Tag: ندا یاسر

  • فلم انڈسٹری میں آتے وقت بابر علی کی قسمت نے کتنا ساتھ دیا؟

    فلم انڈسٹری میں آتے وقت بابر علی کی قسمت نے کتنا ساتھ دیا؟

    کراچی: معروف اداکار بابر علی کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے وہ بڑے اداکاروں کی شان و شوکت دیکھا کرتے تھے اور اسی سے ان کے دل میں ہیرو بننے کا شوق جاگا۔

    ماضی کے معروف اداکار بابر علی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام شان سحور میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ انہیں بہت جلدی فلمیں ملنا شروع ہوگئیں اور ان کی ایک کے بعد ایک فلم کامیاب ہوتی گئی۔

    بابر علی نے بتایا کہ انڈسٹری میں آنے سے پہلے وہ بڑے اداکاروں کو دیکھتے تھے کہ کس طرح وہ شان سے اپنی گاڑی سے اتر کر اندر جاتے تھے، تب ان کے دل میں بھی ہیرو بننے کی خواہش جاگتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ ان کے لمبے بالوں کی وجہ سے انہیں اکثر افراد ہیرو ہی کہتے تھے۔

    بابر علی نے بتایا کہ ان کا ہیئر اسٹائل اتنا مشہور ہوا کہ پورے ملک کے نوجوان ویسے بال رکھنے لگے، مائیں انہیں دیکھ کر ڈانٹتی تھیں کہ تمہاری وجہ سے ہمارا بچہ خراب ہوگیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جس باربر شاپ سے وہ بال کٹوانے جاتے تھے وہاں اور آس پاس کی ساری دکانوں پر ان کی تصاویر لگ چکی تھیں کیونکہ لوگ آکر انہی کے جیسا اسٹائل بنانے کی فرمائش کرتے تھے۔

  • عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    عمر شریف شو بز انڈسٹری میں کیسے آئے؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے مشہور کامیڈین اور تھیٹر، اسٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار عمر شریف شو بز کی جگمگاتی دنیا میں کیسے آئے؟ اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں وہ خود اس کے حوالے سے بتاتے ہیں:

    گجراتی ڈراموں کے ڈائریکٹر اور ایکٹر آر کے پٹیل آدم جی ہال میں ایک ڈراما کر رہے تھے، میں بھی وہاں گیا تھا، اس وقت میں چھوٹے چھوٹے کردار کرتا تھا، جیسا کہ کوئی ڈراما چل رہا ہے اور کوئی اداکار نہیں آیا، کوئی مر گیا ہے، کسی کو دیر ہو گئی، کوئی ایکسیڈنٹ ہو گیا، تو ایسے مواقع پر مجھے کہتے کہ آ جاؤ بھئی۔

    انھوں نے کہا کہ ایسے ہی ایمرجنسی ایکٹر کے طور پر ان کا کام جاری تھا جس کے لیے وہ دو سو، تین سو اور پانچ سو روپے لیتے تھے، ایسے میں آدم جی ہال میں آر کے پٹیل کا ڈراما ساس کی آس چل رہا تھا، اس وقت میں برابر والے ہال میں ایک ڈرامے میں کام کر رہا تھا، تو میرے پاس ایک پیغام آیا کہ صبا صاحب آپ کو بلا رہے ہیں۔

    جب میں گیا تو انھوں نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے جانتے ہو، میں نے کہا نہیں، تو انھوں نے کہا میں صمد یار خان ہوں، اور یہاں ہمارے ڈرامے کے اداکار آر کے پٹیل انتقال کر گئے ہیں کل رات کو، ان کی تدفین بھی ہو چکی، مسئلہ یہ ہے کہ رات کو ڈرامے کا شو ہے اور وہ مرکزی کردار کر رہے تھے، تو اس کے لیے آپ کو بلوایا ہے۔

    عمر شریف نے بتایا کہ یہ سن کر میں حیران ہو گیا کہ دو گھنٹے بعد شو ہے، اور میں مرکزی کردار کیسے کر سکتا ہوں، اتنی جلدی سارا ڈراما کیسے یاد ہو سکتا ہے، لیکن صمد یار خان نے کہا کہ بیٹا میری عزت کی بات ہے، جس پر میں نے ہامی بھر لی۔

    انھوں نے کہا کہ حافظہ اچھا تھا، اور وہی آج تک کام آ رہا ہے، میں اللہ کا نام لے کر چلا گیا، ادھر میرا میک اپ چل رہا تھا اور ادھر میں اپنے ڈائیلاگ یاد کر رہا تھا، اور تمام سیچوئیشنز کو ذہن نشین کرنے لگا۔

