Tag: نجی اسپتال

  • کراچی  کے نجی اسپتال  میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے مریض کی جان لے لی

    کراچی کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے مریض کی جان لے لی

    کراچی : نجی اسپتال میں ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت نے مریض کی جان لے لی ، لواحقین نے آپریشن کرنے والے ڈاکٹر اور اسٹاف کےخلاف قتل کا مقدمہ درج کرادیا  اور مطالبہ کیا ہے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں ڈاکٹرزکی مبینہ غفلت سےمریض چل بسا ، لواحقین نےاسٹاف اور ڈاکٹرز کےخلاف قتل خطا کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا کہ شہری ارشد کی روڈحادثےمیں پنڈلی کی ہڈی ٹوٹی، مریض کو جناح اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے پلاسٹرلگاکرچھٹی دیدی، جس کے بعد او پی ڈی میں بہتر فالواپ کے لیے معروف نجی اسپتال پہنچے، جہاں آرتھوپیڈک سرجن نے ہڈی کا آپریشن تجویزکیا اور تاریخ دی۔

    مقدمے کے متن میں کہا ہے کہ ساڑھے 11 بجے مریض کو آپریشن تھیٹر لے جایا گیا اور ساڑھے3بجےموت کی اطلاع دی، مریض کی موت کیسے ہوگئی، ڈاکٹر جواب دینے سے قاصر رہے۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارا دعویٰ ہے ارشد احمد کو میڈیکل اسٹوڈنٹ کی پریکٹس کی نذر کیا گیا، ڈاکٹرز اور اسٹاف کی غفلت نے مریض کو قتل کردیا، آپریشن کرنے والے ڈاکٹر اور اسٹاف کوگرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

  • پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا

    لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی اسپتالوں کی لوٹ مار کا نوٹس لے لیا، تمام نجی اسپتالوں کو اپنی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کی لوٹ مار روکنے کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن میدان میں آگیا، کمیشن نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ کو فروری 2020 کی حد پر منجمد کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

    کمیشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال مریضوں سے مقررہ ریٹس سے زائد وصول نہیں کرے گا۔ مراسلے میں نجی اسپتالوں کو ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بھی احکامات جاری کردیے گئے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نجی اسپتال ریٹ لسٹ اپنی ویب سائٹس پر بھی جاری کریں، اور اسپتال میں اپنے ریٹس نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔

    کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ نجی اسپتال لسٹ میں بیڈ روم، آئسولیشن وارڈز اور وینٹی لیٹرز چارجز آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ایکٹیمرا انجکشن رکھنے والے نجی اسپتال اس کی قیمت بھی آویزاں کریں۔

  • پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    لاہور: صوبہ پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں اکیس نجی اسپتالوں میں کرونا سے متعلق تیاریاں مکمل کر لی گئیں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے کرونا کے علاج کے لیے ہونے والے انتظامات کا خصوصی جائزہ بھی لیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق لاہور کے 13، فیصل آباد اور ملتان میں 2،2، گوجرانوالہ میں 3 نجی اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں، راولپنڈی کے ایک اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور آئی سی یو قائم کیا گیا۔

    کورونا سے پاکستان میں 50 اموات، مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز

    ان اسپتالوں میں کرونا مریضوں کے لیے 322 بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی سہولت مہیا کی گئی ہے، 16 نجی اسپتالوں میں کرونا مریضوں سے متعلق رپورٹنگ نظام بھی فعال کرا دیا گیا، ترجمان ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال محکمہ صحت کو ڈیش بورڈ کی رسائی دیں گے اور معلومات فراہمی کے پابند ہوں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3277 تک پہنچ گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 397 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 1493، سندھ میں 881 کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختون خوا میں 405، بلوچستان سے 191 کیسز، اسلام آباد 82، آزاد کشمیر 15، گلگت بلتستان میں 210 کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت سے بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ بچے کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 ماہ کے بچے منہاج کی گزشتہ رات پٹی کاٹنے کے دوران ڈاکٹر نے انگلی ہی کاٹ دی تھی، بچے کے والد نے اسپتال اور تھانے کے باہر سخت احتجاج بھی کیا تھا، آج اسپتال انتظامیہ اور بچے کے والد کے درمیان مبینہ طور پر معاملہ 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اسپتال اور متاثرہ فیملی میں بھاری رقم کے عوض معاملہ طے پایا ہے، معاوضے کے علاوہ زندگی بھر مفت علاج کی سہولت کا بھی وعدہ کیا گیا۔ دوسری طرف متاثرہ بچے کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث گزشتہ رات ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑا تھا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    بچے کے والد نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔ ڈاکٹر نے ہمیں بتایا بھی نہیں، ہمیں بعد میں پتا چلا، انھوں نے کٹی انگلی بھی پھینک دی تھی۔

