Tag: نشانیاں

  • وہ نشانیاں جو صحت مند ہونے کی علامت ہیں

    وہ نشانیاں جو صحت مند ہونے کی علامت ہیں

    صحت کو دنیا کی سب سے بڑی دولت قرار دیا جاتا ہے، لیکن یہ کیسے جانا جاسکتا ہے کہ کوئی شخص صحت مند ہے یا نہیں؟ یہاں وہ علامات بتائی جارہی ہیں جو کسی فرد کے صحت مند ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

    سب سے پہلی نشانی ہے بھوک لگنے پر کھانا اور اعتدال میں کھانا، اگر آپ باہر کھانے کے عادی نہیں اور نہ ہی نفسیاتی طور پر کھانے کی لت کے شکار ہیں، تو یہ آپ کی صحت کے لیے اچھا ہے اور اس حوالے سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔

    ہر شخص کی خوراک کی اپنی ضروریات ہیں، ایسا کوئی فارمولا نہیں جو یہ تخمینہ لگاسکے کہ آپ کو کتنی کیلوریز کی ضرورت ہے، یہ ہر ایک کی انفرادی ضرورت ہے۔ آپ بہت کم کھاسکتے ہیں یا بہت زیادہ، جو اکثر لوگ نارمل سمجھتے ہیں۔ سب سے اہم امر یہ ہے کہ اپنے جسم کی سنیں اور سمجھیں کہ وہ کیا چاہتا ہے۔ اگر ایسا کرپاتے ہیں تو اچھی صحت آپ کے ہاتھ میں ہی ہے۔

    اگر آپ لفٹ کی جگہ سیڑھیوں کو ترجیح دیتے ہیں تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ اچھی جسمانی ساخت رکھتے ہیں، صحت مند سمجھنے کے لیے بہت زیادہ اسٹینما کی ضرورت نہیں، طبی ماہرین کے مطابق اگر آپ کسی بلند عمارت میں کچھ منزلوں پر سیڑھیاں بغیر وقفے کے چڑھ جاتے ہیں اور منزل پر پہنچنے پر ٹھیک ہوتے ہیں تو جسمانی طور پر آپ صحت مند ہیں، یا جسم روزمرہ کی جسمانی سرگرمیاں آرام سے سر انجام دے سکتا ہے۔

    اگر آپ مختلف جذبات کے حامل ہیں تو بھی آپ صحت مند ہیں، ایک تحقیق کے مطابق کبھی کبھار غصہ کرنا ایک عام چیز ہے، اداسی بھی نارمل ہے جبکہ چڑچڑا پن اور مایوسی محسوس کرنا بھی غیرمعمولی نہیں۔ یہ تمام جذبات اچھی ذہنی صحت کی نشانی ہیں۔

    ایک اور علامت یہ بھی ہے کہ بستر پر فوراً لیٹتے ہی نہ سویا جائے۔ طبی ماہرین کے مطابق سونے کے عام معمول میں 10 سے 20 منٹ لگتے ہیں کیونکہ اس کے دوران جسم پرسکون ہوتا ہے اور پھر نیند کی حالت میں چلا جاتا ہے۔

  • بچے کی یہ حرکات اس میں آٹزم کی نشاندہی کرتی ہیں

    بچے کی یہ حرکات اس میں آٹزم کی نشاندہی کرتی ہیں

    اعصابی بیماری آٹزم دنیا بھر میں تیزی سے عام ہوتی جارہی ہے، آٹزم سے متاثرہ بچوں میں بولنے، سمجھنے، سیکھنے کی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں۔ تاحال اس مرض کا علاج یا اس کے اسباب دریافت نہیں کیے جاسکے ہیں۔

    آٹزم کا شکار ہونے والے افراد کسی اہم موضوع یا بحث میں کسی خاص نکتے پر اپنی توجہ مرکوز نہیں کر پاتے اور اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کرنے میں بھی مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، حتیٰ کہ انہیں دوسروں کے جذبات سمجھنے میں بھی دشواری کا سامنا ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق آٹزم کا شکار افراد کو بات چیت کرنے، زبان سمجھنے اور استعمال کرنے میں دشواری، لوگوں کے ساتھ سماجی تعلقات استوار کرنے اور اپنے رویے اور تخیلات کو استعمال کرنے میں دشواری پیش آسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بچے کی نہایت کم عمری میں ہی اس میں آٹزم کا سراغ لگایا جاسکتا ہے، ایسے بچے بظاہر نارمل اور صحت مند دکھائی دیتے ہیں تاہم ان کی کچھ عادات ان کے آٹزم میں مبتلا ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ وہ عادات یہ ہیں۔

    بار بار مٹھی کھولنا اور بند کرنا: یہ آٹزم کی نہایت واضح نشانی ہے۔

    اکثر پنجوں کے بل چلنا

    اپنے سر کو کسی چیز سے مستقل ٹکرانا: کوئی بھی کام کرتے ہوئے یہ بچے اپنے سر کو کسی سطح سے مستقل ٹکراتے ہیں۔

