Tag: نجی طیارہ

  • اکشے کمار نے اپنے متعلق شائع خبر کو جھوٹ قرار دے دیا

    اکشے کمار نے اپنے متعلق شائع خبر کو جھوٹ قرار دے دیا

    ممبئی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اکشے کمار 260 کروڑ روپے مالیت کے ایک پرائیویٹ جیٹ کے مالک ہیں، تاہم اکشے کمار نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اکشے کمار ایک نجی طیارے کے مالک ہیں جس کی مالیت 260 کروڑ بھارتی روپے ہے، دوسری طرف اداکار نے ٹوئٹ کر کے اس خبر کی تردید کی ہے۔

    اکشے کمار نے ٹوئٹ میں اسکرین شاٹ لے کر لکھا کہ کچھ لوگ ابھی تک خود کو بڑا نہیں کر سکے، میرے متعلق شائع ہونے والی یہ خبر بالکل جھوٹ ہے۔

    اکشے کمار کے اس ٹوئٹ کو ان کے مداحوں نے ری ٹوئٹ کیا، جس میں ایک صارف نے لکھا کہ ’ارے سر ایسے کون بے نقاب کرتا ہے، طویل عرصے بعد آپ کا جارحانہ مزاج دیکھ کر اچھا لگا۔‘

    جب کہ ایک اور ٹوئٹر صارف نے ہیرا پھیری فلم کا ایک مشہور میم شیئر کیا، اور لکھا ’جلی نا… تیری جلی نا‘۔

    واضح رہے کہ اکشے کمار اپنی نئی فلم رام سیتو کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں، جس میں جیکولین فرنینڈس، نصرت بھروچا، ناصر اور ستیہ دیو کنچرانہ شامل ہیں، ان کی یہ فلم دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ 2022 میں ان کی فلمیں سمراٹ پرتھوی راج، بچن پانڈے، کٹھ پتلی، اور رکشا بندھن ریلیز ہو چکی ہیں، اور ان میں سے کوئی بھی باکس آفس پر دھوم مچانے کے قابل نہیں رہی۔

  • کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

    کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

    کراچی: کراچی سے لاہور جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بچ گیا، نجی ایئر لائن کا طیارہ خراب موسم کے باعث بادلوں کی زد میں آ گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک پرائیویٹ ایئر لائن کی پرواز کراچی سے لاہور جاتے ہوئے حادثے سے بچ گئی، خراب موسم کے باعث طیارہ بادلوں کی زد میں آیا تھا۔

    طیارے کے کپتان نے مہارت سے پرواز کو ایئر پاکٹ سے نکالا، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ کپتان طیارے کو لاہور ایئر پورٹ پر اتارنے کی کوشش میں کام یاب نہیں ہو سکا۔

    بعد ازاں طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ ادھر مسافروں نے نجی پرواز کے خلاف شدید غصے کا اظہار کیا، ایک غیر ملکی مسافر نے بتایا کہ لاہور لینڈنگ کے دوران طیارہ بے قابو ہو گیا تھا، ہم ڈر گئے کہ طیارہ گر جائے گا، طیارہ بے قابو ہونے سے تمام مسافر ڈر گئے تھے۔

    مسافروں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارے جانے کے بعد بس کے ذریعے لاہور روانہ کیے جانے پر بھی احتجاج کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مانچسٹر: پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    دریں اثنا، جدہ سے اسلام آباد آنے والی سعودی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 722 کو کراچی ائیر پورٹ اتارا گیا، ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ راستے میں موسم کی خرابی کے باعث پرواز کا رخ موڑا گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 308 کو بھی موسم کی خرابی کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر اتارا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 8 جون کو اسلام آباد سے مانچسٹر پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، پی کے 702 کا دروازہ اچانک کھل گیا تھا جس کی وجہ سے طیارے کی ایمرجنسی سلائیڈنگ ایکٹو ہو گئی تھی۔

    طیارہ مانچسٹر ایئر پورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد پارکنگ پر کھڑا ہوا تھا، جب ایک خاتون مسافر نے طیارہ کا دروازہ کھول دیا، سلائیڈنگ کھلنے کی وجہ سے پرواز 7 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

    ضابطے کے مطابق طیارے کے جس حصے کی ایمرجینسی سلائیڈنگ کھل جائے، اس ایریا کو خالی رکھنا لازمی ہوتا ہے، ایریا کو خالی چھوڑنے کی وجہ سے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا تھا۔

    معلوم ہوا تھا کہ مذکورہ خاتون دروازے کو واش روم کا دروازہ خیال کر بیٹھی تھیں، تاہم خوش قسمتی سے اس وقت طیارہ فضا میں نہیں تھا، ورنہ بہت بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