  • معذور خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    معذور خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے نجی اسپتال میں داخل معذور خاتون کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے وارڈ بوائے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں داخل معذور خاتون کے ساتھ وارڈ بوائے نے زیادتی کی کوشش کی متاثرہ خاتون کے شوہر نے کہا کہ اہلیہ کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر داخل کرایا تھا۔

    متاثرہ خاتون کے شوہر نے بتایا کہ صبح اسپتال آنے پر اہلیہ کو روتا پایا تو پوچھنے پر انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی گئی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم وارڈ بوائے کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

    کراچی، سرکاری اسپتال میں زیر علاج 26 سالہ مریضہ زیادتی کے بعد قتل

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کےسرکاری اسپتال میں جاں بحق ہونے والی 26 سالہ عصمت نامی خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ اُس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ شواہد سامنے آئے تھے کہ جنسی زیادتی کے بعد مریضہ کو زہر کا ٹیکہ لگایا گیا جو اُس کی موت کا باعث بنا۔

  • شاہد خاقان عباسی کی نجی اسپتال میں کامیاب سرجری

    شاہد خاقان عباسی کی نجی اسپتال میں کامیاب سرجری

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نجی اسپتال میں کامیاب سرجری ہوئی ہے، شاہد خاقان عباسی کو سرجری کے بعد کمرے میں منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نجی اسپتال میں مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ہرنیا کا آپریشن کامیاب رہا، شاہد خاقان عباسی کو سرجری کے بعد کمرے میں منتقل کردیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو مکمل ہوش میں آنے کے لیے 5 گھنٹے درکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شاہد خاقان کو سرجری کے لیے 4 نومبرکو نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، شاہد خاقان عباسی کا ہرنیا کا آپریشن 4 نومبر کو ہونا تھا، بلڈ پریشر بڑھنے پر سرجری مؤخر کی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان کو مزید ایک ہفتے اسپتال میں زیرعلاج رکھا جائے گا، شاہد خاقان عباسی نجی اسپتال سے ذاتی خرچ پر علاج کرا رہے ہیں۔ پمز کے ڈاکٹرز نے گزشتہ ماہ شاہد خاقان کو ہرنیا کی سرجری تجویز کی تھی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

    یاد رہے کہ 4 نومبر کو محکمہ داخلہ پنجاب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دی تھی۔وزارت داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کے نام مراسلہ لکھا تھا۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے، ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

  • کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ، 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا

    کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ، 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، نجی اسپتال کی غفلت سے 13 سالہ حمزہ معذور ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ لانڈھی کے رہائشی والدین کا کہنا ہے کہ لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب واقع نجی اسپتال میں 13 سالہ بیٹے حمزہ کو داخل کروایا گیا تھا۔

    والدین کا کہنا ہے کہ لڑکے کو بخار کے باعث اسپتال میں داخل کروایا تھا، اسپتال انتظامیہ نے مبینہ طور غلط انجکشن لگایا جس سے حمزہ کا ہاتھ کالا پڑ گیا۔

    ان کے مطابق غلط انجکشن کے باعث جسم میں زہر پھیلنے سے حمزہ کا سیدھا ہاتھ کاٹ دیا گیا جس کے بعد حمزہ ایک ہاتھ سے معذور ہوگیا ہے۔ حمزہ اب سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔

    دوسری جانب ٹراما سینٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ کے پانچ آپریشن کیے جا چکے ہیں، حمزہ کے جسم میں اب بھی زہر موجود ہے، اسے آئی سی یو سے وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ماہ قبل ہی کراچی کے دارالصحت اسپتال کی غفلت کی وجہ سے 9 ماہ کی ننھی نشوہ معذور ہوگئی تھی جس کے بعد اسے علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا البتہ وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گئی۔

    واقعہ میڈیا پر آجانے کے بعد دارالصحت اسپتال کو بند کردیا گیا تھا تاہم نشوہ کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان صلح نامہ ہوگیا تھا جس کے بعد کیس بند کردیا گیا۔

  • اسلام آباد: شہبازشریف کا نجی اسپتال میں طبی معائنہ مکمل

    اسلام آباد: شہبازشریف کا نجی اسپتال میں طبی معائنہ مکمل

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا اسلام آباد کے نجی اسپتال میں طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو آج صبح طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال لایا گیا جہاں ان کے 3 سی ٹی اسکین کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی تجویز پر نجی لیبارٹری میں شہبازشریف کے 3 سی ٹی اسکین کیے گئے جس کے بعد انہیں اسپتال سے روانہ کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سی ٹی اسکین کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس کے بعد انہیں لاہور روانہ کیا جائے گا۔

    شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ، بلڈکینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف‘ ذرائع


    یاد رہے کہ 2 روز قبل قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد شہبازشریف کو لاہور منتقل نہیں کیا گیا تھا، طبی معائنے کی وجہ سے انہیں سب جیل قرار دیے گئے منسٹرز انکلیو میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    شہبازشریف کا گزشتہ ہفتے 22 نومبر کو احتساب عدالت میں کہنا تھا کہ کینسر سے صحت یاب ہونے کے باوجود انہیں طبی علاج فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا


