Tag: نسل پرستی

  • لندن میں سیکڑوں افراد نسل پرستی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، سیکورٹی ہائی الرٹ

    لندن میں سیکڑوں افراد نسل پرستی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، سیکورٹی ہائی الرٹ

    لندن: مشرقی لندن کے علاقے والتھم اسٹومیں نسل پرستی کیخلاف ریلی نکالی گئی، ریلی 2 گھنٹے مسلسل جاری رہی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نفرت انگیزی کیخلاف جمع ہونے والے افراد رفیوجی ویلکم کے نعرے لگاتے رہے۔

    رپورٹس کے مطابق امن وامان کی صورت حال کے سبب تمام دکانیں بندکردی گئیں تھیں، علاقے میں امن قائم رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

    اس کے علاوہ مانچسٹر میں بھی سیکڑوں افراد کی جانب سے نسل پرستی کے خلاف احتجا کیا گیا، سیکڑوں افراد حالیہ پرتشدد مظاہروں اور فسادات کیخلاف سڑکوں پرنکل آئے۔

    مظاہرین نے نسل پرستوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہروں میں ہر رنگ و نسل کے افراد شریک ہوئے۔

    اس سے قبل قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی نے کہا کہ دائیں بازو کے شدت پسندوں کا برطانیہ میں نسلی فسادات کا منصوبہ ہے۔

    اس حوالے سے مواصلات کی نگرانی کرنے والے اداروں نے برطانوی حکومت کو خبردار کر دیا ہے۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق دائیں بازو کے شدت پسند برطانیہ میں 30 مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی مدد کرنے والے وکلا کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    الجزیرہ ٹی وی کے مطابق دائیں بازو کے شدت پسند امیگریشن مراکز پر بھی حملے کر سکتے ہیں۔

    اب تک برطانیہ میں پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث گرفتار افراد کی تعداد 400 ہو گئی ہے۔ برطانوی حکومت نے ہنگامہ آرائی اور فسادات میں ملوث افراد سے نمٹنے کے لیے جیلوں میں 500 سے زائد نئے سیلز کی اضافی گنجائش بنانے کے لیے اقدامات شروع کر دیے۔

    امریکا کے صدارتی الیکشن، سروے میں حیران کُن انکشاف

    برطانوی اخبار کے مطابق ڈاؤننگ اسٹریٹ نے اس بات پر بہت زور دیا ہے کہ تشدد میں ملوث کسی بھی شخص کو جیلوں میں بند کرنے کے لیے وہاں جگہ دستیاب ہونی چاہیے، جب کہ وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے واضح طور پر کہا ہے کہ جن افراد کو چارج کر لیا گیا ہے ان کو ریمانڈ پر رکھا جائے گا۔

  • پاکستانی نژاد کرکٹر کے لیے حقارت بھرے الفاظ پر 6 انگلش کھلاڑیوں کے خلاف بڑا اقدام

    پاکستانی نژاد کرکٹر کے لیے حقارت بھرے الفاظ پر 6 انگلش کھلاڑیوں کے خلاف بڑا اقدام

    انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کلب یارک شائر کے 6 سابق کھلاڑیوں پر، جنہوں نے پاکستانی نژاد کھلاڑی عظیم رفیق اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے حقارت بھرے الفاظ استعمال کیے، نسل پرستی کا مظاہرہ کرنے کا الزام ثابت ہوگیا۔

    انگلینڈ کے کاؤنٹی کرکٹ کلب یارک شائر میں کھیلنے والے پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر عظیم رفیق کو نسل پرستی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ملوث 6 انگلش کرکٹرز پر پابندی بدھ کے روز لگائی جائے گی۔

    سماعت میں اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ ان کھلاڑیوں نے عظیم رفیق سمیت باقی پاکستانی کھلاڑیوں کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا ہے جس پر 6 سابق برطانوی کھلاڑیوں پر بدھ کے روز پابندی لگائی جائے گی۔

    یارک شائر کرکٹ کلب کے ان سابق کھلاڑیوں میں جان بیلیئن، ٹم بریسنن، انڈریو گیل، میتھیو ہوگارڈ، رچرڈ پائراہ اور گیری بیلنس شامل ہیں۔

