تھا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی بھی مکی آرتھر کے دور میں جیتے تھے، بابر اعظم کو پہچان دینے والا بھی مکی آرتھر ہے، مکی آرتھر پاکستان ٹیم کواچھا سمجھتا ہے۔

  • 4 سال بعد آیا ہوں بہت کام کرنا ہے، نجم سیٹھی

    4 سال بعد آیا ہوں بہت کام کرنا ہے، نجم سیٹھی

    لاہور: نجم سیٹھی مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ ملنے کے بعد پی سی بی ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے باہر موجود حامیوں نے نجم سیٹھی کا استقبال کیا، ان کے ہمراہ بورڈ آف گورننگ ممبر شکیل شیخ ،نعمان بٹ بھی ہے۔

    قذافی اسٹیڈیم کے باہر نجم سیٹھی کو ہار پہنائے اور پھول نچھاور کئےگئے، اس دوران پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4سال بعد آیا ہوں بہت کام کرنا ہے۔

    پی سی بی کے مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل بہت بڑا برانڈ ہے، ہمارے دور میں پی ایس ایل شروع ہوا، ٹیم کا اعلان نہیں ہوا ہوتا تو شاید نئی چیزیں ہم اس میں شامل کرتے۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ  ہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لیکر آئیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی ہے یہ اہم دورہ ہے، کوشش ہے دو ٹیسٹ اچھے ماحول میں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے ہماری کارکردگی اچھی ہوگی، پاک بھارت میچز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ پہلے سے کیا فیصلے ہوچکے  ہیں، بھارت کاجب معاملہ آتا ہےتو حکومت کی رائے لیتی پڑتی ہے۔

    پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں اسٹیڈیم تیار ہورہا ہے، پشاور میں اسٹیڈیم تیار ہوگا تو ہم جائیں گے اورکھیلیں گے۔

  • وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کی منظوری دے دی، وزیر اعظم کو 2 مذکورہ عہدے کے لیے 2 نام موصول ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن کچھ دیر تک جاری کر دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو آئی پی سی وزارت کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں 2 نام موصول ہوئے تھے، وزیر اعظم کی جانب سے کرکٹ بورڈ میں 2 نام بھجوائے گئے، دونوں کی منظوری دے دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے 4 نوٹیفکیشن جاری کیے جائیں گے، 2019 کا کرکٹ بورڈ آئین ختم کردیا جائے گا، 2019 میں وزیر اعظم کے دو نامزد کردہ ناموں کو بھی ختم کردیا جائے گا۔

    تیسرے نوٹیفکیشن میں 2014 کا آئین بحال کر دیا جائے گا جبکہ چوتھے نوٹیفکیشن میں موجودہ بورڈ کو چلانے کے لیے ایک سیٹ اپ کا اعلان کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں دورہ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کے لیے فوری طور پر عبوری سلیکشن کمیٹی بھی بنائی جائے گی، عبوری سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کا اعلان کرے گی، کمیٹی میں 4 بڑے نامور کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا

    وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے دیا

    اسلام آباد: ذرائع نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے تبدیل ہونے کا امکان ہے، رمیز راجہ کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو عہدہ دیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے، جب کہ نجم سیٹھی نئے چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعظم سے نجم سیٹھی کی لاہور میں ایک ظہرانے پر ملاقات بھی ہوئی ہے۔

    پاکستان میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لیے حکومت کا بڑا قدم

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ 2014 کا پی سی بی آئین بحال کیا جائے، پرانے آئین کی بحالی کے بعد ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق سیکریٹری آئی پی سی نے چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کی سمری وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کر دی ہے، وزیر اعطم پی سی بی آئین 2014 کی بحالی کا حکم بھی کسی بھی وقت دے سکتے ہیں۔

  • عدالت نے نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد کر دیا

    عدالت نے نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد کر دیا

    اسلام آباد: سیشن عدالت نے ٹی وی اینکر نجم سیٹھی پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نجی زندگی سے متعلق غلط بیانی پر صحافی نجم سیٹھی کے خلاف ہرجانے کے کیس میں بے بنیاد درخواست دینے پر نجم سیٹھی پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی زندگی کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے پر نجم سیٹھی پر 10 ارب کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے، وزیر اعظم کے وکیل نے نجم سیٹھی کی جانب سے ہرجانے کے کیس سے فرار کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ذاتی زندگی سےمتعلق پروپیگنڈا : وزیراعظم کا نجم سیٹھی پر10 ارب ہرجانے کا نوٹس