    لوگوں کے درمیان یا اجنبی جگہ پر مستقل روتے رہنا اور غیر آرام دہ محسوس کرنا

    اپنے سامنے رکھے پانی یا دودھ کو ایک سے دوسرے برتن میں منتقل کرنا

    بہت زیادہ شدت پسند اور ضدی ہوجانا

    آوازوں پر یا خود سے کی جانے والی باتوں پر دھیان نہ دے پانا: ایسے موقع پر یوں لگتا ہے جیسے بچے کو کچھ سنائی ہی نہیں دے رہا۔

    نظریں نہ ملا پانا: ایسے بچے کسی سے آئی کانٹیکٹ نہیں بنا پاتے۔

    بولنے اور بات کرنے میں مشکل ہونا

    کسی کھانے یا کسی مخصوص رنگ کے کپڑے سے مشکل کا شکار ہونا: ایسے بچے اکثر اوقات کپڑے پہنتے ہوئے الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں کیونکہ کپڑے کے اندرونی دھاگے انہیں بے چینی میں مبتلا کردیتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ بچے نظر بچا کر کپڑوں کو الٹا کر کے بھی پہن لیتے ہیں۔

    مزید رہنمائی کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • کیا آپ کو اپنی موجودہ ملازمت چھوڑ دینی چاہیئے؟

    کیا آپ کو اپنی موجودہ ملازمت چھوڑ دینی چاہیئے؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ ان چند خوش قسمت افراد میں سے ہیں جو اپنی پسند کا کام کرتے ہیں، یا آپ کا شوق ہی آپ کا پیشہ ہے تو ایسے کام سے آپ کبھی نہیں اکتاتے، اور اس میں کامیابی کی بلندیوں کو چھو لیتے ہیں۔

    لیکن ہر شخص اتنا خوش قسمت نہیں ہوتا۔ بعض دفعہ شوق کو ایک طرف رکھ کر مجبوراً ملازمت کرنی پڑتی ہے۔ لیکن ایسی ملازمتیں آپ کی زندگی کو اکتاہٹ اور بے مقصدیت سے بھر دیتی ہیں۔

    ماہرین کا ماننا ہے کہ آگر آپ اپنی ملازمت کے دوران ان 5 چیزوں کا مشاہدہ کریں تو فوراً سے بیشتر اس ملازمت کو چھوڑ کر کوئی نئی ملازمت ڈھونڈیں۔ وہ 5 چیزیں کیا ہیں؟ آئیے جانتے ہیں۔

    :ایک ہی جگہ پر رہنا

    job-1

    اگر آپ ایک عرصے سے کسی ادارے میں کام کر رہے ہیں، اور نہ ہی تو آپ کی پوزیشن میں تبدیلی آئی، نہ ہی تنخواہ میں اضافہ ہوا تو جان لیں کہ آپ وہاں وقت ضائع کر رہے ہیں۔ مستقل ایک ہی پوزیشن پر کام کرنا آپ کی صلاحیتوں کو زنگ لگا دیتا ہے اور آپ محدود ہوجاتے ہیں۔

    :کوئی ردعمل نہ ملنا

    job-2

    اگر آپ کے باس یا انچارج کی جانب سے آپ کے کام پر کوئی ردعمل یا آرا نہیں مل رہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو یہ ملازمت چھوڑ دینی چاہیئے۔ یاد رکھیں آپ کے کام پر تنقید یا تعریف کا مطلب ہے کہ آپ کے کام کو دیکھا جارہا ہے۔

    لیکن اگر آپ کو اپنے ساتھیوں یا باس کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں مل رہا تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

    :سیکھنے کا عمل ختم

    job-3

    اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ اپنی ملازمت سے مزید کچھ نہیں سیکھ پا رہے تو آپ کو نئی ملازمت ڈھونڈنے کے لیے نکلنا چاہیئے۔ ضروری نہیں کہ آپ ہر روز کچھ نیا سیکھیں۔

    لیکن یہ ضروری ہے کہ ہر ماہ کے اختتام پر آپ اپنی معلومات اور علم میں پچھلے ماہ سے اضافہ محسوس کریں۔ اگر ایسا نہیں ہے تو جان جائیں کہ آپ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔

    :ادارے میں تبدیلیاں

    job-4

    اگر آپ کے ادارے یا شعبہ میں ہر ماہ یا ہر ہفتہ نئی تبدیلیاں متعارف کروائی جارہی ہیں، پچھلی اصلاحات کو ختم کرکے نئی اصلاحات لائی جارہی ہیں، یا واپس پرانی اصلاحات کو نافذ کیا جارہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کا شعبہ اچھی لیڈر شپ سے محروم ہے۔

    اسی طرح شعبہ کے سربراہان یا باسز کی بار بار تبدیلی بھی اچھا عمل نہیں لہٰذا ایسے ادارے سے نکلنا ہی بہتر ہے۔

    :نئے مواقع

    job-5

    اگر آپ ان تمام چیزوں کا مشاہدہ نہیں کرتے، تب بھی نئے مواقعوں کو نظر انداز مت کریں۔ اپنی متعلقہ فیلڈ سے متعلق مارکیٹ میں ہونے والی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور نئے مواقع حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

    اگر آپ اپنا ادارہ نہیں چھوڑنا چاہتے تب بھی موجودہ ادارے میں رہتے ہوئے جز وقتی ملازمت کریں۔ اس سے آپ کی صلاحیت اور تجربے میں اضافہ ہوگا۔