    31 مارچ کو ہونے والی سماعت میں علم ہوا ہے کہ ان کھلاڑیوں نے عظیم رفیق سمیت باقی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے لفظ ’پاکی‘ کا استعمال کیا، خیال رہے کہ پاکستانی شہریوں کے لیے لفظ ’پاکی‘ کو استعمال کرنا حقارت، نفرت اور نسل پرستی کے زمرے میں آتا ہے۔

    بدھ کے روز ہونے والی سماعت میں پابندیاں لگانے سے پہلے آزاد کرکٹ ڈسپلن کمیشن پینل کھلاڑیوں کے مؤقف کو بھی سنے گا۔

    انگلیںڈ اور یارک شائر کے سابق فاسٹ بولر میتھیو ہوگارڈ نے عظیم رفیق کے لیے لفظ ’پاکی‘ کا استعمال کیا تھا جبکہ 2008 میں انہیں ’رافا دی کافر‘ کا لقب بھی دیا تھا، انہوں نے یارک شائر کے دوسرے ساتھی کھلاڑی اسماعیل داؤد کی رنگت پر قابل اعتراض جملے بھی کسے تھے۔

    یارک شائر کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ بھی عظیم رفیق اور ساتھی کھلاڑی محسن حسین کے خلاف ایسے ہی جملے کستے ہوئے پائے گئے تھے۔

    سنہ 2010 اور 2011 میں جان بلئین جب یارک شائر میں تھے تو انہوں نے بھی اسی طرح ساتھی کھلاڑیوں کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا تھا جبکہ ٹم بریسنن اور رچرڈ پائراہ نے پاکستانی خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

    منگل کے روز تک، صرف گیری بیلنس جو کہ پہلے ہی نسل پرست جملے کہنے اور امتیازی زبان کا استعمال کرنے کا اعتراف کر چکے تھے، انہوں نے واقعات پر ذاتی مؤقف بیان کیا ہے۔

    باقی پانچ سابق کھلاڑی مارچ سے قبل سماعت کا حصہ نہیں بنے اور وہ کارروائی سے دستبردار ہو چکے تھے۔

    پینل کے پاس اختیار ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو کھیل سے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر جرمانے عائد کر کے انہیں لازم ٹریننگ کورس پر بھیج سکتا ہے۔

    نسل پرستی کے طوفان میں گھرے یارک شائر کاؤںٹی کرکٹ کلب نے عظیم رفیق کی جانب سے لگائے گئے چار الزامات کا جواب دیا، جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ کلب نے ان کی شکایات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

    خیال رہے کہ 27 جون کو سماعت میں کلب پر الگ سے پابندیاں لگائی جائیں گی۔

  • امن کا عالمی دن: نسل پرستی دنیا کو پرامن بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ

    امن کا عالمی دن: نسل پرستی دنیا کو پرامن بنانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں امن کی کوششوں کو فروغ دینا ہے، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ نسل کی بنیاد پر برتا جانے والا امتیاز دنیا کی ترقی اور امن کے قیام میں اہم رکاوٹ ہے۔

    اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس دن کو پہلی بار سنہ 1982 میں منایا گیا۔ 2001 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد نمبر 52 کے تحت اس دن کو منا نے کا فیصلہ کیا گیا، اور 2002 میں اسے پہلی بار عالمی طور پر منایا گیا۔

    اس دن کو منانے کا اہم مقصد دنیا کو ہتھیاروں سے پاک کرنا اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

    رواں برس اس دن کا مرکزی نسلی امتیاز کا خاتمہ اور امن قائم کرنا ہے۔

    مغربی ممالک اور اقوام متحدہ جہاں ایک جانب مساوات عالم کا پیغام دے رہے ہیں وہیں کشمیر، فلسطین، برما اور دنیا کے دیگر خطوں میں مسلمانوں پر ہونے والے یکطرفہ مظالم اقوام متحدہ کے ادارے کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ نسلی تعصب لوگوں سے ان کے حقوق اور وقار چھین لیتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق نسلی تعصب ناانصافیوں اور عدم اعتماد کو جنم دیتا ہے، اور ایک ایسے وقت میں جب ہمیں دنیا کی تعمیر کے لیے مل کر ایک ہونا چاہیئے، لوگوں کو ایک دوسرے سے الگ کردیتا ہے۔