  • امریکا: فلائنگ کلب سے نجی طیارہ چُرانے والے دو بچے گرفتار

    امریکا: فلائنگ کلب سے نجی طیارہ چُرانے والے دو بچے گرفتار

    واشنگٹن : امریکا میں ’تھینگس گونگ ڈے‘ پر بغیر اجازت فلائنگ کلب میں داخل ہوکر مبینہ طور پر چھوٹا طیارہ چُرا کر اڑانے والے دو بچوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ میں واقع ایک فلائنگ کلب میں اس وقت یہ حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جب دو چھوٹے بچوں نے بغیر اجازت رن وے پر کھڑے نجی طیارے کو اڑایا لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چھوڑے طیارے کے اڑان بھرنے کے ساتھ ہی ول ایوی ایشن کا عملہ حرکت میں آیا اور جہاز کا پیچھا کیا تاہم بچوں نے خود ہی کچھ تقریباً 15 میل کے فاصلے پر پرواز کو بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں نے پرواز زمین پر آتے ہی دونوں بچوں کو گرفتار کرکے اصلاحی مرکز لے گئے تاکہ ان کی تربیت کی جاسکے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر اجازت طیارہ اڑانے والے 14 سے 15 سالہ لڑکوں نے تفریح کی غرض سے جہاز کو اسٹارٹ کیا اور یو ایس 40 ہائی کے ساتھ ساتھ نچلی پرواز پر اڑا کرلے گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دونوں مبینہ ملزمان جینسن میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹہرے ہوئے تھے جبکہ ان کی رہائش یوٹاہ کے جنوب وسط میں ہے.

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر چوری ہونے والا طیارہ سنگل انجن جہاز ہے جس کے پر اپنی فکس ہیں.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار بغیر اجازت طیارہ اڑانے کے معاملے پر بچوں سے مزید تفتیش کررہے ہیں۔

  • جرمنی میں نجی طیارہ حادثے کا شکار،3 افراد ہلاک، 5 زخمی

    جرمنی میں نجی طیارہ حادثے کا شکار،3 افراد ہلاک، 5 زخمی

    برلن : جرمنی کی وسطی ریاست ہیسے میں چھوٹا مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتییجے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کی ریاست ہیسے کے فلوڈا ٹاؤن میں گذشتہ روز سنگل والا طیارہ دوران پرواز حادثے کا شکار ہوگیا، طیارہ واسّرکوپّی کے پہاڑوں لے قریب گرکر تباہ ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار طیارے کا پائلٹ لینڈنگ کی ناکام کوشش کے بعد دوبارہ اڑان بھر رہا تھا کہ اچانک جہاز پر کنٹرول کھو بیھٹا، جس کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 56 سالہ پائلٹ سمیت 5 مسافر زخمی ہوئے تھے جن میں ایک شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔

    جرمن پولیس کے مطابق حادثے میں لقمہ اجل بننے والا نوجوان کی عمر 10 برس بتائی جارہی ہے۔


    مزید پڑھیں : سوئٹزرلینڈ میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 20 افراد ہلاک


    یاد رہے کہ رواں برس اگست میں جنگ عظیم دوئم کا جنکر طیارہ سیگناس کی پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے، طیارے میں 17 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔

    خیال رہے کہ طیارہ 1939 میں جرمنی میں تعمیر کیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ جہاز سطح سمندر سے 8 ہزار 333 فٹ بلند چوٹی پر گرا تاہم دشوار راستوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس ترجمان انیتا سینتی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جبکہ آسٹریلین جوڑا اور ان کا بیٹا بھی ہلاک ہوا تھا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی طیارے کی سیر کریں

    ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی طیارے کی سیر کریں

    واشنگٹن: امریکا کے ارب پتی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بے تحاشہ دولت کے مالک ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے اثاثوں کی مالیت 4 ارب کے قریب ہے لیکن ٹرمپ نے ایک بار خود بتایا کہ ان کے کل اثاثوں کی مالیت 10 ارب ڈالر ہے۔

    امریکا کے مختلف مقامات پر کئی عمارات ٹرمپ کی ملکیت ہیں جو یا تو ان کی ذاتی عمارت ہے اور اس کا نام ٹرمپ ٹاور یا بلڈنگ رکھا گیا ہے، یا ان عمارات میں ٹرمپ نے کثیر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

    اسی طرح ٹرمپ کے پاس ایک ذاتی طیارہ بھی ہے جو نہایت عالیشان اور پرتعیش ہے۔ گو کہ صدر بننے کے بعد اب وہ سرکاری طیارے میں سفر کرتے ہیں تاہم ان کا ذاتی طیارہ فی الحال ان کے خاندان کے دیگر افراد کے زیر استعمال ہے۔

    ٹرمپ اپنے جہاز کو ’ٹی برڈ‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ آئیے آج ہم آپ کو ٹرمپ کے نجی طیارے کی سیر کرواتے ہیں جسے دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    طیارے میں سفر کے دوران ٹرمپ اور ان کا خاندان کسی بھی فلم سے لطف اندوز ہوسکتا ہے۔

    طیارے میں جا بجا سونے کا استعمال بھی کیا گیا ہے جن سے سیٹ بیلٹس اور نلکے وغیرہ تیار کیے گئے ہیں۔

    ٹرمپ نے اپنے طیارے کو پرآسائش اشیا کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی مزین کر رکھا ہے۔

    اس طیارے کی کل مالیت 10 کروڑ ڈالرز ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • برلن: جرمنی میں نجی طیارہ گرکر تباہ، 4افراد ہلاک

    برلن: جرمنی میں نجی طیارہ گرکر تباہ، 4افراد ہلاک

    مغربی جرمنی کے علاقے ٹرائیر میں نجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔

    فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ایرک تھائی ایلٹیگس کا کہنا ہے کہ نجی طیارہ انگلینڈ سے جرمنی کی طرف آرہا تھا اور بہت زیادہ دھند ہو نے کے باعث ریلوے کو بجلی سپلائی کرنے والے پول سے ٹکرا کرتباہ ہوگیا، جس میں سوار دو مسافر اور دو پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