    واضح رہے نیب لاہور نے گزشتہ ماہ 5 اکتوبر کو شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پرانہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • چیف جسٹس نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ طلب کرلی

    چیف جسٹس نے نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ طلب کرلی

    کراچی: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے تمام نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ آکسیجن، وینٹی لیٹر اور دیگر سہولتوں کے ریٹ کیا ہیں سب بتایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کے مہنگے علاج سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی۔

    عدالت نے تمام نجی اسپتالوں کی ریٹ لسٹ طلب کرلی۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب مثار کا کہنا تھا کہ آغا خان اسپتال مستثنیٰ نہیں، سب کو بتانا ہوگا کون کتنا کما رہا ہے۔

    انہوں نے پوچھا کہ شرجیل میمن کو ضیا الدین کے جس کمرہ میں رکھا گیا اس کا کرایہ کتنا ہے؟ ضیا الدین اسپتال کا کمرہ کسی ہوٹل کے کمرے سے زیادہ عالیشان تھا۔

    اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ شرجیل میمن کے کمرے کا کرایہ یومیہ 35 ہزار تھا۔

    چیف جسٹس نے پوچھا کہ ڈاکٹر عاصم کہاں ہیں؟ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم ملک سے باہر ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو ملک سے باہر جانے کی اجازت کس نے دی؟ ڈاکٹر عاصم نے کہا تھا کہ نام ای سی ایل میں نہ ڈالیں، باہر نہیں جاؤں گا۔

    وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کو نیب عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ بتایا جائے گزشتہ 15 دنوں میں ضیا الدین میں کتنے مریضوں کا مفت علاج کیا؟ غریبوں کے لیے کتنے بستر مختص ہیں کتنے میں ملتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ بتایا جائے آکسیجن، وینٹی لیٹر اور دیگر سہولتوں کے ریٹ کیا ہیں؟ علاج کرنا شوگر ملز جیسا منافع بخش کاروبار نہیں ہونا چاہیئے۔ کسی غریب کی مدد کرناسب کی ذمہ داری ہے۔

    عدالت نے تمام نجی اسپتالوں کو کل تک تفصیلات جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

  • ڈاکٹر لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتے تو اسپتال بند کردیں‘ چیف جسٹس

    ڈاکٹر لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتے تو اسپتال بند کردیں‘ چیف جسٹس

    لاہور: نجی اسپتالوں میں مہنگے علاج سے متعلق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈاکٹرز اسپتال انتظامیہ کو طبی اخراجات پرنظرثانی کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں نجی اسپتالوں میں مہنگے اسپتالوں میں مہنگے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈاکٹر لوگوں کی خدمت نہیں کرسکتے تو اسپتال بند کردیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ مریضوں سے روز کا ایک لاکھ روپے وصول کرتے ہیں، دل کے اسٹنٹ ڈالنے کے ایک لاکھ وصول کر نے کا حکم دیا تھا۔

    انہوں نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود اضافی پیسے کیسے وصول کرسکتے ہیں؟ پی ایم ڈی سی نے جو طے کیا اس سے زیادہ کوئی وصول نہیں کرے گا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پی ایم ڈی سی نے جو طے کیا اس سے زیادہ کوئی وصول نہیں کرے گا ، ایک مریض کا 30 دن کا بل آپ نے 40 لاکھ روپے بنا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں ورنہ عدالت فیصلہ کرے گی، غریبوں کو بھی اچھا علاج کرانے دیں۔

    ڈی جی ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرز اسپتال نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، ایک کنال کے رہائشی پلاٹ پر تجارتی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جواسپتال قانون کے خلاف بنے وہ گرا دیے جائیں، انہوں نے سوال کیا کہ کیا نجی اسپتال صرف امیروں کےلیے بنائے جاتے ہیں۔

    انہوں نے ریمارکس دیے کہ کوئی عدالت نجی اسپتالوں کے خلاف کارروائی میں دخل نہیں دے گی، نجی اسپتالوں کا معاملہ سپریم کورٹ خود دیکھ رہی ہے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ اسپتالوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ نفع کمانا نہیں ہونا چاہیے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جن کے پاس طاقت اورپیسہ آتا ہے وہ خود کوقانون سے بالا سمجھتے ہیں۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نجی اسپتال کے سی ای اوعدالت میں پیش ہوئے، جسٹس اعجازالاحسن گندی جگہ پر اسپتال بنانے کی کس نے اجازت دی ؟۔

    نجی اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اجازت 1994 میں ملی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کویہاں سے اسپتال کسی اورجگہ منتقل کرنا پڑے گا۔

    سپریم کورٹ نے ڈاکٹرز اسپتال انتظامیہ کو اپنے چارجز پرنظر ثانی کرنے کا حکم دے دیا۔