    فاختہ ۔ امن کی علامت

    فاختہ کو امن کی علامت سمجھا جاتا ہے، یونانی عقائد میں یہ پرندہ محبت اور زندگی کی علامت سمجھا جاتا تھا، عیسائیت میں بھی اسے اہم حیثیت حاصل ہے۔ انجیل میں کہا گیا ہے کہ جب سیلاب آنے لگا تو حضرت نوح علیہ السلام نے ایک فاختہ کو فضا میں چھوڑ دیا۔

    کچھ دن بعد فاختہ واپس آئی تو اس کی چونچ میں زیتون کی شاخ تھی جو اس بات کا اظہار تھی کہ سیلاب ختم ہوچکا ہے اور زمین پر زندگی لوٹ آئی ہے۔

    زیتون کی شاخ کو بھی امن کی علامت سمجھا جاتا ہے، یونانیوں کا ماننا تھا کہ جس جگہ زیتون کی شاخ موجود ہو اس جگہ سے شیطانی قوتوں کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔

    انیسویں صدی کے ایک معروف فرانسیسی مصور ہنری میٹسی نے فاختہ اور اس کی چونچ میں زیتون کی شاخ نہایت خوبصورتی سے پینٹ کر کے اپنے بہترین دوست، حریف اور ایک اور معروف ہسپانوی مصور پابلو پکاسو کو بھجوائی۔

    پکاسو نے اس فاختہ کی حاشیے (لکیر) سے دوبارہ تصویر بنائی۔ سنہ 1949 میں اقوام متحدہ نے امن کی عالمی کانفرنس کے دوران اسی تصویر کو امن کی علامت کے طور پر پیش کیا۔

    تب سے سیاہ حاشیے سے کھنچی فاختہ اور اس کی چونچ میں زیتون کی شاخ امن کی عالمی علامت مانی جاتی ہے۔

  • نسل پرستی کے خلاف ایک توانا آواز خاموش، ڈیسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے

    نسل پرستی کے خلاف ایک توانا آواز خاموش، ڈیسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے

    کیپ ٹاؤن: نسل پرستی کے خلاف ایک توانا آواز خاموش ہو گئی، ڈیسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے نوبیل انعام یافتہ آرچ بشپ ڈيسمنڈ ٹوٹو کا گزشتہ روز 26 دسمبر کو انتقال ہو گیا، ان کی عمر 90 سال تھی۔

    نسلی امتیاز کے خلاف ایک آئیکون شخصیت ڈیسمنڈ ٹوٹو کی موت کے بعد انھیں خراج تحسین کے طور پر جنوبی افریقہ بھر پر ایک عمومی اداسی چھائی ہوئی ہے، نسلی امتياز کے خلاف آواز بلند کرنے کی وجہ سے ملکی و عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔

    ڈيسمنڈ ٹوٹو 1948 سے 1991 تک جنوبی افریقہ میں سیاہ فام اکثریت کے خلاف سفید فام اقلیتی حکومت کی طرف سے نافذ نسلی علیحدگی اور امتیازی سلوک کی پالیسی کو ختم کرنے کی تحریک میں عالمی شہرت یافتہ رہنما نیلسن منڈیلا کے ساتھی رہے تھے۔

    ڈیسمنڈ ٹوٹو کو 1984 میں نسل پرستی کے نظام کے خاتمے کی جدوجہد میں کردار ادا کرنے پر نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا، جنوبی افریقی صدر رامافوسا نے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نسل پرستی کے خلاف سرگرم کارکن اور انسانی حقوق کی عالمی مہم چلانے والے رہنما تھے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ڈيسمنڈ ٹوٹو کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اور قومی مفاہمت میں ڈیسمنڈ ٹوٹو کا اہم کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں انھوں نے کہا نیلسن منڈیلا کے معتمدِ خاص، نسلی عصبیت کے خلاف جدوجہد کے پیکر اور انسانی حقوق کے علم بردار نوبل انعام یافتہ آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

  • امریکا کے لیے نیا خطرہ سامنے آگیا

    امریکا کے لیے نیا خطرہ سامنے آگیا

    واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو نسل پرست انتہا پسندی سے شدید خطرہ ہے، 2 روز قبل ہی 6 ایشیائی خواتین کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق امریکا کو سب سے زیادہ خطرہ نسل پرست انتہا پسندوں سے ہے، رپورٹ میں اس اندیشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ رواں برس نسل پرستانہ انتہا پسندوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    اس رپورٹ میں نسل پرست حملوں کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    دوسری جانب امریکی اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ جنوری 2021 میں کیپٹل ہل کی عمارت پر انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی اولین ترجیح ہے۔

