Tag: نشئی

  • کراچی پولیس کی عجیب حرکت، نشئی افراد سے بھری بس سجاول میں دربار پر چھوڑ کر رفو چکر

    کراچی پولیس کی عجیب حرکت، نشئی افراد سے بھری بس سجاول میں دربار پر چھوڑ کر رفو چکر

    کراچی: کراچی پولیس کا ایک عجیب کارنامہ سامنے آیا ہے، نشے کے عادی 100 سے زائد افرد کو سجاول میں چھوڑنے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی ایک ٹیم ہیروئن کے عادی سو سے زائد نشئیوں کو ایک بس میں بھر کر رات کے اندھیرے میں سندھ کے شہر سجاول میں درگاہ شاہ عقیق پر چھوڑ کر رفو چکر ہو گئی۔

    ادھر نشئی افراد کو درگاہ شاہ عقیق پر چھوڑے جانے کی خبروں پر سجاول پولیس میں کھلبلی مچ گئی، خبر ملتے ہی مقامی پولیس حرکت میں آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سجاول کے نواحی علاقے چوہڑ جمالی میں صبح ہوتے ہی شہریوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیلا، جب انھوں نے متعدد نشئیوں کا ایک ہجوم دیکھا۔ بہت سارے نشئی افراد نے جب ایک ساتھ مختلف علاقوں کا رخ کیا، تو پاگلوں کی طرح شہر کے بیچ میں تماشا بن گئے۔

    معلوم ہوا ہے کہ کراچی پولیس نے تنگ آ کر نشئی افراد کو سجاول میں چوہر جمالی میں چھوڑا، نشئی افراد نے اس حوالے سے کہا کہ اگر انھیں واپس کراچی نہیں بھیجا گیا تو وہ یہاں بڑا تماشا کریں گے۔

    ایوب گوٹھ نیو کراچی کے ایک نشئی نے بتایا کہ تقریباً دو سو افراد کو پکڑا گیا تھا، پولیس اہل کاروں نے بتایا کہ بڑے صاحب آ رہے ہیں، تھانے کی صفائی کرنی ہے، اس کے بعد چھوڑ دیں گے، مجھے گہری نیند سے اٹھایا گیا، لیکن پھر ہمیں یہاں لا کر چھوڑ دیا۔

    مقامی شہریوں نے آئی جی سندھ سے کراچی پولیس کے اس عجیب رویے کے خلاف فوری نوٹس لے کر ان افراد کو واپس لے جانے کے ساتھ ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف اعلیٰ سطح پر کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

    دوسری طرف سجاول پولیس نے چوہڑ جمالی درگاہ شاہ عقیق و دیگر علاقوں میں چھاپے مارے، اور متعدد نشئیوں کو پکڑ لیا، سجاول پولیس ان کو پکڑ کر واپس کراچی روانہ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

  • نشئی کی ماں کے ہاتھ سے بچی چھیننے کی کوشش، چچا نے مکا مار کر ناکام بنا دی

    نشئی کی ماں کے ہاتھ سے بچی چھیننے کی کوشش، چچا نے مکا مار کر ناکام بنا دی

    امریکا میں ایک نشئی نے ماں کے ہاتھ سے بچہ چھیننے کی کوشش کی لیکن بچی کے چچا نے اس کی یہ مذموم کوشش ناکام بنا دی۔

    یہ پریشان کن واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جب دو میاں بیوی، ان کی 6 سالہ بچی اور بچی کے چچا تفریح کے لیے ساحل سمندر پر گئے۔ تب ہی ایک خراب حلیے والا شخص ان کے قریب آیا اور بچی کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ وہ اس بچی کو جانتا ہے اور اسے بچانے آیا ہے۔

    مذکورہ خاندان نے اس شخص سے دور جانے میں ہی عافیت سمجھی اور ایک قریبی پیزا شاپ میں جا کر بیٹھ گئے۔

    مذکورہ شخص جس کی شناخت بعد میں نیلسن کے نام سے ہوئی ان کے پیچھے آیا اور بچی کو جو اپنی ماں کی گود میں بیٹھی تھی، اس کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔

    تب ہی بچی کے چچا نے جو ایک سابق آرمی افسر تھا، نیلسن کو بالوں سے پکڑ کر کھینچا اور زوردار دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔

    اس کے باوجود مذکورہ شخص باز نہ آیا اور دوبارہ بچی کی طرف بڑھا، اس کا اصرار تھا کہ وہ بچی کو جانتا ہے اور اسے بچانے کی کوشش کررہا ہے۔

    تاہم دوسری بار بھی بچی کے انکل نے اسے روکا اور اس بار ان کے درمیان باقاعدہ ہاتھا پائی ہوئی۔ دونوں میں کچھ دیر تک کھینچا تانی ہوتی رہی جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نیلسن کو حراست میں لے لیا۔

    بچی کے والد کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل کے دوران وہ مسلسل چیختا رہا کہ وہ بچی کو بچانا چاہتا ہے، ’معلوم نہیں وہ بے گھر ہے یا نہیں تاہم اپنے حلیے سے وہ منشیات کا عادی ضرور لگ رہا تھا‘۔

    پولیس نے نیلسن کو اغوا کی کوشش کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ وہ اس سے قبل بھی لاس ویگاس اور کیلی فورنیا میں مختلف نوعیت کے جرائم کی پاداش میں جیل میں رہ چکا ہے۔