    عمر شریف نے مزید بتایا کہ ہندو کریکٹر کا گیٹ اپ تیار ہو گیا تھا، اور میں نے خود کو پوری طرح ذہنی طور پر تیار کر لیا، اور پھر میں اسٹیج پر آ گیا، پہلا ہی سین ہندی منتر پڑھنے کا تھا، اور میں نے اسے اپنے طور پر عجیب و غریب طرح سے پڑھا، اس میں اپنا عربی انداز شامل کیا، اور پھر ہال میں تالیاں بجنے لگیں۔

    انھوں نے کہا کہ اس ڈرامے کے لیے مجھے بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا، پھر انھوں نے ہی مجھے برما شیل کے پورے سال کے شو بھی دے دیے، پھر ایک ڈرامے کے لیے گاڑی بھی ملی اور پورے سال کا پیٹرول بھی ملا۔

  • علی ظفر نے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا

    علی ظفر نے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا

    لاہور: معروف گلوکار علی ظفر نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھایا دیا۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان کی میزبان ندا یاسر نے لاہور میں علی ظفر کے گھر کا سرپرائز دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے علی ظفر اور ان کی اہلیہ عائشہ فضلی سے ان کی نجی زندگی، علی ظفر کی پروفیشنل کیریئر سے متعلق دل چسپ سوالات کئے۔

    گڈ مارننگ پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے انکشاف کیا کہ عائشہ فضلی میرے پاس ایک اسکیچ بنانے کے لئے آئی تھی، بعد ازاں ہماری دوستی ہوئی اور اس کے بعد ہم نے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

    ندا یاسر نے علی ظفر کی اہلیہ سے سوال کیا کہ گلوکار کی وہ صفت بتائیں جس نے آپ کو متاثر کیا، جس پر عائشہ فضلی نے بتایا کہ علی ظفر کی آنکھیں مجھے پسند ہے، ہمیں کوئی بھی بات کہنی ہو تو آنکھوں کی ہی آنکھوں کہ دیتے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ میں کم گو ہوں۔

    گڈ مارننگ پاکستان کی میزبان ندا یاسر نے علی ظفر سے سوال کیا کہ کبھی زندگی میں پریشانی کے باعث گھبرائے، جس پر علی ظفر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت آپ کو مضبوط بناتا اور خدا پر بھروسے کو مزید بڑھاتا ہے، جب بھی مشکل وقت آیا اپنے رب سے رجوع کیا اور اس مشکل سے نکل آیا۔

    کھانے سے متعلق علی ظفر کا کہنا تھا کہ قیمہ کریلے بہت شوق سے کھاتا ہوں، اس کے علاوہ سی فوڈ جو کہ صحت کے لئے بہت مفید اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ ہماری غذا کا لازمی جز ہے۔

  • ‘نفرت’ محبت میں کیسے بدلی؟: احمد گوڈیل اور اہلیہ کی دلچسپ گفتگو

    ‘نفرت’ محبت میں کیسے بدلی؟: احمد گوڈیل اور اہلیہ کی دلچسپ گفتگو

    کراچی: وی جے احمد گوڈیل نے اپنی اہلیہ اسریٰ سے اپنی پہلی ملاقات کی داستان سناتے ہوئے کہا کہ اسریٰ شروع میں ان سے نفرت کرتی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان سپر لیگ کے میزبان اور وی جے احمد گوڈیل اپنی اہلیہ اسریٰ کے ساتھ شریک ہوئے۔

    ندا یاسر کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے احمد نے بتایا کہ ان کی اور اسریٰ کی پہلی ملاقات ایک شاپنگ مال میں ہوئی تھی جہاں وہ اپنا شو کرنے گئے ہوئے تھے۔

    اسریٰ نے بتایا کہ انہیں پہلے پہل احمد سے سخت چڑ ہوگئی تھی کیونکہ مال میں اسپیکر پر ان کی آواز گونجتی رہتی تھی اور ان کا کام ڈسٹرب ہوتا تھا۔

    احمد گوڈیل نے کہا کہ بہت مزے کی بات ہے کہ ان کو مجھ سے شروع سے نفرت تھی کیونکہ جب بھی میں شو کررہا ہوتا تھا تو میرے بولنے کی وجہ سے یہ اپنا کام کرتے ہوئے بہت ڈسٹرب ہوجایا کرتی تھیں، اس بات کی تائید اسریٰ نے بھی کی۔

    جب دونوں کی ملاقات ہوئی تو احمد نے انہیں وی جے کا آڈیشن دینے کے لیے کہا اور اپنا نمبر دیا۔