    ذرائع ابلاغ سے ملنے والی رپورٹس میں کہا جاتا رہا ہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں نسل پرستانہ واقعات کو نظر انداز کیا گیا، اس وقت اس حوالے سے بار بار اس حوالے سے وارننگز دی جاتی رہیں لیکن ٹرمپ انتظامیہ نے کوئی توجہ نہیں دی۔

    خیال رہے کہ 2 روز قبل امریکا کے شہر اٹلانٹا اور اس سے 40 کلو میٹر دور شیروکی کاؤنٹی میں مساج پارلرز پر فائرنگ کی گئی جس میں 6 ایشیائی خواتین سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے۔

    پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

  • لندن: نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ، نامعلوم شخص کا چاقو سے حملہ، 3 افراد ہلاک

    لندن: نسل پرستی کے خلاف مظاہرہ، نامعلوم شخص کا چاقو سے حملہ، 3 افراد ہلاک

    لندن: برطانیہ میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے کے بعد نامعلوم شخص نے شہریوں پر تیزدھار آلے سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی دارلحکومت لندن کے نواحی علاقے ریڈنگ میں چاقوزنی کی واردات میں 3افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، واقعہ فوربری گارڈنز میں ’بلیک لائیوز میٹر‘ کے مظاہرے کے بعد پیش آیا۔

    بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرکے اسٹیشن منتقل کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق 25 سالہ ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے جلد حقائق سامنے آئیں گے، مذکورہ حملے کو دہشت گردی کہنا قبل از وقت ہوگا، تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، یہ واقعہ شام سات بجے پیش آیا کہ جب تمام مظاہرین منتشر ہوچکے تھے، زخمی شخص کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

    لندن: چاقو زنی کی 2 وارداتیں، 2 بچے اور ایک نوجوان ہلاک

    ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ حملے کا واقعہ مظاہرہ ختم ہونے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد پیش آیا۔ دوسرے شہری نے بتایا کہ نامعلوم فرد نے اچانک چیخنے چلانے کے بعد شہریوں پر حملہ شروع کردیا جس سے افراتفری پھیل گئی۔

  • بھارت اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا: شیریں مزاری

    بھارت اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا: شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک اب اپنے قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ بالآخر بھارتی پارلیمنٹ نے نازی نسل پرستی کے نظریے کو تازہ کر دیا ہے۔

    انسانی حقوق کی وزیر کا کہنا تھا بھارتی شہریت کا متنازع ترمیمی بل دونوں ایوانوں سے منظور کر لیا گیا ہے، اب بھارت اپنے ہی قانون کے مطابق نسل پرست ریاست بن گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مسلمانوں کے سوا تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کا ترمیمی بل منظور

    خیال رہے کہ دو دن قبل بھارتی لوک سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، بل کی حمایت میں 293 جب کہ مخالفت میں 82 ووٹ پڑے۔

    شہریت کا متنازع بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا، قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی، بل کی منظوری کے بعد آسام میں کئی دہائیوں سے رہایش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

    امیت شاہ نے لوک سبھا میں یہ بل پیش کرتے ہوئے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور کانگریس پر بھارت کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ یہ بل کیوں ضروری ہے، یہ اس لئے ضروری ہے کہ کیونکہ کانگریس نے ملک کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کیا اور یہ بات تاریخ کا حصہ ہے۔

  • یہود مخالف نسلی تعصب کا الزام، برطانوی رکن پارلیمنٹ پارٹی رکنیت سے مستعفی

    یہود مخالف نسلی تعصب کا الزام، برطانوی رکن پارلیمنٹ پارٹی رکنیت سے مستعفی

    لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ لوئیز ایلمن نے اپنی قیادت پر یہود مخالف نسلی تعصب کے الزام کے ردعمل میں 55 سالہ پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ لوئیز ایلمن اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کے رہنما جیریمی کوربن کے یہودی نسل پرستی میں اضافہ کے الزام پر پارٹی کی 55 سالہ رکنیت سے مستعفی ہوگئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ لوئیز ایلمن نے اپنے ٹویٹ میں خدشہ ظاہر کیا کہ ممکنہ عام انتخابات میں اپوزیشن رہنما جیریمی کوربن کی قیادت ملک کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی رکنیت سے استعفیٰ کے بعد کسی دوسری جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کریں گی اور اگر پارٹی قیادت میں تبدیلی آئی تو وہ واپس آ سکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ممکنہ عام انتخابات میں کوربن کے وزیراعظم بننے کا امکان ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ جیریمی کوربن وزیراعظم کے عہدے کے لیے موزوں نہیں ہیں۔