    نجم سیٹھی کی جانب سے ہرجانے کا کیس خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم وزیر اعظم کے وکیل عبداللہ بابر اعوان کی کیس خارج کرنے کی مخالفت کی، عدالت نے عبداللہ بابر اعوان کے دلائل پر نجم سیٹھی کی درخواست مسترد کر دی۔

    سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں ہوئی، عدالت نے کیس خارج کرنے کی درخواست دینے پر نجم سیٹھی پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

  • نجم سیٹھی کی ‘اشتعال انگیزیوں’ پر حکومتی وزراء کا سخت ردِعمل

    نجم سیٹھی کی ‘اشتعال انگیزیوں’ پر حکومتی وزراء کا سخت ردِعمل

    اسلام آباد : حکومتی وزراء نے نجی ٹی وی کے اینکر نجم سیٹھی کے پر تشدد بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے اینکر نے اپوزیشن کو وزیراعظم اور حکومت کیخلاف تشدد پر اکسانا شروع کردیا، نجی ٹی وی کے اینکر نجم سیٹھی کے پر تشدد بیان پر حکومتی وزراء نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

    صحافی نجم سیٹھی کے پرتشدد بیان پر شیریں مزاری نے درعمل دیتے ہوئے کہا نجم سیٹھی لوگوں کو وزیراعظم پرحملے کیلئےاکسارہےہیں ، کیا یہ قانون سے بالاتر ہیں ،ان کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

    شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ آدمی پی ٹی آئی ،عمران خان کوگرانے کی ناکام کوشش کرتارہاہے، اب نجم سیٹھی ناامید ہو کر ایسے غلیظ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ نجم سیٹھی کی جھنجھلاہٹ اور مایوسی اس ویڈیو کلپ میں واضح ہے ،ع چڑیا والا نجومی نیشنل میڈیا پر لوگوں کو تشدد کیلئے اکسارہاہے۔

    وزیر مملکت فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ صحافت کےنام پر تشددپراکسانےوالانجم سیٹھی بےنقاب ، دنیامیں کہاں صحافی تشددپراکساتا ہے؟ بطورصحافی نجم سیٹھی کیسےتشددکی طرف مائل کررہاہے؟ معاشرےکی اصلاع ایسےہوتی ہے؟ میڈیاکوبھی ایسی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرنا چاہیئے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ریکارڈ کیاجاسکتاہے مگر توڑ پھوڑ ،جلاؤ گھیراؤ کیلئے نہیں اکسا سکتے، نجم سیٹھی کو کچھ کررہےہیں وہ پرتشدد کے زمرے میں آتا ہے، نجم سیٹھی سے ان کے مؤقف پر جواب دہی ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کی سوچ فاشسٹ ہے ، نظرآرہاہے کہ نجم سیٹھی ن لیگ کے چمچے بنے ہوئے ہیں، ن لیگ نے نوازنے کیلئےانھیں چیئرمین پی سی بی کےعہدے کیلئے بھی لگایا۔

    خیال رہے نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام میں کہا تھا خان صاحب کو چھوڑنا نہیں، لڑائی جھگڑے کرنے پڑیں گے، پچھلی مرتبہ تو پودے بھی نہیں ہلے اس بار بہت سے گملے ہی کیا سر بھی توڑنے پڑیں گے۔

  • سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی

    سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کھو گئی ہے، نجم سیٹھی

    لاہور : سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھو گئی ہے، ڈریسنگ روم کے حالات کی تحقیقات کی جائیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں گزشتہ آٹھ ماہ کی اکھاڑ پچھاڑ کی وجہ سے تباہی ہوئی۔

