Tag: نذر آتش

  • ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر اشیا نذر آتش

    ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر اشیا نذر آتش

    کراچی (30 جولائی 2025) کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئی ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر مضر صحت اشیا نذر آتش کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں ضبط کی جانے والی منشیات، مضر صحت اور زائد المعیاد اشیا کو تلف کرنے کے لیے کراچی میں نذر آتش کر دیا۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق تلف کی گئی اشیا کی مالیت ایک ارب 15 کروڑ تھی۔

    جلائی جانے والی منشیات میں 3969 بوتل غیر ملکی شراب، 408 کین بیئر، 2316 کلو منشیات، 337 ٹن چھالیہ اور 26 ٹن انڈین گٹکا بھی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ 90 ہزار غیر ملکی سگریٹس اور 48 ہزار کین ایرانی جوس نذر آتش کیا گیا۔

    ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ منشیات کے علاوہ انسانی صحت کے لیے مضر 26 ہزار لیٹر خوردنی تیل، 4 ٹن گھی، 53 ٹن چائنیز نمک اور 62 ٹن خشک دودھ بھی تلف کیا گیا ہے۔

  • ضلع دیامر میں لڑکیوں کا اسکول نذر آتش: وزیر خارجہ کی سخت مذمت

    ضلع دیامر میں لڑکیوں کا اسکول نذر آتش: وزیر خارجہ کی سخت مذمت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں لڑکیوں کے اسکول کو جلانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں لڑکیوں کے اسکول کو جلانے کی سخت مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کے اسکول کو جلانا قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان پر حملہ ہے، اس جرم میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے، پاکستان ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلام میں مردوں اور خواتین کے لیے حصول علوم کی اہمیت واضح ہے، اسلام معاشرے میں مرد اور خواتین میں مساوات اور عدل قائم کرنے کا نام ہے، پیپلز پارٹی خواتین کی تعلیم، ترقی اور خود مختاری پر کسی مفاہمت کا شکار نہیں ہوگی۔

  • بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    بھارت: خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا

    نئی دہلی: بھارت کے ایک گاؤں میں ایک خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا، گاؤں والوں نے خاتون پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور بہیمانہ تشدد کر کے انہیں آگ لگا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں خاتون کو چڑیل قرار دے کر زندہ جلا دیا گیا۔

    واقعے سے قبل پنچایت کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں پنچایت کے مکھیا، سرپنج اور مقامی سیاسی رہنما بھی شامل ہوئے تھے۔

    خاتون ہیمنتی دیوی کے شوہر کا کہنا ہے کہ دو روز قبل سہ پہر کے وقت ان کے گھر پر کم از کم 200 افراد نے حملہ کیا، اس وقت ان کی اہلیہ گھر کی چھت پر موجود تھیں۔

    ہجوم انہیں لے کر گھر کے ایک کمرے میں گیا اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد انہیں زندہ جلا دیا، غیر انسانی تشدد اور شدید طور پر جھلسنے کی وجہ سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

    حملے کی زد میں اہلخانہ بھی آئے جنہوں نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی۔

    واقعے کے بعد پورے گاؤں میں خوف و سراسیمگی کی فضا قائم ہے، پولیس بڑے پیمانے پر ملزمان کی تلاش کر رہی ہے اور جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے قبل خاتون کے ایک رشتے دار کی موت ہوئی تھی جس کے بعد اس کے گھر والوں نے ہیمنتی دیوی پر جادو ٹونے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ قتل کی ذمہ دار ہے۔

    گاؤں والوں کے مطابق رشتے دار کی موت کسی سنگین بیماری کی وجہ سے ہوئی تھی لیکن اس کے گھر والے یہ بات ماننے کو تیار نہیں تھے۔

    وقوعے کے روز انہوں نے اسی معاملے پر پنچایت بلانے کی درخواست دی تھی اور اس موقع پر جھاڑ کھنڈ سے ایک جھاڑ پھونک کرنے والے فقیر کو بھی بلایا گیا تھا۔

    اس فقیر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ہیمنتی پر ایسا عمل کرے گا کہ وہ اپنے جرم کا اعتراف کرنے پر مجبور ہوجائے گی۔

    تاہم پنچایت کے دوران دونوں فریقین کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی، فقیر موقع دیکھ کر وہاں سے بھاگ گیا اور پنچایت بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔

    اس کے بعد رشتے دار کے گھر والوں نے گاؤں والوں کو اکسا کر اپنے ساتھ ملایا اور ہیمنتی کے گھر پر حملہ کردیا، اس دوران ہیمنتی کے بیٹے اور شوہر نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن حالات قابو سے باہر دیکھ کر انہیں بھی فرار ہونا پڑا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق گاؤں میں موبائل کا نیٹ ورک نہایت کمزور ہے جس کی وجہ سے پولیس کو ملزمان کی تلاش میں دشواری کا سامنا ہے۔

  • بھارت میں مودی کا پتلا نذر آتش

    بھارت میں مودی کا پتلا نذر آتش

    نئی دہلی: بھارت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہریوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نریندر مودی کا پتلا جلا دیا۔