    احمد بتاتے ہیں کہ انہیں اسریٰ پہلی نظر میں بہت اچھی لگی، نمبر دینے کے اگلے دن وہ بہت تیار ہو کر ان سے ملنے گئے لیکن ان کے ارمانوں پر اس وقت اوس پڑ گئی جب انہیں پتہ چلا کہ اسریٰ اس دن وہاں نہیں تھیں۔

    وہ اس دن اسریٰ کو ہر جگہ ڈھونڈتے پھرے، اس کے اگلے دن ملاقات ہوئی تو علم ہوا کہ اسریٰ نے ان کا غلط نمبر لکھ لیا تھا۔

    اس کے بعد دونوں کی دوستی بڑھتی گئی اور 5 سال کے بعد دونوں نے ایک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    احمد گوڈیل نے رواں برس ستمبر میں شادی کی۔ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنے نکاح کی تصویریں شیئر کی تھیں جس میں انہوں نے آف وائٹ شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی جبکہ ان کی اہلیہ بھی آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے میں ملبوس ہیں۔

    احمد گوڈیل نے مداحوں کو اپنی شادی کی خوشخبری دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’2020 میں کہ جب ہر بُری چیز وقوع پذیر ہورہی ہے تو ایسے میں مَیں ایک خوشخبری آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے لگا ہوں اور وہ یہ ہے کہ میں نے شادی کر لی ہے۔‘

  • سلمان سعید اور علینہ کی شادی کیسے ہوئی؟

    سلمان سعید اور علینہ کی شادی کیسے ہوئی؟

    کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔

    معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شریک ہوئے اور اپنی نئی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بہت کچھ بتایا۔

    سلمان سعید نے، جو خود بھی اداکار ہیں اور متعدد ڈراموں میں مختصر کردار ادا کرچکے ہیں، ندا یاسر کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیے۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ علینہ فاطمہ بھی موجود تھیں۔

    ندا نے علینہ سے پوچھا کہ کیا ان کے گھر والوں کو شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیت سے رشتہ جوڑنے پر اعتراض تو نہیں تھا؟ جس پر علینہ نے بتایا کہ وہ اور سلمان بہت اچھے دوست تھے اور اسی وجہ سے ان کے گھر والوں نے بھی اس رشتے کو قبول کرلیا۔

    علینہ نے بتایا کہ سلمان ان کا بہت خیال رکھتے ہیں اور انہیں سمجھتے ہیں اسی وجہ سے انہیں اندازہ ہوا کہ یہی ان کی زندگی کے بہترین ساتھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

    ندا کے پوچھنے پر سلمان نے اہلیہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، انہوں نے کہا کہ علینہ بہت سادہ، سچ بولنے والی، محبت کرنے والی اور سب کا خیال رکھنے والی شخصیت ہیں۔

    پروگرام کے دوران نوبیاہتا جوڑے نے ندا یاسر کے دیگر سوالات کے بھی دلچسپ جوابات دیے۔

    خیال رہے کہ سلمان سعید کی شادی کی تصاویر کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ ان کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی تھی۔

  • یاسر نواز کی بہترین آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ ہے؟

    یاسر نواز کی بہترین آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ ہے؟

    کراچی: معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز کا کہنا ہے کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری ثانیہ سعید اور نیلم منیر کے ساتھ بہت اچھی رہی ہے۔ یاسر اور نیلم بہت جلد اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے بکھرے موتی میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں عید کے خصوصی شو میں معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز نے اپنی آن اسکرین کیمسٹری کے بارے میں بتایا۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر نے ان سے دریافت کیا کہ ان کی آن اسکرین کیمسٹری کس کے ساتھ زیادہ اچھی ہے تو انہوں نے ثانیہ سعید اور نادیہ جمیل کا نام لیا۔

    یاسر کا کہنا تھا کہ انہوں نے شروع میں ہر دوسرے ڈرامے میں ثانیہ سعید کے ساتھ کام کیا لہٰذا ان کے ساتھ ان کی بہت اچھی کیمسٹری ہے۔

    بعد میں انہوں نے اداکاری کم کردی، تاہم اب پھر سے ان کی آن اسکرین کیمسٹری نیلم منیر کے ساتھ بہت مقبول ہورہی ہے۔

    یاسر نے بتایا کہ نیلم کے ساتھ ان کا ڈرامہ دل موم کا دیا بے حد پسند کیا گیا تھا، دل موم کا دیا اے آر وائی ڈیجیٹل کا مقبول ترین ڈرامہ تھا۔ اب ان کا ایک اور ڈرامہ بکھرے موتی عید کے بعد پیش کیا جائے گا جس کے ٹیزرز ریلیز کردیے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی نیلم منیر کے ساتھ ایک فلم ‘چکر‘ بھی آئے گی جس کی ریلیز حالات کے معمول پر آنے تک مؤخر کردی گئی ہے۔