    بورڈ میں تقسیم ہے اسے دھمکیوں کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، بورڈ کو لاہور کے بجائے لندن جاکر کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنا چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم کے موجودہ حالات کی تحقیقات کی جائیں، کوچ، کپتان اورکھلاڑیوں نے پی آر منیجر کیوں رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے دور میں کسی نے پی آر منیجرنہیں رکھے تھے، کوچ اور کپتان میں کوئی خوف ہے، وہ کیا خوف ہے اسے جاننا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت سے حالیہ شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد میں اعتماد نظرنہیں آرہا، اس کی جارحانہ مزاجی کہیں کھوگئی ہے، نئےلڑکوں کو موقع ملنا چاہیے تھا، موجودہ ٹیم میں اعتماد کی شدید کمی ہے۔

  • رمیز راجہ جونیئر کے والد کا انتقال، نجم سیٹھی نے رمیز راجہ سے تعزیت کرلی

    رمیز راجہ جونیئر کے والد کا انتقال، نجم سیٹھی نے رمیز راجہ سے تعزیت کرلی

    لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی رمیز راجہ جونیئر کے والد کے انتقال پر سابق کرکٹر اور کمنٹینٹر رمیز راجہ سے تعزیت کر بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ جونیئر کے والد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے تو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مداحوں سے دعائے مغفرت کی درخواست کی۔

    سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنی ٹویٹ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے والد کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔

    نجم سیٹھی نے لکھا کہ آپ کی کامیابیوں پر والد بڑا فخر محسوس کرتے ہوں گے، آپ کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہوں۔

    ٹویٹر صارفین نے فوری طور پر ان کی غلطی پر احساس دلایا کہ رمیز راجہ جونیئر کے والد کا انتقال ہوا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ مان لو نجم سیٹھی صاحب آپ بوڑھے ہوگئے ہیں۔

    رمیز راجہ جونیئر کے والد کے انتقال پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، فواد عالم، سہیل تنویر سمیت دیگر کھلاڑیوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور دعائے مغفرت کی۔

  • نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ ارسال کردیا

    نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ ارسال کردیا

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ‌ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق حکومتی تبدیلی کے بعد کرکٹ بورڈ میں بھی بڑی تبدیلی آگئی، نجم سیٹھی نےاپنااستعفیٰ وزیراعظم عمران خان کوارسال کردیا.

    اس موقع پر نجم سیٹھی نے اپنے پیغام میں‌ کہا کہ استعفیٰ کی لئے نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کا انتظارکررہا تھا، اب انھوں نے عہدہ سنبھال لیا ہے، تو استعفیٰ‌ دے رہا ہوں.

    اس موقع پر نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا.

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی الیکشن میں‌ کامیابی کے بعد یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ عمران خان  کرکٹ بورڈ میں اپنی ٹیم لے کر آئیں‌ گے اور نیا چیئرمین مقرر کریں گے.

    نئے چیئرمین کے لیے احسان مانی اور ذاکر خان کا نام لیا جارہا ہے.

    یاد رہے کہ ماضی میں عمران خان اور نجم سیٹھی مین شدید اختلافات رہے ۔ عمران خان کی جانب سے 2013 کے عام انتخابات میں نجم سیٹھی پر بہ طور گورنر پنجاب الیکشن میں دھاندلی کرنے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔

    نجم سیٹھی بہ طور صحافی بھی عمران خان کی طرز سیاست کے سخت ناقد رہے ہیں۔

  • آرمی چیف کا چیئرمین پی سی بی کے لیے تعریفی خط

    آرمی چیف کا چیئرمین پی سی بی کے لیے تعریفی خط

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو خط لکھ کر پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر ان کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کے لیے تعریفی خط لکھا ہے۔

    آرمی چیف نے پاکستان سپر لیگ اور ویسٹ انڈیز سے سیریز پر نجم سیٹھی اور ٹیم کو مبارک باد دی۔

    اپنے خط میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ نمایاں کامیابیاں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ کامیابیاں سیکیورٹی صورتحال کی امیج بحالی کے لیے بھی اہم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پرامن امیج اجاگر کرنے کے لیے پاک فوج پی سی بی کے ساتھ ہے۔

    آرمی چیف نے پی سی بی کے تمام عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن دبئی اور شارجہ میں منعقد کیا گیا تھا تاہم اس کے اختتامی 2 میچز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور جبکہ فائنل سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کھیلا گیا۔

    بعد ازاں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان آئی جسے ساتھ 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کراچی میں منعقد کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