    سابق رکن اسمبلی کے کے اوجھا نے مودی سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں کو وڈ 19 جیسی مہلک وبا سے جہاں عام آدمی کے لیے روز مرہ کی ضرورت پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے وہیں دوسری طرف مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی ہے۔

    کے کے اوجھا کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کسان، نوجوان اور مزدور پریشان ہے، لہذا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔

    سابق رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی اصل شر ₹19 کے آس پاس ہے لیکن حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ₹80 لیٹر ڈیزل/ پٹرول فروخت ہو رہا ہے۔

  • بھارت میں ‘جے شری رام’ نہ کہنے پر 15 سالہ بچہ نذر آتش

    بھارت میں ‘جے شری رام’ نہ کہنے پر 15 سالہ بچہ نذر آتش

    لکھنو:اتر پردیش کے ضلع چندولی میں 15 سالہ بچے کو جے شری رام نعرہ لگانے سے انکار کرنے پر آگ لگادی گئی،متاثرہ بچے کو کبیر چوڑا ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچے نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں دھودھاری پل سے گزر رہا تھا کہ 4 افراد نے مجھے اغوا کیا جن میں سے دو نے میرے ہاتھ باندھے اور تیسرے نے مجھے پر مٹی کا تیل ڈالا اور مجھ پر آگ لگا کر بھاگ گئے۔

    متاثرہ بچے نے بعد میں پولیس کو بتایا کہ ان افراد نے مجھ سے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر زور دیا تھاتاہم پولیس نے لڑکے سے ہندو مذہبی نعرہ لگانے پر زبردستی کرنے کے بیان کو مسترد کردیا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چندولی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ لڑکے نے مختلف لوگوں کو علیحدہ بیانات دئیے ۔

    پولیس افسر نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بچہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کا 45 فیصد جسم آگ سے جھلس چکا ہے، اس نے مختلف لوگوں کو مختلف بیانات دیے ہیں جو تشویش ناک ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے، بچے نے جن جن جگہوں کا بتایا وہاں کے سی سی ٹی وی کیمرے کا معائنہ کیا گیا تاہم ان میں سے کسی بھی جگہ بچے کو نہیں دیکھا گیا۔

    پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ عینی شاہد نے دیکھا ہے کہ بچے نے خود کو آگ لگائی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے پر مشتعل افراد کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

  • کیلی فورنیا میں مسجد نذر آتش، ایک شخص زخمی

    کیلی فورنیا میں مسجد نذر آتش، ایک شخص زخمی

    واشنگٹن : امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سفید فام نسل پرست نے مسجد کو نذر آتش کردیا تاہم آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے میں واقع دارالارقم مسجد پر نامعلوم نسل پرست دہشت گردوں نے حملہ کرکے نذر آتش کردیا تاہم مسجد میں موجود افراد نے اہنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا جس کے باعث مسجد کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح مسجد کو نذر آتش کرنے والے دہشت گرد نے مسجد کی دیوار پر اسپرے سے نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملے کا حوالہ بھی دیا جس میں 50 مسلمان بے گناہ شہید کیے گئے تھے۔

    میڈیا کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ایسکونڈیڈو کے پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مقامی اور وفاقی حکومت واقعے کی تحقیقات نفرت آمیز اور نسل پرستی کی بنیادوں پر کررہے ہیں تاہم پولیس ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ حملہ آور سے اسپرے سے لکھا کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد میں صبح 3 بجے ہونے والی آتشزدگی کے دوران ایک شخص زخمی ہوا جبکہ دارالارقم مسجد کے بیرونی حصّے کو نقصان پہنچا۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کیلی فورنیا پولیس ابھی تک واقعے میں ملوث ملزمان کو شناخت اور گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ مسجد پر آتشزدگی کے حملے کے فوراً بعد رات بھر میں مسجد میں عبادت کرنے والے افراد نے فوری طور پر آگ بجھائی جس کے باعث صرف مسجد کے بیرونی حصّے کو نقصان۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں ماہ 15 تاریخ کو نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام نسل پرست دہشت گرد نے دو مساجد پر نماز جمعہ کے دوران دو مساجد پر حملے کرکے پچاس نمازیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔

  • چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں اسکول نذر آتش کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 کوگرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دیامرمیں چلاس کے علاقے تانگیر میں پولیس کی جانب سے اسکولوں کو نذر آتش کرنے کے خلاف آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اسکولزجلانے میں ملوث عناصرنے ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی اداروں کے سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

    ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت شفیق کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے خودکش جیکٹ، دستی بم اوراسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ اب تک 30 مشتبہ افراد گرفتارکیے جا چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرے گی، اسکولزجلانے والوں کوکیفردارتک پہنچائیں گے۔

    فیض اللہ فراق کے مطابق بہت جلد اسکولوں پر حملے کے مرکزی کردار کو بے نقاب کریں گے۔

    دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، اہل کار شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے والے دہشت گردوں کے خلاف تانگیر میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہل کار شہید اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    واضح رہے کہ دو روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن شرپسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

