Tag: نجی ایئرلائنز

  • پاکستان میں‌ نجی ایئرلائنز خطرے سے دوچار ہیں، کاشف صہبائی

    پاکستان میں‌ نجی ایئرلائنز خطرے سے دوچار ہیں، کاشف صہبائی

    کراچی: شاہین ائر لائن کے چیئرمین کاشف صہبائی نے کہا ہے کہ ملک میں ایوی ایشن انڈسٹری میں دہرا معیار ہونے کی وجہ سے نجی ائر لائنز کے مسقبل کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور آئندہ 5 سال میں نجی ائیر لائنز کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چئیرمین پی آئی اے، چیئرمین سول ایوی ایشن بورڈ اور سیکریٹری ایوی ایشن اگر ایک ہی آدمی ہوگا تو نجی ائرلائنز کے ساتھ انصا ف کیسے ہوگا؟

    کاشف صہبائی نے کہا کہ نجی ائر لائنز کے لیے مسائل اتنے بڑھا دیے گئے ہیں کہ ان کا کام کرنا انتہائی مشکل سے مشکل ہوگیا ہے، وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی پی آئی اے کے اربوں روپے کے خسارے کا بتا چکے ہیں اوریہ بھی بتا چکے ہیں اس سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2015 میں ایوی ایشن پالیسی تبدیل ہوئی لیکن اس میں کسی بھی پرائیویٹ ائیر لائن سے کوئی مشاورت تک نہیں کی گئی، نجی ائیر لائنز اپنے مسائل کے حل کے لیے کس کے پاس جائیں؟ کیونکہ سیکریٹری ایوی ایشن،چئیرمین پی آئی اے اور چئیرمین سول ایوی ایشن بورڈ کا عہدہ ایک ہی آدمی کے پاس ہے اور یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک آدمی اپنے ہی خلاف کوئی ایکشن لے۔

    انہوں نے کہا کہ شاہین ائر لائن جب بین الاقوامی روٹس کا مطالبہ کرتا ہے تو اسے کیوں اتنا انتظار کرایا جاتا ہے؟ ہمیں گزشتہ چار سال سے سول ایوی ایشن سے غیر ضروری مسائل کا سامنا ہے اور ہمارے ساتھ تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم لاکھوں ڈالرز سول ایوی ایشن کو ادا کرتے ہیں جبکہ پی آئی اے سول ایوی ایشن کو واجبات تک نہیں دیتی اور اس کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سات نئے جہاز منگوائے ہیں جن میں سے تین روٹس نہ ملنے کے سبب گراونڈ ہیں، سول ایوی ایشن کے واجبات دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں اور کراچی میں لینڈنگ کے لاگت دبئی کے مقابلے میں دگنی ہے۔

  • قومی ائیر لائن نے حج آپریشن کا آغاز کر دیا

    قومی ائیر لائن نے حج آپریشن کا آغاز کر دیا

    کراچی: قومی ائیر لائن نے حج آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، کراچی، لاہور، پشاور سے نو سو سے زائد عازمین حج حجاج مقدس روانہ ہوگئے۔

    قومی ایئرلائن سمیت نجی ایئرلائنز نے حج آپریشن شروع کردیا، پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے2001کراچی سے  تین سو سے زائد عازمین کو لیکر سعودی عرب کیلئے روانہ ہوئی، کراچی ایئرپورٹ پر ایم ڈی پی آئی اے شاہنواز رحمان ڈائریکٹر ایئرپورٹ سروسز اعجاز مظہر نے عازمین کو رخصت کیا۔

    دوسری حج پرواز پی کے2101 لاہور سے تقر یبا تین سو سے زائد عازمین حج کو لیکر روانہ ہوئی، عازمین حج کو چیئرمین محمد علی گردیزی نے رخصت کیا جبکہ نجی ایئرلائن شاہین ایئر بھی حجاج کرام کو لیکرجدہ روانہ ہوئی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کا بوئنگ 777اور جمبو747طیارہ حج آپریشن میں حصہ لے رہے ہے جبکہ ایک طیارہ اسٹینڈ بائی رہے گا، ایک سو سولہ پروازوں کے ذریعے ترپن ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاج مقدس پہنچایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے باعث حج آپریشن اولڈ ٹرمینل کے بجائے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے شروع کیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ پر عازمین کیلئے ایمی گریشن کیلئے الگ سے کاونٹر بھی قائم کئے گئے ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس سال پی آئی اے سات شہروں کراچی ،لاہور ،اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سے براہ راست سعودی عرب کے لئے پروازیں چلا رہا ہے۔

    ترجمان کے مطابق حج آپریشن کیلئے چار طیارے مختص ہونے کے باعث طیاروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے دو ائیر بس طیارے مختصر لیز پر حاصل کئے گئے ہیں جو شیڈول پروازوں کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