Tag: ندیم خان

  • ’’دنیا کی جدید کرکٹ اور پاکستان کی کرکٹ میں بہت فرق ہے‘‘

    ’’دنیا کی جدید کرکٹ اور پاکستان کی کرکٹ میں بہت فرق ہے‘‘

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ دنیا کی جدید کرکٹ اور پاکستان کی کرکٹ میں بہت فرق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ جدید دور کی کرکٹ سے بہت پچھے رہ گئی ہے، اس فرق کو دور کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے چھ ماہ میں اچھے نتائج ملنے لگیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ماضی میں کام نہیں ہوا جو لوگ اکیڈمی کے ساتھ وابستہ رہے انہوں نے اچھا کام کیا اور پاکستان سے اچھے کھلاڑی سامنے آئے لیکن سب نے یہ نوٹ کیا کہ ماڈرن ڈے کرکٹ اور پاکستان کرکٹ میں بہت فرق ہے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔

    ندیم خان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو دیکھ لیں سب یہی کہیں گے کہ ہم میں اور دنیا میں بہت فرق ہے اسی فرق کو کم کرنے کے لیے ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا گیا ہے، ہم نے جلد از جلد اس فرق کو کم ہی نہیں ختم کرنا ہے اور اوپر جانا ہے۔

    سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پہلے بھی کوچز تھے لیکن اب کوشش کی گئی ہے کہ ہر فیلڈ کے لیے ایک ماہر شخص کو مختص کیا جائے، ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق مقامی کوچز کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی شناخت کریں گے اور انہیں نکھاریں گے۔

    ندیم خان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق جونیئر اور سینئر ٹیموں کے کوچز کے ساتھ مل کر کام کریں گے، یہ ایک مشکل کام ہے لیکن ثقلین یہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

  • پی سی بی نے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے آزاد ماہرین کا پینل بنادیا

    پی سی بی نے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے آزاد ماہرین کا پینل بنادیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے تین رکنی آزاد ماہرین کا پینل تشکیل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے ٹیموں کے انتخاب کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی آزاد ماہرین کا پینل بنادیا جس میں مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان شامل ہیں۔

    آزاد پینل جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشاورت کے بعد ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کو حتمی شکل دے گا، پینل 32 کھلاڑیوں کا انتخاب، فرسٹ، سیکنڈ الیون کے لیے کپتان کا نام بھی تجویز کرے گا۔

    رپورٹ کے مطابق حتمی کھلاڑیوں کو پی سی بی ایک سال کے لیے کنٹریکٹ دے گا۔

    پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ پینل کے اراکین ڈومیسٹک کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ متوازن اسکواڈ سامنے آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پینل کے قیام سے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب شفافیت پر مبنی ہوگا۔

    ممبر آزاد پینل اور سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، ہم تمام ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی کوشش کریں گے۔

    کرکٹ ایسوسی ایشن ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں آئندہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، ٹی ٹوینٹی کپ اور پاکستان ون ڈے کپ میں حصہ لیں گی، ڈومیسٹک سیزن 12 ستمبر سے آئندہ برس 24 اپریل تک جاری رہے گا۔