  • چیف جسٹس کا چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس

    چیف جسٹس کا چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس

    اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چلاس میں اسکولوں کی آتشزدگی پرازخود نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گلگت کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو نذر آتش کرنے پرازخود نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری امور وزارت گلگت بلتستان سے رپورٹ طلب کرلی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعات کی رپورٹ 48 گھنٹے میں پیش کی جائے۔

    دوسری جانب ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے دیامرمیں اسکولزجلانے والوں کی تلاش میں سیکیورٹی اداروں نے داریل وتانگیر میں چھاپے مارے اور4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے دیامر میں بچوں کے 12 اسکولوں کو نذرآتش کردیا تھا جس پرانتظامیہ نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

    دیامر کے صدیق اکبرچوک پرشہریوں کی جانب سے اسکولوں کو جلائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا اور اسے بچوں کے روشن مستقبل پرحملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے واقعات افسوس ناک اور ناقبل قبول ہیں۔

    عمران، بلاول اور ملالہ کی مذمت، نگراں وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ٹویٹرپر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چلاس میں بچیوں کے تعلیمی ادارے جلانا افسوس ناک ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائیں گے، بچیوں کی تعلیم، اسکولوں کی سیکیورٹی ترجیحات ہیں۔

  • داعش کے ہاتھوں 19افراد قتل‘لاشیں نذرآتش

    داعش کے ہاتھوں 19افراد قتل‘لاشیں نذرآتش

    دمشق: شام میں دولت اسلامیہ نے دو بچوں سمیت 19 عام شہریوں کو بےدردی کے ساتھ قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں نذرآتش کردیں۔

    تفصیلات کےمطابق شام کے مشرقی شہر دیر الزور میں دہشت گرد تنظیم داعش نے خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد کو قتل کر کے ان کی لاشیں نذرآتش کر دیں۔

    شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے’آبزرویٹری‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ دیر الزور گورنری میں ڈیموکریٹک فورسز کے زیرکنٹرول علاقوں میں پیش آیا۔

    داعش کے جنگجوؤں نے دیر الزور کے شمال مغربی قصبے جزرہ البوشمس میں دراندازی کے بعد وہاں موجود دو خواتین اور دو بچوں سمیت 19 عام شہریوں کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا اور ان کی لاشیں جلادیں۔


    افغانستان میں داعش کا سربراہ ہلاک ‘اشرف غنی


    خیال رہے کہ دیر الزور گورنری شام میں داعش کے گڑھ الرقہ کے شمال مغرب میں واقع ہے اور اس گورنری کا کنٹرول شامی ڈیموکریٹک فورس کے پاس ہے۔


    شام، داعش کا دیہات پر حملہ، بچوں اور خواتین سمیت 50 افراد کا قتل عام


    واضح رہےکہ تین روز قبل شام کے وسطی صوبے حما میں شدت پسندوں نے دو دیہاتوں پر حملہ کر کے شامی فوجیوں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا۔

  • امریکہ میں مسجد کوآگ لگانےوالوں کی گرفتاری پرتیس ہزارڈالرزکاانعام

    امریکہ میں مسجد کوآگ لگانےوالوں کی گرفتاری پرتیس ہزارڈالرزکاانعام

    آسٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں مسجد کوآگ لگانے والوں کی گرفتاری میں مدد دینے پر 30 ہزار ڈالرز کا انعام مقرر کردیاگیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں مسجد کو آگ لگانے والوں کی گرفتاری میں مدد دینے پر 30 ہزار ڈالرز کا انعام کااعلان کیاگیاہے۔

    ٹیکساس کے شہر آسٹن میں مسجد کو آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی تھی تاہم مسجد کو آگ لگانے والوں کا تاحال پتہ نہ چل سکا لیکن مجرموں کی تلاش جاری ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے امریکی ریاست ٹیکساس میں شہید کی جانے والی مسجد کی دوبارہ تعمیر کےلیے تقریباََ 10لاکھ ڈالرزسے زائد کے عطیات جمع کرلیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں:امریکہ میں شہید کی جانے والی مسجد کی دوبارہ تعمیر کیلئے 10لاکھ ڈالر کے عطیات جمع

    مسجد انتظامیہ نے امریکی شہریوں کی حمایت پر شکریہ اداکرتے ہوئےکہاتھاکہ جمع کی گئی رقم مسجد کی دوبارہ تعمیر میں خرچ کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ وکٹوریا اسلامک سینٹر کو آگ جنوری کے مہینے میں لگائی گئی اور ڈونلڈ ٹرمپ کے پابندیوں کے حکم کے چند گھنٹے بعد ہی مسجد جلا دی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں:امریکی ریاست ٹیکساس میں مسجد نذرآتش

    واضح رہےکہ گزشتہ ماہ امریکی ریاست ٹیکساس کےشہرآسٹن میں قائم اسلامی مرکز اور مسجد آتشزدگی سے جل کرمکمل طور پرجل کرشہیدہوگئی تھی۔