Tag: نسٹ

  • نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ

    نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے ایک ٹویٹ کے ذریعے نسٹ کے علاوہ دیگر درس گاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس کا عندیہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسٹ میں ٹیکنالوجی پارک علم پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے، وزیر اعظم عمران خان دیگر درسگاہوں میں بھی ٹیکنالوجی پارکس بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    انھوں نے لکھا کہ انسانی زندگی کا کوئی شعبہ ٹیکنالوجی کے بغیر مکمل نہیں، نسٹ کا منصوبہ ایکیڈیمیا اور صنعت میں پل کا کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے ڈیجیٹل اکانومی اور تحقیق و ترقی کو فروغ ملے گا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ یہ علم پر مبنی معیشت کے فروغ کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا اور تخلیقی ذہنوں کو مل کر بیٹھنے کا پلیٹ فارم مہیا کرے گا، اس سے ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا نسٹ میں پاکستان کے پہلے خصوصی ٹیکنالوجی زون اور پارک کا افتتاح نئے پاکستان میں شعبہ ٹیکنالوجی کو دی جانے والی خصوصی اہمیت کا مظہر ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے نسٹ میں پہلے ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون اور ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔

  • میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی ٹی وی پر پرفارمنس لوگوں نے دیکھی ہے، لوگ کہتے تھے آپ سنجیدہ نہیں انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر کیوں بنایا۔ اچھے کپتان کو پتہ ہوتا ہے اچھے پلیئرز کو کس وقت کھلانا ہوتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے جو جنون فواد چوہدری نے دکھایا اس پر داد دیتا ہوں۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس یونیورسٹی میں کتنا زبردست کام ہو رہا ہے۔ ہر چیز ایک وژن سے شروع ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کی اہمیت بڑھتے اور گرتے ہوئے بھی دیکھی، ہمارے اسکول کے زمانے میں پاکستانیوں میں اعتماد ہوتا تھا۔ بھارت میں کرکٹ کھیلنے جاتے تو احساس ہوتا تھا کہ بڑے اہم ملک سے آئے ہیں، میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹی نسٹ کے طالب علموں پر بڑی ذمہ داری ہے، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہم کیا بن سکتے ہیں اور کیا بن گئے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، اپنی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے بڑا خواب چاہیئے، کوئی بھی بڑا وژن ہوتا ہے وہ اپنی ذات سے بڑھ کر ہوتا ہے۔ دنیا کی تاریخ اسے جانتی ہے جس نے پیسے سے انسانوں کے لیے کچھ کیا ہو، جنون صرف دل میں ہوتا ہے ہمیشہ اپنے دل کے راستے پر چلو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے، جب کوئی مشکل آتی ہے تو وہ آپ کو سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ برا وقت جب بھی آتا ہے تو کئی دفعہ حوصلہ شکنی کا شکار بناتا ہے۔ جب آپ کشتیاں جلا دیتے ہیں اس وقت صحیح معنوں میں طاقت سامنے آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور احتساب کا اہم کردار ہوتا ہے، بادشاہت کبھی جمہوریت کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ خاندانی سیاست جمہوریت کی نفی ہے۔ خون پر لیڈر بنیں گے تو یہ جمہوریت کی نفی ہوگی۔

  • آرمی چیف کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

    آرمی چیف کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعلیٰ معیار کے اسکالرز اور انجینئرز تیار کررہی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نسٹ پاکستان کی معروف یونیورسٹی ہے اور کوئٹہ کیمپس کی تعمیر کے بعد نسٹ کی برانچز چاروں صوبوں میں ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمیشہ خود سے سوال کریں ملکی بہتری کے لیےکیا کرسکتے ہیں اور نوجوان بہتری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہیں۔

    پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعلیٰ معیار کے اسکالرز اور انجینئرز تیار کررہی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران نسٹ یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں بہتری کو بھی سراہا۔

    پاکستان کی چھ جامعات دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شامل

    یاد رہے کہ عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کو ملک کی بہترین یونیورسٹی کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔

  • پاکستان میں‌ پہلی بار کھانا پیش کرنے والا روبوٹ تیار

    پاکستان میں‌ پہلی بار کھانا پیش کرنے والا روبوٹ تیار

    ملتان کے ایک ریستوران میں کھانا پیش کرنے والے روبوٹ نے سب کو حیران کردیا, یہ روبوٹ ایک طالب علم سید اسامہ عزیز نے بنایا ہے۔

    اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے طالبعلم سید اسامہ نے اپنی شاندار صلاحیتوں اور بہترین تعلیم کو کام میں لاتے ہوئے روبوٹ تخلیق کر ڈالا جو اب ملتان کے ایک ریستوران میں بیرا گری کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

    robot-3

    روبوٹ کی موجودگی ریستوران میں گاہکوں کی کشش کا بڑا ذریعہ ہے۔ بڑی تعداد میں شہری یہاں آنا اور روبوٹ کے ساتھ تصاویر کھنچوانا پسند کرتے ہیں۔

    روبوٹ کے خالق سید اسامہ عزیز پیشے کے لحاظ سے الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ انہیں یہ روبوٹ بنانے کا خیال چینی روبوٹس کو دیکھ کر آیا جو ریستورانوں میں مختلف امور کی انجام دہی کے لیے بنائے گئے ہیں۔

    اسامہ کو یہ روبوٹ بنانے میں 8 ماہ کا عرصہ لگا۔

    robot-2

    یہ روبوٹ اپنے اندر فیڈ پروگرام کے تحت ریستوران میں گاہکوں کو خوش آمدید کہتا ہے، ان کا آرڈر لکھتا ہے، اور اگر اس کی راہ میں کوئی شخص آجائے تو یہ نرمی سے اسے ’ایکسکیوز می‘ بھی کہتا ہے۔

    اسامہ اب ایسا ہی ایک اور روبوٹ بنا کر اسے حیدر آباد میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