    کیا ہماری زندگی بیکار ہے؟ سیاہ فام یہودیوں کا اسرائیل کے خلاف احتجاج

    برطانوی رکن پارلیمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ جیریمی کوربن کی قیادت میں لیبر پارٹی میں یہودی نسل پرستی کو ہوا دینے کے باعث یہودی اراکین کو نہ صرف جماعت سے کالا گیا بلکہ نفرت انگیز باتوں کا بھی سامنا کرنا پڑا اور ہم کوربن کو ملک کی قیادت کی اجازت نہیں دے سکتے۔

  • صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    واشنگٹن :امریکا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفید فام نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سفیدفام نسل پرستوں کیخلاف بولتے ہوئے ان کے الفاظ معنی سے خالی ہوتے ہیں جو امریکا یا دیگر ممالک میں کسی کو بھی بے وقوف نہیں بناسکتے۔

    جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ بڑے شوق سے اسلامی دہشت گردی پر تو حملے کرتے ہیں مگر سفیدفام نسل پرستی کا لفظ ان کی زبان پر کبھی نہیں آتا۔

    انہو ں نے کہا کہ صدرٹرمپ نے خود کو تاریک ترین قوتوں کے ساتھ جوڑا ہوا ہے، ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی ہی یہی ہے کہ نفرت،نسل پرستی اور تفریق کو بڑھایا جائے، اب امریکی قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کیسا مستقبل چاہتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بائیڈن نے ماضی کے نسل پرست صدارتی امیدوار جارج والس سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ جارج واشنگٹن سے زیادہ جارج والس سے مشابہہ نظر آتے ہیں۔

  • عمران طاہر سے بھارتی تماشائی کی بدتمیزی، نازیبا کلمات کسے

    عمران طاہر سے بھارتی تماشائی کی بدتمیزی، نازیبا کلمات کسے

    جوہانسبرگ : جنوبی افریقہ کے اسپینر عمران طاہر کو بھارتی شخص نے نازیبا جملے کستے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی پر مامور افراد نے مداخلت کرتے ہوئے بھارتی شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا.

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کلاس اسپینر عمران طاہر کو بھارتی جنونیت اور نسل پرستانہ سوچ کا سامنا کا نشانہ چوتھے ون ڈے میچ میں اس وقت کرنا پڑا جب ایک بھارتی تماشائی نے اُن پر نازیبا جملے کسے اور ہنگامہ آرائی کرنے کی کوشش کی گئی.

    پاکستانی نژاد جنوبی افریقی کھلاڑی عمران طاہر نے سیکویرٹی اہلکاروں کو صورت حال کی نزاکت سے آگاہ کیا جس پر دو سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے بھارتی تماشائی کو اسٹیڈیم سے باہر بھیج دیا اور کھیل دوبارہ سے شروع کیا گیا.

    جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے دوران عدم برداشت کے رویے اور کھلاڑیوں کو تضحیک کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی.

    بورڈ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ عمران طاہر نے مذکورہ شخص یا کسی بھی بچے سے کوئی بدتمیزی کی ہے، کرکٹ جنوبی افریقہ اور اسٹیڈیم کی سیکیورٹی ٹیم معاملے کی تحقیقات کررہی ہے.

    جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر محمد موسیٰ جی نے کہا کہ اسٹیڈیم میں موجود ایک شخص پورے میچ کے دوران عمران طاہر پر جملے کستا رہا ہے جس انہوں نے سیکویرٹی اہلکاروں کو آگاہ کیا تھا.

    خیال رہے کہ آئی سی سی کے قوانین کے تحت نسل پرستانہ جملے کسی طور قانل قبول نہیں ہیں اور ایسا کرنے والوں کو میدان سے باہر نکال دیا جاتا ہے اور مزید تحقیقات کے بعد تاحیات اسٹیڈیم میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے.

    واضح رہے کہ عمران طاہر اس میچ میں بطور 12 ویں کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں موجود تھے اور کھلاڑیوں کو مطلوبہ چیزیں فراہم کر رہے تھے.


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